Tag: کویتی دینار

  • کویتی دینار کی پاکستانی روپے میں قیمت کتنی ہے؟

    کویتی دینار کی پاکستانی روپے میں قیمت کتنی ہے؟

    کویت سٹی : کویتی دینار کو دنیا کی طاقت ور ترین کرنسیوں میں شمار کیا جاتا ہے، آج پاکستانی روپے کے مقابلے میں کویتی دینار کی قدر میں غیر معمولی استحکام پایا گیا۔

    کویتی دینار نے پاکستانی روپے کے مقابلے میں غیر معمولی استحکام دکھایا ہے اور اس کا تبادلہ ریٹ مستقل طور پر 915.89 روپے فی دینار پر برقرار ہے۔

    کویتی دینار کی یہ قیمت ایک طرف کویت کی مضبوط معیشت کو ظاہر کرتی ہے تو دوسری جانب پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز اور دباؤ کو بھی اجاگر کررہی ہے، جس کی وجہ سے روپے کی قدر کم ہو رہی ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق کویتی دینار اور پاکستانی کرنسی کے درمیان شرح تبادلہ کئی معاشی عوامل اور مارکیٹ کی طلب و رسد پر منحصر ہے۔

    اگرچہ مرکزی بینک جیسے کہ سینٹرل بینک آف کویت اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان اس میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، تاہم اصل قیمت مارکیٹ کی سرگرمیوں کے مطابق طے کی جاتی ہے۔

    کویت کی تیل پر مبنی معیشت، وافر زرمبادلہ ذخائر اور مالیاتی سرپلس اس کے دینار کو مضبوط رکھتے ہیں۔اس کے برعکس پاکستان کو مہنگائی، تجارتی خسارے اور مالی دباؤ جیسے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔

    مرکزی بینک شرح سود میں تبدیلی یا غیر ملکی زرمبادلہ کی مداخلت کے ذریعے اثرانداز ہوتے ہیں۔
    کویت کی پالیسی مستحکم ہے، جبکہ پاکستان کو اپنی کرنسی کو سہارا دینے کے لیے آئی ایم ایف قرضوں جیسے اقدامات کرنا پڑتے ہیں۔

    اس کے علاوہ کویت پر تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کا اثر پڑتا ہے جبکہ پاکستان کے لیے ترسیلاتِ زر اور برآمدات کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد اور قیاس آرائیاں بھی اثر انداز ہوتی ہیں۔

    کویتی دینار دنیا کی سب سے قیمتی کرنسیوں میں سے ایک ہے، جبکہ موجودہ پاکستانی کرنسی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔

    تقریباً ایک لاکھ پاکستانی کارکنان جو کویت میں کام کر رہے ہیں، اس بلند شرح سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
    ان کی بھیجی گئی ترسیلات پاکستان میں زیادہ پاکستانی روپے میں تبدیل ہوتی ہیں، جس سے ان کے گھر والوں کی مالی حالت بہتر ہوتی ہے۔

    اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کویت میں مقیم ایک پاکستانی نے بتایا کہ ہمیں یہاں سے رقوم بھیجنے میں فائدہ ہے مگر اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ ہماری ملکی کرنسی کمزور ہو رہی ہے۔”

    پاکستانی شہریوں کے لیے کویت جانا یا وہاں کاروبار کرنا کافی مہنگا ہوگیا ہے کیونکہ پاکستانی روپے کی قدر بہت کم ہے جبکہ کویتی شہری یا سرمایہ کار پاکستان آ کر نسبتاً کم لاگت پر سرمایہ کاری یا سیاحت کر سکتے ہیں۔

    مذکورہ صورتحال پاکستان کے لیے ایک انتباہ ہے کہ وہ اپنی بنیادی معاشی کمزوریوں کو بہتر کرنے کی کوشش کرے۔ ماہرین کی رائے ہے کہ برآمدات کو فروغ، مہنگائی پر قابو اور ترسیلات پر انحصار کم کرنے کی بنیادی اصلاحات کرنا ضروری ہیں۔

    آئی ایم ایف کا 7 ارب ڈالر کا قرضہ پیکیج اس ضمن میں مدد دے رہا ہے تاکہ روپیہ تھوڑا مستحکم ہوسکے۔

    کویتی دینار کی پائیداری کویت کی مالیاتی ساکھ کو مزید مستحکم کرتی ہے۔ تیل کی دولت اور دانشمندانہ مالیاتی حکمت عملی کی بدولت کویت غیر ملکی کارکنوں اور سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ملک بن چکا ہے۔

  • کویتی دینار کی طاقت ور ترین پوزیشن

    کویتی دینار کی طاقت ور ترین پوزیشن

    کویت سٹی: دنیا بھر میں کرونا وائرس بحران کے باوجود کویتی دینار دنیا کی طاقت ور ترین کرنسی کی پوزیشن پر قائم رہا۔

