Tag: کویت

  • کویت: ریستوران اور شاپنگ مالز پر بھاری جرمانہ عائد

    کویت: ریستوران اور شاپنگ مالز پر بھاری جرمانہ عائد

    کویت سٹی: کویت میں تجارتی مراکز کی انتظامیہ پر ویکسین سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں 5 ہزار دینار کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    کویتی میڈیا کے مطابق حکام نے مائی آئڈینٹٹی اور امیون ایپلی کیشنز کے ذریعے مالز، جمز اور ہیئر ڈریسنگ سیلون میں داخلے کے لیے لوگوں کے ویکسین سرٹیفکیٹ کی جانچ کی تاکہ وزرا کونسل کے فیصلے کے نفاذ کو یقینی بنایا جاسکے۔

    ویکسین وصول کرنے والے مالز، ریستوراں، کیفے، ہیلتھ کلبس اور ہیئر ڈریسنگ سیلونز میں داخل ہوسکتے ہیں۔ کویت بلدیہ کی ٹیمیں اتوار کے روز مختلف گورنریٹ میں دکانوں، مالز، کافی شاپس اور جمز کا معائنہ کرتی رہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ صرف کووڈ 19 کی ویکسین لینے والے افراد ہی تجارتی مراکز میں داخل ہوسکیں۔

    حکام کے مطابق بصورت دیگر انتظامیہ پر5 ہزار دینار جرمانہ عائد کیا جائے گا، ڈائریکٹر انسپکشن اینڈ سروسز کے شعبہ فالو اپ کے ڈائریکٹر سعد الشعبہ نے بتایا کہ ٹیمیں 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ صرف ویکسین شدہ افراد ہی شاپنگ مالز، ریستوران اور کافی شاپس میں داخل ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ بلدیہ نے فیصلے پر عمل درآمد سے قبل ایک مہم چلائی گئی ہے لہٰذا ٹیمیں فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والے لوگوں کے خلاف تمام قانونی اقدامات اٹھائیں گی۔

    بلدیہ الجہرا میں خلاف ورزیوں کے ڈائریکٹر سلیمان الغیس نے بتایا کہ الجہرا میں ٹیمیں پولیس کے ساتھ تھیں تاکہ حکومتی فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر تجارتی مراکز میں غیر ویکسینیٹ شدہ افراد کو داخلے کی اجازت دی جاتی ہے تو مراکز کی انتظامیہ پر 5 ہزار دینار جرمانہ عائد ہوگا جب تک انتظامیہ یہ ثابت نہ کر دے کہ وزیٹر نے خود پابندی کی خلاف ورزی کی ہے۔

  • کویتی دینار کی طاقت ور ترین پوزیشن

    کویتی دینار کی طاقت ور ترین پوزیشن

    کویت سٹی: دنیا بھر میں کرونا وائرس بحران کے باوجود کویتی دینار دنیا کی طاقت ور ترین کرنسی کی پوزیشن پر قائم رہا۔

    تفصیلات کے مطابق 2021 تک کرونا بحران کے باوجود کویتی دینار کو دنیا کی طاقت ور ترین کرنسی تسلیم کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں گُڈ ریٹرنز نامی ویب سائٹ نے دس طاقت ور ترین کرنسیز کی فہرست جاری کی ہے۔

    اس فہرست کے مطابق پہلے نمبر پر کویتی دینار نے اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے، حالاں کہ دنیا بھر میں کرونا وبا کی وجہ سے کرنسیوں کی قیمت میں بھی اتار چڑھاؤ آتا رہا، کویتی دینار مئی 2021 تک مضبوط گردش کرنے والی کرنسی رہی، جس میں ایک کویتی دینار 3.32 امریکی ڈالر کے برابر ہے۔

    دوسرے نمبر پر بحرینی دینار رہا، جو مئی 2021 تک دوسری انتہائی قیمتی کرنسی رہی، شرح تبادلہ میں 1 بحرینی دینار 10 سعودی ریال کے برابر رہا۔

    عمانی ریال سلطنت عمان کی قومی کرنسی ہے، اس وقت عمانی ریال کا دنیا کی قیمتی کرنسیوں میں تیسرا مقام ہے۔ چوتھے نمبر پر اردنی دینار ہے، جو اردن کی سرکاری کرنسی ہے۔

