Tag: کویت

  • کویت کا جزوی کرفیو ختم کرنے کا اعلان

    کویت کا جزوی کرفیو ختم کرنے کا اعلان

    کویت سٹی: کویت میں 3 ماہ سے جاری جزوی کرفیو ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا، جزوی لاک ڈاؤن 28 مئی کو نافذ کیا گیا تھا۔

    کویت حکومت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے 28 مئی سے شام 6 سے صبح 6 بجے تک کا جزوی کرفیو نافذ کیا تھا جسے اب ختم کردیا گیا ہے۔

    مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت صحت نے صورتحال بہتر ہونے کی نوید دیتے ہوئے کرفیو کے خاتمے کا اعلان کیا۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اس عرصے میں اپنے ہم وطنوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام اداروں اور افراد نے بہت قربانیاں دی ہیں، اب ہم ان قربانیوں کا صلہ دیکھنے جارہے ہیں۔

    کویت نے اس سے قبل 20 اپریل سے ملک بھر میں 16 گھنٹے کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا، بعد ازاں اس کا دورانیہ مزید بڑھا دیا گیا تھا البتہ اس دوران شام 4 سے رات 8 بجے تک چند محکموں اور اداروں کو کام کرنے کی اجازت تھی۔

    فی الوقت کویت میں کرونا وائرس کے 84 ہزار 636 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 76 ہزار 650 صحتیاب ہوچکے ہیں۔ کویت میں کرونا وائرس سے 530 اموات ہوچکی ہیں۔

  • کویت کے ساتھ لیبر سے متعلق معاہدوں کی خوش خبری

    کویت کے ساتھ لیبر سے متعلق معاہدوں کی خوش خبری

    اسلام آباد: بیرون ملک نوکریاں تلاش کرنے والوں کے لیے خوش خبری کے طور پر معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ کویت کے ساتھ لیبر معاہدے کیے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں بات چیت کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ گزشتہ 10 سال سے کوئی پاکستانی بطور لیبر کویت نہیں گیا، اب کویت کے ساتھ بھی لیبر سے متعلق معاہدے ہو رہے ہیں، لیبر کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ بھی پاکستان کے معاہدے ہو رہے ہیں۔

    انھوں نے ایک اور خوش خبری دی کہ جو لوگ یو اے ای سے واپس آئے ہیں، انھیں بھی اب آہستہ آہستہ یو اے ای واپس بلا لیا جائے گا، یو اے ای حکام کی کوشش ہے کہ لوگوں کو آہستہ آہستہ واپس بلایا جائے، اس سلسلے میں کرونا میں کمی کے بعد یو اے ای حکام نے سب سے پہلے مجھے طلب کیا۔

    زلفی بخاری نے کہا کرونا وبا کے دوران بیرون ملک سے 4 لاکھ پاکستانی واپس آئے ہیں، ان میں سے 2 لاکھ تو طلبہ تھے، 50 ہزار بیرون ملک سے ایسے پاکستانی آئے جن کو چھٹیاں دی گئیں، اب کوشش ہے کہ جن پاکستانیوں کو چھٹیاں دی گئیں انھیں واپس بلایا جائے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے بھی معاہدے کیے جا رہے ہیں، سرمایہ کاری میں درپیش مسائل ختم کیے جا رہے ہیں، ایف بی آر کی جانب سے جو مسائل تھے انھیں بھی دور کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا ہم اوورسیز کے بینک اکاؤنٹس کھولنا چاہتے ہیں جو بڑی کامیابی ہوگی، اس سلسلے میں ڈیجیٹل اوورسیز بینکنگ کا آئندہ ماہ افتتاح ہوگا، جس کے ذریعے اوورسیز پاکستانی بینک اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں، بلز دے سکتے ہیں، سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

    زلفی بخاری نے بتایا کہ پنشن 5 ہزار 200 روپے سے بڑھا کر ساڑھے 8 ہزار کر دی گئی ہے، ان شاء اللہ پنشن کو 15 ہزار روپے تک لے کر جائیں گے، یہ کوشش بھی کر رہے ہیں کہ تمام پنشنرز کو قانونی دائرہ کار میں لے آئیں۔

