Tag: کوک اسٹوڈیو

  • گلوکار وارث بیگ نے کوک اسٹوڈیو کو ’جوک اسٹوڈیو‘ قرار دیدیا

    گلوکار وارث بیگ نے کوک اسٹوڈیو کو ’جوک اسٹوڈیو‘ قرار دیدیا

    پاکستانی میوزک انڈسٹری کے لیجنڈری گلوکار وارث بیگ نے کوک اسٹوڈیو کو ’جوک اسٹوڈیو‘ قرار دے دیا۔

    وارث بیگ پاکستان کے سب سے سریلی اور باصلاحیت گلوکاروں میں سے ایک ہیں، وہ اپنی  پرجوش پرفارمنس کے لیے مشہور ہیں، وارث بیگ کا گلوکاری کا شاندار کیریئر تھا جس میں انہوں نے بے شمار گانے گائے جنہوں نے دنیا بھر میں لاکھوں مداحوں کے دل جیت لیے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Ahmad Ali Butt (@ahmedalibutt)

    حال ہی میں وارث بیگ نے احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، پوڈ کاسٹ میں انہوں نے کوک اسٹوڈیو کی ساکھ کے بارے میں بات کی۔

    کوک اسٹوڈیو کے بارے میں بات کرتے ہوئے وارث بیگ نے کہا کہ مجھے کوک اسٹوڈیو کی جانب سے کوئی آفر نہیں ملی، اس کے پیچھے کی وجہ کیا ہے نہیں معلوم لیکن میں سمجھتا ہوں کہ انہوں نے مجھے اس لیے نہیں بلایا کیونکہ میں اوریجنل گانا پروڈیوس کرتا ہوں اور کوک اسٹوڈیو کا پیٹرن مختلف ہے، کوک اسٹوڈیو کا اپنا گانا نہیں ہوتا۔

    انہوں نے کہا کہ کوک اسٹوڈیو والوں نے 14، 15 سالوں میں اپنا کوئی گانا تیار نہیں کیا، پسوری 15 سال بعد آئی لیکن اس سال کا کوک اسٹوڈیو فلاپ رہا، باقی تو سارے گانے انہوں نے پرانے ہی بنائے ہیں، کوئی ملتان کا فوک سانگ ہے، کوئی پاکستانی فوک سونگ ہے۔

    وارث بیگ نے کہا کہ یہ گانوں کو صرف Redo کررہے ہیں، Redo کرنا کونسا کمال ہے؟ آپ مجھے دیدیں، میں ایک دن میں 5 گانے کا  Redo کردونگا، اس میں گٹار اور ڈرم ڈال کر اس کا میوزک نیا ہی کرنا ہے اور کیا کرنا ہے؟ اس میں آپ کی اپنی تخلیق کیا ہے؟ میں سمجھتا ہوں یہ تو جوک اسٹوڈیو ہے۔

  • ’پسوڑی‘ کی گلوکارہ نے ایک بار پھر لوگوں پر سحر طاری کردیا

    ’پسوڑی‘ کی گلوکارہ نے ایک بار پھر لوگوں پر سحر طاری کردیا

    کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے گانے پسوڑی سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی معروف اداکارہ شے گل کی گانا گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، مداح ایک بار پھر ان کی آواز کے سحر میں گم ہوگئے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں شے گل کو کہاں ہو تم گانا گاتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔

    ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ ایک مہندی کی تقریب ہے تاہم شے گل نے ویڈیو کے کمنٹ میں تصحیح کی کہ یہ غزل نائٹ تھی۔

    شے گل کی پہلے بھی یہی گانا گانے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، اس وقت شے ایک غیر معروف نام تھیں اور کوئی بھی انہیں بطور گلوکارہ نہیں جانتا تھا۔

    خیال رہے کہ کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے پسوڑی گانے کو رواں برس 7 فروری کو ریلیز کیا گیا تھا اور یہ گانا پہلے 24 گھنٹوں میں 10 لاکھ بار دیکھا جانے والا کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کا پہلا گانا بنا تھا۔