    برطانیہ کی قومی کرنسی برٹش اسٹرلنگ پاؤنڈ دنیا کی سب سے قیمتی کرنسیوں میں پانچویں نمبر پر ہے، طاقت کے لحاظ سے یہ چار عربی کرنسیوں سے پیچھے ہے۔ چھٹے نمبر پر جبرالٹر پاؤنڈ جبرالٹر کی کرنسی ہے، یہ برابر قیمت پر برطانوی اسٹرلنگ پاؤنڈ سے منسلک ہے۔

    ساتویں نمبر پر کیمان ڈالر ہے، جزیرے کیمین کیریبین کا ایک برطانوی علاقہ ہے۔ آٹھویں نمبر پر یورو ہے، یہ یوروپی یونین کے 28 ممبر ممالک میں سے 19 کی سرکاری کرنسی ہے، اس کے علاوہ اس کرنسی کی دنیا میں کرنسی کے تبادلے کی شرح سب سے زیادہ ہے۔

    نویں نمبر پر سوئس فرانک ہے، سوئس فرانک اکثر بینک ڈپازٹ میں استعمال ہوتا ہے، جہاں رقم غیر ملکی اکاؤنٹس میں بھیجی جاتی ہے، کیوں کہ یہ دنیا کی مضبوط کرنسیوں میں سے ایک ہے، اور دنیا کی واحد کرنسی ہے جو مہنگائی سے متاثر نہیں ہوتی ہے۔

    دسویں نمبر پر امریکی ڈالر ہے، امریکی ڈالر دنیا کی سب سے اہم ریزرو کرنسی ہے، اب تک کوئی بھی کرنسی امریکی ڈالر کو سب سے زیادہ تجارت کی جانے والی کرنسیوں کے طور پر تبدیل نہیں کر سکی ہے۔

  • کویت میں غیر ملکیوں کے حوالے سے تشویش ناک خبر

    کویت میں غیر ملکیوں کے حوالے سے تشویش ناک خبر

    کویت سٹی: سپریم ایڈوائزری کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں 60 فی صد غیر ملکی کرونا وائرس کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی سپریم ایڈوائزری کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر خالد الجاراللہ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی نئی تبدیل شدہ قسم کے پھیلنے سے ملک میں نئے کیسز اور اسپتالوں میں داخلوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

    کمیٹی سربراہ نے بتایا کہ ملک میں کرونا وائرس کی شرح میں اضافہ ہو اہے، جن میں 60 فی صد غیر ملکی کرونا انفیکشن کا شکار ہیں، جب کہ کویتی شہریوں کی تعداد 40 فی صد ہے۔

    روزنامہ الرای کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر خالد نے انکشاف کیا کہ ملک میں کرونا انفیکشن کی شرح غیر ملکیوں میں زیادہ ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کرونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے تاہم ویکسینیشن کی شرح میں اضافے سے صحت کے نظام پر اس کے اثرات کم ہو جائیں گے، ڈاکٹر خالد نے عوام سے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی بھی اپیل کی۔

    گزشتہ روز وزارت صحت نے کرونا وائرس کے نئے کیسز سے متعلق رپورٹ جاری کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ کویت میں ریکارڈ کیے گئے نئے کیسز کی تعداد 1962 تک پہنچ چکی ہے۔

    مذکورہ تعداد کویت میں ریکارڈ کی جانے والی اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے، کمیٹی کا کہنا ہے کہ یومیہ ریکارڈ کیے جانے والے کرونا کیسز کی مجموعی تعداد میں سے آدھے سے زیادہ غیر ملکی ہیں۔

  • پرائیویٹ نرسریز کے حوالے سے کویت کا بڑا فیصلہ

    پرائیویٹ نرسریز کے حوالے سے کویت کا بڑا فیصلہ

    کویت سٹی: کویت کی کرونا ایمرجنسی کی سپریم کمیٹی نے نجی نرسریوں کو دوبارہ کام شروع کرنے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں پرائیویٹ نرسریز کو اگلے تعلیمی سال کے آغاز ہی سے کام دوبارہ شروع کرنے کی منظوری دے دی گئی، اس سلسلے میں سیکریٹریٹ جنرل برائے وزرا کونسل نے وزارت سماجی امور اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کو آگاہ کر دیا۔