  • کویت میں ملازمت کرنے والے تارکین وطن کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت میں ملازمت کرنے والے تارکین وطن کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کویت سٹی: کویت میں بھی کویتائزیشن کا عمل شروع کردیا گیا، سرکاری محکموں میں کام کرنے والے 50 فیصد غیر ملکیوں کو آئندہ 3 ماہ کے اندر فارغ کردیا جائے گا۔

    کویتی اخبار کے مطابق کویت کی سرکاری وزارتوں میں سب کنٹریکٹرز کے ساتھ کام کرنے والے 50 فیصد غیر ملکیوں کو آئندہ 3 ماہ میں فارغ کردیا جائے گا، بیشتر سرکاری وزارتیں اپنی لیبر فورس میں کویتائزیشن پہلے ہی شروع کر چکی ہیں۔

    اس پالیسی کا مقصد غیر ملکیوں کی جگہ سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے کویتوں کی تعداد کو مرحلہ وار بڑھانا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ہنر مند افرادی قوت اور وہ تارکین جن کے پاس مطلوبہ مہارت کے معاہدے ہیں وہ بھی نئی پالیسی سے مستثنیٰ نہیں لیکن کام کے معیار کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے تارکین کو کویتی باشندوں کی دستیابی پر مرحلہ وار فارغ کیا جائے گا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری وزارتوں میں سب کنٹریکٹرز کے سااتھ کام کرنے والے بیشتر تارکین وطن پہلے ہی دوسری جگہ چلے گئے ہیں۔

    پارلیمانی ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ کمیٹی کے سربراہ اور کویتی ممبر پارلیمنٹ خلیل الصالح کا کہنا ہے کہ ڈیمو گرافک مسئلے کو حل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں، اگلے ہفتے ایک اجلاس ہوگا جس میں نئی پالیسی سے متعلق ڈیٹا اور اعداد و شمار کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    رکن پارلیمنٹ نے سول سروسز کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تمام تارکین وطن کے معاہدوں کو ختم کردے اور 100 فیصد افرادی قوت کی کویتائزیشن کی جائے۔

    خیال رہے کہ اس وقت کویت میں 30 لاکھ سے زائد تارکین وطن مقیم ہیں۔

    عرب نیوز میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کے منفی اثرات کے باعث کویت میں موجود کمپنیوں نے معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے اخراجات کم کرنے کی غرض سے غیر ملکی کارکنان کو نکالنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق توقع ہے کہ سنہ 2020 کے آخر تک 15 لاکھ کے قریب غیر ملکی کارکنان کویت سے نکل جائیں گے۔

  • کرونا بحران: کویتی باشندوں کی مدد کے لیے خصوصی ایپ جاری

    کرونا بحران: کویتی باشندوں کی مدد کے لیے خصوصی ایپ جاری

    کویت: وزارتِ اقتصادی امور کی جانب سے کرونا بحران سے متاثر ہونے والے شہریوں کی مدد کے لیے ایک خصوصی ایپ جاری کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی وزیر سماجی امور اور وزیر مملکت برائے اقتصادی امور مریم العقیل نے کرونا بحران سے متاثر شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے اسپیشل ایپ ’کویتیون بلا رواتب‘ جاری کی ہے۔

    مریم العقیل کا کہنا تھا کہ اس خصوصی ایپ کے ذریعے کویت میں نادار شہریوں کی مدد کی جائے گی، ’کویتیون بلا رواتب‘ سے مراد ایسے کویتی ہیں جنھیں تنخواہ نہیں مل رہی ہے۔

    خصوصی ایپ پر کرونا بحران سے متاثر ہونے والے نادار کویتیوں کی درخواستوں کی وصولی شروع کر دی گئی ہے۔

    اس سے قبل کویتی وزیر مریم العقیل نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کویتی حکومت جلد ہی کرونا وبا سے متاثر ہونے والے ہر کویتی شہری کو ای پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہونے کا موقع فراہم کرے گی۔

    کویتی خبر رساں ادارے کے مطابق مریم العقیل نے کہا ہے کہ کویتی شہریوں کی درخواستوں کی جانچ کی جائے گی، جن کے پاس آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں ہوگا ان کی مالی اعانت کی جائے گی، کویتی حکومت کی جانب سے ایسے افراد کے معاشی مسائل حل کیے جائیں گے۔

