Tag: کوچی

  • سچن ٹنڈولکر کی کئی یادگار اشیا نہرو اسٹیڈیم کوچی سے غائب

    سچن ٹنڈولکر کی کئی یادگار اشیا نہرو اسٹیڈیم کوچی سے غائب

    کیرالہ: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر کی کئی یادگار اشیا نہرو اسٹیڈیم کوچی سے غائب ہو گئیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ کے شہر کوچی میں واقع جواہر لعل نہرو انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں انتظامیہ کی غفلت کے باعث سچن ٹندولکر پویلین کی حالت انتہائی خراب ہو گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق لیجنڈ بھارتی کرکٹر سچن ٹندولکر کی کئی یادگار اشیا بھی اسٹیڈیم سے غائب ہوگئی ہیں۔

    اسٹیڈیم میں سچن ٹندولکر پویلین کا افتتاح 20 نومبر 2013 کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے اس وقت کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کیا تھا، ٹنڈولکر نے اس پویلین کو اپنی جرسی، دستخط شدہ بیٹ اور اپنی استعمال شدہ گیند تحفے میں دی تھی۔

    تاہم جس شور شرابے کے ساتھ کیرالہ کرکٹ ایسوسی ایشن اور گریٹر کوچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے مل کر سچن ٹنڈولکر پویلین قائم کیا تھا، اب اس کی حالت بے حد خراب ہے، حتیٰ کہ یادگار اشیا کا بھی کچھ اتا پتا نہیں ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے جوائنٹ سیکریٹری جایش جارج نے بھی اسٹیڈیم میں ٹنڈولکر پویلین کی بری حالت پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔

    کہا جا رہا ہے کہ اس پویلین کی صورت حال تب سے تبدیل ہوئی ہے جب سے مقامی انڈین سپر لیگ کی ٹیم کوچی بلاسٹرز نے اسٹیڈیم کو اپنا ہوم وینیو بنا لیا ہے۔

    واضح رہے کہ سچن ٹنڈولکر پویلین کیرالہ کرکٹ ایسوسی ایشن اور گریٹر کوچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا مشترکہ اقدام تھا، یہ پویلین 1 ہزار مربع فٹ پر پھیلا ہوا ہے اور اس میں سچن ٹنڈولکر کی متعدد تصاویر بھی ہیں جن میں ماسٹر بلے باز کے ساتھ سرڈان بریڈ مین اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا کی تصاویر بھی شامل ہیں جب کہ پویلین میں سچن کے بچپن کی تصاویر بھی لگی ہوئی ہیں۔

    2014 میں آئی ایس ایل کے آغاز کے بعد نہرو اسٹیڈیم نے کسی بھی بین الاقوامی کرکٹ میچ کی میزبانی نہیں کی ہے، گراؤنڈ میں آخری بین الاقوامی کرکٹ میچ 8 اکتوبر 2014 کو بھارت اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلا گیا تھا۔

  • عدالت سے رہائی کے باوجود پاکستانی شہری بھارتی جیل میں قید

    عدالت سے رہائی کے باوجود پاکستانی شہری بھارتی جیل میں قید

    کوچی : بھارت کی عدالت سے باعزت بری ہونے والا پاکستانی شہری عبدالقادرپاکستانی ہائی کمیشن کے عدم تعاون کے باعث آٹھ ماہ سے قید ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کیرالہ کی این آئی اے عدالت کی جانب سے بری کیا گیا ایک پاکستانی شہری بھارت میں اپنے ملک کے ہائی کمیشن کی طرف سے مد د کے فقدان کے باعث کئی ماہ سے کیرالہ جیل میں بند ہے۔

    اس حوالے سے کانگریس کے ایک سینئر رکن اسمبلی پی ٹی تھامس نے  برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو بتایا کہ وہ  لوک سبھا  کے سابق ممبر پارلیمنٹ رہے ہیں۔

    تھامس نے بتایا کہ مقامی ممبراسمبلی ہونے کے ناطے یہاں کے ککاناڈ ایرناکلم ضلع جیل میں جیل حکام اور قیدیوں کو دی جانے والی بنیادی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے کل میں نے وہاں کا دورہ کیا تھا اور اس دوران میں نے وہاں پاکستان شہری عبد القادر سے ملاقات کی۔

    انہوں نے کہا کہ عبدالقادر (53) ایرانی جہاز ’بروکی‘کے ان 11 ارکان میں شامل تھا جسے گزشتہ سال جولائی میں کیرالہ کے ساحل پر روکا گیا تھا۔

    بعد ازاں اسی سال مارچ میں این آئی اے کی عدالت نے بے قصور ثابت ہونے پر عبدالقادر سمیت 10ایرانی شہریوں کو جو اس جہاز میں سوار تھے انہیں باعزت بری کردیا اور جہاز کے عملے کے خلاف کوئی جرم نہیں پایا گیا، انہوں نے بتایا کہ عبدالقادر ان میں واحد پاکستانی شہری تھا۔

  • ویسٹ انڈیز نے بھارت کو پہلے ون ڈے میں شکست دے دی

    ویسٹ انڈیز نے بھارت کو پہلے ون ڈے میں شکست دے دی

    کوچی : ویسٹ انڈیز نے بھارت کو پہلے ون ڈے میں ایک سو چوبیس رنز سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

    کوچی میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس بھارت نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ویسٹ انڈیز نے مارلون سیمیولز کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں پر تین سو اکیس رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔

    سیمیولز نے ایک سو چھبیس رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، دنیش رامدین نے سیمیولز کا بھرپور ساتھ دیا، رامدین نے اکسٹھ رنز اسکور کئے۔ جواب میں بھارتی اوپنرز نے ٹیم کو انچاس رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن وہ مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

    بھارتی ٹیم اکتالیس اوورز میں ایک سو ستانوے رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، شیکھر دھون ارسٹھ رنز بناکر نمایاں رہے، سیمیولز اور روی رامپال نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