    روزنامہ الرای کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزرائے مجلس کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے پانی و بجلی اور توانائی کے وزیر ڈاکٹر مشعان العتیبی کو ایک مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں نرسریوں کا کام دوبارہ شروع کرنے کے منصوبے کے بارے میں اعلان کیا گیا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کمیٹی نے 28 اپریل کو اصولی طور پر نرسریز کو کام کی اجازت دینے پر اتفاق کیا تھا، بشرط یہ کہ وزارت سماجی امور اور صحت بچوں کو کرونا وائرس کے انفیکشن سے بچانے کے لیے کوئی طریقہ کار وضع کرے، اور اس سلسلے میں نرسریوں کی کوششوں کے بارے میں کرونا ایمرجنسی کمیٹی کو ایک رپورٹ فراہم کی جائے۔

    کویت: ممنوعہ ممالک کے مسافروں کے لیے بڑی خوش خبری

    واضح رہے کہ کویت نے ممنوعہ ممالک سے آنے کے لیے غیر ملکیوں کو کسی تیسرے ملک میں 14 دن گزارنے سے بھی استثنیٰ دے دیا ہے، ویکسینیشن کرنے والے تارکین وطن براہ راست سفر کر کے اب کویت آ سکتے ہیں، قرنطینہ کے لیے کسی تیسرے ملک میں رکنے کی ضرورت نہیں ہے۔

  • کویت: ممنوعہ ممالک کے مسافروں کے لیے بڑی خوش خبری

    کویت: ممنوعہ ممالک کے مسافروں کے لیے بڑی خوش خبری

    کویت سٹی: ممنوعہ ممالک سے کویت آنے کے لیے غیر ملکیوں کو کسی تیسرے ملک میں 14 دن گزارنے سے استثنیٰ دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کویتی حکام نے کہا ہے کہ ویکسینیشن کرنے والے تارکین وطن براہ راست سفر کر کے اب کویت آ سکتے ہیں، قرنطینہ کے لیے کسی تیسرے ملک میں رکنے کی ضرورت نہیں ہے۔

    کویت کے سرکاری ذرائع کے حوالے سے روزنامہ القبس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یکم اگست سے ممنوعہ ممالک سے واپس آنے والے ویکسینیٹڈ تارکینِ وطن پر ملک میں داخلے سے قبل کسی تیسرے ملک میں دو ہفتے گزارنے کا قانون اب لاگو نہیں ہوگا۔

    کویت میں نئی پابندی عائد

    حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ قانون ماضی کے فیصلوں کا حصہ ہے، تاہم اب تارکین وطن براہ راست پروازوں سے ملک میں داخل ہو سکتے ہیں، تاہم ملک میں داخلے سے قبل تارکین وطن کو کویت میں منظور شدہ ویکسینز میں سے کوئی بھی ایک لینی ہوگی۔

    دیگر طے شدہ شرائط کے مطابق کویت میں آمد سے قبل غیر ملکی 72 گھنٹے قبل کی پی سی آر منفی رپورٹ پیش کریں گے، تاہم کویت میں داخل ہونے والے تارکینِ وطن کو آمد کے بعد گھریلو قرنطینہ کی مدت پوری کرنی ہوگی۔

    گھریلو قرنطینہ کے دوران دوسرا پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا، جس کا نتیجہ منفی آنے کی صورت میں گھریلو قرنطینہ ختم ہو جائے گا۔

    کویت وزرا کونسل اس سلسلے میں بھی جلد فیصلہ کرے گی کہ ملک میں گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے کے لیے آنے والے خاندانوں میں چھوٹے بچوں کو ویکسینیشن سے مستثنیٰ کیا جائے یا ویکسین کی شرط لازمی قرار دی جائے۔

  • کویت: تارکین وطن کے رہائشی اقاموں کے سلسلے میں اہم خبر

    کویت: تارکین وطن کے رہائشی اقاموں کے سلسلے میں اہم خبر

    کویت سٹی: پارلیمانی وزرا نے 60 سال سے زائد عمر کے تارکینِ وطن کے رہائشی اقاموں کی تجدید کے فیصلے پر نظر ثانی کی تجویز پیش کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت نے فیصلہ کیا تھا کہ معمر تارکین وطن کے رہائشی اجازت ناموں کی مزید تجدید نہیں کی جائے گی، تاہم رکن پارلیمنٹ عبداللہ التوراجی نے اس فیصلے پر نظرثانی کی تجویز پیش کی ہے۔

