Tag: کویت

  • کویت : غیرملکیوں کے اقامے سے متعلق اہم پیش رفت

    کویت : غیرملکیوں کے اقامے سے متعلق اہم پیش رفت

    کویت سٹی : کویت میں 60 سالہ غیر گریجویٹ تارکین وطن کے ورک پرمٹ (اقامہ) کے مسئلے کا ٹھوس حل تلاش کرنے کے لیے ایک اور اجلاس طلب کرلیا گیا۔

    اس حوالے سے باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ کویت کے وزیر تجارت و صنعت اور عوامی اتھارٹی برائے افرادی قوت کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ السلمان نے 60 سالہ افراد کے اقامے کا مسئلہ حل کرنے کے لیے بورڈ کے اراکین کو اتوار کی دوپہر اپنے دفتر میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے طلب کیا ہے۔

    اس مسئلہ کا فیصلہ پہلے پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے معطل سابق ڈائریکٹر جنرل کی طرف سے جاری کیا گیا تھا کہ وہ ان غیر گریجویٹ تارکین وطن کے رہائشی اجازت ناموں کی تجدید نہ کریں جن کی عمر 60 سال یا اس سے زیادہ ہے۔

    وزراء کی کونسل کے فتویٰ اور قانون سازی کے محکمے نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ غیر کویتیوں کے لیے ورک پرمٹ جاری کرنے کا اختیار بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ہے نہ کہ ڈائریکٹر جنرل کا۔

    اس نتیجے کی بنیاد پر سال2020کی قرارداد نمبر 520 ہے جس کی بنیاد پر یہ فیصلہ منسوخ کر دیا گیا ہے تاہم ذرائع نے بتایا کہ”فتویٰ” کی رائے تمام معاملات میں مشاورتی ہے اور یہ کہ جس کے پاس فیصلے کو منسوخ کرنے کا حق ہے وہ پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کے ڈائریکٹر جنرل یا پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کے بورڈ آف ڈائریکٹرز ہے۔

    واضح رہے کہ تارکین وطن "افرادی قوت” کے فیصلے کو منسوخ کرنے کے لیے انتظامی عدلیہ کا سہارا لے سکتے ہیں اور یہ فتویٰ ان کی حمایت کرے گا۔

  • کویت میں غیر ملکیوں سے ڈرائیونگ لائسنس واپس لینے کا فیصلہ

    کویت میں غیر ملکیوں سے ڈرائیونگ لائسنس واپس لینے کا فیصلہ

    کویت سٹی: کویت میں مقیم ہزاروں تارکین وطن سے ان کے ڈرائیونگ لائسنس واپس لے لیے جائیں گے، یہ اقدام نئے ڈرائیونگ لائسنس کا مربوط نظام تشکیل دینے کے لیے کیا جارہا ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق ملک میں ٹریفک جام کو حل کرنے کے لیے وزارت داخلہ نے غیر ملکیوں کے ہزاروں ڈرائیونگ لائسنس واپس لینے کا منصوبہ بنایا ہے جن کی معیاد پہلے ہی ختم ہو چکی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ایسے ڈرائیورز لائسنس کی معیاد ختم ہونے کے باوجود ان کا استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں جو قانون کی خلاف ورزی ہے۔

    پرانے لائسنس کی معیاد ہونے کے باوجود ڈرائیو کرنے کی ممانعت سے متعلق بہت جلد ایک سرکلر جاری کیا جائے گا، پرانے ڈرائیونگ لائسنس کو محدود کرنے کے لیے پرانے لائسنس رکھنے والوں کو ان کی جگہ نئے ڈرائیونگ لائسنس لینا ہوں گے۔ بلاک شدہ ڈرائیونگ لائسنس کا پتہ لگانے کے لیے ڈیٹا کو ٹریفک ڈپارٹمنٹ، افرادی قوت اور رہائشی امور کے مابین بھی منسلک کیا جائے گا۔

    پرانے غیر قانونی لائسنس کے ساتھ تارکین وطن اپنی رہائش (اقامہ) کی تجدید نہیں کر سکیں گے کیونکہ رہائش کی تجدید کے لیے انہیں لائسنس واپس کرنا پڑے گا۔ بہت سے تارکین وطن پرانے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ ڈرائیو کرتے ہیں اور پکڑے جانے پر انہیں صرف 5 دینار کی فیس کے طور پر جرمانہ کیا جاتا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے طلبا کو تقریباً 20 ہزار ڈرائیونگ لائسنس دیے گئے ہیں جن میں سے بیشتر اپنی تعلیم مکمل کر چکے ہیں لیکن ابھی تک انہوں نے اپنے ڈرائیونگ لائسنس واپس نہیں کیے۔

