Tag: کویت

  • کویت جانے والے غیرملکیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

    کویت جانے والے غیرملکیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

    کویت نے غیرملکیوں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے انھیں سرکاری اداروں میں ملازمت کی اجازت دے دی، سرکاری اداروں نے اس سلسلے میں سول سروس کمیشن کی منظوری حاصل کر لی۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب کویت میں غیرملکی بھی سرکاری اداروں میں جاب کرسکیں گے، ذرائع نے انکشاف کیا کہ غیر کویتی ملازمین کی خدمات حاصل کرنے کے لیے سرکاری اداروں نے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے سول سروس کمیشن سے منظوری حاصل کرلی ہے۔

    پچھلے سال غیرملکیوں کو سرکاری اداروں سے معطل کردیا گیا تھا جس کے بعد مناسب تعداد میں مقامی شہری ان خالی آسامیوں کو پُر کرنے کے لیے دستیاب نہیں تھے۔

    ذرائع نے بتایا کہ اس بات کے واضح اشارے ملے ہیں کہ سرکاری اداروں میں کچھ غیر کویتیوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی، اس حوالے سے پچھلے سال ہی سول سروس کمیشن سے رجوع کیا گیا تھا جسے منظور کرلیا گیا ہے۔

    یہ ایسے ملازمین ہیں جو اپنے شعبوں میں مہارت رکھتے ہیں، ان کی اسپیشلائزیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے انھیں تعینات کیا جائے گا کیونکہ ان پوزیشنز کے لیے کویتی شہری دستیاب نہیں ہیں، تاہم اب تک یہ پوزیشنز واضح نہیں ہیں۔

    اس سے قبل سول سروس کمیشن کی جانب سے غیر کویتیوں کی خدمات حاصل کرنے کی درخواست کو مسترد کیا جاتا رہا ہے کیوں کہ مرکزی ملازمت کے نظام میں اسی خصوصیت کے حامل مقامی شہری موجود تھے۔

  • لڑائی کے بعد میاں بیوی گھر چھوڑ گئے، ننھے بچوں کو گھر پر اکیلا چھوڑ دیا

    لڑائی کے بعد میاں بیوی گھر چھوڑ گئے، ننھے بچوں کو گھر پر اکیلا چھوڑ دیا

    کویت سٹی: کویت میں مقیم ایک مصری جوڑا آپس میں لڑائی کے بعد ایک ایک کر کے گھر چھوڑ گیا جبکہ گھر میں 6 بچوں کو اکیلا چھوڑ دیا، بچوں میں 3 ماہ کی شیر خوار بچی بھی شامل ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق کویت میں مقیم مصری جوڑا جھگڑے کے بعد اپنے دوستوں کے یہاں منتقل ہوگیا جبکہ اپنے 6 بچوں کو گھر میں تنہا چھوڑ دیا، پولیس نے بچوں کی نگہداشت میں لاپرواہی پر والدین کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

    کویتی وزیر داخلہ شیخ طلال الخالد نے رپورٹ ملنے پر مصری جوڑے اور ان کے بچوں کے اقاموں میں توسیع نہ کرنے اور تعلیمی سال کے اختتام تک عارضی اقامہ جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔

    سماجی پولیس نے وزیر داخلہ کو رپورٹ دی تھی کہ مصری جوڑے میں اختلافات تھے، پہلے بچوں کا والد اپنے ایک دوست کے یہاں منتقل ہوگیا کچھ دنوں بعد والدہ بھی فلیٹ چھوڑ کر چلی گئی۔

    بچوں کے لیے کھانے پینے کا انتظام نہیں تھا، ایک بچی 3 ماہ کی ہے۔ والدین کے جانے کے بعد دو بڑے بچوں نے شیر خوار بچی کی نگہداشت کی۔ ان میں سے ایک اسکول جاتا جبکہ دوسرا گھر میں رک کر اپنی بہن کی دیکھ بھال کرتا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک بچے نے وزارت داخلہ آپریشن روم سے رابطہ کر کے صورتحال سے آگاہ کیا جس پر پولیس نے بچوں کے والد کو طلب کرلیا۔

    بچوں کے والد نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ بے روزگار تھا، اسی وجہ سے اہلیہ کے ساتھ جھگڑے ہو رہے تھے۔ تھک ہار کر چار ماہ قبل گھر چھوڑ کر ایک دوست کے پاس چلا گیا تھا۔

    اہلیہ نے اس دوران بچوں کی نگہداشت کی کوشش کی لیکن آخرکار وہ بھی ہمت ہار گئی اور بچوں کو چھوڑ کر اپنی ایک سہیلی کے یہاں منتقل ہوگئی۔