    پارلیمنٹ کے رکن نے کہا کہ کویت میں پیدا ہونے والے افراد، اور کویتی خواتین سے شادی کرنے والوں کو نئے ضوابط سے مستثنیٰ قرار دینے کے لیے، ان تارکین وطن کی درجہ بندی کی جائے۔

    التوراجی نے کہا کہ ساٹھ سال سے زیادہ عمر کے تارکین وطن کو بھی پابند کیا جائے، کہ وہ سرکاری اسپتالوں میں میڈیکل کیئر نہ لیں، یا وزٹ ویزا رکھنے والےاور انشورنس بیمہ نہ ہونے پر عائد فیس کی ادائیگی لازمی کریں۔

    انھوں نے سفارش کی کہ رہائشی اجازت ناموں کی تجدید نہ کرنے کے فیصلے سے لیبر مارکیٹ اور بعض تکنیکی خدمات کی فیسوں پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، اس لیے اس کے نفاذ کے پہلے 6 ماہ کے دوران مطالعہ کیا جائے کہ کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

    اجلاس میں قانون سازوں کی جانب سے یہ استفسار بھی کیا گیا کہ وہ تارکین وطن کی تعداد جاننا چاہتے ہیں، جو کویت میں پیدا ہوئے اور کویتی خواتین سے شادی کی، اور وہ تارکین وطن جو مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث تھے۔

  • غیر ملکیوں کے واپس نہ آنے سے کویت کی معیشت کو جھٹکا

    غیر ملکیوں کے واپس نہ آنے سے کویت کی معیشت کو جھٹکا

    کویت سٹی: کویت وہ واحد ملک ہے جس نے کرونا وائرس کنٹرول کر لینے کے بعد بھی ابھی تک غیر ملکیوں کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی اور یہ مسئلہ اب ملک کی معیشت کی بحالی کو متاثر کر رہا ہے۔

    انگلینڈ اور ویلز آئی سی اے ڈبلیو میں انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے ذریعہ کمیشن برائے اقتصادی تازہ کاری پر مبنی 2021 کی دوسری سہ ماہی کے لیے مشرق وسطیٰ پر رپورٹ نے واضح کیا کہ تیل کی اعلیٰ قیمتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کویت کے معاشی بحالی کے امکانات بہتری کی طرف جارہے ہیں تاہم ملک کو اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہوگی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ کویت کے خزانے میں جی ڈی پی کی 435 فیصد مالیت بچت ہے لیکن انہیں مستقبل میں استعمال کے لیے قانونی طور پر مختص کیا گیا ہے اور موجودہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اس خطیر رقم تک رسائی حاصل نہیں کی جاسکتی۔

    موجودہ صورتحال میں مہینوں کے اندر حکومت کو اجرت اور تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے نقد کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جو صرف سرکاری خرچوں کے لیے ہی تقریباً 75 فیصد ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ اس سال تیل کی پیداوار میں صرف معمولی اضافے کی توقع کے بعد کویت میں تیل کے شعبے میں نمو صرف 0.9 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ اگرچہ تیل کے علاوہ ذرائع سے حاصل جی ڈی پی آہستہ آہستہ بحال ہورہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس اس سال بھی کاروبار کے لیے جاری چیلنجز کا باعث ہیں۔ آکسفورڈ اکنامکس کا اندازہ ہے کہ ایک اور عنصر جس نے کویت کی نمو کو متاثر کیا وہ کویت میں غیر ملکیوں کی تعداد میں کمی ہے۔ ان میں اہم شعبوں خصوصاً تعمیرات، ریل اسٹیٹ اور مینو فیکچرنگ کی نمو میں غیر ملکیوں کی عدم دستیابی کے بعد 2020 میں 4 فیصد کمی واقع ہوئی تھی۔