    یوٹیوب پر اس گانے کو 10 کروڑ سے زائد بار سنا جا چکا ہے جبکہ آڈیو اسٹریمنگ سروس اسپاٹی فائی کے گلوبل وائرل 50 گانوں کی فہرست میں یہ تیسرے نمبر پر رہا۔

  • کنا یاری پر وائرل ڈانس کرنے والے کوئیک اسٹائل گروپ کی وہاب بگٹی سے ملاقات

    کنا یاری پر وائرل ڈانس کرنے والے کوئیک اسٹائل گروپ کی وہاب بگٹی سے ملاقات

    کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے بلوچ زبان کے گانے کنا یاری پر وائرل ڈانس کرنے والے گروپ دا کوئیک اسٹائل نے گانے کے گلوکار وہاب بگٹی سے ملاقات کی۔

    ناروے سے تعلق رکھنے والے ڈانس گروپ دا کوئیک اسٹائل کی ایک شادی میں پرفارمنس کی ویڈیوز کچھ ماہ قبل نہایت وائرل ہوئی تھیں۔

    گروپ نے کنا یاری سمیت کئی بالی ووڈ گانوں پر نہایت انوکھے رقص کا مظاہرہ کیا تھا جس کے اسٹیپس بے حد وائرل ہوئے تھے اور دنیا بھر میں لوگوں نے اس پر ویڈیوز بنائی تھیں۔

    گروپ میں متنوع بیک گراؤنڈ سے تعلق رکھنے والے ڈانسرز شامل ہیں اور گروپ کے بانی کا نام سلیمان ملک ہے۔

    اب اس گروپ نے دبئی میں کنا یاری کے بلوچ گلوکار وہاب بگٹی سے ملاقات کی، دبئی میں کوک اسٹوڈیو کا لائیو کنسرٹ جاری ہے جہاں وہاب بگٹی سمیت کئی گلوکار شریک ہیں۔

    کوئیک اسٹائل نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر وہاب بگٹی سے ملاقات کی ویڈیوز شیئر کیں، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کوئیک اسٹائل کے ڈانسرز بگٹی سے ملنے کے لیے کمرے میں داخل ہوئے تو بگٹی کو ان کے ڈانس کا بتایا گیا۔

    وہاب بگٹی نے ان کے ڈانس کی بے حد تعریف کی اور کہا کہ کیا زبردست ڈانس کیا آپ نے، جبکہ ڈانسرز نے بھی ان کی آواز اور ان کے فن کو سراہا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Ghazi Taimoor (@ghazitaimoor)

    خوشگوار ماحول میں گفتگو اور تصاویر کے بعد ڈانسرز نے وہاب بگٹی سے گانے کی فرمائش کی جس پر وہاب بگٹی نے اپنے ساتھی کے ہمراہ کنا یاری گانا سنایا۔

    کوئیک اسٹائل نے اپنے انسٹاگرام پر لکھا کہ وہاب بگٹی کو سننا ایک اعزاز تھا، انہوں نے کوک اسٹوڈیو کا بھی شکریہ ادا کیا جس کی وجہ سے انہیں وہاب بگٹی سے ملاقات کا موقع میسر آسکا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Quick Style (@thequickstyle)

  • ویب سیریز ’مس مارول‘ میں کوک اسٹوڈیو کا مشہور گانا شامل

    ویب سیریز ’مس مارول‘ میں کوک اسٹوڈیو کا مشہور گانا شامل

    مارول سنیمیٹک اسٹوڈیوز اور ڈزنی پلس کی اگلی ویب سیریز ‘مس مارول’ کے حوالے سے دل چسپ تفصیلات سامنے آ رہی ہیں، اس سیریز کا شدت سے انتظار کرنے والے شائقین کو حیرت بھری خوشی ہوگی یہ جان کر کے اس میں کوک اسٹوڈیو کا ایک مشہور گانا بھی شامل کیا گیا ہے۔