    کویتی پولیس کا کہنا تھا کہ شیر خوار بچی کی نگہداشت میں لاپرواہی پر مصری جوڑے کے خلاف کیس درج کرلیا گیا۔

    پولیس کے مطابق فیملی کے اقاموں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ ہوگیا ہے تاہم تعلیمی سال کے اختتام تک انہیں عارضی اقامہ جاری کردیا گیا ہے، تعلیمی سال مکمل ہونے پر فیملی کو بے دخل کردیا جائے گا۔

  • کویت آنے والے مسافروں کے لئے اہم خبر

    کویت آنے والے مسافروں کے لئے اہم خبر

    کویت سٹی: کویت نے مملکت میں آنے والے غیر ملکیوں سے متعلق اہم ہدایات جاری کردیں۔

    سیکیورٹی ذرائع نے روزنامہ الجریدہ کو بتایا کہ کویت وزارت داخلہ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پورٹس نے کریمنل ایویڈینس ڈیپارٹمنٹ اور انفارمیشن سسٹمز کے تعاون سے ہوائی، زمینی اور سمندری سرحدی گزرگاہوں کے ذریعے کویت آنے والے تمام افراد کے فنگر پرنٹ لینے کے فیصلے پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔

    کویت وزارت داخلہ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے کریمنل ایویڈینس ڈیپارٹمنٹ نے تمام سرحدی گزرگاہوں پر خودکار فنگر پرنٹ ڈیوائسز کی تنصیب مکمل کرلی ہے، جبکہ انفارمیشن سسٹم ڈیپارٹمنٹ نے ان آلات کو وزارت داخلہ کے انفارمیشن سسٹم سینٹر سے منسلک کردیا ہے۔

    حکام نے واضح کیا کہ تمام مسافروں کو ملک میں پہنچنے پر فنگر پرنٹ کرانے کے مراحل سے لازمی گزرنا ہوگا۔

    ادھر روزنامہ القبس کی رپورٹ کے مطابق، زمینی، فضائی اور سمندری بندرگاہوں پر ہفتے کے آخر میں غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا جس میں تمام آنے اور جانے والے مسافروں بشمول شہریوں، خلیجی شہریوں اور غیر ملکیوں کے لیے نئے بائیو میٹرک فنگر پرنٹ کے اطلاق کے ساتھ غیر معمولی رش تھا۔

    ذرائع نے کہا کہ فنگر پرنٹ ڈیوائس کو جعل سازوں اور قانون کے تحت مطلوب افراد کا پتہ لگانے اور فنگر پرنٹ سے مشروط شخص کے سیکیورٹی ڈیٹا کو ریکارڈ کرنے کے لیے صرف 120 سیکنڈز کی ضرورت ہوتی ہے۔

  • کویت جانے والے تمام مسافروں کے لیے اہم ہدایت جاری

    کویت جانے والے تمام مسافروں کے لیے اہم ہدایت جاری

    کویت : کویتی امیگریشن حکام نے ان تمام غیرملکی تارکین وطن کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ کویت میں داخلے سے قبل ان ہدایات پر لازمی عمل کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت حکومت نے کویت آنے اور جانے والوں کے لیے بائیومیٹرک نظام کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ کویتی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت داخلہ نے فضائی، زمینی اور بحری راستے سے کویت آنے اور جانے والے ملکی اور تمام غیرملکیوں کے لیے بائیو میٹرک سسٹم کو لازمی قرار دیا ہے۔

    بائیو میٹرک سسٹم کے تحت دونوں ہاتھوں کی تمام انگلیوں کے پرنٹ اور چہرے کی اسکینگ کی جائے گی۔ اس ضمن میں بائیومیٹرک کے خصوصی سسٹم کویت کے تمام امیگریشن آفسز کوفراہم کردیے گئے ہیں۔

    کویتی امن عامہ کے ذرائع کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ بائیو میٹرک سسٹم کا اجراء مسافروں کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے جس کا مقصد ادارہ امن عامہ کے سسٹم کو فول پروف بنانے کے علاوہ مسافروں کو امیگریشن کی کارروائی میں ہونے والی تاخیرکوختم کرتے ہوئے مسافروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نئے سسٹم سے مسافروں کو امیگریشن کی کارروائی مکمل کرنے میں محض 40 سیکنڈ کا وقت لگے گا جبکہ کسی قسم کی انسانی غلطی کا امکان بھی ختم ہوجائے گا۔