    حکومت کا ارادہ ہے کہ غیر ملکی رہائشیوں کے تناسب کو موجودہ 65 فیصد سے کم کر کے 30 فیصد کردیا جائے، یہ پالیس جی ڈی پی کی بحالی اور تنوع کو متاثر کرے گی۔

    رپورٹ کے مطابق کویت کا بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے تقریباً 29 فیصد تک بڑھ گیا ہے جو دنیا میں خسارے کی سب سے بڑی شرح ہے کیونکہ تیل کی آمدنی میں 32 فیصد سے زیادہ کمی واقع ہوئی ہے۔

    آکسفورڈ اکنامکس کے چیف اکانومسٹ اسکاٹ لیورمور کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس اور تیل کی کم قیمتوں کے دوہرے جھٹکے کے بعد کویت کی معاشی بحالی کے امکانات سست روی سے بہتری کی طرف گامزن ہیں تاہم حکومتی بجٹ 2020 میں شدید دباؤ کا شکار رہا کیونک ایک اور اہم مسئلہ یہ ہے کہ کویت قرض کے قانون کے مطابق سنہ 2017 کے اختتام کے بعد قرض لینے سے قاصر ہے۔

    ان کے مطابق حکومت جب قرضوں سے متعلق قانون سازی کے بحران سے نمٹنے کے لیے کوشش کرے گی تو اس سال اور اس سے آگے کویت کسی حد تک معاشی بحالی کی راہ پر چل سکتا ہے۔

  • کویت: ریستوران اور شاپنگ مالز کے اوقات کب بڑھائے جائیں گے؟

    کویت: ریستوران اور شاپنگ مالز کے اوقات کب بڑھائے جائیں گے؟

    کویت سٹی: کویت میں ریستوران، کمپلیکس اور شاپنگ مالز کے اوقات بڑھانے کے لیے 3 شرائط جاری کردی گئیں جن پر عمل درآمد کے بعد ہی اوقات کار بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔

    کویتی خبر رساں ادارے کے مطابق کویت میں ریستوران، کمپلیکس اور شاپنگ مالز کے اوقات بڑھانے کے لیے 3 شرائط وضع کردی گئی ہیں۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق تجارتی سرگرمیوں جیسے کمپلیکس، ریستوران اور کیفوں کے اوقات کار بڑھانے یا کچھ سرگرمیاں جو ابھی بھی بند ہیں مثلاً بچوں کے پلے کلب وغیرہ صحت کے تصورات کے مطابق انجام دیے جاتے ہیں۔

    ان سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز کے لیے ایک مربوط نظام کی ضرورت ہے جس میں 3 بنیادی کنٹرول شامل ہیں۔

    کھولی جانے والی سرگرمیوں کو مسلسل مانیٹر کرنا کہ کیا وہ صحت کی ضروریات یر عمل پیرا ہیں یا نہیں۔

    حکومت نے واضح کہا ہے کہ جب تک ہم روزانہ انفیکشن کی کم تعداد تک نہ پہنچیں اور عوام کی قوت مدافعت کا حصول اطمینان بخش نہ ہو جائے، اس کے بعد ہی سرگرمیوں کی بندش کو منسوخ کرنے اور دیگر سرگرمیوں کے اوقات کار میں توسیع کے لیے تاریخ طے کی جائے گی۔

    ذرائع نے مزید کہا ہے کہ یہ فیصلہ معاشی، معاشرتی اور مالی عوامل جیسے دیگر عوامل پر مبنی ہوسکتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کمپلیکس، ریستوران اور کیفوں کے کھولنے کے اوقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور وہ شام کے 8 بجے ہی بند ہوں گے۔

  • کرونا وائرس کی بھارتی قسم کویت بھی پہنچ گئی

    کرونا وائرس کی بھارتی قسم کویت بھی پہنچ گئی

    کویت سٹی: کویت میں کرونا وائرس کی نہایت متعدی بھارتی قسم کے کیسز کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق کرونا وائرس کا انڈین ویرینٹ کویت بھی پہنچ گیا ہے، کویت میں اس ویرینٹ کے کئی کیسز سامنے آئے ہیں۔

