Tag: کوڑا ٹیکس

  • ’ کوڑا ٹیکس‘ بھی نافذ، کس سے کتنا ٹیکس وصول کیا جائے گا؟

    ’ کوڑا ٹیکس‘ بھی نافذ، کس سے کتنا ٹیکس وصول کیا جائے گا؟

    لاہور : صاف ستھرا پنجاب کے تحت کوڑا ٹیکس نافذ کردیا گیا ، کس سے کتنا ٹیکس وصول کیا جائے گا؟۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) نے شہر میں گھروں، کمرشل مارکیٹوں اور دکانوں سے کوڑا ٹیکس وصول کرنے کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، شہریوں کو آئندہ ہفتے کچرا اٹھانے کے بل بھجوائے جائیں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی طور پر پوش علاقوں اور کمرشل مارکیٹوں میں فی مرلہ کے حساب سے بل وصول کیا جائے گا۔

    مرحلہ وار لاہور کے 9 ٹاؤنز میں سینٹریشن بل بھیجے جائیں گے۔ بلز کی ترسیل ریونیو اور آپریشنل فیلڈ سپروائزر کے ذریعے کی جائے گی۔

    ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا تھا کہ شہری یہ بل بینک یا آن لائن کیش ایپلی کیشنز کے ذریعے بھی ادا کر سکیں گے۔

    ترجمان نے مزید کہا مقررہ نرخوں کے تحت شہر میں 5 سے 40 مرلہ کی عمارتوں کو 300 سے 5 ہزار روپے تک کا بل جاری کیا جائے گا، جبکہ دیہات میں اسی رقبے کی عمارتوں کا بل 200 سے 400 روپے ہو گا۔

    ترجمان کے مطابق لاہور میں سینٹریشن بل پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد لاگو کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر صفائی اور بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

  • پاکستانی عوام کے لیے نئی مشکل ! اب ماہانہ کوڑا ٹیکس بھی دینا ہوگا

    پاکستانی عوام کے لیے نئی مشکل ! اب ماہانہ کوڑا ٹیکس بھی دینا ہوگا

    لاہور : پاکستانی عوام کے لئے نئی مشکل کھڑی ہوگئی ، اب شہریوں اور کاروباری افراد سے ماہانہ کوڑا ٹیکس بھی وصول کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے صوبے میں کوڑا ٹیکس لگانے کی منظوری دے دی ، کابینہ کی منظوری کے بعد ٹیکس دیہی اور شہری علاقوں کے گھروں اور کاروباری مقامات پر لگایا جائے گا۔

    دیہی علاقوں میں پانچ مرلہ کے گھر پر 20 روپے، دس مرلہ سے ایک کنال کے گھر پر40 روپے، دیہات میں چھوٹے کاروبار، دکانوں پر 300 روپے، درمیانے درجے کے کاروبار پر 700روپے جبکہ بڑے کاروبار پر ہزار روپے ماہانہ ٹیکس لگایا جائے گا۔

    شہری آبادی میں پانچ مرلہ گھر پر تین سو روپے، دس مرلہ سے ایک کینال کے گھر پر پانچ سو سے دو ہزار روپے اور ایک کینال سے بڑے گھر پر پانچ ہزار روپے ماہانہ ٹیکس لگایا جائےگا۔

    اس کے علاوہ شہروں میں چھوٹے کاروبار پر 500 روپے، درمیانے پر ہزار روپے جبکہ بڑے کاروبار پر3 ہزار روپے ماہانہ ٹیکس لگایا جائے گا۔