    نئے نصب کیے جانے والے بائیو میٹرک نظام کو انفارمیشن سسٹمز ایڈمنسٹریشن کے ادارے سے منسلک کیا گیا ہے جہاں مرکزی کنٹرول روم میں تمام ڈیٹا اکھٹا کیاجائے گا۔

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نئے سسٹم کی وجہ سے جعل سازی کے تمام کیسز کی فوری شناخت ممکن ہوسکے گی جبکہ ایسے افراد کے بارے میں بھی معلوم ہوجائے گا جو قانون کو مطلوب ہیں یا وہ جنہیں کویت میں ہمشیہ کے لیے بلیک لسٹ کیا جاچکا ہو اور وہ کسی دوسرے جعلی پاسپورٹ پر دوبارہ کویت آنے کی کوشش کرتے ہیں۔

  • کویت نے بڑا حکم نامہ جاری کردیا

    کویت نے بڑا حکم نامہ جاری کردیا

    کویت سٹی: کویت کے وزارت اوقاف و اسلامی امور نے بغیر اجازت عطیات جمع کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

    روزنامہ الجریدہ کی رپورٹ کے مطابق کویت کی سماجی امور کی وزارت نے کہا کہ چھ رضاکار ٹیموں نے رمضان کے مہینے میں مستحق افراد کی مدد کے لئے عطیات جمع کرنے کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

    انسپکشن ٹیموں کے مطابق مساجد میں عوامی مقاصد کے لیے رقوم جمع کرنے کے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پانچ کے قریب فنڈز دیکھے اور اس کیس کو ثابت کرنے کے لیے رپورٹ تیار کی گئی اور وزارت اوقاف و اسلامی امور کو اس سلسلے میں کارروائی کرنے کے لیے کہا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق ان تنظیموں کے فنڈز ضبط کرلئے گئے ہیں ان میں پرانے کپڑے جمع کرنے والے متعدد ‘کیوسک’ بھی شامل تھے۔

    کویتی قانون کے مطابق رضاکار ٹیمیں اس طرح آزادانہ طور پر کام نہیں کرسکتیں اور یہ کہ وزارت کی منظوری کے بعد عطیات کسی ایک معروف چیریٹی سوسائٹی کے زیر نگرانی جمع کیے جائیں۔

    رپورٹ کے مطابق جن رضاکار ٹیموں نے یہ اقدام کیا ہے ان کے خلاف سخت قانونی اقدامات کے ساتھ ساتھ اور ان کے لائسنس ضبط اور پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا جاسکتا ہے۔

    کویت کی پبلک پراسیکیوشن نے اس ضمن میں واضح کیا کہ وہ ٹیمیں جو عطیات کی وصولی میں حصہ لینا چاہتی ہیں، وزارت کو ایک درخواست جمع کروائیں اور تنظیم کے ضوابط کے مطاق ایک عارضی بینک اکاؤنٹ کھلوائے۔ا

  • کویت میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان

    کویت میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان

    کویت سٹی: کویت میں عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا، 21 سے 25 اپریل کے دوران مملکت بھر میں عید کی تعطیلات ہوں گی۔

    کویت کی کابینہ نے سوموار کے روز اعلان کیا ہے کہ رواں برس ملک بھر کے سرکاری و نجی اداروں کے لیے عید الفطر کی تعطیلات 21 اپریل جمعہ سے 25 اپریل منگل تک ہوں گی۔

    کابینہ کا کہنا ہے کہ تمام ادارے 26 اپریل بدھ کے روز سے معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔

    علاوہ ازیں خصوصی نوعیت کی ایجنسیاں یا ادارے جو اپنے فرائض عید کے دوران بھی انجام دیں گے وہ ڈیوٹی کے حساب سے اپنی تعطیلات ترتیب دیں گے۔

  • کویت میں اداروں کا نام استعمال کر کے جعلسازیوں میں اضافہ

    کویت میں اداروں کا نام استعمال کر کے جعلسازیوں میں اضافہ

    کویت سٹی: کویت میں اداروں کا نام استعمال کر کے جعلسازیوں اور دھوکے بازیوں میں اضافہ ہورہا ہے جس کی روک تھام کے لیے حکام کوشاں ہیں۔

    کویت نیوز کے مطابق ملک میں دھوکا دہی کا نیا طریقہ استعمال کیا جارہا ہے جس کے لیے ریگولیٹری اتھارٹیز کے لوگو کا استعمال کیا جارہا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ یہ کسی بھی ادارے کے لوگو کے استعمال پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جعلساز ان کمپنیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جن کے پاس غیر ملکی کرنسیوں میں ٹریڈنگ کے لیے رقم موجود ہے جن کے ذریعے صارفین سے اپنی مالی ذمہ داریاں طے کرنے کے لیے کہا جاتا ہے اور پھر جعلساز ٹیکس یا فیس کے لیے رسیدیں بھیجتے ہیں جو ادا کرنا ضروری ہے۔

