کرم : وسطی کُرم میں ایک گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے کم از کم سات افراد المناک طور پر موقع پر ہی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ دو شدید زخمی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق وسطی کُرم کے علاقے گوندل پاڑہ چمکنی میں گاڑی کھائی میں جا گری، حادثے میں گاڑی میں سوار 7 افراد جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہولناک واقعہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے گنداؤ میں پیش آیا اور کار میں سوار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ گندل سے صدہ جانے والی ایک مسافر گاڑی بے قابو موڑ پر جاتے ہوئے سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔
مزید پڑھیں : بونیر: گاڑی کھائی میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق
حکام نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں سات افراد ہلاک ہوئے، جب کہ دو کی حالت نازک ہے۔
مقامی پولیس نے اس افسوسناک واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں، جب کہ حادثے کی اصل وجہ کا تعین کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