    یہ کہا جا رہا ہے کہ کویت کرونا بحران سے متاثر اپنے نادار شہریوں کے مسائل سائنسی انداز میں انسانی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرنے والا دنیا کا پہلا ملک ہے۔

  • لاکھوں غیر ملکی رواں سال کویت چھوڑ دیں گے

    لاکھوں غیر ملکی رواں سال کویت چھوڑ دیں گے

    کویت: رواں سال 2020 کے اختتام تک توقع کی جا رہی ہے کہ 15 لاکھ کے قریب تارکین وطن کویت چھوڑ دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں یہ توقع ظاہر کی گئی ہے کہ سال 2020 کے اختتام تک 15 لاکھ کے قریب غیر ملکی کارکنان کویت سے نکل جائیں گے۔

    کویت میں موجود کمپنیوں پر کرونا وائرس کی وبا کے منفی اثرات سے ان کمپنیوں کے معاشی حالات ٹھیک نہیں، اخراجات کم کرنے کی غرض سے یہ کمپنیاں غیر ملکی کارکنان کو واپس بھیجنے پر مجبور ہو گئی ہیں۔

    کویت کے مقامی اخبار کے مطابق مختلف کمپنیوں نے اپنی افرادی قوت کم کرنے کی حکمت عملی اپنالی ہے، دوسری طرف کویتی حکومت نے نئے رہائشی قوانین لاگو کر دیے ہیں جس کی وجہ سے بھی تارکین وطن کویت کو خیرباد کہہ کر اپنے ممالک جانے لگے ہیں۔

    کویتی حکومت نے رہائشی قوانین کے ساتھ ساتھ ایک اور پالیسی بھی اپنا لی ہے جس کے تحت ملازمتوں میں کویتائزیشن کو ترجیح دی جا رہی ہے، یعنی مقامی افراد کو ملازمتوں پر رکھا جا رہا ہے۔

    کویتی میڈیا نے بتایا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے ابتدائی ایام 16 مارچ سے 9 جولائی تک ایک لاکھ 58 ہزار سے زائد تارکین وطن کویت چھوڑ کر جا چکے ہیں۔ جن غیر ملکیوں نے کرونا وبا کے سبب کویت چھوڑا، ان میں مصری اور انڈین شہریوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

    وزیر داخلہ کویت انس الصالح نے نئے رہائشی قانون کے مسودے کے حوالے سے کہا تھا کہ اب ہر سال کمپنیوں سے غیر ملکیوں کی تعداد کو کم کر کے محدود کیا جائے گا، اس سلسلے میں غیر ملکی کارکنوں کی پرکھ ان کی مہارت کی بنیاد پر کی جائے گی۔

  • کویت حکومت کا تارکینِ وطن کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    کویت حکومت کا تارکینِ وطن کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    کویت سٹی: کویت کی حکومت ایک نئے قانون کے ذریعے آئندہ چند ماہ میں ملک میں رہائش پذیر تارکین کی تعداد کو کم کرے گی۔

    عرب نیوز کے مطابق کویت کی اسمبلی کے اسپیکر مرزوق الغنیم کا کہنا ہے کہ کویت مزدوروں کے بجائے ہنرمند تارکین پر توجہ دے گا اور ایسے 13 لاکھ غیرملکی جو ناخواندہ ہیں یا محض پڑھ سکتے ہیں، ان کو ملک میں ترجیح نہیں دی جائے گی۔

    مرزوق الغنیم کا کہنا تھا کہ اپ گریڈ کیے گئے مسودہ قانون کے مطابق ہر سال کمپنیوں کے ذریعے بھرتی ہونے والی غیر ملکی شہریوں کی تعداد کو بھی محدود کیا جائے گا اور غیر ملکیوں کی مہارت کی بنیاد پر بھی قواعد شامل کیے جائیں گے۔

    کویت کے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کویت کی پارلیمنٹ کا مقصد نومبر کے انتخابات سے قبل اکتوبر تک اس حوالے سے قانون سازی کرنا ہے۔

    یو اے ای کے روزنامہ گلف نیوز کے مطابق گزشتہ ماہ کویت کے وزیراعظم شیخ صباح الخالد الصباح نے ملک میں مقیم تارکین وطن کی تعداد کو 70 فیصد سے کم کر کے 30 فیصد کرنے کی تجویز دی تھی۔

