Tag: کویت

  • کویت: چینی و روسی ویکسین لگوانے والوں کے لیے خوش خبری

    کویت: چینی و روسی ویکسین لگوانے والوں کے لیے خوش خبری

    کویت سٹی: کویت نے چینی اور روسی ویکسین لگوانے والے افراد کو ریاست میں داخل ہونے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق چینی اور روسی ویکسین سائنوفام، سائنوویک اور اسپوتنک لگوانے والوں کو کویت میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی۔

    یہ فیصلہ گزشتہ رات کویت وزرا کی کونسل نے کیا ہے، تاہم یہ شرط بھی لگائی گئی ہے کہ کویت میں منظور شدہ ویکسینز (فائزر، آسٹرازینیکا، موڈرنا) میں سے کسی ایک کی دو ڈوز یا جانسن اینڈ جانسن ویکسین کی ایک ڈوز لگوانی لازم ہوگا۔

    گزشتہ رات کویت وزرا کونسل نے اپنے ہفتہ وار اجلاس کے دوران کرونا وبائی مرض کے پیش نظر عرصہ دراز سے 6 ممنوعہ ممالک (پاکستان، مصر، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال) کی پروازوں کو ملک میں براہ راست داخلے کی اجازت دے دی ہے۔

    کویتی حکومت کا غیر ملکی پروازوں سے متعلق بڑا اعلان

    یاد رہے کہ کویت کا پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے قریباً 50 ممالک نے ملک ‏میں داخلے کے لیے بڑی سہولت مہیا کر دی ہے، کویتی میڈیا کے مطابق 48 ممالک نے کویتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو آن ارائیول ویزا کی سہولت ‏فراہم کی ہے۔

    کویتی شہری اپنے پاسپورٹ کے ذریعے ان ممالک میں داخلے ہو کر آن آرائیول ویزا حاصل کر سکیں ‏گے، ان ممالک میں 9 یورپی، 6 ایشیائی، 4 افریقی، 12 امریکی، 14 عرب، 3 آسٹریلوی اور پڑوسی ممالک ‏شامل ہیں۔

  • دنیا کا سستا ترین انٹرنیٹ مہیا کرنے والا عرب ملک

    دنیا کا سستا ترین انٹرنیٹ مہیا کرنے والا عرب ملک

    کویت سٹی: کویت دنیا کا سستا ترین انٹرنیٹ مہیا کرنے والا ملک بن گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا میں سستا ترین موبائل انٹرنیٹ کویت میں فراہم کیا جاتا ہے، ایک نئے عالمی سروے میں کہا گیا ہے کہ کویت میں موبائل انٹرنیٹ کی قیمتیں دنیا میں سب سے سستی ہیں، ٹیلی کام کمپنیاں فی گیگا بائٹ کے ساتھ موبائل ڈیٹا کی فراہمی بہترین قیمت پر کر رہی ہیں۔

    اس سلسلے میں مالی مطالعات کے ایک مرکز ٹاپ ڈالر نے رپورٹ شایع کی ہے، جو کہ دنیا بھر سے جمع کی گئی معلومات پر مبنی ہے، اس مطالعے کے تحت یہ دیکھا گیا تھا کہ کن ممالک میں سیلولر کمپنیاں گیگا بائٹس فی سیکنڈ (mbps) کے لیے کم ترین قیمتوں کے موبائل ڈیٹا آفرز کرتی ہیں۔

    یہ بھی دیکھا گیا کہ دنیا بھر میں بہترین قیمت کے ساتھ ساتھ فی گیگا بائٹ کی قیمت مقامی آمدنی کے مقابلے میں کتنی ہے، تاکہ اسی کے تناظر میں سستے موبائل انٹرنیٹ کی قیمتوں کا تعین کیا جا سکے۔

    جہاں تک موبائل ڈیٹا کی بدترین قیمت کا سوال ہے، اس میں نمیبیا 11.36 ڈالر کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، شام 3.2 ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر، کیوبا تیسرے ($ 2.82)، پاناما چوتھے ($ 2.34) اور تاجکستان پانچویں ($ 1.89) پر آیا۔

    مطالعے سے پتا چلتا ہے کہ نمیبیا کو سست نیٹ ورک کی رفتار کی وجہ سے ڈیٹا کے اخراجات کے مقابلے میں سب سے پہلا نمبر ملا ہے، جو اس بات کی نشان دہی کرتا ہے کہ 10 میں سے 9 انتہائی سستے ممالک کی اوسط سالانہ آمدنی 30،000 ڈالر سے زیادہ ہے۔