    یہ پاکستانی سپر ہیرو لڑکی پر بنائی جانے والی پہلی ویب سیریز ہے، اس میں پہلی پاکستانی نژاد امریکی سپر ہیرو کمالہ خان کو متعارف کرایا گیا ہے، یہ کردار پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ ایمان ویلانی نے ادا کیا ہے، اور اب اس میں کوک اسٹوڈیو کا گانا ‘پیچھے ہٹ’ شامل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کے صحافی ہارون رشید نے اپنے ایک ٹوئٹ میں انکشاف کیا ہے کہ مس مارول میں نہ صرف پاکستانی گانا شامل ہے بلکہ اس میں بالی ووڈ فلموں کے ڈائیلاگز بھی شامل ہیں، اور سپر ہیرو لڑکی کمالہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی زبردست فین ہے۔

    انٹرٹینمنٹ رپورٹر نے لکھا کہ مس مارول کی دو قسطیں انھوں نے دیکھ لیں اور انھیں ویب سیریز میں جنوبی ایشیائی تڑکا دیکھ کر مزہ آ گیا۔

    واضح رہے کہ مس مارول کو امریکا سمیت دنیا بھر میں آئندہ ماہ 8 جون کو ڈزنی پلس پر ریلیز کیا جائے گا۔ ‘پیچھے ہٹ’ گانا رواں برس ریلیز ہونے والے کوک اسٹوڈیو کے سیزن میں شامل کیا گیا تھا، جسے نوجوان گلوکار حسن رحیم، طلعت قریشی اور جسٹن بیبز نے گایا۔

  • بھارتی اداکارہ کا ’پسوڑی‘ پر رقص، ویڈیو وائرل

    بھارتی اداکارہ کا ’پسوڑی‘ پر رقص، ویڈیو وائرل

    معروف بھارتی اداکارہ شہناز گل کی دنیا بھر میں مقبول ہونے والے پاکستانی گانے پسوڑی پر رقص کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    شہناز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی۔

    ویڈیو میں شہناز سرخ لباس میں ملبوس ہیں اور وہ اپنے گھر کی بالکونی میں پاکستانی گانے پسوڑی پر رقص کر رہی ہیں۔

    شہناز نے، پاکستانی گلوکاروں شے گل اور علی سیٹھی کے گائے ہوئے گانے کے چند بول بھی کیپشن میں لکھے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Shehnaaz Gill (@shehnaazgill)

    خیال رہے کہ کوک اسٹوڈیو کے سیزن 14 کا سپر ہٹ گانا پسوڑی مقبولیت کے ریکارڈ توڑ چکا ہے۔

    اس گانے کو رواں سال کے آغاز میں ریلیز کیا گیا تھا جسے تاحال یوٹیوب پر 10 کروڑ سے زائد بار سنا جا چکا ہے۔

  • پسوڑی گانے والی گلوکارہ کا صحیح نام کیا ہے؟

    پسوڑی گانے والی گلوکارہ کا صحیح نام کیا ہے؟

    کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے مشہور ترین گانے پسوڑی سے شہرت حاصل کرنے والی گلوکارہ شے گل نے مختصر انٹرویو میں اپنے بارے میں بتایا ہے۔

    پسوڑی گانا مشہور ہونے کے بعد اس کی گلوکارہ کے بارے میں بہت سے لوگ جاننا چاہتے ہیں مگر ان کے بارے میں کم معلومات دستیاب تھیں۔

    اب حال ہی میں آڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ اسپاٹی فائے پاکستان کو دیے گئے مختصر انٹرویو میں انہوں نے اپنے بارے میں معلومات دی ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Spotify Pakistan (@spotifypakistan)

    اپنے نام کا صحیح تلفظ شے گل بتاتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کا تعلق لاہور سے ہے اور ان کی عمر 23 برس ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ہاسٹل میں دوستوں کے ہمراہ رہنے کے دوران مذاق میں گلوکاری کا آغاز کیا تھا۔

    ایک سوال کے جواب میں شے گل نے بتایا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمٰن اور پاکستانی میوزیکل بینڈ ینگ اسٹنرز کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں۔

