Tag: کویت

  • کویت: ٹریفک حادثے میں زخمی پاکستانی شہری چل بسا

    کویت: ٹریفک حادثے میں زخمی پاکستانی شہری چل بسا

    کویت سٹی: کویت میں ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے والا پاکستانی شہری 2 روز تک اسپتال میں زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد انتقال کر گیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق کویت کی ابدلی روڈ پر ہونے والے ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 2 دن قبل 2 کویتی شہری جاں بحق ہوئے تھے جبکہ اس حادثے میں ایک پاکستانی شہری بھی شدید زخمی حالت میں اسپتال میں لایا گیا تھا۔

    یہ شہری 2 روز اسپتال میں زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد انتقال کر گیا تھا۔

    حکام کے مطابق پاکستانی شہری کی گاڑی نامعلوم وجوہات کے سبب الٹ گئی تھی جس میں سوار دونوں کویتی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کے آپریشن روم کو حادثے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ سیکیورٹی اور پیرامیڈک کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی تھیں۔

    پاکستانی شہری کی لاش فارنزک کے حوالے کردی گئی تھا۔ جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری کی شناخت ندیم اختر فاروقی کے نام سے ہوئی تھی۔

  • کویت کی پاکستان میں  کورونا مریضوں کیلئے اسپتال بنانے کی پیشکش

    کویت کی پاکستان میں کورونا مریضوں کیلئے اسپتال بنانے کی پیشکش

    کراچی : کویتی قونصل جنرل سلیم یوسف الحمدان نے وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات میں کورونا مریضوں کیلئے اسپتال بنانے کی پیش کش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے کویت کے کراچی میں مقرر قونصل جنرل کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اورباہمی دلچسپی کےامورپربات چیت کی گئی۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کویت ہمارابرادراسلامی ملک ہے، ہم کویت کے ساتھ تعلقات کوعزت کی نگاہ سے دیکھتےہیں۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ شہیدبھٹوکےزمانےمیں کویت نےہوٹل انڈسٹری میں سرمایہ کاری کی، سندھ کےکافی نوجوان شہیدذوالفقاربھٹوکےزمانےسےکویت میں کام کررہےہیں۔

    ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے کویت کو کول انرجی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جبکہ قونصل جنرل سلیم یوسف الحمدان نے کورونا مریضوں کیلئے اسپتال بنانے کی پیش کش کی۔

    مرادعلی شاہ نے کہا کہ کویت حیدرآباد میں کوروناوائرس کے علاج کیلئے اسپتال قائم کرے گا۔

  • کویت: جزوی کرفیو کی مدت میں توسیع

    کویت: جزوی کرفیو کی مدت میں توسیع

    کویت سٹی: وزرا کونسل نے کویت میں جزوی کرفیو کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے کویت وزرا کونسل کے متعدد نئے فیصلے منظر عام آئے، جن میں سب سے اہم فیصلہ جزوی پابندی کو جاری رکھنے کا فیصلہ تھا۔

    کرونا وائرس کی بگڑتی صورت حال کے پیش نظر جمعرات 8 اپریل کو اختتام پذیر ہونے والے جزوی کوفیو کی مدت بڑھا کر 22 اپریل تک کر دی گئی ہے، تاہم کرفیو میں 2 گھنٹے کمی بھی کی گئی ہے۔

    اب کرفیو 8 اپریل کے بعد شام 7 بجے سے صبح 5 بجے تک نافذ رہے گا، 22 اپریل کو صبح 5 بجے نئے فیصلے کی مدت پوری ہوجائے گی، تاہم اس کے بعد کرونا کی صورت حال دیکھ کر نئے فیصلے کیے جائیں گے۔

    رمضان میں خصوصی اجازت

    شام 7 سے صبح 3 بجے تک ریستوران، کیفے اور فوڈ مراکز کو کھانوں کی ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔

    کویت: فیس ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف سخت مہم

    شہریوں کو شام 7 سے رات 10 بجے تک صحت برقرار رکھنے کے لیے رہائشی علاقوں میں چہل قدمی کی اجازت ہوگی، لیکن گاڑیوں یا سائیکلوں کے بغیر۔

    شام 7 بجے سے رات 12 بجے تک ایڈوانس بکنگ سسٹم کے ذریعے خریداری کی اجازت ہوگی۔

  • کویت: فیس ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف سخت مہم

    کویت: فیس ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف سخت مہم

    کویت سٹی: افرادی قوت کے اسپیکشن ڈیپارٹمنٹ نے کویت کے مالز اور مارکیٹوں میں فیس ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف سخت مہم شروع کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویتی حکام نے عوام کو ہدایت جاری کی ہے کہ مالز اور مارکیٹوں میں سخت چیکنگ شروع ہو چکی ہے اس لیے فیس ماسک کے ذریعے ناک کو مکمل طور پر ڈھانپ کر رکھیں۔

    پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت میں انسپکشن ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ انجینئر فاطمہ الجعلبی نے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ الرای کے علاقے میں ادارے کے انسپکٹرز نے غیر مناسب طریقے سے ماسک پہننے یا نہ پہننے کے جرم میں متعدد افراد پر جرمانے عائد کیے ہیں۔

    کویت میں شاپنگ مالز اور مارکیٹوں میں فرش پر سماجی فاصلے کے نشانات نہ لگائے جانے پر چند اداروں کو بھی جرمانہ کیا جا چکا ہے۔

    فاطمہ الجعلبی نے بیان میں متنبہ کیا کہ اگر مذکورہ مقامات پر فیس ماسک اور سماجی فاصلے کے قانون کی دوبارہ خلاف ورزی پائی گئی تو انھیں قانونی طور پر جواب دہ ٹھہرا کر عدلیہ کے حوالے بھی کیا جا سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ خواتین کی انسپکشن ٹیم خواتین کے سیلون، انسٹی ٹیوٹس، کلینکس، درزی کی دکانوں اور دیگر دکانوں کے معائنے میں مہارت رکھتی ہے، اس لیے محتاط رہا جائے۔

    انسپکشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق خواتین کی انسپکشن ٹیم نے 28 ہزار دورے کیے، اس دوران 444 خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کیے گئے، اور 4،400 کو وارننگز جاری کی گئیں، جب کہ 4 دکانوں کو سر بمہر کیا گیا۔

  • کویت: 60 سالہ افراد کے ورک پرمٹ کی تجدید کی فیس کتنی ہوگی؟

    کویت: 60 سالہ افراد کے ورک پرمٹ کی تجدید کی فیس کتنی ہوگی؟

    کویت سٹی: کویت میں 60 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے ورک پرمٹ کی تجدید کی فیس میں تبدیلی کی تجویز پیش کردی گئی۔

    کویتی میڈیا رپورٹ کے مطابق عوامی مشاورتی افرادی قوت برائے روزگار امور کی سپریم ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کے دوران طے ہوا کہ مذکورہ تجویز پر اتفاق رائے سے ایک فارمولہ طے پا گیا ہے جس کے تحت 60 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کے ورک پرمٹ کی تجدید کی جا سکتی ہے۔

    اس تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا ہے کہ ایک سال کے لیے ورک پرمٹ کی تجدید کی فیس 2 ہزار کے علاوہ 500 دینار جامع ہیلتھ انشورنس فیس بھی لی جائے گی تاہم اس تجویز کو منظوری یا ترمیم کے لیے افرادی قوت برائے پبلک اتھارٹی میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پاس پیش کیا جائے گا۔

    ذرائع نے مزید کہا کہ اس تجویز میں اجلاس میں موجود شرکا کی منظوری بھی شامل ہے، پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، کویت ورکرز یونین، وزارت داخلہ اور کچھ دیگر اداروں نے چھوٹے درجے کے کارکنوں کو اس سے محفوظ رکھنے اور اس کو محدود کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں مجوزہ رقم میں کمی کا بھی امکان ہے جس کا جلد انعقاد ہونا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اجلاس کی صدارت وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر عبداللہ السلمان کریں گے، پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کے نائب صدر اور ڈائریکٹر اور تجربہ رکھنے والے 3 افراد کے علاوہ 4 سرکاری ایجنسیوں کے ارکان بھی اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔

  • کویت: اقامہ لگوانے یا تبدیل کروانے سے قبل اہم امتحان لازم

    کویت: اقامہ لگوانے یا تبدیل کروانے سے قبل اہم امتحان لازم

    کویت سٹی: کویت میں اقامہ لگوانے یا تبدیل کروانے سے قبل متعلقہ شعبے سے وابستہ پیشے کا امتحان لازم قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت نے واضح کیا ہے کہ مخصوص پیشوں سے وابستہ افراد کے لیے اہلیت کا امتحان لازمی ہوگا۔

    اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد الموسیٰ کا کہنا تھا کہ تارکین وطن کے لیے قابلیت کے امتحانات ابھی بھی جاری ہیں، قابلیت کا امتحان نئے آنے والوں اور اپنے پیشے تبدیل کرنے والوں کے لیے لازمی شرط ہے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس پھیلنے سے روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات کے تحت کارکنوں کی بھرتیوں کو روک دیا گیا تھا، جس کے سبب ٹیسٹ خود بخود رک گئے تھے۔