    ذرائع نے اس بات پر زور دیا کہ ریگولیٹری حکام لنکس کے ذریعے ادائیگی کرنے کے لیے نہیں کہتے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حکام نہ تو ٹیکس وصول کرتے ہیں اور نہ ہی کسی پارٹی کو رسید بھیجتے ہیں، افراد اور کمپنیوں کو ریگولیٹری حکام کو ادائیگی کرنے سے پہلے معلومات کی تصدیق کرنی چاہیئے یا ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے حکام سے براہ راست رابطہ کرنا چاہیئے۔

    ذرائع نے اس بات پر زور دیا کہ پہلے براہ راست تصدیق کی جانی چاہیئے، خاص طور پر چونکہ نگرانی کے حکام کسی بھی انکوائری کا جواب دینے کے لیے دستیاب رہتے ہیں اور تصدیق سے پہلے اس طرح کسی بھی قسم کی ادائیگی کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔

    علاوہ ازیں ان باتوں کا بھی خیال رکھا جائے۔

    افراد اور اداروں کو اپنے ڈیٹا کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے چاہئیں۔

    تربیت، تکنیکی قابلیت اور مسلسل آگاہی کے پروگراموں پر توجہ دیں۔

    ہدایات اور انتباہات پر عمل کرتے ہوئے، اور عوامی بیداری کی مہموں پر توجہ دے کر نگران حکام کی مدد کریں۔

    فنڈز کی ادائیگی اور منتقلی کے حوالے سے متعلقہ فرد یا ادارے سے براہ راست رابطہ کریں اور ہر چیز کو دو بار چیک کریں، کیونکہ دھوکا دہی اور دوسروں کے حقوق اور جائیدادوں کی خلاف ورزی اس وقت عروج پر ہے۔

    کمپنیوں کی الیکٹرانک سیکیورٹی کو مضبوط بنائیں، قابل اعتماد کمپنیوں اور اداروں کے ساتھ ڈیل کریں اور کسی بھی فرد یا ادارے کو مکمل اختیارات دینے سے گریز کریں۔

    افراد اور اداروں کو نشانہ بنانے والے دھوکے بازوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، اس لیے احتیاط کی ضرورت ہے، کیونکہ اس طرح کی کارروائیوں کی کامیابی کی بنیاد ہدف شدہ شخص یا ادارے کے تعاون اور ڈیٹا کے تحفظ کی کمی ہے۔

  • کویت سے 6 ماہ باہر رہنے والے غیرملکیوں کیلئے بُری خبر

    کویت سے 6 ماہ باہر رہنے والے غیرملکیوں کیلئے بُری خبر

    کویت نے 6 ماہ باہر رہنے والے غیرملکیوں کے اقامے کینسل کرنا شروع کردیا ہے۔

    کویت ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کویت کی وزارت داخلہ نے 6 ماہ سے زائد عرصے تک کویت سے باہر رہنے والے 5000 غیر ملکی کے رہائشی اجازت ناموں (اقاموں) کی تجدید کی درخواستوں کو مسترد کر دیا ہے۔

    تارکین وطن نے اپنے اقاموں کی تجدید کے لئے آن لائن درخواستیں یہ کہتے ہوئے جمع کرائیں کہ انہیں بیماری، خاندانی و مالی مسائل سمیت دیگر وجوہات کی بنا پر کویت سے باہر رہنا پڑا۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دیگر تارکین وطن بھی اس ماہ اپنے اقامہ سے محروم ہو جائیں گے۔

    وزارت، اقامتی امور کے محکمے کے ذریعے 6 ماہ سے کویت سے باہر رہنے والے کسی بھی غیر ملکی کے اقامہ کو خود بخود اور فوری طور پر منسوخ کر دیتی ہے۔

    وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ “پبلک اتھارٹی آف مین پاور اور پبلک اتھارٹی برائے سول انفارمیشن کے ساتھ ایک خودکار لنک کے ذریعے ایک ایسے تارکین وطن کا ورک پرمٹ بھی منسوخ کر دیا جاتا ہے جس کی رہائش منسوخ کر دی گئی ہے جبکہ ان کا سول کارڈ بھی منسوخ کر دیا جاتا ہے”۔