  • کویت کو ایک اور اعزاز مل گیا

    کویت کو ایک اور اعزاز مل گیا

    کویت سٹی: خلیجی ممالک کی فہرست میں کویت کو دوسرے نمبر پر امیر ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت خلیج میں دوسرا امیر ترین ملک قرار دے دیا گیا، قطر پہلے جب کہ سوئٹزرلینڈ دنیا کے پہلے نمبر پر امیر ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔

    سوئس کریڈٹ کی جانب سے جاری کردہ سال 2021 کی گلوبل ویلتھ رپورٹ کے مطابق کویت قطر کے بعد 2020 کے آخر تک اوسط فی کس دولت کے لحاظ سے دوسرا امیر ترین خلیجی ملک ہے۔

    کویت کی اوسط دولت سال 2000 میں 62،064 ڈالر سے 2020 تک 129،890 ڈالر تک تجاوز کرگئی، جو دو دہائیوں میں 109.3 فی صد اضافہ ہے۔

    کویت میں کل دولت 409 بلین ڈالر ہے جو 2020 میں دنیا کی کل دولت کا 0.1 فی صد ہے، اور فی کس GDP 34،339 ہے۔

    کریڈٹ سوئس کی رپورٹ کے مطابق قطر خلیجی خطے میں پہلے نمبر پر ہے، جس کی اوسط فی کس دولت 146،730 ڈالر ہے اور کل دولت 352 ارب ڈالر ہے۔

    تیسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات ہے جس کی اوسط دولت 115،476 ڈالر ہے اور کل دولت 930 بلین ڈالر ہے۔

    بحرین چوتھے نمبر پر ہے جس کی فی کس دولت 87،559 ڈالر ہے اور کل دولت 115 بلین ڈالر ہے۔ سعودی عرب 68،697 ڈالر کی فی کس دولت اور 1.662 ٹریلین ڈالر کی مجموعی دولت کے ساتھ پانچویں نمبر پر آیا ہے۔ چھٹے نمبر پر عمان ہے جس کی فی کس دولت 39،433 ڈالر اور مجموعی طور پر 148 بلین ڈالر ہے۔

    تقریبا 674،000 ڈالر کی اوسط فی کس دولت کے ساتھ سوئٹزرلینڈ کو کریڈٹ سوئس نے دنیا کا امیر ترین ملک قرار دیا ہے، جب کہ امریکا 505،420 ڈالر کی اوسط فی کس دولت کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

  • کویت: شہریوں اور غیر ملکیوں کو اہم ہدایت جاری

    کویت: شہریوں اور غیر ملکیوں کو اہم ہدایت جاری

    کویت سٹی: کویت ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے شہریوں اور غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل ٹریفک جرمانے ادا کریں۔

    تفصیلات کے مطابق کویت ٹریفک حکام نے خبردار کیا ہے کہ شہری اور غیر ملکی سفر سے قبل ٹریفک جرمانے ادا کریں، ورنہ سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے تجویز دی گئی تھی کہ جب ٹریفک خلاف ورزی پر عائد جرمانے ادا نہ کیے جائیں، غیر ملکیوں کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی لگائی جائے، وزارت داخلہ دیگر وزارتوں سے کویتیوں اور غیر ملکیوں کے لیے ہر قسم کی سروس بند کرنے کے لیے بھی رابطہ کرنا چاہتی ہے، جب تک کہ وہ ادائیگیاں نہ کر دیں۔

    واضح رہے کہ اس قسم کی سروس کئی خلیجی ممالک پہلے ہی سے موجود ہے، ٹریفک ڈیپارٹمنٹ اس تجویز کو وزیر داخلہ شیخ ثامر العلی کو پیش کرنے پر غور کر رہی ہے، تاکہ کویتی شہریوں اور غیر ملکیوں کے ٹریفک جرمانوں کو اکھٹا کیا جا سکے جس کا تخمینہ لاکھوں دینار ہے۔

    ذرائع کے مطابق کویت میں ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کی ایک بڑی تعداد یا تو قید ہے یا وفات پا چکی ہے جب کہ غیر ملکیوں کی ایک بڑی تعداد مستقل طور پر ملک چھوڑ چکی ہے۔

    تارکین وطن کو ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی کے بغیر ملک چھوڑنے سے روکنے کے لیے زمینی، سمندری اور ہوائی بندرگاہوں پر جرمانوں کی وصولی کے لیے خصوصی دفاتر قائم کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔

    ٹریفک خلاف ورزی پر فون پر ٹیکسٹ میسج بھیجنے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جس میں بتایا جائے گا کہ خلاف ورزی کون سی ہے اور کتنا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

  • کویت: ویکسین سرٹیفکیٹ میں پاسپورٹ نمبر کا اندراج

    کویت: ویکسین سرٹیفکیٹ میں پاسپورٹ نمبر کا اندراج

    کویت سٹی: کرونا ویکسین سرٹیفکیٹ میں پاسپورٹ نمبر کا اندراج لازم قرار دے دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت صحت کویت نے ہدایت کی ہے کہ سفر کے دوران کسی پریشانی سے بچنے کے لیے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ میں پاسپورٹ نمبر کی ترمیم لازمی کروالیں۔

    شہریوں اور تارکینِ وطن کو ہدایت کی گئی ہے کہ جنھوں نے کرونا وائرس سے حفاظتی ویکسین کی مطلوبہ ڈوزز وصول کرنے کے بعد اپنے پاسپورٹ کی تجدید کروائی ہے، وہ ویکسینیشن کے سرٹیفکیٹ میں اپنے پاسپورٹ نمبر میں ترمیم کے لیے مِشرف کے کویت ویکسینیشن سینٹر میں ’Ask Me‘ ڈیسک سے رجوع کریں۔

    کویتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ نمبر میں ترمیم لازمی ہے، اس سے سفر کے دوران پریشانی سے بچے رہیں گے، وزارت صحت نے یہ تصدیق بھی کی کہ ’آسک می‘ ڈیسک ویکسین لینے والوں کے ڈیٹا میں ترمیم کرنے یا ڈیٹا شامل کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے خواہ ناموں میں ترمیم کرنا ہو یا پاسپورٹ نمبر وغیرہ۔

  • کویت: گھریلو ملازمین کے اہم سہولت کا اعلان

    کویت: گھریلو ملازمین کے اہم سہولت کا اعلان

    کویت سٹی: کویت کے شہریوں اور رہائشیوں کی سہولت کے لیے امیونٹی ایپلی کیشن میں نئی اپڈیٹ کا اضافہ کردیا گیا جس سے گھریلو ملازمین کو سہولت ہوگی۔

    کویتی میڈیا کے مطابق وزارت صحت میں انفارمیشن سسٹمز ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر انجینئر احمد الغریب نے امیونٹی ایپلی کیشن کے بارے میں ایک اہم اپڈیٹ کا اعلان کیا ہے جس میں کوئی بھی فرد اپنے علاوہ اپنے 6 ساتھیوں کے بھی ویکسی نیشن ڈیٹا اور کووڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج کو محفوظ کرسکتا ہے۔

    انجینیئر الغریب کا کہنا ہے کہ یہ اپڈیٹ شہریوں اور رہائشیوں کی سہولت کے لیے عمل میں آئی ہے جس سے کنبے کا سربراہ اپنے ساتھ 6 خاندان کے افراد کا ویکسی نیشن ریکارڈ ایک ہی ایپلی کیشن میں شامل کرسکتا ہے۔

    حکام کے مطابق چونکہ اب 12 سال سے بڑی عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن کا آغاز بھی ہوچکا ہے، اس کے علاوہ گھریلو ملازمین کی ویکسی نیشن بھی مکمل ہوچکی ہے اور اکثریت کے پاس اسمارٹ فون نہیں ہیں لہٰذا کنبے کے سربراہ کو ان کا اضافی ڈیٹا محفوظ کرنے کا اختیار فراہم کرنے سے یہ سہولت ہوگی کہ سفر سے قبل یہ ڈیٹا دکھایا جاسکے۔

    انجینئر نے وضاحت کی کہ اضافی اقدامات کے لیے پہلے امیونٹی کی ایپلی کیشن میں لاگ ان کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جہاں فرد کو ویکسی نیشن کی حیثیت والے صفحے کے آخر میں ویکسی نیشن پیج باکس نظر آئیں گے جس میں ویکسی نیشن کی حیثیت، کووڈ 19 ٹیسٹ رپورٹ، ہدایات اور ترتیبات شامل ہوتے ہیں۔

  • کویت: موسمی قصائیوں کے خلاف حکومت کا سخت اقدام

    کویت: موسمی قصائیوں کے خلاف حکومت کا سخت اقدام

    کویت سٹی: مقامی بلدیہ نے احکامات جاری کیے ہیں کہ موسمی قصائیوں پر 700 دینار کا جرمانہ عائد یا انہیں ملک بدر کیا جائے گا، ایسے قصائی چلتی پھرتی بیماری ہیں۔

