Tag: کویت

  • کویت: غیر ملکی مسافروں کے لیے خوش خبری

    کویت: غیر ملکی مسافروں کے لیے خوش خبری

    کویت سٹی: کویت کے وزیر صحت باسل الصباح نے براہ راست پروازوں کی تجویز پر غور کرنے کا وعدہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کے وزیر صحت ڈاکٹر باسل الصباح نے براہ راست پروازوں سے کویت پہنچنے کی تجویز پر غور شروع کر دیا ہے۔

    گزشتہ روز کویت ایئرویز نے اعلان کیا تھا کہ وزیر صحت نے کویت ایئرویز اور جزیرا ایئرویز کے نمائندوں کے ساتھ اس سلسلے میں خصوصی ملاقات کی ہے، جس میں براہ راست پروازوں کی اجازت کے سلسلے میں گفتگو ہوئی۔

    کویت ایئر ویز کا کہنا تھا کہ وزیر صحت کو براہ راست پروازوں کے ذریعے کویت پہنچنے والے مسافروں کے سلسلے میں وزارت صحت کے منظور شدہ اقدامات کے اطلاق کے حوالے سے تجاویز دی گئیں، جس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تجاویز میں یہ بھی شامل تھا کہ ایئر پورٹس کو ڈائریکٹ فلائٹس کے لیے کھولا جائے اور مذکورہ دو ایئر لائنز سے کویت آنے والے مسافروں سے ایئرپورٹ پر اترتے ہی کرونا کے 2 پی سی آر ٹیسٹس کے پیسے وصول کیے جائیں یا پھر ٹکٹ میں اسے شامل کیا جائے۔

    وزیر صحت نے مذکورہ ایئرلائنز کی تجاویز کے سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کا اظہار کیا اور کہا کہ ان پر جلد غور کیا جائے گا۔ ڈاکٹر باسل الصباح نے کہا کہ وزارت صحت کا تکنیکی عملہ ان تجاویز کا ہر طرح سے جائزہ لے گا۔

    کویت کے وزیر صحت سے ایئر لائنز کے نمائندوں کی اس ملاقات کے بعد یہ توقع کی جا رہی ہے کہ کویت میں براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

  • پاکستانیوں کو بیرون ملک روزگار کی فراہمی، حکومت نے اپنا وعدہ پورا کردیا

    پاکستانیوں کو بیرون ملک روزگار کی فراہمی، حکومت نے اپنا وعدہ پورا کردیا

    اسلام آباد : حکومت نے پاکستانیوں کو بیرون ملک روزگار کی فراہمی پرعملدر آمد کاآغاز کردیا، پاکستان کل 226 ڈاکٹرز، پیرامیڈکس اور نرسز کی پہلی کھیپ کویت روانہ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے ایک اور وعدہ پورا کرتے ہوئے پاکستانیوں کو بیرون ملک روزگار کی فراہمی پرعملدر آمد کاآغاز کردیا ، ڈاکٹرز، نرسز، ٹیکنیکشنز پر مشتمل221 میڈیکل پروفیشنلز جمعرات کو کویت روانہ ہوں گے۔

    معاون خصوصی زلفی بخاری کی کویت کے سفیر عبدالرحمان سے ملاقات ہوئی ، معاون خصوصی زلفی بخاری نے کویت جانیوالےمیڈیکل پروفیشنلز سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہا کویت کوافرادی قوت برآمدکی بحالی پاکستان کیلئےتاریخی لمحہ ہے، آپ کویت میں پاکستان کے سفیر اور مزید پاکستانیوں کیلئے ملازمتوں کے حصول میں معاون ہوں گے۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان کویت کی ترقی کےلئےپر عزم ہے، پاکستان 2035کےویژن کے تحت باصلاحیت افراد کو کویت بھیجتا رہے گا، کویت ایک ہزار سےزائدہیلتھ پروفیشنلز کو روزگاری فراہمی کاخواہاں ہے۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا گزشتہ10سالوں میں کوئی بھی ہنر مندفردخلیجی ممالک نہیں بھیجاگیا، خلیج تعاون کونسل ممبرممالک کوہنرمند افرادی قوت فراہم کرناترجیح ہے۔

    اس موقع پر کویتی سفیر کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ہیلتھ کیئرپروفیشنلزدینےپرحکومت پاکستان کےشکرگزارہیں، کویت میں قیام کے دوران پاکستانی ہنر مندافراد کو مکمل سہولتیں ملیں گی۔