    کویت حکومت نے زائد المیعاد اقامہ رکھنے والوں کو بڑی خوش خبری سنادی

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کویت کی حکومت نے زائد المیعاد اقامہ یا ویزہ رکھنے والے 15 ہزار غیر ملکی باشندوں کو ملک بدر نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • کویت میں تاریخ رقم، 8 خواتین جج کے منصب پر فائز

    کویت میں تاریخ رقم، 8 خواتین جج کے منصب پر فائز

    کویت سٹی: کویت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 8 خواتین جج بننے جارہی ہیں، کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر مرزوق علی الغانم کا کہنا ہے کہ فیصلے کی بدولت کویتی خواتین ترقی کے عمل میں مزید آگے بڑھیں گی۔

    عرب میڈیا کے مطابق کویت کے پبلک پراسیکیوٹر ضرار العسعوسی نے 8 خواتین کو پراسیکیوشن سے ترقی دے کر جج کے منصب پر فائز کیا ہے، اب یہ خواتین اعلیٰ عدالتی کونسل سے اس کی منظوری کی منتظر ہیں۔

    کویت خلیجی ممالک میں چوتھا ملک ہے جہاں خواتین جج کے منصب پر فائز کی جارہی ہیں، عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کویت کی اعلیٰ عدالتی کونسل کا اجلاس منگل کو ہوگا جس میں خواتین کو جج بنائے جانے کے فیصلے کی منظوری دی جائے گی، یہ خواتین ستمبر کے شروع سے بحیثیت جج کام کرنا شروع کردیں گی۔

    کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر مرزوق علی الغانم نے کہا ہے کہ جج کے منصب پر کویتی خواتین کے تقرر کے فیصلے کا انتظار تھا، اس کی بدولت کویتی خواتین ترقی کے عمل میں مزید آگے بڑھیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ خواتین تمام میدانوں اور شعبوں میں برسہا برس سے اپنی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ رہی ہیں۔

    جج مقرر کی جانے والی 8 خواتین میں فاطمہ عبد المنعیم عطیہ، فاطمہ فیصل الکندری، فاطمہ یعقوب الفرحان، سنابل بدر الحوطی، بشائر عبدالجلیل علی، بشائر صالح الرقدان، راوی عسام الطبطبائی اور لولوۃ ابراہیم الغانم شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ کویت خلیجی ممالک میں پہلا نہیں جو عدلیہ میں خواتین کی تقرری کر رہا ہے، اس سے قبل امارات، قطر اور بحرین بھی اپنے یہاں عدلیہ میں خواتین کی تقرریاں کر چکے ہیں۔

  • کویت حکومت نے زائد المیعاد اقامہ رکھنے والوں کو بڑی خوش خبری سنادی

    کویت حکومت نے زائد المیعاد اقامہ رکھنے والوں کو بڑی خوش خبری سنادی

    کویت سٹی: کویت کی حکومت نے زائد المیعاد اقامہ یا ویزہ رکھنے والے 15 ہزار غیر ملکی باشندوں کو ملک بدر نہ کرنے کا  اعلان کردیا۔

    عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق کویت کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ حکومت نے انسانی بنیادوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اُن 15 ہزار غیر ملکی افراد کو ملک میں رہنے کی مزید اجازت دے دی جن کے اقامہ یا ویزہ زائد المیعاد (ایکسپائر) ہوگئے تھے۔

    کویتی وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ اقامہ قوانین کی خلاف ورزی میں  شامل ہونے والے غیر ملکیوں کو  تاحکم ثانی ملک بدر نہیں کیا جائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ کرونا کی وجہ سے سرکاری ادارے بند ہیں جس کی وجہ سے غیر ملکی باشندے اپنے اقامہ یا ویزہ میں بروقت توسیع نہیں کراسکے،  اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں میں وہ افراد شامل ہیں جن کی کاغذات کے مطابق کویت میں قیام کی میعاد 2 جنوری سے 29 فروری کے درمیان ختم ہو گئی تھی۔

    مزید پڑھیں: کویت حکومت کا بڑا اعلان

    عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق ان پندرہ ہزار افراد میں وہ شہری بھی شامل ہیں جن کی کویت کی شہریت کی معیاد ختم ہوگئی تھی یا وہ سیاحت و کاروبار کی غرض سے کویت کے دورے پر تھے۔

    وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ فیصلے کے بعد اب غیر ملکیوں کو اکتیس اگست تک کویت میں رہنے کی قانونی اجازت ہوگی البتہ جن کے اقامے یکم جنوری 2020 سے پہلے ایکسپائر ہوگئے ان کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

    انہوں نے بتایا کہ یکم جنوری سے پہلے جن غیر ملکیوں کا اقامہ یا ویزہ ختم ہوگیا وہ اپنی مرضی سے اپنے وطن واپس جاسکتے ہین بصورت دیگر حکومت ایکشن لے کر انہیں ملک بدر کردے گی۔

    یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت میں مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑی خبر

    کویتی وزارت داخلہ نے بتایا کہ فیصلے پر آئندہ ہفتے سے عمل درآمد شروع ہو جائے گا،  یہ فیصلہ کویت کی شہریت رکھنے والوں، ان کے اہل خانہ اور ملازمین پر لاگو نہیں ہوگا۔

    یاد رہے کہ کویت کی حکومت نے زائد المعیاد اقامہ یا ویزہ رکھنے والے تمام غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا تھا، حکومت نے انسانی بنیادوں پر اس فیصلے کو اب تبدیل کردیا۔

  • کویت حکومت کا بڑا اعلان

    کویت حکومت کا بڑا اعلان

    کویت سٹی: خلیجی ملک کویت کے محکمہ شہری ہوابازی نے یکم اگست سے کمرشل فلائٹس کی بحالی کا اعلان کردیا۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یکم اگست سے کویت میں کمرشل پروازیں بحال کردی جائیں گی جبکہ فلائٹس کی مکمل بحالی مرحلہ وار ہوگی، ملک کے محکمہ شہری ہوابازی نے نئی پالیسی کا اعلان کردیا۔

    رپورٹ کے مطابق 1 اگست 2020 سے کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کمرشل پروازوں کے لیے جزوی طور پر کھول دیا جائے گا جبکہ مکمل فضائی آپریشن کی بحالی رواں سال ممکن نظر نہیں آرہی۔

    کویت نے عالمگیر وبا کی وجہ سے 13 مارچ سے کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اس سے پروازوں کی آمد ورفت معطل کردی تھی، تاہم اب پروازوں کی بحالی تین مراحل میں ہوگی، پہلا مرحلہ یکم اگست کے بعد سے 6 ماہ پر مشتمل ہوگا۔

    اسی طرح دوسرا مرحلہ بھی چھ ماہ پر مشتمل ہوگا، اس کی شروعات یکم فروری2021 سے ہوگی۔ جبکہ تیسرے مرحلے کا آغاز یکم اگست 2021 سے ہوگا، جس کے بعد سے کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ مکمل آپریشن کی پوزیشن میں ہوگا۔

    البتہ ایئرپورٹ پر کرونا سے حفاظت کے لیے ہرممکن اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

  • کویت: فرنٹ لائن ورکرز کے لیے مفت فضائی ٹکٹس

    کویت: فرنٹ لائن ورکرز کے لیے مفت فضائی ٹکٹس

    کویت سٹی: کویت کی فضائی کمپنی جزیرہ ایئر ویز کرونا وائرس کے خلاف صف اول پر لڑنے والوں والے فرنٹ لائن ورکرز کو 50 ہزار مفت فضائی ٹکٹس دے گی۔

    کویتی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق کویت کی فضائی کمپنی جزیرہ ایئر ویز کرونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے مسلسل کوشش کرنے والوں کو تحفے کے طور پر کویت بھر میں 50 ہزار مفت ایئر ٹکٹس دے گی۔

    فضائی کمپنی کے چیئرمین مروان بودئی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہمیں امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح اور حکومت کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر عمل پیرا ہونے پر فخر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ساتھی فرنٹ لائن ورکرز کو اس وبا کے خلاف لڑ کر اپنے لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے کو ترجیح دینے کی کوششوں پر انعام دے رہے ہیں۔

    یہ ٹکٹس 2021 کے آخر تک قابل استعمال رہیں گے اور فضائی کمپنی کی جہاں جہاں پروازیں جاتی ہیں ان میں سے کسی بھی مقام تک کا فضائی سفر کیا جا سکے تھا۔

    ٹکٹس کی فراہمی کے لیے لوگوں کو نامزد کیا جائے گا اور حکومت ان کی منظوری دے گی۔