Tag: کٹاس راج

  • چیف جسٹس کا ڈیم کے مخالفین پرآرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا اعلان

    چیف جسٹس کا ڈیم کے مخالفین پرآرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا اعلان

    لاہور: سپریم کورٹ نے منرل واٹر ازخود کیس کی سماعت کرتے ہوئے تمام بڑی کمپنیوں کے چیف ایگزیٹو افسران کو کل بروز اتوار طلب کرلیا ہے، چیف جسٹس کا کہنا ہے ڈیم بنانے سے روکنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق آج بروز ہفتہ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں صاف پانی کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں ہوئی، ان کا کہنا تھا کہ کمپنیاں مفت میں پانی نکال رہی ہیں، نقصان عام آدمی کو ہورہا ہے۔

    چیف جسٹس نےتمام بڑی کمپنیوں کے سی ای اوز کو کل بروز اتوار صبح ۱۱ بجے طلب کیا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ دیکھنا ہوگا کہ منرل واٹر میں منرلز شامل کیے جارہے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کمپنیاں رواں سال تک زمین سے مفت پانی حاصل کرکے بیچ رہی ہیں، حکومت کے ساتھ بیٹھ کر پانی نکالنے کا ریٹ طے کریں۔

    اس موقع پر حکومتی وکیل نے چیف جسٹس کے روبرو کہا کہ منرل واٹر کمپنیاں 25 پیسے فی لیٹر دے کر 50 روپے فی لیٹر میں فروخت کررہی ہیں۔

    جسٹس ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ غریب آدمی آج بھی جوہڑ کا پانی پینے پر مجبور ہے ، میں خود نلکے کا پانی ابال کر پی رہا ہوں اور میری قوم بھی یہی پی رہی ہے۔

    سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کٹاس راج میں قائم سیمنٹ فیکٹری کے مالک پر اظہارِ برہمی کیا۔ ان کہنا تھا کہ ججز نے آپ کی فیکٹری کا دورہ کیا اور آپ نے وہاں رکنا ہی مناسب نہ سمجھا۔ کٹاس راج مندر کا سار پانی آپ نچوڑ گئے ہیں ، وہاں کے لوگوں کی حالتِ زار پر آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔ عدالت نےضمیرچوہدری کوآئندہ سماعت پرذاتی حیثیت میں طلب کرلیا

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ریٹائرمنٹ کےبعدمجھےکوئی عہدہ آفرکرکےشرمندہ نہ ہوں۔ میں نے آرٹیکل چھ کا مطالعہ شروع کردیا ہے ، ڈیم کو روکنے کی کوشش کرنے پر آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کروں گا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ پانی اب سونےسےبھی زیادہ مہنگاہے،منرل واٹرکی عادت ڈال دی اوراب نوٹ کمائےجارہےہیں ، پانی کی ڈکیتی کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے گاڑی کیچڑسےنکال کرسڑک پرلانی ہےپھریہ چل پڑےگی۔

  • مذہب سب کا الگ، لیکن انسانیت کی اساس مشترک ہے: وزیر اعظم

    مذہب سب کا الگ، لیکن انسانیت کی اساس مشترک ہے: وزیر اعظم

    چکوال: وزیر اعظم نواز شریف نے ہندوؤں کے تاریخی مقام کٹاس راج کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے تمام ہندو، سکھ، پارسی اور دیگر تمام مذاہب کے ماننے والوں کی خوشیاں اور دکھ سانجھے ہیں۔ انسانیت ہماری مشترکہ اساس ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے کٹاس راج کے دورے کے موقع پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقام نہ صرف ہندوؤں کے لیے امتیازی حیثیت رکھتا ہے بلکہ سکھ، بدھ مت کے ماننے والوں، اور مسلمانوں کی ثقافت کا سنگم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں صرف مسلمانوں کا نہیں، تمام پاکستانیوں کا وزیر اعظم ہوں۔ ’یہاں پر 5 مذاہب کے ماننے والے پاکستانیوں کا اجتماع میری خوشی کا باعث ہے‘۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس اجتماع سے پوری دنیا کو واضح پیغام گیا ہے کہ پاکستان میں ہندو، سکھ، پارسی اور تمام مذاہب کے ماننے والوں کو برابر کا شہری مانا جاتا ہے۔ ’تمام مذاہب کے ماننے والے انسانیت کے رشتے میں بندھے ہیں اور پاکستان کی ترقی، استحکام، امن اور خوشحالی کے لیے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر کام کر رہے ہیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ مذہب سب کا اپنا اپنا لیکن انسانیت ہماری مشترکہ اساس ہے۔

    اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے قرآن کریم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام انبیا اور تمام کتابوں پر ایمان لانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ یہی نہیں ہمیں اقلیتوں کے ساتھ بہترین سلوک اور ان کے حقوق کے تحفظ کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

    انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایک وقت آئے گا کہ پاکستان کو اقلیت دوست ملک کے طور پر جانا جائے گا۔

    خطاب میں وزیر اعظم سیاسی گفتگو کرنا نہ بھولے۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے والے کچھ نہیں بنا رہے۔

    انہوں نے ماضی کی حکومتوں کو بھی لتاڑتے ہوئے کہا کہ جو پہلےحکمران رہے، ہم ان کے صوبے میں بھی ہم موٹر وے بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں ایسے لوگ آگئے ہیں جوروز نیا جھوٹ بولتے ہیں۔

    وزیر اعظم نے مخالفین کو اللہ سے معافی مانگنے کا بھی مشورہ دیا۔

    تقریب کے بعد وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ہندؤوں کے مقدس مقام امرت جل میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح بھی کیا۔ فلٹریشن پلانٹ سے مذہبی رسومات کے لیے آنے والے ہندوؤں کو صاف پانی میسر ہوگا۔

    دورے کے موقع پر وزیر اعظم نے کٹاس راج میں ہندوؤں کے تاریخی مندر کے مختلف حصے بھی دیکھے۔

    اس موقع پر وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق اور دیگر اہم شخصیات بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھیں۔

    بعد ازاں وزیر اعظم نے کٹاس راج میں ہندوؤں کے مذہبی رہنما شیو جی کے مندر کے قریب پودا بھی لگایا اور ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا مانگی۔