    کویتی میڈیا کے مطابق جہرا گورنریٹ میں کویت میونسپلٹی برانچ میں صفائی اور روڈ ورکس ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر فہد القریفہ نے عید الاضحٰی کے دوران موسمی قصابوں کو غیر قانونی خدمات فراہم کرنے سے روکنے کی ہدایات جاری کی ہیں جبکہ ان کو روکنے کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔

    ڈائریکٹر فہد القریفہ نے تصدیق کی کہ عید الاضحٰی کے دنوں میں گورنریٹس کے ذبح خانوں میں ہجوم کا فائدہ اٹھا کر غیرقانونی سروس پیش کرنے والے غیر قانونی قصائیوں پر بلدیہ کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔

    انہوں نے نشاندہی کی کہ عید الاضحٰی کے دوران نظر آنے والے موسمی قصائی گلیوں میں فروخت کنندگان کے زمرے میں آتے ہیں جن پر قانون کی خلاف ورزی کے نتیجے میں 700 دینار یا انتظامی جلا وطنی جیسے جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

    ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ان موسمی قصائیوں کو روکنا اس لیے ضروری ہے کہ ان کے گندے اوزاروں کے استعمال سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ لوگ اس عمل اور اس کے ساتھ ساتھ وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کو روکنے میں دفاع کی پہلی لائن ہیں۔

    انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایسے قصائیوں کے ذریعہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ نے خطرے کو مزید بڑھا دیا ہے خاص طور پر اگر وہ کرونا سے متاثر ہیں۔ القریفہ نے نشاندہی کی کہ نجی مکانات اور گھروں کے اندر قصائیوں کی نگرانی کے لیے بلدیہ کے پاس کوئی طریقہ کار موجود نہیں ہے۔

  • کویت: تارکین وطن کے لیے قانون میں اہم ترمیم

    کویت: تارکین وطن کے لیے قانون میں اہم ترمیم

    کویت سٹی: کویت میں تارکینِ وطن کے لیے ہیلتھ انشورنس قانون میں ترمیم کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کویت نے ریاست میں موجود اور کویت سے باہر پھنسے تارکینِ وطن کے لیے بیمہْ صحت میں تبدیلی کر دی ہے۔

    اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری برائے رہائشی امور میجر جنرل انور عبد اللطیف البرجس نے بتایا کہ آرٹیکل (18، 20 اور 22) کے طریقہ کار کے تحت آنے والے تارکینِ وطن کے لیے ہیلتھ انشورنس میں ترمیم کی گئی ہے۔

    ترمیم کے مطابق کویت میں موجود رہائشیوں اور کویت سے باہر پھنسے ہوئے رہائشیوں کے لیے صحت انشورنس کی مدت مختلف ہوگی۔

    یہ ترمیم وزارت صحت کے ضوابط کے مطابق سسٹمز اور ہیلتھ انشورنس ڈیپارٹمنٹ میں کی جائے گی، آرٹیکل 18 کے مطابق کویت میں موجود افراد کو 2 سال کی صحت کی انشورنس کی سہولت دی جائے گی، جب کہ کویت سے باہر والوں کو 1 سال کی مہلت دی جائے گی۔

    کویت کے اندر آرٹیکل 20 کی توثیق میں 3 سال کی صحت کی انشورنس کی سہولت دی جائے گی، جب کہ کویت سے باہر والوں کو 1 سال کی مہلت دی جائے گی۔ آرٹیکل 22 پر تارکینِ وطن کو 2 سال کی صحت انشورنس دی جائے گی، اور کویت سے باہر والوں کو 1 سال کی مہلت دی جائے گی۔

  • گرد آلود موسم صحت کے لیے کتنا خطرناک؟ کویتی محققین  نے خبردار کر دیا

    گرد آلود موسم صحت کے لیے کتنا خطرناک؟ کویتی محققین نے خبردار کر دیا

    کویت سٹی: کویتی محققین نے خبردار کیا ہے کہ گرد آلود موسم انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دو کویتی محققین نے اپنے مطالعہ جات کے بعد خبردار کیا ہے کہ گرد آلود موسم سمندری حیات کے لیے فوائد رکھتا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ انسانی زندگی کے لیے یہ خطرناک بھی ہے۔