    محکمہ ٹریفک ان کے ڈرائیونگ لائسنس کو بلاک کر دے گا تاکہ ان کے لائسنس کی تجدید نہ ہو سکے۔ اسی طرح تقریباً 40 ہزار غیر ملکی ایسے ہیں جن کے پاس ڈرائیونگ لائسنس تو ہیں لیکن جب وہ اپنا پیشہ تبدیل کرتے ہیں تو اپنا ڈرائیونگ لائسنس کھو دیتے ہیں۔

    ایسے غیر ملکی جو عام طور پر معیاد ختم ہونے والے لائسنس پر ڈرائیونگ کرتے ہوئے پکڑے جاتے ہیں وہ وزارت داخلہ جاتے ہیں اور 5 دینار ٹریفک جرمانہ ادا کرتے ہیں، ساتھ ہی اپنی رہائش کی تجدید بھی کر سکتے ہیں۔

  • کویتی فنکار کو قید و جرمانے کی سزا

    کویتی فنکار کو قید و جرمانے کی سزا

     کویت سٹی: منشیات کے استعمال پر ایک کویتی فنکار کو قید و جرمانے کی سزا ہو گئی، فن کار نے ایک عرب ملک میں عکس بندی کے دوران نشے میں مبتلا ہونے کا اعتراف کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں فوجداری عدالت نے منشیات استعمال کرنے کا الزام ثابت ہو جانے پر معروف فن کار کو 5 برس قید بامشقت اور 5 ہزار دینار جرمانے کی سزا سنا دی۔

    کویتی جرائد میں چھپنے والی خبروں میں کویتی فن کار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے، صرف یہ بتایا گیا کہ وہ کویت کا مشہور فن کار ہے اور وہ رمضان سے متعلق ٹی وی پروگرامز میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے، تاہم بڑی تعداد میں سوشل میڈیا پر صارفین کا کہنا ہے کہ یہ اداکار علی کاکولی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق فن کار بیرون ملک سے کویت پہنچا تھا، تلاشی پر اس کے سامان میں سے نشہ آور اشیا برآمد ہوئی تھیں۔

    کویتی فن کار پر نشہ آور اشیا کی اسمگلنگ کا بھی الزام تھا، تاہم عدالت نے اس پر منشیات استعمال کرنے پر پانچ ہزار دینار کا جرمانہ کیا، اور منشیات کی اسمگلنگ کے الزام سے بری کر دیا۔

    کویتی جریدے الرائی کے مطابق کویت کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچنے پر کویتی فن کار کو حراست میں لیا گیا تھا، پبلک پراسیکیوشن نے ملزم سے پوچھ گچھ کی تو تحقیقات کے دوران اس نے اعتراف کیا کہ وہ ایک عرب ملک میں عکس بندی کے دوران نشے کا عادی ہوا تھا۔

  • کویت: ورک پرمٹ ویزے کے لیے نیا نظام متعارف

    کویت: ورک پرمٹ ویزے کے لیے نیا نظام متعارف

    کویت سٹی: کویت میں ورک پرمٹ ویزے کی منسوخی کا نیا الیکٹرانک نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت نے اپنی ویب سائٹ پر الیکٹرانک فارم کے ذریعے ورک ویزا پرنٹ کرنے کی سہولت کی فراہمی کے بعد درخواستیں وصول کرنا شروع کر دیں۔

    اتھارٹی نے ویزے کو خودکار نظام کے ذریعے پرنٹ کرنے کے حوالے سے شرط بھی رکھی ہے، اگر اس بات کی تصدیق ہو جائے کہ درخواست منظور ہو چکی ہے اور پھر متعلقہ ملازم سے مشورہ بھی کیا جا چکا ہے تو ویزا پرنٹ کیا جا سکے گا۔

    پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت نے واضح کیا کہ اگر درخواست کنندہ کی جانب سے دی گئی درخواست منظور ہو گئی ہو تو ویزا خودکار نظام کے ذریعے پرنٹ کیا جا سکتا ہے، جس کے بعد درخواست گزار کو متعلقہ محکمے کا دورہ کرنا ہوگا۔

