Tag: کوہاٹ

  • کوہاٹ میں سینیٹر شمیم آفریدی کے گھر پر دستی بم حملہ

    کوہاٹ میں سینیٹر شمیم آفریدی کے گھر پر دستی بم حملہ

    کوہاٹ: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر شمیم آفریدی کے گھر پر دستی بم حملہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینیٹر شمیم آفریدی اور خیبر پختون خوا کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات ایم پی اے ملک امجد آفریدی کے گھر پر عظیم باغ کوہاٹ میں دستی بم حملہ ہوا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دستی بم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، بم حملے کے بعد شدید فائرنگ بھی ہوئی، تاہم جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہو گئے۔

    پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیر لیا ہے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے شواہد اکھٹے کیے۔

    امجد آفریدی ایم پی اے کوہاٹ اور پی پی پی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات ہیں، پولیس حکام کے مطابق حملے کے وقت دونوں گھر میں موجود تھے۔

    پولیس نے ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

  • خواتین کے نام پر غیر قانونی سِمز ایکٹو کرنے والی فرنچائز کا انکشاف

    خواتین کے نام پر غیر قانونی سِمز ایکٹو کرنے والی فرنچائز کا انکشاف

    اسلام آباد: ایف آئی اے کی ایک کارروائی میں خیبر پختون خوا کے شہر کوہاٹ میں خواتین کے نام پر غیر قانونی سِمز ایکٹو کرنے والی فرنچائزز کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی سائبر کرائم وِنگ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے خواتین کے نام پر غیر قانونی سِمز ایکٹو کرنے والی 2 فرنچائز پکڑ لی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فرنچائز کوہاٹ میں کام کر رہی تھیں، جہاں پنجاب اور سندھ کی خواتین کے نام پر سمیں ایکٹو کی جاتی تھیں۔

    ایف آئی اے ذرائع کے مطابق اس کارروائی کے دوران 20 بائیو میٹرک مشینیں اور 2200 سمیں برآمد کی گئی ہیں، جب کہ 3 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات کا اندراج کر لیا گیا ہے۔

    گرفتار ملزمان میں عبیداللہ، نجیب اللہ اور آصف بلال شامل ہیں، تینوں کا تعلق ڈی آئی خان سے ہے، ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے، اور مزید انکشافات سامنے آنے کی توقع ہے۔

  • کوہاٹ اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے

    کوہاٹ اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے

    کوہاٹ: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر کوہاٹ اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کا مرکز کوہاٹ کے نزدیک تھا جبکہ اس کی گہرائی 20 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر کوہاٹ اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.8 ریکارڈ کی گئی۔

    مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز کوہاٹ کے نزدیک تھا جبکہ اس کی گہرائی 20 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

    زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔

    زلزلہ کیوں آتا ہے؟

    زلزلہ قشر الارض سے توانائی کے اچانک اخراج کى وجہ سے رونما ہوتا ہے، جس کى وجہ سے زیر زمین مخصوص لہريں پیدا ہوتى ہيں۔ يہ توانائی اکثت آتش فشانى لاوے کى شکل ميں سطح زمين پر نمودار ہوتى ہے۔

    اس توانائى کے قوت اخراج سے قشر الارض کى تختيوں ميں حرکت پذيرى پیدا ہوتى ہے۔ لہٰذا اپنی حرکت کے دوران يہ تختياں آپس ميں ٹکراتى ہيں جس کى وجہ سے سطح زمين کے اوپر جھٹکے پيدا ہوتے ہيں اور زلزلے رونما ہوتے ہیں۔

  • کوہاٹ میں قتل ہونے والی ننھی حریم فاطمہ سے زیادتی کی تصدیق

    کوہاٹ میں قتل ہونے والی ننھی حریم فاطمہ سے زیادتی کی تصدیق

    کراچی : کوہاٹ میں قتل ہونے والی ننھی حریم فاطمہ کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہوگئی ،پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ بچی کی موت گلا دبانے سے ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق کوہاٹ میں معصوم بچی کے قتل پر پورے علاقے کی فضا سوگوار ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ حریم فاطمہ کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہوگئی۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چی حریم فاطمہ کی موت گلا دبانےسےہوئی۔