    عام طور سے لوگ گرد اور دھول کے فوائد بیان کرتے نظر آتے ہیں، جیسا کہ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ بچوں میں قوت مدافعت کو مستحکم کرتا ہے، اس کے علاوہ گرد آلود موسم میں سمندر کو قدرتی طور پر اہم عناصر فراہم ہو جاتے ہیں، یہ بارش میں بھی مدد کرتا ہے اور زہریلی گیسوں کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

    تاہم کویتی محققین کہتے ہیں کہ گرد آلود موسم کے کتنے ہی فوائد بیان کر دیے جائیں، اس بات سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ اس موسم کے انسانی صحت پر کافی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

    اس حوالے سے دو کویتی محققین نے اپنے مطالعے کی روشنی میں دھول کے بہت سے نقصانات سے خبردار کیا ہے، کویت یونیورسٹی میں ماہر حیاتیات کے پروفیسر ڈاکٹر سمایا الحوثی نے بتایا کہ دھول کے نقصان اس کے فوائد سے کہیں زیادہ ہیں، یہ سانس کی بیماریوں کا سبب بنتی ہے، جیسے دمہ کی بیماری، جلد کی الرجی اور آنکھوں پر یہ منفی اثر ڈالتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ جب دھول گھروں میں داخل ہو کر قالین اور فرنیچر پر بیٹھ جاتی ہے، اور کھجور کے درختوں پر یہ جمع ہو جاتی ہے تو Dust Mites کی افزائش ہوتی ہے، جو ایک کیڑا ہے جو خاک پر رہتا ہے اور بیماریوں کا سبب بنتا ہے اور انسانوں اور فصلوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔

    ماحولیاتی امور کے محقق ڈاکٹر محمد السائغ نے کہا کہ مٹی کے بہت سے نقصانات ہیں اور اس کا فائدہ اس کے سوا کچھ نہیں ہے کہ یہ سمندری حیات کے لیے مفید ہے۔ انھوں نے کہا کہ پانچ سال قبل چین میں کی جانے والی سائنسی تحقیق میں ثابت ہوا تھا کہ دھول کے طوفانوں کے بہت سارے نقصانات کے باوجود دھول کا ایک فائدہ یہ ہے کہ یہ سمندری حیاتیات پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا دھول کے طوفان میں موجود فائدہ مند غذائی اجزا جیسے نائٹروجن، فاسفورس اور آئرن ساحلی مرجان میں بائیو کیمیکل سائیکل کو مثبت طور پر متاثر کرتے ہیں، ان سے سمندری زندگی کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو سکتا ہے اور ساتھ ہی ماحولیاتی کاربن ڈائی آکسائیڈ کو بھی کم کیا جاسکتا ہے۔

  • کویت: ویکسینیشن سرٹیفکیٹ میں ترمیم

    کویت: ویکسینیشن سرٹیفکیٹ میں ترمیم

    کویت سٹی: وزارت صحت نے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ میں آسٹرازینیکا کا نام شامل کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویتی وزارت صحت نے ویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ میں ترمیم کر دی ہے، سرٹیفکیٹ میں آسٹرازینیکا کا نام بھی آکسفورڈ کے ساتھ شامل کر دیا گیا۔

    روزنامہ القبس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی شہری یا رہائشی ویکسینیشن پلیٹ فارم سے دوبارہ ترمیم شدہ سرٹیفکیٹ نکال سکتا ہے، حکام کا کہنا تھا کہ سرٹیفکیٹ میں پہلے صرف آکسفورڈ لکھا گیا تھا۔

    حکام کے مطابق اس ترمیم کی وجہ یہ ہے کہ چند ممالک میں صرف آکسفورڈ سے اس ویکسین کو نہیں پہچانا جاتا، اس لیے اس کے ساتھ آسٹرازینیکا شامل کرنا پڑا، اب یہ ویکسین لگوانے والے اسی لنک کا حوالہ دے کر دوبارہ سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ یہ ترمیم یورپی یونین کی جانب سے ایک اعلان کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے کروائی گئی ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ کرونا ویکسینیشن پاسپورٹ ان لوگوں کو جاری کیا جائے گا جو وائرس کے خلاف مکمل ویکسینیٹڈ ہوں۔

    یورپی یونین سے کرونا ویکسینیشن پاسپورٹ کے حصول کے لیے مندرجہ ذیل 4 ویکسینز میں سے کوئی ایک لینا لازمی شرط ہے، جو کہ یورپی میڈیسن ایجنسی سے منظور شدہ ہیں۔

    ان کرونا ویکسینز میں فائزر بائیو این ٹیک، موڈرنا، آسٹرازینیکا آکسفورڈ، اور جانسن اینڈ جانسن شامل ہیں۔