    اتھارٹی نے ورک پرمٹ کی منسوخی کو فعال کرنے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

    اگر ویزا فیملی ویزے میں منتقل کرنا ہے اور اس کے لیے ورک پرمٹ منسوخ کرنے کی درخواست دینی ہے، اور اس کے علاوہ سرکاری شعبے سے نجی شعبے آرٹیکل 18 پر ٹرانسفر کے لیے ورک پرمٹ جاری کرنے کی درخواست دینی ہے، تو ان سہولیات کی دستیابی کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

    اتھارٹی نے رہائشیوں، خلیجی شہریوں اور غیر قانونی رہائشیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ متعلقہ محکمے کا جائزہ لینے کے لیے اسٹیٹس سرٹیفکیٹ جاری کریں، جب کہ سرکاری اداروں کے درمیان الیکٹرانک رابطے کے ذریعے شہریوں کو یہ سروس خود بخود فراہم کی گئی ہے۔

  • کویت: غیر ملکیوں کے لیے بری خبر

    کویت: غیر ملکیوں کے لیے بری خبر

    کویت سٹی: کویت میں بھاری تنخواہیں وصول کرنے والے غیر ملکیوں کے لیے ورک پرمٹ جاری نہ کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی وزرا کونسل کویتائزیشن پالیسی کے تحت کئی منصوبے زیر غور لا رہی ہے، ایک منصوبہ نجی شعبے میں بھاری تنخواہوں والے مناصب کا بھی ہے، جن پر کویتی شہریوں کو سرکاری شعبے کے ہم منصبوں کے برابر مالی فائدہ دیا جائے گا۔

    روزنامہ الجریدہ کے مطابق حکومت ان تارکین وطن کے لیے ورک پرمٹ کے اجرا پر پابندی عائد کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے جو بھاری تنخواہیں وصول کر رہے ہیں، تاکہ نجی شعبے میں کویتی شہری ان کی جگہ لے سکیں۔

    پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت برائے قومی لیبر امور کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نے اس حوالے سے کہا کہ اگلے دو سالوں میں نجی شعبے میں شہریوں کے لیے 12 ہزار ملازمتیں پیدا کی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ دنیا بھر میں کرونا مرض پھیلنے کے بعد کویت سمیت تمام خلیجی ممالک میں سرکاری و پرائیویٹ سیکٹر میں مقامی شہریوں کی زیادہ سے زیادہ کھپت کا فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت اب غیر ملکی کارکنان کی جگہ اپنے شہریوں کو نوکری دینے کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

    اس پالیسی کی وجہ سے خلیجی ممالک میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کی ایک بڑی تعداد اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھی ہے، اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔

  • کویت: نرسوں کے لیے بڑی خوش خبری

    کویت: نرسوں کے لیے بڑی خوش خبری

    کویت سٹی: کویت میں نرسوں کے الاؤنس میں اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں نرسوں کے لیے 450 سے 850 دینار الاؤنس کا اعلان کیا گیا ہے، یہ اضافہ سرکاری اداروں میں کام کرنے اور کویتی شہریت رکھنے والی نرسز کے الاؤنسز میں کیا گیا ہے۔

    کویت میں بہترین کام پر ایوارڈز

    وزارت صحت کویت نے کہا ہے کہ جن لوگوں کو ’بہترین کام کے ایوارڈز‘ کے بارے میں شکایات ہیں وہ 16 ستمبر 2021 سے پہلے وزارت کی سرکاری ویب سائٹ پر آن لائن درج کروا سکتے ہیں، اس کے بعد کوئی شکایت قبول نہیں کی جائے گی۔

    ایک بار شکایت درج ہونے کے بعد متعلقہ ملازم شکایت کی وصولی کو تسلیم کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر ایک ٹیکسٹ میسج وصول کرے گا۔

    شرائط کے طور پر شکایت پیش کرتے وقت 2020 کے کام کی تشخیص کی فائل پی ڈی ایف فارمیٹ میں منسلک ہونی چاہیے، اور پورے سال کے دوران ان کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہیں کی گئی ہو۔

