Tag: کپتان قومی کرکٹ ٹیم

  • سری لنکن ٹیم ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں اپ سیٹ کرسکتی ہے، سرفراز احمد

    سری لنکن ٹیم ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں اپ سیٹ کرسکتی ہے، سرفراز احمد

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ سری لنکن ٹیم ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں اپ سیٹ کرسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکن ٹیم نے دوسرے ون ڈےمیں اچھا کم بیک کیا، سری لنکن ٹیم کو کسی بھی طرح سے آسان نہیں سمجھ رہے ہیں۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں پہلے ہی نمبر چار پر کھیل رہا ہوں، شاداب خان اور عماد وسیم ہمارے اہم بولرز ہیں، شاداب خان میرے خیال میں اب بھی میچ ونر بولر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کے ہوتے ہوئے اپنی کپتانی پر کوئی خدشہ نہیں ہے، پی سی بی جس کو مناسب سمجھے گا کپتان بنائے گا۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ ٹی ٹوینٹی میچ میں ٹاس دونوں ٹیموں کے لیے اہم ہوگا، جو اچھا کھیلے گا وہ ٹیم میں رہے گا، حسنین کو سیریز میں موقع دینے کی کوشش کی تھی، حسنین آنے والے وقت میں اسٹار بولر بن سکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ لاہور کے شہری بھی سری لنکن ٹیم کا شاندار استقبال کریں گے، عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ٹیم میں واپسی پر مبارک باد دیتے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ کل لاہور میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹی ٹوینٹی 7 اور تیسرا اور آخری ٹی ٹوینٹی میچ 9 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

    یاد رہے کہ پاکستان نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں 2-0 سے شکست دی تھی، ون ڈے سیریز کا پہلا میچ بارش کے سبب منسوخ کردیا گیا تھا۔

  • لڑکے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھ کر اہلیہ رو پڑی تھیں، سرفراز احمد

    لڑکے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھ کر اہلیہ رو پڑی تھیں، سرفراز احمد

    برمنگھم: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اعتراف کیا ہے کہ لڑکے والی تنقید کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھ کر اہلیہ رو پڑی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ مجھ پر کی جانے والی تنقید کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھ کر اہلیہ آبدیدہ ہوگئی تھیں پھر میں نے سمجھایا ہارنے کے بعد ایسی باتیں ہوجاتی ہیں۔

    سرفراز کا کہنا تھا کہ تنقید پر دکھ ہوا، غصہ بھی آیا لیکن خاموش رہ کر بہت کچھ سیکھا۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ مذکورہ واقعے کے بعد شائقین کرکٹ اور سابق کھلاڑٰیوں کی جانب سے سپورٹ کرنے پر ان کا شکر گزار ہوں۔

    مزید پڑھیں: سرفراز احمد کی تضحیک کرنے والے نوجوان نے معافی مانگ لی

    واضح رہے کہ بھارت کے ہاتھوں قومی ٹیم کی شکست کے باوجود قومی ٹیم پر مسلسل تنقید کا سلسلہ جاری رہا تھا اور ایک لڑکے نے لندن کے شاپنگ مال میں جب سرفراز احمد اپنے بیٹے عبداللہ کو گود میں اٹھائے جارہے تھے تو ان کے ساتھ سیلفی بنوانے کی خواہش کی۔

    سرفراز احمد جب سیلفی لینے کے بعد جانے لگے تو نوجوان نے انہیں برا بھلا کہنا شروع کردیا، جس کے بعد نوجوان کو سوشل میڈیا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اپنی غلطی کا احساس ہوا اور اس نے اپنے تضحیک آمیز روئیے پر معافی مانگی۔

    نوجوان لڑکے کی جانب سے معافی مانگنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کا ملا جلا ردعمل سامنے آیا کسی نے کہا کہ اس کو معاف نہیں کرنا چاہئے اور کسی نے کہا کہ معافی مانگ لی ہے اب معاملے کو ختم کردینا چاہئے۔

