Tag: کوٹ رادھا کشن واقعے

  • قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام شروع ہوگا

    قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام شروع ہوگا

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کا سولھواں اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت آج شام ہوگا۔ اجلاس میں بھارتی جارحیت، کوٹ رادھا کشن واقعے اورتحریک انصاف کے جلسے سمیت دیگر امور زیر بحث آئیں گے۔

    اجلاس دو ہفتے جاری رہے گا۔ اجلاس میں بجلی کے بلوں اور مہنگائی میں اضافے، بھارتی جارحیت، کوٹ رادھا کشن واقعے اور چین کے ساتھ اربوں ڈالر کےمعاہدوں سمیت دیگرایشوز زیربحث آئیں گے۔

    ایوان میں تھرکی صورتحال اور بچوں کی ہلاکتوں کے معاملے پر بھی بحث ہوگی۔ اہم امور پر قانون سازی بھی متوقع ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اس حوالے سے بھی اہم ہوگا کہ پاکستان تحریک انصاف نے تیس نومبر کو ریڈزون میں احتجاجی جلسے کااعلان کر رکھا ہے تو دوسری طرف حکومت ریڈزون کو سیل کر رہی ہے۔

  • کورٹ رادھا کشن واقعے میں ملوث ملزمان عدالت میں پیش

    کورٹ رادھا کشن واقعے میں ملوث ملزمان عدالت میں پیش

    لاہور: کوٹ رادھا کشن واقعے میں ملوث تینتالیس ملزمان آج عدالت میں پیش  کئے گئے اور مزید ملزمان کو بھی عدالت میں پیش کیئے جانے کا امکان ہے۔

    لاہور کے نواحی علاقے کوٹ رادھاکشن میں مسیحی جوڑے کوتشدد کے بعد زندہ جلانے کے افسوس ناک واقعے میں ملوث مبینہ ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ آج پولیس نےپہلےسےریمانڈ پر موجود چار مرکزی ملزمان سمیت تینتالیس ملزمان کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا اور عدالت سےملزمان کےریمانڈ کی درخواست کی ہے۔

    عدالت نےپہلےسےچار روزہ ریمانڈ پر موجودمرکزی ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئےانہیں جیل بھیجنےکاحکم دیا ہے جبکہ نئے پیش کئےگئےملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کےحوالے کردیا ہے۔

    کوٹ رادھا کشن واقعےکےخلاف ملک بھر میں غم وغصہ کی لہر بھی جاری ہے۔

  • اقلیتوں کے تحفظ کا حکم دیا تھا عمل کیوں نہیں ہوا، سپریم کورٹ

    اقلیتوں کے تحفظ کا حکم دیا تھا عمل کیوں نہیں ہوا، سپریم کورٹ

    اسلام آباد: سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ اقلیتوں کے تحفظ کاحکم دیا تھا، عمل کیوں نہیں ہوا؟ سپریم کورٹ نے کوٹ رادھا کشن واقعے پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے جواب طلب کرلیا ہے۔

    سپریم کورٹ نے چند ماہ قبل حکومت سے اقلیتو ں کے تحفظ کے لئے اقدامات سے متعلق اپنے فیصلے کے تناظر میں کوٹ رادھا کشن واقعے پرحکومت سے فوری جواب طلب کر لیا ہے۔

    سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کی جانب سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، وزارت بین المذاہب ہم آہنگی اوروفاقی و صوبائی حکومتوں کو یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ سپریم کورٹ نے انیس جون کوپشاور چرچ حملہ کیس میں اقلتوں کے حقوق اور جان و مال کے تحفظ کیلئے ٹھوس قانون سازی اور اقدامات کرنےکاحکم دیا تھا لیکن اسکے بعد کوٹ رادھا کشن جیسا ایک اور واقعہ رونماہوگیا ہے۔

    عدالت نے حکم دیا ہے کہ اٹارنی جنرل فوری طور پر سپریم کورٹ کے انیس جون کے حکم پر عملدآمد کیلئے کیے گئے اقدامات سے سپریم کورٹ کو آگاہ کریں اور اس ضمن میں تحریری طور پر تفصیلات عدالت میں جمع کرائی جائیں۔

  • سندھ اسمبلی: کراچی میں پانی کی کمی اور تھر میں قحط سالی پر گرما گرم بحث

    سندھ اسمبلی: کراچی میں پانی کی کمی اور تھر میں قحط سالی پر گرما گرم بحث

    کراچی: شہر میں پانی کی کمی کے معاملے اور تھر میں قحط اور غذائی قلت پر آج بھی سندھ اسمبلی میں گرما گرم بحث کا آغاز ہوا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا تو شرجیل میمن نے بھی خوب جواب دیا۔

    سندھ اسمبلی کے اجلاس کا آغاز ہوا تو تھر کی خشک سالی کی بازگشت سنائی دی جبکہ کراچی کے بعض علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی کو بھی موضوع بحث بنایاگیا اور کوٹ رادھا کشن واقعے کے شدید مذمت کی گئی۔

    حکمراں جماعت اور حال ہی میں اپوزیشن بنچوں پر براجمان متحدہ قومی مومنٹ کے ارکان تھر کے معاملےکو اسمبلی کے ریکارڈ پر لانے کے بجائے میڈیا کے ریکارڈ پر زورشورسےلائے۔ شرجیل میمن کا کہناہے کہ تھر میں پیپلز پارٹی نے کروڑوں روپےخرچ کئے ہے اور پورے ملک میں سالانہ دولاکھ بچے مرتے ہیں مگر میڈیاصرف تھر کی ہی خبریں دیتاہے۔

    ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے سوال اٹھایا کہ تھر میں کیا کام ہوا ہے؟ خواجہ اظہار نے مزید کہا کہ گندم کی بوریوں سے مٹی کا نکلنا مذاق نہیں اور اس پر حکومت سے سوال ضرور ہوگا۔

    سندھ اسمبلی کے اجلاس میں کوٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے کےقتل اورسانحہ واہگہ بارڈر کے شہیدوں اور تھری بچوں کے لئے فاتحہ بھی کروائی گئی۔