Tag: کویت سٹی

  • کویت میں بینکوں کے اوقات کار تبدیل

    کویت میں بینکوں کے اوقات کار تبدیل

    کویت سٹی: کویت میں اگلے ہفتے سے جزوی کرفیو کے نفاذ کے بعد بینکوں کے اوقات کار بھی تبدیل کردیے جائیں گے، اس حوالے سے سرکلر جاری کردیا گیا ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق کویت بینکنگ ایسوسی ایشن نے کرفیو کے دوران بینکوں کے کام کرنے کے اوقات کار جاری کردیے ہیں۔

    بینکنگ ذرائع کا کہنا ہے کہ کویت بینکنگ ایسوسی ایشن نے ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں جزوی کرفیو کے دوران مقامی بینکوں کے اوقات کار کی وضاحت کی گئی ہے۔

    سرکلر میں کہا گیا کہ آئندہ اتوار سے ملک میں جزوی پابندی کے فیصلے پر عمل درآمد شروع ہوجائے گا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بینکوں کے اوقات کار میں کمی کردی گئی ہے۔

    صنعتی اور سرمایہ کاری والے علاقوں میں واقع شاخوں میں دوپہر 2 بجے تمام بینک اپنا کام روک دیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بینک نجی شعبے میں کام کی جگہ پر ملازمین کی تعداد کو محدود کرنے کے کابینہ کے فیصلے کی پاسداری کریں گے، ایک ہی عمارت میں ہر تنظیمی یونٹ کے اندر ملازمین کی کل تعداد کے 50 فیصد سے زائد نہیں ہوگی۔

  • کویت: کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر اہم فیصلہ

    کویت: کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر اہم فیصلہ

    کویت سٹی: کویت میں کرونا وائرس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے جزوی کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، کرفیو 1 مہینے کے لیے شام 5 بجے سے صبح 5 بجے تک ہوگا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کویت کی وزرا کونسل نے شیخ صباح خالد الحمد الصباح کی سربراہی میں جمعرات کو ہونے والے اپنے غیر معمولی اجلاس کے دوران ملک کے تمام حصوں میں جزوی کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    کرفیو کا اطلاق اتوار شام 5 بجے سے صبح 5 بجے تک پورے مہینے کے لیے شروع ہو جائے گا۔

    حکومت کے ترجمان طارق المزرم نے کابینہ اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کونسل نے ملک میں جزوی کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اجلاس میں صحت کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور وزیر داخلہ کو اتوار سے شام 5 بجے سے شروع ہونے والے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پابندی کے وقت نمازیوں کو اپنے گھروں کے قریب مسجدوں میں جانے کی اجازت دی جائے گی، جزوی پابندی کے وقت ریستوران، سوسائٹیز، فارمیسیوں اور متوازی مارکیٹوں کو آرڈر فراہم کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

    انہوں نے نشاندہی کی کہ پابندی سے پہلے کے اوقات میں ریستورانوں میں داخلہ ممنوع ہوگا۔ علاوہ ازیں صرف 2 افراد کو ٹیکسی کے اندر سواری کی اجازت ہو گی۔

    تمام پبلک پارکس بند رہیں گے جبکہ اگلے نوٹس تک ملک میں غیر ملکیوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد رہے گی۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ نیلامیوں کے انعقاد کو محدود کرنے اور انہیں کمپنیوں، کوآپریٹو سوسائٹیوں، متوازی بازاروں اور فوڈ مارکیٹنگ کی دکانوں تک محدود رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • کویت: دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے والے ہوشیار

    کویت: دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے والے ہوشیار

    کویت سٹی: کویت میں دوران ڈرائیونگ موبائل فونز استعمال کرنے والوں کے لیے جرمانوں میں اضافہ کرنے کی تجویز پیش کر دی گئی، ممکنہ طور پر جرمانہ 75 دینار تک کردیا جائے گا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کویت میں ڈرائیونگ کے دوران فون استعمال کرنے پر وزارت داخلہ کی جانب سے سخت سزائیں دی جائیں گی۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پچھلے کچھ عرصے میں غیر ذمہ دارانہ انداز میں گاڑی چلانے کی 20 ہزار 880 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں جبکہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے کی 29 ہزار 62 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔

    دوسری جانب ایک لمبے عرصے کے دوران ملک میں کئی ماہ تک جاری رہنے والے کرفیو کے دوران گزشتہ سال جس میں سڑک کے استعمال کی شرح اور خلاف ورزیوں و ٹریفک حادثات کی رجسٹریشن میں کمی واقع ہوئی، اس کے باوجود اتنی خلاف ورزیاں تشویش ناک ہیں۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس موبائل فون استعمال کرنے والوں کی نگرانی کرنے کے ایک سے زائد طریقے موجود ہیں، چاہے وہ سڑکوں پر تعینات گشت کے ذریعہ روکے جائیں یا کیمروں سے ان کی نگرانی کی جائے۔

    وزارت کے مطابق ایسی صورت میں جب کوئی بھی شہری یا غیر ملکی ویڈیو پوسٹ کرتا ہے اور اسے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر دیکھا جاتا ہے کہ وہ گاڑی چلارہا ہے تو وہ فوری طور پر طلب کر لیا جائے گا اور اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    حکام نے عوام سے مطالبہ کیا کہ جو کوئی بھی خلاف ورزی کا مرتکب ہو اس کی فوری طور پر تصویر بنائیں اور واٹس ایپ کے ذریعے ٹریفک کے جنرل ڈائریکٹر کو بھیجیں تاکہ خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف ضروری قانونی اقدامات اٹھائے جا سکیں۔

    وزارت کی جانب سے نئے ٹریفک بل کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا جو قومی اسمبلی میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پیش کیا گیا ہے۔

    اب تک چونکہ فون کے استعمال کی خلاف ورزی کا جرمانہ 5 دینار سے زیادہ نہیں تھا اور یہ ہی اس مسئلے کے حل میں اصل رکاوٹ بن رہا ہے لہٰذا اس نئے قانون میں جرمانہ تقریباً 75 دینار تک کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

  • کرونا وائرس کیسز: کویت نے اہم اقدام کرلیا

    کرونا وائرس کیسز: کویت نے اہم اقدام کرلیا

    کویت سٹی: کویت میں کل سے بری و بحری سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، کابینہ نے ریستورانوں میں ڈائن ان سروس پر بھی پابندی عائد کردی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق کویتی کابینہ نے بدھ 24 فروری سے 20 مارچ تک بری اور بحری سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس فیصلے سے کارگو آپریشن، سعودی عرب اور کویت کے درمیان تقسیم شدہ علاقے کے اہلکار مستثنیٰ ہوں گے جبکہ بری اور بحری راستوں سے کویتی شہری، ان کے قریبی رشتے داروں اور گھریلو ملازمین واپس آسکیں گے۔

    کویتی کابینہ نے وزارت داخلہ اور محکمہ کسٹم کو بری اور بحری سرحدیں بند کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کی ذمہ داری دی ہے۔

    کویتی کابینہ نے ریستورانوں اور قہوہ خانوں میں ہر طرح کی ٹیبل سروس اور شاپنگ سینٹرز میں کھانے پینے کی اشیا ٹیبل پر فراہم کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

    ریستورانوں میں ہوم ڈلیوری سروس پر اکتفا کیا جائے گا، یہ فیصلہ 24 فروری سے غیر معینہ مدت تک نافذ العمل رہے گی۔

    کویتی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سربراہی میں مشترکہ کمیٹی تشکیل دی ہے جس کے رکن وزارت صحت اور محکمہ شہری ہوا بازی ہوں گے۔

    یہ کمیٹی کویت آنے والے تمام افراد پر لاگو قرنطینہ کا فیصلہ اپنی نگرانی میں نافذ کروائے گی، باہر سے آنے والوں کے لیے ہوٹلوں میں آئسولیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    کویتی کابینہ نے اسپورٹس پبلک اتھارٹی کو وزارت داخلہ و وزیر صحت اور کویتی اولمپک کمیٹی کے ساتھ یکجہتی پیدا کر کے اسپورٹس کے اداروں اور کھلاڑیوں پر مقرر حفظان صحت کے ضوابط نافذ کرنے کے لیے ضروری اقدامات کا ٹاسک دیا ہے۔

  • خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر رقم بٹورنے والے کویتی شہری کو سزا

    خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر رقم بٹورنے والے کویتی شہری کو سزا

    کویت سٹی: کویت میں ایک 51 سالہ شخص نے ایک خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر ان سے 7 لاکھ دینار کی رقم بٹور لی، عدالت نے مذکورہ شخص کو 2 سال قید کی سزا سنا دی۔

    کویتی میڈیا کے مطابق کویتی شہری نے شادی کا جھانسہ دے کر ایک خاتون سے 7 لاکھ دینار اینٹھ لیے، مذکورہ شخص خاتون کو 6 برس سے شادی کے جھانسے دے رہا تھا۔

    خاتون نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ شخص 6 برس تک انہیں بیوقوف بنا کر ان سے مالی فوائد حاصل کرتا رہا۔ شہری نے صرف ایک معاملے میں ان سے 2 لاکھ 66 ہزار دینار اینٹھے تھے۔

    متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ 51 سالہ شخص ایک تعمیراتی کمپنی میں کام کر رہا تھا، خاتون نے اس کی کمپنی سے اپنا گھر بنوانے کے لیے سنہ 2012 میں اس سے رابطہ کیا تھا۔

    اس دوران دونوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہوگئی، ٹھیکے دار نے خاتون سے شادی کی خواہش ظاہر کی۔

    سنہ 2017 میں اس نے خاتون کو واٹس ایپ پیغام بھیجا کہ اس کی کمپنی کے بعض ملازم ان دونوں کی آڈیوز اور ویڈیوز ریکارڈ منظر عام پر لانے کی دھمکی دے رہے ہیں، انہیں روکنے کا جواز بنا کر ٹھیکے دار نے خاتون سے 2 لاکھ کویتی دینار اینٹھے۔

    اب خاتون نے عدالت سے رجوع کرلیا ہے، انہوں نے بتایا کہ وہ اب تک اس شخص کو 7 لاکھ دینار کی رقم دے چکی ہیں۔

    ہائیکورٹ نے ٹھیکے دار کو خاتون کو دھمکانے اور ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوششوں کا مجرم قرار دیا ہے اور 2 برس قید اور 5 ہزار دینار جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق یہ ملکی تاریخ میں دھوکہ دہی کا سب سے بڑا واقعہ ہے، سپریم کورٹ نے بھی ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف شہری کی اپیل مسترد کردی ہے۔

  • کویت: 3 ماہ میں کتنے افراد کو کرونا ویکسین لگا دی جائے گی؟

    کویت: 3 ماہ میں کتنے افراد کو کرونا ویکسین لگا دی جائے گی؟

    کویت سٹی: کویت میں 3 ماہ کے دوران 8 لاکھ سے زائد کویتی شہریوں کو کرونا ویکسین لگا دی جائے گی، ممکنہ طور پر ستمبر تک ویکسین کا ہدف پورا ہوجائے گا۔

    کویت کے وزیر صحت باسل الصباح کا کہنا ہے کہ 3 ماہ کے دوران 8 لاکھ سے زائد کویتی شہریوں کو کرونا ویکسین لگائی جائے گی، ان کے مطابق کویت میں قائم ویکسین سینٹرز ماہانہ 3 لاکھ کرونا ویکسین خوراکیں فراہم کر سکتے ہیں۔

    کویتی وزیر صحت نے کہا کہ اگر مطلوبہ مقدار میں ویکسین مہیا ہوگئی تو ایسی صورت میں ستمبر تک ویکسین کا ہدف پورا ہوجائے گا اور تمام ضرورت مند افراد کو ویکسین دی جاسکے گی۔

    وزیر صحت نے یہ نہیں بتایا کہ ویکسین مہم کب سے شروع کی جائے گی۔

    دوسری جانب اتوار کے روز پچھلے 24 گھنٹے کے دوران کرونا وائرس کے 962 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1 لاکھ 70 ہزار 998 ہوگئی ہے۔

    وزارت صحت کے مطابق پچھلے 24 گھنٹے میں زیر علاج مریضوں میں سے مزید 445 مریض صحت یاب ہوگئے، صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 1 لاکھ 61 ہزار 538 ہوگئی ہے۔