  • کامیابی ٹیم پرفارمنس کا نتیجہ ہے، میچ میں بہت کیچز چھوڑے، سرفراز کا اعتراف

    کامیابی ٹیم پرفارمنس کا نتیجہ ہے، میچ میں بہت کیچز چھوڑے، سرفراز کا اعتراف

    لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کامیابی ٹیم پرفارمنس کا نتیجہ ہے، میچ میں بہت کیچز چھوڑے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم اور حارث سہیل نے بہترین بلے بازی کی، ٹیم کمبی نیشن کی وجہ سے حارث کو پہلے موقع نہیں ملا۔

    انہوں نے کہا کہ مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل نے آخری اوور میں بٹلر کی طرح کھیلا، آج کے میچ میں ہم نے بہت کیچز چھوڑے ہیں فیلڈنگ میں ہمیں محنت کی ضرورت ہے۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ محمد عامر، شاداب خان اور وہاب ریاض نے بہت اچھی بولنگ کی، آج کے میچ میں مداحوں کی جانب سے سپورٹ کرنے پر شکر گزار ہوں۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ 2019: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو49 رنز سے ہرا کر ورلڈ کپ سے باہر کردیا

    دوسری جانب مین آف دی میچ حارث سہیل نے کہا کہ مجھے کہا گیا تھا کہ بابر اعظم کے ساتھ شراکت داری قائم کرنا، میں گیا اور اپنا نیچرل گیم کھیلا اور بابر کے ساتھ پارٹنر شپ لگائی۔

    واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف 49 رنز سے کامیابی کے بعد سابق کھلاڑیوں اور وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی سوشل میڈیا پر پاکستانی ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ اپنے بقیہ تینوں میچز بھی جیتنے ہیں، قومی ٹیم 26 جون بروز بدھ کو ورلڈ کپ کی ناقابل شکست ٹیم نیوزی لینڈ سے میچ کھیلے گی اس کے بعد بنگلہ دیش اور افغانستان سے بھی میچز ہونا ہے۔

  • قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کھلاڑیوں پر برس پڑے

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کھلاڑیوں پر برس پڑے

    اولڈ ٹریفورڈ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد گزشتہ روز بھارت کے ہاتھوں شکست پر کھلاڑیوں پر برس پڑے۔

    ذرائع کے مطابق میچ ختم ہونے سے قبل ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں پر برس پڑے، سرفراز احمد نے کہا کہ کوئی سمجھتا ہے میں گھر چلا جاؤں گا تو یہ بھول ہے۔

    سرفراز احمد نے تنبیہ کی کہ میں اکیلا نہیں جاؤں گا پھر اور لوگ بھی جائیں گے، سرفراز احمد بولتے رہے اور کھلاڑی سر جھکاتے سنتے رہے۔

    دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ میچ کے بعد ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کھلاڑیوں کی کلاس لی، ڈریسنگ روم میں مکی آرتھر نے کھلاڑیوں کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ جو ہونا تھا ہوچکا اب آگے دیکھو اور اگلے چاروں میچز جیتو۔

    مزید پڑھیں: پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ درست تھا، بولرز نے رائٹ ایریا میں بولنگ نہیں کی، سرفراز احمد

    کوچ نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ اگلے چار میچز جیت کر سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوا جاسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ درست تھا، تاہم بولرز نے رائٹ ایریا میں بولنگ نہیں کی جس کی وجہ سے زیادہ اسکور بنا۔

    یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2019 کے 22ویں میچ میں بھارت نے پاکستان کو 89 رنز سے شکست دے دی، روہت شرما کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

  • سرفراز احمد کی بیٹے کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو وائرل

    سرفراز احمد کی بیٹے کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو وائرل