    اکتوبر میں کویتی وزارت داخلہ نے اعلان کیا کہ 6 ماہ یا اس سے زیادہ عرصے سے ملک سے باہر رہنے والے سرکاری شعبے (آرٹیکل 17)، پرائیویٹ سیکٹر میں شراکت داروں (آرٹیکل 19)، زیر کفالت افراد (آرٹیکل 22)، طلباء (آرٹیکل 23)، خود کفیل رہائشی (آرٹیکل 24) اور نجی شعبہ کے ملازمین (آرٹیکل 18) کے رہائشی اجازت ناموں کی الیکٹرانک منسوخی شروع کر دے گی۔

    ذرائع نے بتایا کہ “ملک سے باہر ان کی موجودگی کی مدت یکم اگست 2022 سے 31 جنوری 2023 تک شمار کی گئی تھی اور پھر ان کا اقامہ خود بخود منسوخ ہو جائے گا، کیونکہ انہیں ملک چھوڑے ہوئے چھ ماہ گزر چکے ہیں”۔

    ذرائع نے یہ بھی اشارہ کیا کہ کویتی وزارت داخلہ نے تمام تارکین وطن کے اقاموں کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے جو کہ ورک پرمٹ حاصل کرنے میں ناکامی سمیت افرادی قوت کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ انہیں اقامہ دینے کی شرائط میں سے کسی ایک سے محروم ہونے پر منسوخ کر دی جائیں گی۔

  • کویت میں کام کرنے والے اساتذہ کے لیے اہم خبر

    کویت میں کام کرنے والے اساتذہ کے لیے اہم خبر

    کویت سٹی: کویت میں 2 ہزار کے قریب اساتذہ کو ملازمتوں سے فارغ کردیا گیا، ان کی جگہ مقامی افراد کو ملازمتیں دی گئی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق کویتی وزارت تربیت نے 1 ہزار 815 غیر ملکی اساتذہ کی ملازمت ختم کر کے ان کی جگہ کویتی تعینات کیے ہیں۔

    کویتی حکام نے تعلیم و تربیت کے اداروں میں مختلف شعبوں کے 209 غیر ملکی سربراہوں کو بھی فارغ کردیا۔

    وزیر تربیت اور اعلیٰ تعلیم کے وزیر ڈاکٹر حمد کی براہ راست ہدایت پر تدریس اور انتظامیہ کے عہدوں سے غیر ملکیوں کو فارغ کیا گیا ہے۔

    کویتی وزارت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت نے 2017 میں سرکاری اسامیوں پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی جگہ کویتی شہریوں کی تقرری کے قواعد و ضوابط مقرر کیے تھے، اسی پالیسی کے تحت غیر ملکی اساتذہ اور دفتری ذمہ داران کو سبکدوش کیا جا رہا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کویتائزیشن کے اس اقدام سے ملک میں تعلیمی عمل بہتر ہوگا، تربیت کے شعبے میں استحکام آئے گا، مقامی شہریوں میں بے روزگاری کی شرح کم ہوگی اور روزگار کے نئے مواقع حاصل ہوں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی اساتذہ نے کویت میں ملازمت کے دوران جس ایثار اور اخلاص سے کام کیا ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

  • کویت میں غیر ملکی اساتذہ کے لیے بری خبر

    کویت میں غیر ملکی اساتذہ کے لیے بری خبر

    کویت سٹی: کویت میں دو ہزار کے قریب غیر ملکی اساتذہ کی ملازمت ختم کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کویتی وزارت تربیت نے ایک ہزار 815 غیر ملکی اساتذہ کو ملازمت سے فارغ کر کے ان کی جگہ کویتی شہری تعینات کر دیے ہیں۔

    تعلیم وتربیت کے اداروں میں مختلف شعبوں کے 209 غیر ملکی سربراہان کو بھی ملازمتوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

    عاجل ویب کے مطابق غیر ملکیوں کو وزیر تربیت اور اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر حمد کی براہ راست ہدایت پر تدریس اور انتظامیہ کے عہدوں سے فارغ کیا گیا ہے۔

    کویتی وزارت کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ حکومت نے 2017 میں سرکاری اسامیوں پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی جگہ کویتی شہریوں کی تقرری کے قواعد و ضوابط مقرر کیے تھے، اسی پالیسی کے تحت غیر ملکی اساتذہ اور دفتری ذمہ داران کو سبک دوش کیا جا رہا ہے۔

    ترجمان نے کہا کویتائزیشن کے اس اقدام سے ملک میں تعلیمی عمل بہتر ہوگا، اور تربیت کے شعبے میں استحکام آئے گا، مقامی شہریوں میں بے روزگاری کی شرح کم ہوگی۔

    انھوں نے غیر ملکی اساتذہ کے ایثار اور اخلاص کا شکریہ بھی ادا کیا۔