    تفصیلات کے مطابق 2021 تک کرونا بحران کے باوجود کویتی دینار کو دنیا کی طاقت ور ترین کرنسی تسلیم کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں گُڈ ریٹرنز نامی ویب سائٹ نے دس طاقت ور ترین کرنسیز کی فہرست جاری کی ہے۔

    اس فہرست کے مطابق پہلے نمبر پر کویتی دینار نے اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے، حالاں کہ دنیا بھر میں کرونا وبا کی وجہ سے کرنسیوں کی قیمت میں بھی اتار چڑھاؤ آتا رہا، کویتی دینار مئی 2021 تک مضبوط گردش کرنے والی کرنسی رہی، جس میں ایک کویتی دینار 3.32 امریکی ڈالر کے برابر ہے۔

    دوسرے نمبر پر بحرینی دینار رہا، جو مئی 2021 تک دوسری انتہائی قیمتی کرنسی رہی، شرح تبادلہ میں 1 بحرینی دینار 10 سعودی ریال کے برابر رہا۔

    عمانی ریال سلطنت عمان کی قومی کرنسی ہے، اس وقت عمانی ریال کا دنیا کی قیمتی کرنسیوں میں تیسرا مقام ہے۔ چوتھے نمبر پر اردنی دینار ہے، جو اردن کی سرکاری کرنسی ہے۔

    برطانیہ کی قومی کرنسی برٹش اسٹرلنگ پاؤنڈ دنیا کی سب سے قیمتی کرنسیوں میں پانچویں نمبر پر ہے، طاقت کے لحاظ سے یہ چار عربی کرنسیوں سے پیچھے ہے۔ چھٹے نمبر پر جبرالٹر پاؤنڈ جبرالٹر کی کرنسی ہے، یہ برابر قیمت پر برطانوی اسٹرلنگ پاؤنڈ سے منسلک ہے۔

    ساتویں نمبر پر کیمان ڈالر ہے، جزیرے کیمین کیریبین کا ایک برطانوی علاقہ ہے۔ آٹھویں نمبر پر یورو ہے، یہ یوروپی یونین کے 28 ممبر ممالک میں سے 19 کی سرکاری کرنسی ہے، اس کے علاوہ اس کرنسی کی دنیا میں کرنسی کے تبادلے کی شرح سب سے زیادہ ہے۔

    نویں نمبر پر سوئس فرانک ہے، سوئس فرانک اکثر بینک ڈپازٹ میں استعمال ہوتا ہے، جہاں رقم غیر ملکی اکاؤنٹس میں بھیجی جاتی ہے، کیوں کہ یہ دنیا کی مضبوط کرنسیوں میں سے ایک ہے، اور دنیا کی واحد کرنسی ہے جو مہنگائی سے متاثر نہیں ہوتی ہے۔

    دسویں نمبر پر امریکی ڈالر ہے، امریکی ڈالر دنیا کی سب سے اہم ریزرو کرنسی ہے، اب تک کوئی بھی کرنسی امریکی ڈالر کو سب سے زیادہ تجارت کی جانے والی کرنسیوں کے طور پر تبدیل نہیں کر سکی ہے۔

  • کویت: شہری نے ہزاروں دینار کوڑے دان میں پھینک دیے

    کویت: شہری نے ہزاروں دینار کوڑے دان میں پھینک دیے

    کویت سٹی: کویت میں ایک مصری شہری نے 8 ہزار کویتی دینار کوڑے دان میں پھینک دیے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں مقیم ایک مصری تارک وطن نے غلطی سے بڑی رقم کوڑے دان میں پھینک دی، بعد ازاں اسے غلطی کا احساس ہوا لیکن بہت دیر ہو چکی تھی۔

    مصری شہری کو جب غلطی کا احساس ہوا تو وہ فوراً کوڑے دان کے مقام پر گیا لیکن اسے وہاں رقم نہیں ملی، معلوم ہوا کہ میونسپل ٹرک نے آکر کوڑا اٹھا لیا تھا۔

    مقامی ذرایع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ کویت کے علاقے الجابریہ میں پیش آیا تھا، جس میں ایک مصری تارک وطن کو اپنی غلطی کا بڑا خمیازہ بھگتنا پڑا۔

    مصری شہری نے پولیس اسٹیشن جا کر اپنی رپورٹ درج کرائی کہ انھوں نے غلطی سے نقدی سے بھرا تھیلا کوڑے دان میں پھینکا لیکن جائے وقوعے سے میونسپلٹی کا ٹرک کوڑے دان کو خالی کر کے جا چکا تھا، شہری نے پولیس اسٹیشن میں 8 ہزار دینار کے چیک کی کاپی بھی دکھائی جو اس نے ایک بینک سے کیش کیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق پولیس نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ مصری شہری سچ بول رہا ہے، واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ مصری کی رقم تلاش کرنے کے لیے اس کی بھرپور مدد کی جائے گی۔