  • کویت: فیس ماسک نہ پہننے والوں کے لیے بری خبر

    کویت: فیس ماسک نہ پہننے والوں کے لیے بری خبر

    کویت سٹی: کویت میں فیس ماسک نہ پہننے پر اب جرمانہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی کابینہ نے فیس ماسک نہ پہننے والوں پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اس سلسلے میں کویتی کابینہ نے فتویٰ اور قانون سازی کی کمیٹی کو ایک مسودہ پیش کیا ہے جس میں تجویز دی گئی ہے کہ صحت کے سلسلے میں مقرر قواعد کی خلاف ورزی پر اور کرونا وبا کے پیش نظر ماسک نہ پہننے والوں پر فوری جرمانہ عائد کیا جائے۔

    قانونی مسودے کی تجویز کے مطابق کرونا ایمرجنسی کے سلسلے میں فیس ماسک نہ پہننے والوں پر عائد کیا جانے والا فوری جرمانہ 50 سے 100 دینار کے درمیان ہوگا۔

    کویت میں قوانین کی خلاف ورزی پر بڑی کارروائی

    کابینہ نے گھروں سے باہر موسم بہار کے کیمپوں کے انعقاد پر بھی پابندی کی سفارش کر دی ہے۔

    کابینہ میں پیش ہونے والی اس سفارش کو بھی منظور کر لیا گیا ہے کہ شاپنگ مالز، کمپلیکس، کیفے، ریستوران اور ہیلتھ فٹنس کلبز میں داخلہ ایڈوانس بکنگ سے مشروط ہوگا، اس سلسلے میں ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں کہ مالز، کلبز اور ریستورانز ایڈوانس بکنگ کے بغیر گاہکوں کو قبول نہ کریں۔

    ذرایع کے مطابق ملک میں اجتماعات سے نمٹنے اور انھیں روکنے کے لیے وزرا کونسل کی جانب سے وزارت داخلہ کو اختیارات دیے جائیں گے۔

  • کویت میں قوانین کی خلاف ورزی پر بڑی کارروائی

    کویت میں قوانین کی خلاف ورزی پر بڑی کارروائی

    کویت سٹی: کویتی وزارت صنعت و تجارت نے انسداد منی لانڈرنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کاروباروں کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں انسداد منی لانڈرنگ و دہشت گردی فنڈنگ کے محکمے نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے۔

    کویتی وزارت صنعت و تجارت کا کہنا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کو 65 احتیاطی تدابیر کا پابند بنایا گیا ہے۔

    وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر منقولہ جائیدادوں کا کاروبار کرنے والی 30، زیورات کا کاروبار کرنے والی 10 اور انشورنس کے شعبے سے وابستہ 3 کمپنیوں کو تحریری طور پر انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

    محکمہ انسداد منی لانڈرنگ نے غیر منقولہ جائیدادوں، بینکنگ، زیورات اور انشورنس سے تعلق رکھنے والی 10 کمپنیوں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ اپنے کام قانون کے مطابق کر لیں، ان کمپنیوں کو خصوصی اقدامات کا پابند بھی بنایا گیا ہے۔

    محکمے نے 9 کمپنیوں کو قوانین اور طے شدہ فیصلوں کی خلاف ورزی پر معطل بھی کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ ماہ انسداد منی لانڈرنگ کے محکمے نے 38 نئی کمپنیوں کے قیام کی کارروائی مکمل کرائی جب کہ 86 لائسنس اپ ڈیٹ کیے۔

  • کویت: تنخواہوں سے قرض کی قسطوں کی کٹوتی کب ہوگی؟

    کویت: تنخواہوں سے قرض کی قسطوں کی کٹوتی کب ہوگی؟

    کویت سٹی: کویت کے بینکوں نے رواں ماہ ہی سے تنخواہوں سے قرض کی قسطوں کی کٹوتی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں بینکوں کی اقساط میں کٹوتی اسی ماہ اکتوبر سے شروع ہوگی، قرضوں کی اقساط کی ادائیگی کی مدت میں توسیع کے سلسلے میں مرکزی یا دوسرے بینکوں کی جانب سے تاحال کوئی ہدایت نامہ جاری نہیں ہوا۔

    یہ کہا جا رہا ہے کہ اگر قرضوں کی قسطوں کی ادائیگی میں اس طرح کی کوئی توسیع کی گئی تو اس سے بینکوں کا خسارہ دگنا ہو کر 750 ملین کویتی دینار ہو جائے گا، جس سے بینکوں کے بجٹ پر ناقابل برداشت بوجھ پڑ جائے گا۔

    بینکوں کو پہلے ہی اس حوالے سے بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے کہ حکومت کی جانب سے کرونا وبا کے پیش نظر کاروبار بند کیے گئے تھے۔

    بینک اس صورت میں قرض کی قسطوں کو ملتوی کر سکتے ہیں اگر حکومت اس کی قیمت برداشت کرے، تاہم اس امر کا امکان اس لیے نہیں ہے کیوں کہ اس کی لاگت بہت زیادہ ہے، گزشتہ ماہ ختم ہونے والی 6 ماہ کی مدت کے دوران یہ لاگت تقریباً 380 ملین کویتی دینار تھی۔