    اب تک کویت میں کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 966 ہو چکی ہے۔

  • کویت میں غیر ملکی افراد کے لیے ملازمتوں کا فیصلہ

    کویت میں غیر ملکی افراد کے لیے ملازمتوں کا فیصلہ

    کویت سٹی: کویت میں تین مخصوص شعبوں میں بیرون ممالک سے کارکنان کی بھرتیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان میں سرکاری معاہدوں، میڈیکل سیکٹر اور تعلیم کے شعبے شامل ہیں۔

    کویتی میڈیا کے مطابق پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت نے 3 مخصوص شعبوں میں بیرون ملک سے کارکنان کی بھرتیوں کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تینوں مخصوص شعبوں میں سرکاری معاہدوں، میڈیکل سیکٹر اور تعلیم کے شعبے شامل ہیں۔

    ان تینوں شعبوں کو بیرون ملک سے مزدوروں کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت دی جائے گی، اس کے علاوہ خصوصی کمیٹی لیبر مارکیٹ کی ضرورت کے لیے جو ضروری سمجھے اقدامات اٹھا سکتی ہے۔

  • کویت میں تارکین وطن کے لیے بینکوں کی نئی پالیسی

    کویت میں تارکین وطن کے لیے بینکوں کی نئی پالیسی

    کویت سٹی: کویت میں بینکوں نے تارکین وطن صارفین کے لیے سخت پالیسی اپناتے ہوئے متعدد کریڈٹ کارڈ منجمد کردیے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق بینکوں نے اپنے ایسے تارکین وطن صارفین کے لیے، جن کی تنخواہ 3 ماہ سے زائد عرصے سے معطل ہے، سخت پالیسی اپنا لی ہے۔

    یہ اقدامات صرف ان ملازمین کو، جو برطرف ہوچکے ہیں نئے قرضوں کی فراہمی روکنے تک محدود نہیں، بلکہ ان کے کریڈٹ کارڈ خاص طور پر ماسٹر اور ویزا کارڈ بند کرنا بھی شامل ہیں۔

    بینکوں کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ ان صارفین میں وہ صارفین بھی شامل ہیں جن کی تنخواہوں میں 6 ماہ سے زائد عرصے کے دوران کمی ہوئی ہے اور وہ ابھی اس حد پر واپس نہیں آئے جن کی بنیاد پر ان کو دیے گئے کریڈٹ کارڈ کی رقم کی حد کا اندازہ لگایا گیا تھا۔

    ایسے اکاؤنٹ ہولڈرز جن کی تنخواہ 90 دن گزر جانے کے بعد بھی اکاؤنٹ میں جمع نہیں ہوئی، ایسے صارفین کے کریڈٹ کارڈز کو نئی بینکاری پالیسی کے تحت منجمد کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔

    کچھ بینکوں نے محتاط پالیسی کا سہارا لیتے ہوئے کریڈٹ کارڈز کو ازخود منجمد کردیا، خاص طور پر ایسے تارکین وطن جو طویل عرصے سے کویت سے باہر ہیں اور ان کے کریڈٹ کارڈز میں ابھی بیلنس باقی ہے۔

    اس سلسلے میں بعض صارفین کا کہنا تھا کہ وہ لگاتار 5 مہینے سے ملک سے باہر تھے اور انہیں یہ جان کر حیرت ہوئی کہ ان کے کریڈٹ کارڈ کی توثیق کی تاریخ ختم نہ ہونے اور ان کی تنخواہیں اکاؤنٹ میں مسلسل جمع ہونے کے باوجود کریڈٹ کارڈ معطل کردیے گئے۔

    کویت واپسی کے بعد انہیں بینک کی جانب سے بتایا گیا کہ ایسا اس لیے کیا گیا کیونکہ ان کی تنخواہوں میں کمی آئی ہے اور ہر ماہ ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جانے والی رقم اس طے شدہ رقم سے کم تھی جو کارڈ جاری کرنے سے پہلے تھی لہٰذا کریڈٹ کارڈ میں ترمیم ضروری تھی۔