    بیماری کی وجہ سے 15 دن سے زیادہ اسپتال میں داخل ہونے کے علاوہ ملازم کی چھٹیاں 15 دن سے زیادہ نہیں ہونی چاہیئں، اور سال 2020 کے لیے اسے ’بہترین کام‘ کے لیے ادائیگی نہیں کی گئی ہو، اور کارکنوں کے کام کے ایام کی تعداد 180 دن ہونے چاہئیں۔

  • گھریلو ملازمین کا کویت میں داخلہ مشکل ہو گیا

    گھریلو ملازمین کا کویت میں داخلہ مشکل ہو گیا

    کویت سٹی: گھریلو ملازمین کا کویت میں داخلہ مشکل ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں گھریلو ملازمین کی آمد مسئلہ بن گئی ہے، کویت میں آمد کے لیے 390 سے 490 کویتی دینار تک کے اخراجات مختص کر دیے گئے ہیں۔

    کویت میں گھریلو لیبر مارکیٹ کے حالات کا مطالعہ کرنے کے لیے بنائی گئی تکنیکی رضاکارانہ کمیٹی کے سربراہ بسام الشمری نے میڈیا کو بتایا کہ فلپائن سے آنے والے گھریلو ملازمین کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں بے حد اضافہ ہوا ہے اور ٹکٹ ایک ہزار دینار تک پہنچ گیا۔

    تاہم انھوں نے واضح کیا کہ منیلا یا کسی دوسرے ملک سے گھریلو ملازمین کے لیے بسلامہ پلیٹ فارم پر قیمتیں مخصوص ہیں اور فی الحال تبدیل نہیں ہوں گی۔

    فلپائن سے آنے والوں کے لیے اخراجات 490 دینار مقرر کیے گئے ہیں، فلائٹ کے ٹکٹوں کے علاوہ، اس رقم میں جنھوں نے ویکسین نہیں لگوائی یا ویکسین حال ہی میں لگانے والوں کے لیے دو ہفتے کی مدت کی مطلوبہ قرنطینہ بھی شامل ہے، جب کہ بھارتی اور دیگر قومیتوں کے ملازمین کی بھرتیوں کی قیمت 390 دینار مقرر کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ کویت میں یہ تجویز سامنے آئی ہے کہ کویت کی منظور شدہ ویکسین حاصل کرنے والے گھریلو ملازمین کو ملک میں بسلامہ ایپلی کیشن پر رجسٹر کیے بغیر اور دو ہفتوں کے ادارہ جاتی قرنطینہ کی شرط پوری کیے بغیر داخلے کی اجازت دی جائے۔

    اس تجویز کے مطابق گھریلو ملازمین کو بیرون ملک سے رہائشیوں کی واپسی کے لیے مقرر کردہ تقاضوں کو پورا کرنا لازم ہوگا، ان تقاضوں میں صرف ان لوگوں کے لیے اندراج شامل ہے جنھوں نے منظور شدہ ویکسین کی دو ڈوز حاصل کی ہیں اور جن کی امیون ایپلی کیشن میں سبز اسٹیٹس موجود ہے۔

  • کویت: آسٹرازینیکا ڈوز کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت: آسٹرازینیکا ڈوز کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت سٹی: آسٹرازینیکا کی دونوں ڈوز کے درمیان وقفہ کم کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں ویکسینیشن کا عمل تیز کرنے کے لیے آکسفورڈ آسٹرازینیکا کی دونوں ڈوز کے درمیان وقفہ کم کر دیا گیا ہے۔

    کویت وزارت صحت نے فیصلہ کیا ہے کہ آکسفورڈ-آسٹرازینیکا ویکسین کی دوسری ڈوز 3 ماہ کی بجائے پہلی ڈوز کے 6 ہفتے بعد ہی دی جائے گی۔

    شہریوں اور رہائشیوں کو گزشتہ چند دنوں میں اپنی دوسری ڈوز کے تعین کے لیے پیغامات موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

    عمان: غیر ملکی اساتذہ کے حوالے اہم خبر

    یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب کویت ایک ماہ کے اندر 70 فی صد آبادی کی قوت مدافعت کو حاصل کرنے کے لیے ویکسینیشن مہم تیز کر رہا ہے، رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ وزارت صحت کو آکسفورڈ ویکسین کی ایک نئی کھیپ موصول ہوئی ہے، جس میں تقریباً دس لاکھ ڈوز موجود ہیں۔