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی بیٹے عبداللہ کے ساتھ کرکٹ کھیلتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی بیٹے عبداللہ کے ساتھ کرکٹ کھیلنے ویڈیو وائرل ہوگئی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے عبداللہ کے نانا بولنگ کرارہے ہیں جبکہ سرفراز احمد وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    عبداللہ بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کررہے ہیں اور رنز بنانے کے لیے دوڑ بھی رہے ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سرفراز احمد نے لکھا کہ ’میری اور عبداللہ کی رنز بنانے کی رفتار ایک جیسی ہے۔‘

    ٹویٹر پر مداحوں کی جانب سے ویڈیو کو سراہا جارہا ہے، ساڑھے 8 ہزار مداحوں نے ویڈیو کو لائیک کیا ہے جبکہ ایک ہزار کے قریب لوگوں نے ویڈیو کو ری ٹویٹ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں بھی سرفراز احمد کی بیٹے کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، البتہ اس ویڈیو میں عبداللہ بولنگ کرارہے تھے اور سرفراز احمد بیٹنگ کررہے تھے۔

    مزید پڑھیں: کچھ عرصہ پہلے میں اس گلی میں کرکٹ کھیلتا تھا اب میرے بیٹے کی باری ہے

    سرفراز احمد نے ویڈیو سوشل میڈیا ویب سائٹ پر شیئر کی اور لکھا تھا کہ ’کچھ عرصہ پہلے میں اس گلی میں کرکٹ کھیلتا تھا اب میرے بیٹے کی باری ہے۔‘

    قومی ٹیم کے کپتان کی اہلیہ خوش بخات نے بھی ویڈیو شیئر کی اور لکھا تھا کہ ’نماز عصر کے بعد کچھ یوں ہورہا ہے آج کل۔‘

    یاد رہے کہ رواں سال فروری میں بھی دورہ جنوبی افریقا کے دوران سرفراز احمد کی بیٹے کے ساتھ ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں سرفراز نیلسن منڈیلا اسکوائر پر بیٹے عبداللہ اور مقامی بچوں کے ہمراہ ریس لگاتے ہوئے نظر آرہے تھے۔

  • ورلڈ کپ میں ٹیم فائٹ کرتی دکھائی دے گی، سرفراز احمد

    ورلڈ کپ میں ٹیم فائٹ کرتی دکھائی دے گی، سرفراز احمد

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے ہر میچ پر توجہ ہے، میگا ایونٹ میں ٹیم فائٹ کرتی دکھائی دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں، فٹ رہنے کے لیے سخت محنت کررہا ہوں، ٹیم کا مورال بڑھانے کا منصوبہ موجود ہے۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی، کوچ اور کپتان ایک پیج پر ہیں، ورلڈ کپ اسکواڈ میں زیادہ تبدیلی نہیں ہوگی، جلد کوچ اور سلیکٹرز سے اسکواڈ پر مشاورت ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کا فارمیٹ مشکل ہے، بھارت سے میچ اہم ہوتا ہے، جیتنے کی کوشش کریں گے، ٹیم بہت اچھی ہے، خواہش ہے کہ ہم ورلڈ کپ جیتیں اگر ٹیم ورلڈ کپ نہیں بھی جیتتی تو گراؤنڈ میں فائٹ کرتی ہوئی نظر آئے گی۔

    کپتان قومی کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ فاسٹ بولر محمد عامر کو کارکردگی پر فوکس کرنے کی ضرورت ہے جبکہ آسٹریلیا سیریز میں آرام سے بہت فائدہ ہوا ہے۔

    پی ایس ایل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں کامیابی کی خوشی ہے، پی ایس ایل پاکستان کا بڑا برانڈ ہے، اپنے شہر میں کھیلنے کا بہت مزہ آیا، شائقین نے بھرپور سپورٹ کیا جس کی خوشی ہے۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ میں قومی ٹیم مایوس نہیں کرے گی: کپتان سرفراز احمد