    الموسیٰ کا کہنا تھا ملک کے اندر تارکین وطن کے لیے رہائشی اقامہ منتقل کرنے یا ایک پیشے کو دوسرے پیشے میں تبدیل کرنے پر بھی یہی ٹیسٹ لاگو ہوتا ہے۔

    انھوں نے کہا مستقبل میں تکنیکی پیشوں کی بڑی تعداد کو اس فہرست میں شامل کرنے کا ارادہ ہے جنھیں یہ قابلیت کا امتحان پاس کرنا ہوگا۔

    اس بات کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اکاؤنٹنٹس کو بھی اس زمرے میں شامل کیا جائے گا، جس کے لیے جلد ہی اکاؤنٹس ایسوسی ایشن سے مشاورت کی جائے گی۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل برائے ترقی و منصوبہ بندی امور ایمان الانصاری کا کہنا تھا کہ پیشہ ور ملازمتوں سے وابستہ عوامی فلاحی سوسائیٹیز کے ساتھ مشاورت سے پیشوں کی فہرست پر کام جاری ہے۔

  • کویتی حکام کی ویزا و اقامہ کے حوالے سے اہم وضاحتیں

    کویتی حکام کی ویزا و اقامہ کے حوالے سے اہم وضاحتیں

    کویت سٹی: کویتی حکام کا کہنا ہے کہ بیرون ملک پھنسے تارکین وطن کی واپسی کے لیے کویت کا ویزا لازمی شرط ہے، وزارت داخلہ نے اس حوالے سے مزید وضاحت بھی جاری کی ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ کویتی خواتین اپنے غیر ملکی شوہر اور بچوں کو اسپانسر کرنے کا حق رکھتی ہیں بشرطیکہ ان میں سے کوئی بھی سرکاری یا نجی ادارے کے لئے کام نہ کرتا ہو، خاتون کو کویتی شہری سے شادی کے ذریعے شہریت حاصل نہ ہوئی ہو۔

    وزارت داخلہ کے مطابق اس کے علاوہ غیر کویتی بیویوں اور غیر کویتی بچوں کو رہائشی اجازت نامہ حاصل کرنے کا حق ہے۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ ایسے گھریلو ملازمین جن کا رہائشی اقامہ ملک سے باہر ہونے کے عرصے کے دوران ختم ہوگیا ہے، قانون کی رو سے اگر وہ دوبارہ ملک میں داخل ہونا چاہتے ہیں تو انہیں نئے انٹری ویزا کی درخواست دینا ہوگی اور تمام نئے طریقہ کار پر عمل کرنا پڑے گا۔

    یہی قانون ان غیر ملکی کارکنان پر بھی لاگو ہوتا ہے جو دوسرے ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں تاہم کارکنان کو وزارتی مجلس میں کرونا وائرس ہنگامی صورتحال کے لیے وزارتی کمیٹی کی منظوری حاصل کرنا ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں مقیم غیر ملکی بچوں کے والد اگر ملک سے باہر تھے اور ان بچوں کے رہائشی اجازت نامے کی میعاد ختم ہوجاتی ہے تو جب تک والد ملک میں واپس داخل نہیں ہوجاتے تب تک ان بچوں کے اقاموں کی تجدید نہیں کی جائے گی۔

    اسی طرح اگر والد واپس ملک لوٹنے میں ناکام رہتے ہیں تو اس صورت میں بچے اپنی رہائشی حیثيت میں ترمیم کرسکتے ہیں یا ملک چھوڑ کر جا سکتے ہیں۔

    گھریلو ملازمین سمیت کارکنوں کو جاری کردہ تمام نئے داخلہ ویزوں کے لیے وزرا کی کونسل میں کرونا ایمرجنسی وزارتی کمیٹی کی منظوری درکار ہوگی۔

    غیر ملکی کارکنان جن کے کفیل وفات پا چکے ہیں انہیں ملک میں اپنی رہائشی حیثیت کو ایڈجسٹ کرنا ہوگا، اس سلسلے میں طے شدہ طریقہ کار کے مطابق رہائشی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔ اگر وہ رہائشی اجازت نامہ حاصل نہیں کرتے ہیں تو انہیں ملک چھوڑنا پڑے گا۔

  • کویت: امتحانات کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت: امتحانات کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت سٹی: کویت میں اگلے ایک ماہ تک ہونے والے تمام امتحانات آن لائن منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، کویت میں ایک ماہ کے لیے جزوی کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق تعلیمی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر حماد المعطر نے اعلان کیا ہے کہ وزارت اعلیٰ تعلیم کے طے کردہ فیصلے کے مطابق کویت کی تمام جامعات میں امتحانات آن لائن منعقد ہوں گے۔