    وزیر صحت شیخ ڈاکٹر باسل الصباح نے ٹویٹر پر منگل کو کہا کہ کویت میں کووِڈ 19 کے لیے ویکسینیشن 70 فی صد آبادی تک پہنچ چکی ہے، انھوں نے کہا کرونا وائرس سے متعلقہ اموات، انفیکشن اور اسپتال میں داخل ہونے کے کیسز میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔

  • کویتی حکومت کی غیر ملکی افراد کیلئے اہم ہدایات

    کویتی حکومت کی غیر ملکی افراد کیلئے اہم ہدایات

    کویت : کویتی حکومت نے مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کیلئے ہدایات جاری کی ہیں جس کے تحت ان افراد کو اپنی تعلیمی اسناد تصدیق کیلئے ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق کویتی حکومت نے فیصلہ کیا ہےکہ 55 سال سے کم عمر کے غیرملکی افراد کو گریجویشن ، ڈپلومہ اور اس سے اعلیٰ سرٹیفکیٹ کی تصدیق کی درخواست جمع کروانی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت پی اے ایم نے اعلان کیا کہ اسے 55 سال یا اس سے زیادہ عمر کے غیر ملکیوں کی گریجویشن ڈگری کی تصدیق کے لیے درخواستیں موصول ہوئی ہیں جو نجی شعبے کے لیے کام کرتے ہیں۔

    تاہم پی اے ایم نے واضح کیا کہ ان لوگوں کو لازمی طور پر اتھارٹی میں متعلقہ محکمہ کا بذاتِ خود دورہ کرنا ہوگا۔ ایک پریس بیان میں پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت نے کہا کہ یہ منظوری ان لوگوں کے لیے ہے جو لیبر مارکیٹ سٹینڈرڈ ڈیپارٹمنٹ میں سائنسی ڈگریاں ، ڈپلومہ اور اس سے اعلی ڈگری رکھتے ہیں۔

    ذرائع نے نشاندہی کی کہ 55 سال سے کم عمر کے غیرملکی افراد کو "اشل” الیکٹرانک سروس کے ذریعے منظوری کی درخواستیں جمع کروانی ہوں گی۔

    یاد رہے کہ پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کی جانب سے جاری کردہ نئے احکامات کے مطابق ڈگری و ڈپلومہ کی بنیاد پر مختلف شعبوں میں کام کرنے والے غیرملکی رہائشیوں کو اپنے اقامہ کے لئے اپنے دستاویزات کی تصدیق کرانا لازم ہے۔

  • ممنوعہ ممالک سے کویت آنے کے شرائط و ضوابط

    ممنوعہ ممالک سے کویت آنے کے شرائط و ضوابط

    کویت سٹی: حکام نے کویت میں ممنوعہ ممالک سے داخلے کے لیے شرائط و ضوابط کے چارٹ جاری کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں داخلے کے لیے ممنوعہ ممالک سے آنے والے تارکین وطن کو نیچے دیے گئے چارٹس کی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔

    یہ طریقہ کار وزارت صحت کی جانب سے پیش کردہ اصولوں کے مطابق ہے، جس کی منظوری کویت کی وزرا کونسل نے دی ہے۔

    چارٹس میں دی گئی ہدایات اور ضوابط ان تمام تارکین وطن پر لاگو ہوتے ہیں، جو ممنوعہ ممالک سے کویت میں داخلے کے خواہش مند ہیں، اور کویت کا جائز رہائشی اقامہ رکھتے ہیں۔

    دوسری جانب کویت ایئر پورٹ پر پہنچنے والے ممنوعہ ممالک کے تارکین وطن کو کس طرح وصول کیا جائے گا، اور ان کی انٹری وغیرہ کس طرح کی جائے گی، اس کی ہدایات فی الحال کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے کے حکام کو ابھی تک جاری نہیں کی گئیں، جو کہ ممکنہ طور پر جلد ہی جاری کر دی جائیں گی۔

    خیال رہے کہ کویت وزرا کونسل نے 6 ممنوعہ ممالک پاکستان، بھارت، مصر، بنگلا دیش، سری لنکا اور نیپال سے کویت کے لیے براہ راست پروازیں چلانے کی منظوری دے دی ہے، جن کا آغاز آئندہ چند دنوں میں کر دیا جائے گا۔