    کویت کی وزارت صحت نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ ریاست میں سامنے آنے والے بھارتی قسم کے کرونا وائرس کیسز کو بغور مانیٹر کیا جا رہا ہے، ترجمان عبداللہ السند نے بتایا کہ ڈیلٹا ویرینٹ (عام طور پر بھارتی انڈین ویرینٹ کے نام سے مشہور) کے کیسز کی تصدیق وزارت صحت کے ایک تفصیلی تجزیے میں ہوئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کچھ افراد میں کرونا وائرس کی رپورٹ مثبت آئی تھی، گہرے لیبارٹری تجزیے کے بعد معلوم ہوا کہ انھیں ڈیلٹا ویرینٹ کا انفیکشن لاحق ہوا ہے، تصدیق کے بعد تمام کیسز کو باقاعدگی کے ساتھ مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

    بھارتی کرونا قسم: عالمی ادارہ صحت نے دنیا کو خبردار کردیا

    واضح رہے کہ رواں ماہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خطرے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت میں پائے جانے والے ‘کو وِڈ ویرینٹ’ کا ایک اسٹرین باعث تشویش بنا ہوا ہے، اور مختلف ممالک اس پر گہری نظر رکھ رہے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق ڈیلٹا ویرینٹ ’ٹریپل میوٹنٹ ویرینٹ‘ ہے کیوں کہ اس میں مزید اسٹرین پیدا ہوتے ہیں، عالمی ادارے نے پہلے اس ویرینٹ کے تمام اسٹرین کو تشویش ناک قرار دیا تھا لیکن اب کہا جا رہا ہے کہ صرف ایک ہی اسٹرین خطرہ ہے، یعنی بی 1.617.2 نامی اسٹرین بڑے پیمانے پر خطرہ بنا ہوا ہے۔

  • عرب ملک میں پلنے بڑھنے والی بھارتی حسینہ پاکستان سے دوستی کی خواہشمند

    عرب ملک میں پلنے بڑھنے والی بھارتی حسینہ پاکستان سے دوستی کی خواہشمند

    کویت سٹی: امریکا میں ہونے والے مس ورلڈ مقابلے میں شریک تیسرے نمبر پر آنے والی ایڈلین کیسٹیلینو، جن کا آبائی وطن بھارت ہے، پاکستان سے دوستی اور بہتر تعلقات کی خواہاں ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مس یونیورس مقابلے میں تیسرے نمبر پر آنے والی ایڈلین کیسٹیلینو کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے لیے یہ وقت ہے کہ وہ باہمی اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کے احترام پر مبنی تعلق استوار کریں۔

    انٹرویو کے دوران ایڈلین نے عرب ثقافت میں گزرے اپنے بچپن کا ذکر بھی کیا۔

    گزشتہ ماہ فلوریڈا میں ہونے والے مس ورلڈ مقابلے میں شریک رہنے والی بھارتی حسینہ کا کہنا تھا کہ اگر مجھے موقع ملا تو میں امن کے سفیر کا کردار ادا کر کے خوشی محسوس کروں گی۔ میری کوشش ہو گی کہ اس وقت دنیا کو جس چیز کی ضرورت ہے اس کے لیے سب سے زیادہ کام کروں۔

    جنوبی بھارت کی ریاست کرناٹک کے علاقے منگلور سے آبائی تعلق رکھنے والی 22 سالہ ایڈلین کیسٹیلینو کویت میں پیدا ہوئیں اور وہیں پلی بڑھی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں عرب ثقافت میں پلنے بڑھنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں، اس سے میں نے بہت کچھ سیکھا ہے، دونوں ثقافتوں کے امتزاج نے مجھے وہ بنایا ہے جو میں آج ہوں۔

    ایڈلین کا کہنا تھا کہ کویت نے انہیں جو ایک اور چیز دی وہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایسے دوست ہیں جن کے ملک سے ان کے آبائی وطن بھارت کے تعلقات اچھے نہیں ہیں۔

    وہ کہتی ہیں کہ میں نہیں سمجھتی کہ اس دشمنی کو جاری رہنا چاہیئے۔ اپنی تاریخ اور پس منظر کی وجہ سے ہم بہت اچھے تعلقات رکھ سکتے ہیں، کویت میں، میں پاکستانیوں اور بنگلہ دیشیوں کے ساتھ رہی ہوں اور وہ میرے سب سے اچھے دوست ہیں، وہ میرے لیے خاندان جیسے ہیں۔