Tag: کوپ 26

  • زمین کے مستقبل کے لیے اہم سمجھوتا ہو گیا

    زمین کے مستقبل کے لیے اہم سمجھوتا ہو گیا

    گلاسکو: اسکاٹ لینڈ میں ہونے والی یو این کانفرنس کوپ 26 میں شرکا آخرکار ایک سمجھوتے پر متفق ہو گئے ہیں، اجلاس میں عالمی درجۂ حرارت میں اضافہ 1.5 ڈگری تک رکھنے کا ہدف مقرر کر دیا گیا۔

    اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسکو میں آب و ہوا سے متعلق اقوام متحدہ کی کانفرنس میں ایک روز کی توسیع کے بعد، بالکل آخری لمحات میں تبدیلیاں کی گئیں، اور شرکار ایک سمجھوتے پر متفق ہو گئے۔

    اراکین نے اس پر اتفاق کیا کہ عالمی درجۂ حرارت میں اضافے کی اوسط شرح کو، صنعتی دور سے پہلے کی سطحوں سے، 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود کرنے کی کوششوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔

    سمجھوتے کے مطابق ممالک 2022 کے آخر تک 2030 تک کے اپنے اخراج میں کمی کے اہداف کا جائزہ لیں گے اور انھیں مستحکم بنائیں گے۔

    اس سمجھوتے میں ممالک سے 2015 کے پیرس معاہدے سے زیادہ مضبوط اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے، جس میں مذکورہ اضافے کو 2 ڈگری سینٹی گریڈ سے خاصا کم رکھنے کا کہا گیا تھا، اب نیا ہدف اس حد کو 1.5 ڈگری رکھنا ہے۔

    آب و ہوا سے متعلق گلاسکو سمجھوتے کے تحت ترقی پذیر ممالک کو اقدامات اٹھانے کے لیے دی جانے والی مالی امداد میں اضافہ کیا جائے گا، تاکہ وہ کوئلے سے بجلی کی بے دریغ پیداوار کو مرحلہ وار کم کرنے کی جانب کوششوں میں تیزی لائیں۔

  • امیر ممالک ’مزید رقم میز پر رکھیں‘: بورس جانسن

    امیر ممالک ’مزید رقم میز پر رکھیں‘: بورس جانسن

    گلاسگو: بورس جانسن نے ماحولیات کے تحفظ کے لیے امیر ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد مزید رقم دیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے جمعے کے روز ترقی یافتہ ممالک سے اپیل کی کہ وہ گلاسگو میں COP26 میں موسمیاتی پیش رفت کو محفوظ بنانے کے لیے ’مزید رقم میز پر رکھیں‘۔

    اے ایف پی کے مطابق برطانوی وزیر اعظم نے ماحول کو بچانے کے معاہدے کے لیے مزید رقم طلب کی، انھوں نے کہا کہ ’یہ اگلے چند گھنٹوں میں ہونا چاہیے۔‘

    وزیر اعظم نے لندن کے قریب نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نقد رقم اسی وقت اپنے سامنے دیکھنے کی ضرورت ہے تاکہ ترقی پذیر دنیا کو معاہدے کے حوالے سے ضروری تبدیلیاں کرنے میں مدد دی جا سکے۔

    انھوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ تبدیلی کے لیے کافی رقم موجود ہے اور شروعات کے لیے ارادہ بھی موجود ہے، اگر ان کے اندر یہ ڈیل کرنے کی ہمت ہے تو ہمارے پاس ایک روڈ میپ ہے جس سے ہمیں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے نمٹا جا سکے گا۔

    یاد رہے کہ جمعے کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے موسمیاتی تبدیلیوں کی کانفرنس کوپ 26 سے خطاب میں کہا تھا کہ جب تک حکومتیں تیل، گیس اور کوئلے کے منصوبوں میں کھربوں کی سرمایہ کاری کر رہی ہیں، کاربن کے اخراج میں کمی لانے سے متعلق تمام وعدے غیر مخلصانہ ہیں۔