    واضح رہے کہ چیمپئن کپتان گزشتہ روز اے آر وائی نیوز کے مہمان بنے تھے، اے آر وائی آمد پر قومی ٹیم کے کپتان کو گل دستہ پیش کیا گیا۔ انھوں نے عوام سے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے لیے دعا کی درخواست کی۔

    خیال رہے کہ گرین شرٹس سرفراز کی قیادت میں مشن ورلڈ کپ 2019 کے لیے 23 اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوں گے، جس کے لیے پی سی بی نے پلیئرز فٹنس ٹیسٹ کا اعلان کر دیا ہے اور 23 کھلاڑیوں کو طلب کر لیا گیا ہے۔

  • سرفراز مستقبل میں کپتان ہوں گے یا نہیں، فیصلہ پی ایس ایل کے بعد ہوگا، پی سی بی

    سرفراز مستقبل میں کپتان ہوں گے یا نہیں، فیصلہ پی ایس ایل کے بعد ہوگا، پی سی بی

    لاہور: سرفراز احمد کی کپتانی سے متعلق پی سی بی کے بیان نے گتھی الجھا دی ہے، پی سی بی کا کہنا ہے کہ سرفراز کی کپتانی کا فیصلہ پی ایس ایل کے بعد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سرفراز احمد کی کپتانی کے حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کا کپتان سیریز ٹو سیریز ہوتا ہے، کپتان کا اعلان پی ایس ایل کے بعد ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز مارچ کے آخر میں شیڈول ہے۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ سرفراز احمد ہی ورلڈ کپ تک کپتان ہوں گے لیکن پی سی بی کے بیان سے خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    یہ پڑھیں: شعیب اختر مجھ پر ذاتی حملے کررہے ہیں، سرفراز احمد

    سابق کرکٹرز نے بھی بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس غیریقینی صورت حال کو ختم کرنے کے لیے جتنی جلدی ورلڈ کپ کے لیے کپتان کا اعلان کردے اتنا ہی ٹیم کے لیے بہتر ہوگا۔

    یاد رہے کہ نسل پرستانہ ریمارکس پر معافی مانگنے کے باوجود آئی سی سی کی جانب سے کپتان سرفراز احمد پر چار میچز کی پابندی عائد کی گئی تھی، جس کے بعد بورڈ نے سرفراز کو وطن واپس بلا کر شعیب ملک کو ٹیم کا کپتان بنایا ہے۔

    گزشتہ روز کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ غلطی کا اعتراف کیا پھر بھی مجھے سزا ملی، مستقبل میں واپس آکر اپنی کارکردگی مزید بہتر بناؤں گا۔

  • قومی ٹیم نے ڈیم فنڈ میں 32 لاکھ روپے دئیے ہیں، سرفراز احمد

    قومی ٹیم نے ڈیم فنڈ میں 32 لاکھ روپے دئیے ہیں، سرفراز احمد

    کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ایشیاء کپ میں اسپنرز کا کردار بہت اہم ہے، بھارت سے میچ ہمیشہ اہم ہوتا ہے پوری تیاری کے ساتھ میدان جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ڈیم سے متعلق اعلان کے بعد سب لوگ اس میں عطیہ دے رہے ہیں، قومی کرکٹ ٹیم نے بھی بھاشا ڈیم کے لئے 32 لاکھ روپے عطیہ کیے ہیں، ڈیم بننے سے پاکستان کو فائدہ ہوگا اور آئندہ نسلیں فائدہ اٹھائیں گی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ایشیاء کپ کے لئے تیاری اچھی ہے، بہتر کھیل پیش کریں گے، بھارت سے میچ ہمیشہ اہم ہوتا ہے، کوشش ہوگی پوری تیاری سے جائیں۔