    شے نے بتایا کہ رواں برس وہ شاعری لکھنے اور کلاسیکل میوزک کو سمجھنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ ایسا کر لیں گی۔

    خیال رہے کہ پسوڑی کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کا وہ پہلا گانا بنا تھا جسے محض 2 دن میں 10 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا تھا۔

  • سانحہ تیز گام پر کوک اسٹوڈیو کا اہم اعلان

    سانحہ تیز گام پر کوک اسٹوڈیو کا اہم اعلان

    کراچی:‌ پاکستانی موسیقی کے ایک بڑے پروگرام ’کوک اسٹوڈیو‘ نے سانحہ تیز گام ایکسپریس پر لواحقین سے اظہار یکجہتی کے طور پر سیزن 12 کی آج جاری ہونے والی تیسری قسط کی ریلیز روک دی۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ تیزگام ایکسپریس میں آتشزدگی سے 74 افراد کے جاں بحق ہونے کے دلخراش واقعے پر جہاں عالمی رہنماؤں نے اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے وہیں فنکار برادری کے ساتھ ساتھ موسیقی سے جڑے ادارے بھی غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کررہے ہیں۔

    اکتوبر میں ریلیز ہونے والے کوک اسٹوڈیو سیزن 12 کی دو اقساط کے بعد یکم نومبر کو پروگرام کے تحت تیسری قسط کا اجرا آج ہونا تھا تاہم دلخراش واقعے کی وجہ سے اس کی ریلیز روک دی گئی ہے۔

    اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کوک اسٹوڈیو نے تعزیبی پیغام میں لکھا کہ سانحہ تیز گام کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے طور پر آج ہونے والی سیزن 12 کی تیسری قسط جاری نہیں کی جائے گی۔

    بیان میں کہا گیا کہ سانحہ کے متاثرہ خاندانوں اور ہر ایک زخمی کے ساتھ ہماری دعائیں ہیں۔

    اس سے قبل ترک صدر رجب طیب اردوان اور برطانوی شاہی جوڑے نے تیز گام ایکسپریس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعیزت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعاد کا پیغام بھیجا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: ترک صدرطیب اردوان کا تیزگام سانحے پر اظہارِ افسوس

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے علاقے لیاقت پور کے قریب گیس سلینڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث 74 افراد جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

    تیزگام ایکسپریس کو حادثہ صبح چھ بجکر پندرہ منٹ پر پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور میں چنی گوٹھ کے نزدیک چک نمبر 6 کے تانوری اسٹیشن پر پیش آیا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے حادثے پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا تھا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • کوک اسٹوڈیو: علامہ اقبال کی ’شکوہ جواب شکوہ‘ جدید موسیقی کے ساتھ

    کوک اسٹوڈیو: علامہ اقبال کی ’شکوہ جواب شکوہ‘ جدید موسیقی کے ساتھ

    کراچی: کوک اسٹوڈیو سیزن 11 نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی شہرہ آفاق نظم ’شکوہ جواب شکوہ‘ کو موسیقی کی دھنوں پر ترتیب دے کر شاندر گیت تیار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوک اسٹوڈیو سیزن 11 کے میوزک پروڈیسرز نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کی شہر آفاق نظم ‘شکوہ جواب شکوہ‘ کے اشعار کو موسیقی کے موتیوں کی لڑی میں پرو دیا۔ کوک اسٹوڈیو کی جانب سے نئے گیت کی ویڈیو جاری کی گئی ہیں۔

    شکوہ جواب شکوہ کی دھن منشی رضی الدین نے ترتیب دی جبکہ اس کے پروڈیوسر زوہیب قاضی اور علی حمزہ تھے جبکہ نتاشہ بیگ نے اسے گایا اور قوال فرید ایاز، ابو محمد اینڈ برادرز نے بھی شاندار ساتھ نبھایا۔