    صارفین کی جانب سے یہ ثابت کیے جانے کے باوجود، کہ وہ ابھی بھی ملازمت پر موجود ہیں، بینکوں نے کریڈٹ کارڈز کی تجدید سے انکار کردیا اور نئے کریڈٹ کارڈز کی پیشکش کی۔

  • کویت میں ملازمتوں کے حوالے سے نیا بل پیش

    کویت میں ملازمتوں کے حوالے سے نیا بل پیش

    کویت سٹی: کویت کے ایک رکن اسمبلی نے نوکریوں کے لیے نیا بل پیش کردیا جس سے تارکین وطن کے لیے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔

    کویتی میڈیا کے مطابق رکن قومی اسمبلی ہاشم الصالح نے سرکاری شعبے کی ملازمتوں کو قومیانے کے لیے سول سروس قانون نمبر 1976/15 میں ترمیم کا بل پیش کیا ہے۔

    بل کے مطابق ملازمین کی تقرری، رد و بدل اور ترقی متعلقہ ایگزیکٹو ادارے کے فیصلے پر مبنی ہونی چاہیئے۔

    بل میں یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ تارکین وطن کی بھرتی عارضی بنیادوں پر ہونی چاہیئے اور صرف اسی صورت میں ہو جب کوئی کویتی شہری یا دیگر مندرجہ ذیل افراد ملازمتوں کے لیے دستیاب نہ ہوں۔

    کویتی شہری

    ایسی کویتی خواتین کے بچے جنہوں نے غیر کویتیوں سے شادی کی ہوئی ہو

    بدون

    خلیج تعاون کونسل ممالک کے شہری

    آخری کیٹگری کے ملازمین اگر 750 دینار سے زیادہ تنخواہ کے ساتھ ملازمت پر رکھے گئے ہیں تو ان کے نام اور ملازمت کی تفصیل سرکاری گزٹ میں شائع کی جانی چاہیئے۔

    کیٹگری 4 کے تحت ملازمین کی تقرری سے قبل متعلقہ ادارے کو سول سروس کمیشن سے مشورہ کرنا ہوگا تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ درخواست دہندگان میں سے مندرجہ بالا کیٹگریز میں سے کوئی بھی اس ملازمت کے لیے دستیاب نہیں۔

    بل میں کہا گیا ہے کہ جو بھی انتظامی حکم نامے کی خلاف ورزی کرے اسے زیادہ سے زیادہ 3 ماہ کی قید اور 1 ہزار دینار یا ان میں کوئی بھی ایک سزا دی جائے گی۔

  • کویت: اقامہ منسوخ ہونے والے غیر ملکیوں کے لیے خوشخبری

    کویت: اقامہ منسوخ ہونے والے غیر ملکیوں کے لیے خوشخبری

    کویت سٹی: کویت کی پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت (پی اے ایم) نے غیر ملکی کارکنان کے حقوق کے لیے خصوصی پاور آف اٹارنی کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت وہ اپنے مالی واجبات وصول کرسکیں گے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق غیر ملکی کارکنوں کے حقوق کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی پاور آف اٹارنی جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کویت سے باہر پھنسے افراد جن کے ورک پرمٹ (اقامہ) منسوخ کردیے گئے ہیں، وہ اپنے مالی واجبات ایک خصوصی پاور آف اٹارنی کے ذریعے حاصل کرنے کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔

    اس پاور آف اٹارنی کے اجرا کے بعد کارکنان اپنے مالی واجبات حاصل کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ غیر ملکی جو ملک سے باہر پھنسے ہوئے ہیں اور ان کے ورک پرمٹ منسوخ کردیے گئے ہیں، اپنے ثبوت کے ساتھ خصوصی وکیل کے ذریعے لیبر کا مقدمہ دائر کرسکتے ہیں۔

    ترجمان نے واضح کیا کہ ورک پرمٹ کی تجدید نہ ہو پانا کارکن اور کفیل کے درمیان متعلقہ معاملہ ہے جبکہ ویزا کی تجدید قانون میں موجود قانونی ضوابط اور دونوں فریقین کی خواہش سے مشروط ہے جو ایک فریق دوسری پارٹی پر مسلط نہیں کرسکتا۔