    یہ ہدایت 7 مارچ سے اگلے ایک ماہ تک ہونے والے امتحانات کے لیے جاری کی گئی ہے۔

    کویت میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کو دیکھتے ہوئے اگلے ایک ماہ تک 12 گھنٹے کا جزوی کرفیو نافذ کیا گیا ہے اور اسی کے پیش نظر تعلیمی اداروں کے لیے یہ نئی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    گو کہ کرونا وائرس کی وجہ سے کویت میں گزشتہ پورا سال تعلیم آن لائن ہوئی ہے تاہم کچھ کالجز میں پروفیسر طلبا کو بلوا کر امتحانات بھی لے رہے تھے۔

    اب کمیٹی کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی پروفیسر اس ہدایت کی خلاف ورزی کرے گا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ کویت کے علاوہ دیگر گلف ممالک میں اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے کھل چکے ہیں تاہم کویت نے ابھی اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

  • کویت میں بینکوں کے اوقات کار تبدیل

    کویت میں بینکوں کے اوقات کار تبدیل

    کویت سٹی: کویت میں اگلے ہفتے سے جزوی کرفیو کے نفاذ کے بعد بینکوں کے اوقات کار بھی تبدیل کردیے جائیں گے، اس حوالے سے سرکلر جاری کردیا گیا ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق کویت بینکنگ ایسوسی ایشن نے کرفیو کے دوران بینکوں کے کام کرنے کے اوقات کار جاری کردیے ہیں۔

    بینکنگ ذرائع کا کہنا ہے کہ کویت بینکنگ ایسوسی ایشن نے ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں جزوی کرفیو کے دوران مقامی بینکوں کے اوقات کار کی وضاحت کی گئی ہے۔

    سرکلر میں کہا گیا کہ آئندہ اتوار سے ملک میں جزوی پابندی کے فیصلے پر عمل درآمد شروع ہوجائے گا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بینکوں کے اوقات کار میں کمی کردی گئی ہے۔

    صنعتی اور سرمایہ کاری والے علاقوں میں واقع شاخوں میں دوپہر 2 بجے تمام بینک اپنا کام روک دیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بینک نجی شعبے میں کام کی جگہ پر ملازمین کی تعداد کو محدود کرنے کے کابینہ کے فیصلے کی پاسداری کریں گے، ایک ہی عمارت میں ہر تنظیمی یونٹ کے اندر ملازمین کی کل تعداد کے 50 فیصد سے زائد نہیں ہوگی۔

  • کویت: کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر اہم فیصلہ

    کویت: کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر اہم فیصلہ

    کویت سٹی: کویت میں کرونا وائرس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے جزوی کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، کرفیو 1 مہینے کے لیے شام 5 بجے سے صبح 5 بجے تک ہوگا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کویت کی وزرا کونسل نے شیخ صباح خالد الحمد الصباح کی سربراہی میں جمعرات کو ہونے والے اپنے غیر معمولی اجلاس کے دوران ملک کے تمام حصوں میں جزوی کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    کرفیو کا اطلاق اتوار شام 5 بجے سے صبح 5 بجے تک پورے مہینے کے لیے شروع ہو جائے گا۔

    حکومت کے ترجمان طارق المزرم نے کابینہ اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کونسل نے ملک میں جزوی کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اجلاس میں صحت کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور وزیر داخلہ کو اتوار سے شام 5 بجے سے شروع ہونے والے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پابندی کے وقت نمازیوں کو اپنے گھروں کے قریب مسجدوں میں جانے کی اجازت دی جائے گی، جزوی پابندی کے وقت ریستوران، سوسائٹیز، فارمیسیوں اور متوازی مارکیٹوں کو آرڈر فراہم کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

    انہوں نے نشاندہی کی کہ پابندی سے پہلے کے اوقات میں ریستورانوں میں داخلہ ممنوع ہوگا۔ علاوہ ازیں صرف 2 افراد کو ٹیکسی کے اندر سواری کی اجازت ہو گی۔

    تمام پبلک پارکس بند رہیں گے جبکہ اگلے نوٹس تک ملک میں غیر ملکیوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد رہے گی۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ نیلامیوں کے انعقاد کو محدود کرنے اور انہیں کمپنیوں، کوآپریٹو سوسائٹیوں، متوازی بازاروں اور فوڈ مارکیٹنگ کی دکانوں تک محدود رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