    ادھر کویتی حکومت فی الوقت اس اضافی اخراجات کو اس لیے برداشت کرنے سے قاصر ہے کہ اسے عوامی اخراجات کے لیے دستیاب کیش لیکویڈیٹی میں شدید کمی کا سامنا ہے، دوسری طرف خسارہ بھی تاریخی سطح پر بڑھ چکا ہے۔

    یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ بینکوں کی جانب سے تنخواہوں میں قسطوں کی کٹوتی کو ملتوی کرنے کی خبریں محض افواہیں ہیں۔

  • کیا کویت میں جزوی کرفیو لگنے جا رہا ہے؟

    کیا کویت میں جزوی کرفیو لگنے جا رہا ہے؟

    کویت سٹی: کویت میں یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ کرونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے ایک بار پھر جزوی کرفیو لگایا جا رہا ہے تاہم وزارتِ صحت کی جانب سے اس پر واضح بیان سامنے آ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کے وزیر صحت ڈاکٹر باسل الصباح نے ملک میں جزوی کرفیو کے سلسلے میں پھیلی افواہوں پر سخت ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

    انھوں نے صحت حکام کے ساتھ ملاقات کے دوران ملک میں ایک بار پھر جزوی پابندی کے اطلاق سے متعلق افواہوں کو مسترد کر دیا۔

    کویت کا جزوی کرفیو ختم کرنے کا اعلان

    ڈاکٹر باسل نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ وزارت صحت کی میٹنگ اتوار کو ہونی تھی جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں، تاہم جب کوئی میٹنگ ہی نہیں ہوئی تو جزوی کرفیو سے متعلق فیصلہ کیسے اور کس نے کیا، یہ محض افواہ ہے۔

    یاد رہے کہ کویت نے 31 اگست کو ملک میں 3 ماہ سے جاری جزوی کرفیو ختم کر دیا تھا، یہ جزوی لاک ڈاؤن 28 مئی کو نافذ کیا گیا تھا۔ جزوی لاک ڈاؤن کے تحت شام 6 سے صبح 6 بجے تک جزوی کرفیو ہوتا تھا۔

    کویت نے اس سے قبل 20 اپریل سے ملک بھر میں 16 گھنٹے کرفیو نافذ کر دیا تھا، بعد ازاں اس کا دورانیہ مزید بڑھا دیا گیا تھا البتہ اس دوران شام 4 سے رات 8 بجے تک چند محکموں اور اداروں کو کام کرنے کی اجازت تھی۔

  • کویت: مالی ضمانت کن افراد کو دی جائے گی؟

    کویت: مالی ضمانت کن افراد کو دی جائے گی؟

    کویت سٹی: کویت کی جانب سے مالی ضمانت کے سلسلے میں پھیلی ہوئی غلط فہمی کو دور کرنے کے لیے وضاحت جاری کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمانی فنانس کمیٹی کی سربراہ صفا الہاشم نے کہا ہے کہ کونسل کی جانب سے غیر ملکیوں کے قرضوں کی ادائیگی کی جس منظوری کی بات کی جا رہی ہے اس کا مطلب یہ نہیں کہ غیر ملکیوں کو قرضوں کی ادائیگی کی جائے گی۔

    انھوں نے واضح طور پر کہا کہ ’مالی ضمانت‘ کا مطلب تارکین وطن کے قرضوں کی ادائیگی کرنا نہیں ہے، بلکہ یہ باقی معیشت کو بچانے کی ایک کوشش ہے۔

    صفا الہاشم کا کہنا تھا کہ فنانشل سیکورٹی قانون اپنی جگہ لیکن غیر ملکیوں کے قرض ادا کرنے کی کونسل کی منظوری کے سلسلے میں جو باتیں گردش کر رہی ہیں وہ غلط ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ بینک کریڈٹ اسٹڈی کے مطابق یہ مالی ضمانت ان صارفین کو دی جائے گی جنھیں کرونا وائرس کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے اور جو اس کا مستحق نہیں ہے اسے ایک پیسا بھی نہیں ملے گا، یعنی بینک کی جانب سے کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے صارفین کو جو قرض دیا جائے گا اس کی ضمانت فنانشل سیکورٹی قانون دے گا۔

    الہاشم کا کہنا تھا کہ اگر ہم مالی ضمانت کے تحت غیر ملکیوں کے قرضوں کی ادائیگی کریں گے تو ایسا کرنا صرف تباہی ہوگی۔

    الہاشم نے کہا کہ مالیاتی سیکورٹی قانون چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری مالکان اور یہاں تک کہ ان افراد کے کاروبار کو تحفظ فراہم کرتا ہے جن کے کاروبار کا حجم 5 سے 10 ملین سے زیادہ ہو، وبا کے بعد جو کچھ معیشت بچی ہے یہ قانون اسے بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

