Tag: کوٹ ادو

  • تونسہ بیراج پر ٹریکٹر ٹرالی کو حادثہ، 5 افراد جاں بحق، 13 زخمی

    تونسہ بیراج پر ٹریکٹر ٹرالی کو حادثہ، 5 افراد جاں بحق، 13 زخمی

    کوٹ ادو: تونسہ بیراج پر ٹریکٹر ٹرالی کو حادثہ پیش آنے کے باعث 5 افراد جاں بحق جب کہ 13 زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوٹ ادو میں تونسہ بیراج پر ریس لگانے والی ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی، حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور تیرہ زخمی ہو گئے، واقعے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے جب باقی دو افراد بعد میں دم توڑ گئے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہیڈ تونسہ کے قریب حادثے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہم دردی کیا۔ دریں اثنا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

    ادھر بلوچستان کے علاقے پنجگور میں بھی ایک مسافر کوچ اور رکشے میں ٹکر ہو گئی جس کے باعث 2 افراد جاں بحق ہو گئے، ریسکیو کے مطابق تیز رفتار کوچ نے چنگ چی رکشے کو ٹکر مار دی تھی جس سے رکشے میں بیٹھے ہوئے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  لاہور: ٹریکٹر ٹرالی کی موٹرسائیکل کو ٹکر،4 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ ستمبر میں لاہور میں بھی ایک تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل کو کچل دیا تھا جس کے باعث خاتون اور تین بچے جاں بحق ہو گئے تھے، ٹریکٹر ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا تھا۔

  • ایک دوسرے کو کرپٹ کہنے والے سینیٹ الیکشن میں ایک ہوگئے، فضل الرحمان

    ایک دوسرے کو کرپٹ کہنے والے سینیٹ الیکشن میں ایک ہوگئے، فضل الرحمان

    کوٹ ادو : جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کچھ لوگ آسمانوں سے اتر کر اعلیٰ عہدوں پر بیٹھ جاتے ہیں، ایسے سیاستدانوں کو ملک سے نکالنا ہوگا، ایک دوسرے کو کرپٹ کہنے والے سینیٹ الیکشن میں ایک ہو گئے۔

    ان خیالات اظہار انہوں نے کوٹ ادو میں جمیعت علمائے اسلام ف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے آصف زرداری اورعمران خان پر طنز کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ پہلے ایک دوسرے کو کرپشن کا چاچا ماما کہتے ہیں بعد میں یہی چاچے مامے ساتھ ہوجاتے ہیں۔

    زرداری کہتا ہے کہ میں نے ایسا چکر چلایا اور عمران خان کواس میں پھنسایا، دوسری طرف عمران خان کہتا ہے کہ میں نے زرداری کو پھنسایا، ایک دوسرے کو کرپٹ کہنے والے سینیٹ الیکشن میں ایک ہوگئے، انہوں نے کہا کہ کس کی ڈگڈگی پر یہ بندروں کی طرح ناچتے ہیں؟

    عوام سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ آسمانوں سے اترکر ہمارےاعلیٰ عہدوں پربیٹھ جاتے ہیں، وہ کون سی قوتیں ہیں جو انہیں ان عہدوں پر بٹھاتی ہیں؟

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے ملک کوجس جنگ میں دھکیلا ملکی ادارے مل کربھی نہیں نکال سکتے، آج ہمیں معاشی طور پر ایشیا کا ٹائیگر ہونا چاہئے تھا مگر ہم بھیک مانگ رہے ہیں، امریکا آج بھی ہمیں اپنےدیئے ہوئے چند سکوں کے طعنے دیتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مغربی تہذیب ہم پرمسلط کی جارہی ہے، امریکہ بھارت کو طاقتور بناکر پاکستان کا ایٹمی پروگرام تباہ کرنا چاہتا ہے۔ مغربی دنیا پاکستان سے اسلامی اقدار کا خاتمہ چاہتی ہے جو ہم نہیں ہونے دیں گے۔

    مولانافضل الرحمان نے مزید کہا کہ آج کوٹ ادو کےعوام نے ثابت کردیا کہ وہ جے یو آئی ف کے ساتھ ہیں، یہ سرزمین ہمارے بزرگوں کی ہے، جب تک جے یو آئی ہے کوئی جاگیردار تمہارا بال بھی بیکا نہیں کرسکتا، پنجاب کےعوام کو بتائیں غریب کی مدد کو جے یو آئی ف پہنچ چکی ہے۔