    یہ بھی دیکھیں: کوک اسٹوڈیو سیزن 11 نے مشہورنغمہ ’ہم دیکھیں گے‘ ریلیزکردیا

    بیکنگ گلوکاری شہاب حسین، وجیہہ نقوی، مہر قادر نے کی جبکہ بابر کھنّہ نے ڈھولک، کمی پاؤل (ڈرم)، کامران ‘منّو‘ (بیس گٹار) اور روفوس شہزاد نے (کی بورڈ) سمیت دیگر لوگوں نے مختلف آلاتِ موسیقی پر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔

    نظم کا پس منظر

    شہر آفاق نظم کو علامہ اقبال نے لندن سے واپسی کے بعد اپریل 1911 میں ہونے والے انجمنِ حمایت اسلام کے جلسے میں پڑھا، جس کے بعد برصغیر کے مسلمانوں نے اپنی زبوں حالی پر غور شروع کیا اور حوصلہ شکنی کے زوال کے اسباب بھی تلاش کیے۔

    علم و ادب سے وابستہ شخصیات کے مطابق علامہ اقبال نے پہلے نظم شکوہ تحریر کی جو اُن کے دل کی آواز تھی، اس نظم کے اصل مقصد کو لوگوں نے سمجھے بغیر پروپیگنڈا شروع کیا جس کے بعد شاعر مشرق نے ’جواب شکوہ‘ تحریر کی۔

    پاریک: کوک اسٹوڈیو کے پلیٹ فورم سے کیلاشی فوک میوزک کا انوکھا تجربہ

    اس نظم کے ذریعے اقبال نے مسلمانوں کی مذہب سے غلفت، بیزاری پر خوبصورتی سے روشنی ڈالی جس کے اثرات بھی نمودار ہوئے، شاعر مشرق کے قلم سے لکھی ہوئی تحریر نواب ذوالفقار علی خان نے 100 روپے میں خریدی اور پھر اسے ہدیہ کیا۔

    اقبال نے نظم کے ابتدا میں رب کی بارگاہ میں شکوے کیے پھر ان کا جواب بھی خود ہی تلاش کر کے تحریر کیا، بعد ازاں اس کا اختتام دعائیہ کلمات پر ہوا۔

  • کوک اسٹوڈیو نے باصلاحیت گلوکار تلاش کرلیے

    کوک اسٹوڈیو نے باصلاحیت گلوکار تلاش کرلیے

    کراچی: کوک اسٹوڈیو نے لوک موسیقی کو پروان چڑھانے کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کیا اور نئے گلوکاروں کو تلاش کر کے اُن کی آواز میں گانے ریکارڈ کیے۔

    تفصیلات کے مطابق کوک اسٹوڈیو اپنے نئے آنے والے سیزن سے قبل ناظرین کو اس بار کچھ نیا پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، اس ضمن میں ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔

    اس نئے ایونٹ کا نام کوک اسٹوڈیو ایکسپلورر ہے جس کا مقصد ملک بھر سے باصلاحیت گلوکاروں کو مضبوط پلیٹ فارم مہیا کر کے اُن کی آوازوں کو سامعین تک پہنچانا اور پاکستان کی لوک موسیقی کو پروان چڑھانا ہے۔

    کوک اسٹوڈیو کے سیزن 11 کے میوزک پروڈیوسر علی حمزہ اور زوہیب قاضی نے پسماندہ علاقوں سمیت ملک کے مختلف صوبوں کا دورہ کیا اور وہاں موجود چھپے ٹیلنٹ کو کو تلاش کیا جو موسیقی کی دنیا میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں مگر انہیں کوئی اچھا پلیٹ فارم نہیں ملتا۔

    کوک اسٹوڈیو کی جانب سے ریلیز کیا گیا پروگرام کا ٹریزر

    میوزک پروڈیوسرز نے بلوچستان کے صحرا سے منگل، دریہن اور شایان نامی گلوکاروں کو تلاش کیا۔

    کیلاش سے کوک اسٹوڈیو کی ٹیم کو نارینہ اور امرینہ نامی خواتین ملیں جنہوں نے پاپ میوزک کے ساتھ اپنی آواز کا جادو جگایا، یہ پہلا موقع  ہے کہ کیلاشی گانے کو بڑا پلیٹ فارم مہیا کیا گیا۔

