Tag: کویت فیس ماسک

  • کویت: فیس ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف سخت مہم

    کویت: فیس ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف سخت مہم

    کویت سٹی: افرادی قوت کے اسپیکشن ڈیپارٹمنٹ نے کویت کے مالز اور مارکیٹوں میں فیس ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف سخت مہم شروع کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویتی حکام نے عوام کو ہدایت جاری کی ہے کہ مالز اور مارکیٹوں میں سخت چیکنگ شروع ہو چکی ہے اس لیے فیس ماسک کے ذریعے ناک کو مکمل طور پر ڈھانپ کر رکھیں۔

    پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت میں انسپکشن ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ انجینئر فاطمہ الجعلبی نے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ الرای کے علاقے میں ادارے کے انسپکٹرز نے غیر مناسب طریقے سے ماسک پہننے یا نہ پہننے کے جرم میں متعدد افراد پر جرمانے عائد کیے ہیں۔

    کویت میں شاپنگ مالز اور مارکیٹوں میں فرش پر سماجی فاصلے کے نشانات نہ لگائے جانے پر چند اداروں کو بھی جرمانہ کیا جا چکا ہے۔

    فاطمہ الجعلبی نے بیان میں متنبہ کیا کہ اگر مذکورہ مقامات پر فیس ماسک اور سماجی فاصلے کے قانون کی دوبارہ خلاف ورزی پائی گئی تو انھیں قانونی طور پر جواب دہ ٹھہرا کر عدلیہ کے حوالے بھی کیا جا سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ خواتین کی انسپکشن ٹیم خواتین کے سیلون، انسٹی ٹیوٹس، کلینکس، درزی کی دکانوں اور دیگر دکانوں کے معائنے میں مہارت رکھتی ہے، اس لیے محتاط رہا جائے۔

    انسپکشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق خواتین کی انسپکشن ٹیم نے 28 ہزار دورے کیے، اس دوران 444 خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کیے گئے، اور 4،400 کو وارننگز جاری کی گئیں، جب کہ 4 دکانوں کو سر بمہر کیا گیا۔

  • کویت: کیا فیس ماسک کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کر دیا جائے گا؟

    کویت: کیا فیس ماسک کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کر دیا جائے گا؟

    کویت سٹی: مملکت کویت میں فیس ماسک کی خلاف ورزی پر جلد ہی بڑی مہم کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے سلسلے میں صحت کے ضوابط کی خلاف ورزیوں بالخصوص فیس ماسک نہ لگانے کی نگرانی کے لیے جلد ہی عوامی مقامات پر بڑی مہم چلائی جائے گی۔

    یہ مہم متعدد سرکاری ایجنسیوں پر مشتمل ہیلتھ ریگولیشن کمیٹی کے ساتھ مل کر چلائی جائے گی۔

    دوسری طرف یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ عوامی مقامات پر فیس ماسک نہ پہننے پر ہر شخص پر جرمانہ عائد کرنے کے سلسلے میں سرکاری ایجنسیوں میں اختلاف پایا جا رہا ہے، جو اس کی قانونی حیثیت پر بحث کر رہے ہیں۔

    صحت کے حوالے سے ضابطے کی خلاف ورزی پر جرمانے کی سزا کا اطلاق سرکاری ایجنسیوں میں سوالیہ نشان کی زد پر ہے، ان کا کہنا ہے کہ سزا کا اطلاق قومی اسمبلی میں متعدی بیماریوں کی روک تھام سے متعلق قانون نمبر 8/1969 میں ترمیم سے متعلق بل کی توثیق کے بعد ہی ہو سکتا ہے۔

    اس وقت یہ بل پارلیمانی ہیلتھ افیئرز کمیٹی کی میز پر ہے، اور کویت بلدیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت ان لوگوں پر کوئی قانون نافذ نہیں ہو سکتا جو ماسک نہیں پہنتے۔

    تاہم دوسری طرف ایک اور سرکاری ذریعے نے کہا ہے کہ مخصوص اداروں سے متعلق کچھ قوانین کو مجوزہ جرمانے پر عمل درآمد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