    دوسری جانب قبیلہ خٹک کی جانب سے سابق ایم این اے مولانا شاہ عبد العزیز نے حکومت کو ملزمان کی گرفتاری کے لئے باہترگھنٹے کی مہلت دیتے ہوئے ملزمان کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کیا، جس کے بعد احتجاج کیا جائے گا۔

    مقتولہ حریم فاطمہ کے دادا کی مدعیت میں بچی کے قتل کا مقدمہ تھانہ ریاض محمدشہید میں درج کروایا گیا۔

    یاد رہے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مقتولہ حریم فاطمہ کے والد فرہاد حسین نے بتایا تھا کہ وہ کوہاٹ کے علاقے خٹک کالونی کے رہائشی ہیں، اُن کی صاحبزادی تین روز قبل گھر سے چیز لینے کے لیے باہر نکلی اور پھر لاپتہ ہوگئی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ اہل خانہ نے اپنی مدد آپ کے تحت بچی کی تلاش شروع کی مگر ناکامی کا سامنا رہا، صبح بچی لاش نالے سے برآمد ہوئی۔

    یاد رہے بدھ سےلاپتہ چار سالہ حریم فاطمہ کی لاش جمعرات کو نالے کے قریب سےبرآمد ہوئی تھی، تاہم حریم کوآبائی علاقے کرک میں سپردخاک کردیا گیا ہے۔

    بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر صارفین نے قتل میں ملوث عناصر کو سخت سزا دینے اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے ’حریم کو انصاف دو‘ کے نام سے ہیش ٹیگ بھی چلا۔

    صارفین نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس طرح کے واقعات کی روک تھام کےلیے اپنا کردار ادا کرے اور ملوث ملزمان کو سخت سزا دے۔

  • عوامی مسائل کا حل اور ملکی ترقی وزیر اعظم کی ترجیح ہے: شبلی فراز

    عوامی مسائل کا حل اور ملکی ترقی وزیر اعظم کی ترجیح ہے: شبلی فراز

    کوہاٹ: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کو عالمی سطح پر عزت دلوائی، عوامی مسائل کا حل اور ملکی ترقی وزیر اعظم کی ترجیح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے کوہاٹ اور جنوبی اضلاع کی ترقی پر توجہ دی، شاہراہ کے منصوبے سے متعلق ایم این ایز نے کافی کام کیا۔

    شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بجلی کا مسئلہ بھی آنے والے سال میں حل ہوجائے گا، حکومت میں آئے تو خزانہ خالی تھا آئی ایم ایف کی طرف جانا پڑا، ادارے مکمل طور پر مفلوج تھے، ماضی کے حکمرانوں نے ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نہ کسی سے خوف ہے، نہ کاروبار نہ کوئی ذاتی مفاد ہے، وزیر اعظم نے پاکستان کو عالمی سطح پر عزت دلوائی، وزیر اعظم کا انداز معذرت خواہانہ نہیں رہا، عالمی رہنماؤں سے برابری کی سطح پر ملے۔

    شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم معیشت کو پائیدار سطح پر لے جانا چاہتے ہیں، کوشش ہے کہ ملک کو اس سطح پر لے جائیں کہ قرضے نہ مانگنا پڑے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک علاج مفت فراہم کرنے کی سہولت دی، کرونا وائرس کی وبا نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا، مضبوط معیشتیں تک متاثر ہوئیں۔

    شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی بنیادی سوچ تھی کہ جانوں اور کاروبار دونوں کو ساتھ لے کر چلنا ہے، ہم اس سوچ کے ساتھ صورتحال سے کامیابی سے نکلے۔ پہلی دفعہ کئی ممالک نے کہا کہ پاکستان کی تقلید کرنی چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ مہنگائی ختم ہو، وقت کے ساتھ ساتھ عوام کو اشیائے خور و نوش کی قیمتیں کم کرنے کی کوشش ہے، عوامی مسائل کا حل اور ملکی ترقی وزیر اعظم عمران خان کی ترجیح ہے۔

  • پاکستان میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

    پاکستان میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

    اسلام آباد: او جی ڈی سی ایل نے ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (OGDCL) نے خیبر پختون خوا کے ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ توغ بالا کنواں نمبر 1 سے یومیہ 9 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس مل سکے گی، جب کہ توغ بالا کنواں نمبر 1 سے یومیہ 125 بیرل تیل حاصل کیا گیا ہے.