  • نیب کے سابق چیئرمین میرٹ پر نہیں تھے، عمران خان

    نیب کے سابق چیئرمین میرٹ پر نہیں تھے، عمران خان

    کوٹ ادو: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اداروں میں بیٹھے لوگوں کی میرٹ صرف درباری ہونا ہے، ریٹائرڈ ہونے والے چیئرمین نیب بھی میرٹ پر نہیں تھے، شہباز شریف ڈرامے باز ہیں انہیں بالی ووڈ بھیجنا چاہیے۔

    کوٹ ادو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ اس سے پہلے بھی یہاں کا دورہ کیا مگر جو جذبہ آج دیکھا اس سے پہلے کبھی نظر نہیں آیا، عوام کو اپنے حقوق کا احساس ہورہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام اچھی طرح جان گئے کہ وہ ماضی میں مافیاز کو ووٹ دیتے آئے ہیں جنہوں نے قومی خزانے کو نقصان پہنچا کر اپنے عالیشان محلات بنائے، حکمران پولیس کو استعمال کرتے ہوئے عام شہریوں کو یرغمال بناتے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے لوگوں کا خیال تھا لوگ پاناما کو بھول جائیں گے مگر ایسا نہیں ہوا، اب عوام اپنا لوٹا ہوا پیسہ واپس لینے کے لیے جاگ چکے ہیں، خواجہ آصف خود جواب دیں کیا لوگ پاناما کو بھول گئے؟۔

    تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ آف شور کمپنیوں کے معاملے پر جھوٹ بولا جارہا ہے، اگر ایسا ہے تو مریم صفدر بتائیں کہ کوئی ایک ایسا شہری ہو جو صبح جاگے تو اکاؤنٹ میں 80 کروڑ روپے آگئے ہوں۔

    چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ حکومت نے اداروں کے لیے صرف ایک ہی میرٹ سسٹم قائم کیا ہوا ہے، درباری شخص کو حکومت اچھا عہدہ دیتے ہے جبکہ پڑھے لکھے شخص کو نظر انداز کردیا جاتا ہے، حکومت نے ایک مجرم کو پارٹی کا صدر بنانے کے لیے مرضی کا قانون پاس کروایا جبکہ دنیا میں کوئی بھی مجرم کسی پارٹی کی صدارت نہیں کرسکتا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مجرم کو ملکی خزانے پر بٹھا دیا اس لیے بیرونی قرضے بڑھتے جارہے ہیں، آج ہر پاکستانی ایک لاکھ 20 ہزار روپے کا مقروض ہوچکا ہے، آج جب جواب دینے کا وقت آیا تو قوم کے مجرم طبیعت خراب ہونے کا عذر پیش کررہے ہیں اور اپنے آپ کو برطانوی شہری ظاہر کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صرف ترقی کے دعوے کرتی ہے مگر عوام کے لیے انہوں نے کچھ نہیں کیا، شہباز شریف کو وزیراعلیٰ نہیں بلکہ بالی ووڈ کا اداکار ہونا چاہیے، تحریک انصاف کو موقع ملا تو عوام کو صحت ، تعلیم اور بنیادی ضروریات میں ریلیف ملے گا۔

    عمران خان نے کہا کہ اگر ایک بار مجھے موقع ملا تو سب سے پہلے پاکستان کے اسپتال ٹھیک کر کے دکھاؤں گا، ہمیں کے پی کے میں پہلی بار حکومت ملی جس کے بعد وہاں کی پولیس، صحت اور تعلیم کا نظام دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہت بہتر ہوا۔

    تحریک انصاف جلسہ

    یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف آج حیدر آباد کے کوٹ ادواسٹیڈیم میں جلسہ منعقد کیا، جس میں کارکنان کے لیے 20 ہزار نشستیں پنڈال میں رکھی گئیں تھی جبکہ سیکیورٹی کے لیے 1700 پولیس اہلکار تعینات تھے۔


    مزید پڑھیں : وزیراعظم ایسےشخص کوکیسےپروٹوکول دےسکتےہیں جوکرپٹ ہو‘عمران خان



    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