  • کویت: اسپتال میں پیش آیا اندوہناک واقعہ؛ سوشل میڈیا پر ہلچل

    کویت: اسپتال میں پیش آیا اندوہناک واقعہ؛ سوشل میڈیا پر ہلچل

    کویت سٹی: کویت میں چھوٹا بھائی اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں زیر علاج زخمی بہن کو گولیاں مار کر فرار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں چھوٹے بھائی کے ہاتھوں قتل کی واردات کی کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔پولیس نے کی مدد سے شناخت کر کے قاتل کا پتہ لگا لیا۔

    پولیس نے بتایا کہ دو روز قبل مقتولہ کے چھوٹے بھائی نے سلوی نامی علاقے میں واقع اپنے مکان کے قریب بہن پر فائرنگ کر کے فرار ہوگیا تھا، پولیس نے حملہ آور کو تلاش کر رہی ہے جبکہ زخمی بہن کو علاج کے لیے مبارک الکبیر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ انہیں اسپتال سے اطلاع ملی کہ ایک نوجوان نے آئی سی یو وارڈ میں گھس کر وہاں زیر علاج اپنی بہن پر پے درپے فائر کیے اور فرار ہوگیا۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

    انتہائی نگہداشت کے شعبے میں غیر متعلقہ شخص کا پہنچ جانا خطرناک امر ہے جہاں ڈاکٹروں اور نرسوں کے سوا کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ایک مسلح شخص کا آئی سی یو وارڈ میں گھس کر واردات کرنا اور فرار ہوجانا سنگین معاملہ ہے۔

  • کویت سے سعودی عرب جانے والی گاڑیوں کے حوالے سے اہم وضاحت

    کویت سے سعودی عرب جانے والی گاڑیوں کے حوالے سے اہم وضاحت

    ریاض: کویت میں سعودی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ کویت سے سعودی عرب جانے والے غیر ملکیوں اور گاڑیوں سے فیس وصولی کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کویت میں سعودی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ کویت سے سعودی عرب جانے والے غیر ملکیوں اور گاڑیوں سے فیس کی وصولی کی اطلاعات غلط ہیں۔

    سعودی سفارتخانے کے ٹویٹر پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان دنوں سوشل میڈیا پر یہ اطلاعات گردش کر رہی ہیں کہ کویت سے سعودی عرب جانے والے غیر ملکیوں اور گاڑیوں پر فیس مقرر کردی گئی ہے۔

    بہت سے لوگوں نے یہ اطلاعات ملنے پر سفارتخانے سے رابطہ کر کے ان اطلاعات کی حقیقت دریافت کی ہے۔

    سعودی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ یہ دعویٰ سراسر غلط اور بے بنیاد ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، کوئی بھی شخص ایسی کسی بھی اطلاع پر جو سرکاری ادارے سے جاری نہ ہوئی ہو کان نہ دھرے۔

  • کویت کو 66 ارب ڈالر قرضہ درکار

    کویت کو 66 ارب ڈالر قرضہ درکار

    کویت: کویتی وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ مملکت کو انفرا اسٹرکچر اور تعمیراتی منصوبوں کے لیے تیس برس میں 66 ارب ڈالر کا قرضہ درکار ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کویتی وزیر خزانہ براک الشیتان نے کہا ہے کہ آئندہ 30 برس کے دوران ملک کو 66 ارب ڈالر کے قرضے کی اشد ضرورت ہوگی-

    گزشتہ روز کویتی پارلیمنٹ میں مالیاتی و اقتصادی کمیٹی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کویتی وزیر خزانہ نے کہا قومی قرضہ مجموعی قومی پیداوار کا 60 فی صد سے زیادہ نہیں ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ قرضے کی رقم بنیادی ڈھانچے اور تعمیراتی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔

    کویتی وزیر خزانہ نے بتایا پارلیمانی مالیاتی کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ قومی قرضے کی انتہائی حد اور اس کا دورانیہ کم کیا جائے، کویتی حکومت اس تجویز کا جائزہ لے کر جلد جواب دے گی، پارلیمنٹ سے قرضے کا قانون منظور کرانے کے لیے فریقین کے درمیان تعاون ضروری ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل کویتی وزیر خزانہ نے ارکان پارلیمنٹ کو خبردار کیا تھا کہ سرکاری خزانے میں صرف اکتوبر تک ملازمین کی تنخواہیں دینے کی گنجائش ہے۔

    وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ تیل کے نرخوں میں کمی اور کرونا بحران وجہ سے قومی بجٹ کا خسارہ 14 ارب دینار تک پہنچ جائے گا، ان مسائل کی وجہ سے کویت بد ترین اقتصادی بحران سے گزر رہا ہے۔