    یہ کوہاٹ بلاک میں تیل و گیس دریافت کرنے کے سلسلے کی مسلسل دوسری کامیابی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ توغ بالا کنواں نمبر1 کی کامیابی ایکسپلوریشن کی شان دار حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔

    تیل وگیس کی تلاش ،پاکستان کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی

    نئی دریافت سے ملکی زر مبادلہ میں خاطر خواہ بچت جب کہ او جی ڈی سی ایل کے تیل و گیس کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس 27 اگست کو او جی ڈی سی ایل نے کہا تھا کہ کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، جانچ میں کنوئیں سے یومیہ 1 کروڑ 27 لاکھ معکب فٹ گیس اور 240 بیرل یومیہ خام تیل کے ذخائر ملے، ستمبر کے مہینے میں بھی کوہاٹ میں وارگل فیلڈ سے یومیہ 76 بیرل تیل اور 5 لاکھ ایم ایم سی ایف ڈی گیس کے ذخائر ملے تھے۔

    رواں سال 17 جولائی کو بھی ماڑی پٹرولیم نے سندھ کے ضلع گھوٹکی میں گیس کے ذخائر دریافت کیے تھے، ان ذخائر سے 11 ملین مکعب فٹ روزانہ گیس دستیاب ہو سکے گی، ماڑی پٹرولیم کی اس علاقے میں یہ مسلسل پانچویں کامیابی تھی، منصوبے پر 60 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

  • کوہاٹ: پولیس نے اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی

    کوہاٹ: پولیس نے اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی

    کوہاٹ: صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر کوہاٹ میں اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوہاٹ پولیس نے اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انڈس ہائی وے پر گاڑی سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ گاڑی سے برآمد کیے گئے اسلحے میں 30 کلاشنکوف،2 ایل ایم جی،2 پستول اور 30 چارجر شامل ہیں۔

    پولیس کے مطابق اسلحہ درہ آدم خیل سےوزیرستان منتقل کیا جا رہا تھا، گرفتار ملزم کا تعلق افغانستان سے ہے۔

    اس سے قبل 8 جولائی کو پولیس نے درہ آدم خیل سے اسلحہ پنجاب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گاڑی سے ایک کلاشنکوف، 9 پستول اور 3 رائفلوں سمیت ڈھائی ہزار سے زائد مختلف بور کے کارتوس بھی برآمد کر لیے گئے۔

  • خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ کے شہر کوہاٹ، صوابی اور سوات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ کوہاٹ، صوابی اور سوات میں 4.2 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زلزلے کی زمین میں گہرائی 38 کلومیٹر تھی۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہاٹ سے3 کلو میٹرجنوب میں تھا، زلزلے کے باعث کسی جانی ومالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچے گھروں سے باہر آگئے اور کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا۔

    سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سوات اور گردونواح میں 4.2 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ زلزلے کی زمین میں گہرائی 31 کلومیٹر تھی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں تھا۔

    اس سے قبل رواں سال ستمبر میں میرپور آزاد کشمیر میں آنے والے زلزلے سے تباہی کے نتیجے میں 38 افراد جاں بحق جبکہ 600 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • پاکستان کے لئے خوشخبری ، تیل اور گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت

    پاکستان کے لئے خوشخبری ، تیل اور گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت

    کراچی : خیبرپختونخواکےضلع کوہاٹ میں تیل وگیس کےنئےذخائردریافت ہوئے ، جانچ میں کنویں سے یومیہ 1 کروڑ 27 لاکھ معکب فٹ گیس کے زخائر ملے ہیں ، نئی دریافت سے پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے لئے خوشخبری ، تیل و گیس کے شعبے میں رواں ماہ ایک اور بڑی کامیاب دریافت ہوئی ، خیبرپختونخوا میں تیل اور اور گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت ہو گیا۔

    او جی ڈی سی ایل اعلامیہ میں کہا گیا ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ، جانچ کے دوران کنویں سے 240بیرل یومیہ خام تیل کےذخائر اور یومیہ 1کروڑ 27 لاکھ معکب فٹ گیس کے ذخائر ملے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ٹوف کنویں ون میں اوجی ڈی سی ایل کی50فیصد اور ماری پیٹرولیم کی33.33فیصدحصہ داری ہے ، آئل اینڈگیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کردیا ہے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا تیل وگیس کی نئی دریافت سےپاکستان کوقیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔

    یاد رہے چند روز قبل خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ٹل بلاک سے تیل و گیس کے ذخائر دریافت ہوئے تھے ، پاکستان آئل فیلڈ لمیٹڈ نے باضابطہ اعلامیے میں کہا تھا کہ جانچ میں مکوڑے ڈیپ 2 کنوے سے 18.25 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کے ذخائر ملے ہیں۔

    مزید پڑھیں : ماڑی پٹرولیم نے تیل کے بڑے ذخائر ملنے کی خوشخبری سنادی

    حکام کا کہنا تھا کہ جانچ میں یومیہ 1844 بیرل خام تیل نکالا جا سکے گا، جس کے متعلق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل اور گیس کے ذخائر کی دریافت سے پاکستان کے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی اور آئل سیکٹر پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے

    یاد رہے کہ رواں برس مئی میں آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے صوبہ سندھ کے ضلع ٹنڈومحمد خان کے علاقہ منگریو میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا تھا۔

    اپریل میں ماڑی پٹرولیم نے بھی پنجاب میں تیل کے بڑے ذخائر ملنے کی خوشخبری سنا ئی تھی، ترجمان پٹرولیم ڈویژن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ غوری بلاک کےڈھاریاں 1معدنی کنویں سےتیل دریافت ہوا ہے، ڈھاریاں ون سے 372بیرل یومیہ خام تیل ملنے کی توقع ہے۔

  • کوہاٹ : گھر میں پانی کی ٹینکی گرنے سے پانچ بچے جاں بحق، تین شدید زخمی

    کوہاٹ : گھر میں پانی کی ٹینکی گرنے سے پانچ بچے جاں بحق، تین شدید زخمی

    کوہاٹ : کوہاٹ کے نواحی علاقے ڈاکٹر بانڈہ میں ایک گھر میں پانی کی ٹینکی اچانک ٹوٹ کر گرنے کے نتیجے میں پانچ معصوم بچے جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی بچوں کی عمریں 8 سے 10 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔

    ابتدائی اطلاعات اور باخبر ذرائع کے مطابق نماز جمعہ کےبعد کوہاٹ کے نواحی علاقے ڈاکٹر بانڈہ میں عبدالرشید نامی ایک شخص کے گھر میں چھت پر بنائی گئی پانی کی نئی ٹینکی اس وقت اچانک ٹوٹ کر گری جب ٹینکی کو پانی سے بھر دیا گیا۔

    ٹنکی پانی کا زور برداشت نہ کرسکی اور اچانک ٹوٹ کر گرپڑی، جس کے ملبہ تلے آکر پانچ بچے جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔

    افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں نے امدادی سرگرمیاں شروع کرکے جاں بحق و زخمی بچوں کو ہسپتال پہنچادیا جہاں دوبچوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    بتایا جاتا ہے کہ جاں بحق اور زخمی بچوں کی عمریں 8 سے 10 سال کے درمیان ہیں۔ جاں بحق و زخمی بچوں میں دو بچیاں بھی شامل ہیں، باخبر ذرائع کے مطابق دو شدید زخمی بچوں کو پشاور منتقل کردیا گیا۔