    سندھ سے دو بہن بھائی شامو بائی اور وشنو ملے جنہوں نے مقامی زبان اور میوزک کے ساتھ اپنا گانا ریکارڈ کرایا، وشنو کو سب سے کم عمر گلوکار ہونے کا یہ اعزاز بھی حاصل ہوگیا کہ وہ صرف 14 برس کی عمر میں کوک اسٹوڈیو نئے سیزن میں اپنی آواز کا جادو جگائے گا۔

    علاوہ ازیں کوک اسٹوڈیو نے قاسامیر نامی بینڈ تلاش کیا جن کی آوازوں نے دو دہائی تک ریڈیو پاکستان پر راج کیا۔

    میوزک پروڈیوسرز نے ٹورنٹو میں پاکستانی لڑکی مشال خواجہ کو بھی ڈھونڈ جو انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی آواز کا جادو جگاتی ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان کی میوزک انڈسٹری 2008 میں زوال کا شکار تھی کہ یک دم کوک اسٹوڈیو کا آغاز ہوا جس نے نہ صرف پاکستانی موسیقی کو جلا بخشی بلکہ اسے نئے انداز میں پیش کرتے ہوئے دنیا بھر میں پاکستانی نغموں کو سامعین تک پہنچایا۔

    کوک اسٹوڈیو نے پاکستانی ثقافت کے رنگوں کو مختلف سیزنز کا حصہ بنایا جس کے باعث پاکستان کے گانوں کو دنیا بھر میں خوب پذیرائی بھی ملی، پہلے سیزن سے چھٹے سیزن تک میوزک پروڈیوسر کی ذمہ داریاں گٹارسٹ روحیل حیات نے انجام دی تھیں۔

    ساتویں سیزن سے میوزک کو ترتیب دینے کی ذمہ داریاں پاکستان کے معروف میوزیکل بینڈ اسٹرنگز نے اپنے سر لیں اور دسویں سیزن تک اسے بخوبی نبھایا تاہم بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ نے گزشتہ سیزن کے اختتام پر کوک اسٹوڈیو سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا۔

    کوک اسٹوڈیو نے سیزن 11 کے لیے دو نئے پروڈیوسر پاپ میوزیکل بینڈ نوری کے علی حمزہ اور زوہیب قاضی کو منتخب کیا گیا جو پاکستانی میوزک کی دنیا میں کافی عرصے سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔


     خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • تاجدار حرم دنیا بھر میں مقبول ترین پاکستانی قوالی بن گئی

    تاجدار حرم دنیا بھر میں مقبول ترین پاکستانی قوالی بن گئی

    اسلام آباد: پاکستان کے مقبول ترین میوزک پلیٹ فارم کوک اسٹوڈیو کے آٹھویں سیزن میں گائی جانے والی قوالی ’تاجدار حرم‘ یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی پہلی پاکستانی ویڈیو بن گئی۔

    اس خوبصورت قوالی کو دنیا کے 186 ممالک کے افراد نے خوب پسند کیا اور اسے یوٹیوب پر 10 کروڑ سے زائد بار دیکھا گیا۔

    یہ قوالی عاطف اسلم نے گائی تھی جبکہ اس کی موسیقی بابر علی کھنہ، ارسلان ربانی اور دیگر نے ترتیب دی۔

    کوک اسٹوڈیو کی جانب سے اس موقع پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا گیا کہ سیزن 9 میں راحت فتح علی خان اور مومنہ مستحسن کی آواز میں گایا جانے والا ’آفریں آفریں‘ گانا بھی یوٹیوب پر 10 کروڑ کا ہندسہ چھونے کے قریب ہے۔

    کوک اسٹوڈیو کے اب تک 10 سیزن نشر ہوچکے ہیں۔ کوک اسٹوڈیو کا انتظام روہیل حیات خان کے بعد اسٹرنگز بینڈ کے ہاتھ میں تھا تاہم اب انہوں نے بھی کوک اسٹوڈیو سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