    سرفراز احمد نے کہا ہے کہ اپنی بیٹنگ کی کار کردگی کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، قوم آنے والی سریزمیں بیٹنگ میں مزید بہتری دیکھیں گے، میرے فٹنس ٹیسٹ کا رزلٹ اس دفعہ بہت اچھا آیا ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا ہے کہ بڑی سیریز میں ہمیشہ 2 وکٹ کیپرز جاتے ہیں، ابھی میں نے کھیلنا شروع کیا ہے، ریسٹ کرنے کی ضرورت نہیں سمجھتا۔

    کپتان قومی ٹیم کا نے کہا کہ ایشیا کپ میں اسپنرز کا کردار بہت اہم ہوگا، ایشیا کپ میں اسپنرز کا کردار بہت اہم ہوگا، کوشش کریں گے ہر میچ میں 300 سے زائد اسکور کریں، ہماری بولنگ اتنے اسکور کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں شامل تمام ٹیمیں اچھی ہیں، کسی کو آسان نہیں سمجھ رہے، ابھی ٹیم کو دوسرے وکٹ کیپر کی ضرورت نہیں۔


    مزید پڑھیں : امپائرعلیم ڈار کا ڈیم فنڈز میں 10 ہزار ڈالرز دینے کا اعلان


    یاد رہے کہ کرکٹ کی دنیا کے مشہور امپائر علیم ڈار نے ڈٰیم فنڈز میں 10 ہزار ڈالرز دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اور بیرون ملک پاکستانی ڈٰیم فنڈز میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالیں، چیف جسٹس اور وزیر اعظم نے ڈیم فنڈز قائم کرکے احسن قدم اُٹھایا ہے۔

  • لارڈز ٹیسٹ کی کامیابی کو بھول کر فوکس لیڈز ٹیسٹ پر ہے، سرفراز احمد

    لارڈز ٹیسٹ کی کامیابی کو بھول کر فوکس لیڈز ٹیسٹ پر ہے، سرفراز احمد

    لیڈز: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم بہت اچھی ہے آسان نہیں لے رہے ہیں، لارڈز ٹیسٹ کی کامیابی کو بھول کر فوکس لیڈز ٹیسٹ پر ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیڈز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، سرفراز احمد نے کہا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے بھرپور تیاری کررہے ہیں، عثمان، فخر زمان میں سے کسی ایک کو کھلانا مشکل فیصلہ تھا، کل عثمان صلاح الدین کھیلیں گے، مڈل آرڈر میں عثمان صلاح الدین بہتر کھیل سکتے ہیں، وہ کافی عرصے سے ٹیم کے ساتھ ہیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ کھلاڑیوں نے لارڈز ٹیسٹ کی فتح کا جشن منایا اب تمام کھلاڑی لیڈز ٹیسٹ کی تیاری کررہے ہیں، میچ سے پہلے آج کا پریکٹس سیشن اہم ہے، پاکستان نے تقریباً 20 سال پہلے انگلینڈ کے خلاف سیریز جیتی تھی۔


    سرفراز احمد نے کہا کہ ہمارا یہی مقصد ہے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز اپنے نام کریں، ہر شعبے میں بہتری کی گنجائش ہوتی ہے، کوشش ہے بلے باز نصف سنچریوں کو سنچریوں میں تبدیل کریں، فیلڈںگ کے شعبے میں خصوصی توجہ سے کام کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیم کا بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں توقعات کے مطابق پرفارم کرنا خوشی کی بات ہے لیکن ہم اب بھی اس بات پر قائم ہیں کہ ابھی ٹیم کو بہت کچھ کرنا ہے۔

    ٹیم کی پریکٹس کے حوالے سے کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ گزشتہ روز بارش کے سبب انہیں انڈور ٹریننگ تک محدود رہنا پڑا تھا لیکن لیڈز میں آج دھوپ ہے جس کی وجہ سے کھلے میدان میں پریکٹس کا موقع میسر ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین دوسرا ٹیسٹ کل لیڈز میں کھیلا جائے گا، دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو 1-0 کی برتری حاصل ہے، لارڈز ٹیسٹ میں قومی ٹیم نے انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