Tag: کپتان

  • امید ہے مستقبل میں سیریز پاکستان میں ہوں گی: کپتان ویمن ٹیم

    امید ہے مستقبل میں سیریز پاکستان میں ہوں گی: کپتان ویمن ٹیم

    کراچی: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ انگلینڈ کےخلاف سیریز کی تیاری بہت اچھی جارہی ہے، سیریز کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز ملائیشیا میں ہو رہی ہے، تاہم امید ہے آگے سیریز پاکستان میں ہی ہوں گی، انگلینڈ کے خلاف کھیلنا ایک بڑا چیلنج ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انگلینڈ سے میچز آئی سی سی چمپئن شپ کا حصہ ہیں جن میں پوائنٹس کی بڑی اہمیت ہے۔

    بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف بھی سیریز کھیلنا چاہتے ہیں تاہم بھارت سیریز نہیں کھیل رہا جس سے کرکٹ کو نقصان ہو رہا ہے۔ سابق کپتان ویمن ٹیم ثناء میر سے متعلق بسمہ معروف نے کہا کہ سیریز سے دستبردار ہونا ثناء کا اپنا فیصلہ ہے، وہ ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں، سیریز میں ان کی کمی محسوس ہوگی۔

    انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی خواتین کرکٹ اسکواڈ کا اعلان

    کپتان پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے بتایا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ پی سی بی کا ہے۔

    خیال رہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے، 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے علیحدہ علیحدہ اسکواڈ ہے۔ سیریز 9تا 20 دسمبر تک ملائیشیا میں شیڈول ہے، پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم 30 نومبر کو ملائیشیا روانہ ہوگی۔

    واضح رہے کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر انٹرنیشنل کرکٹ سے بریک لینے کا اعلان کرچکی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ میری نیک خواہشات پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں، آئندہ ماہ انگلینڈ کے خلاف ہونے والی سیریز میں شرکت نہیں کروں گی۔

  • امید ہے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کم بیک کرے گی: کپتان

    امید ہے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کم بیک کرے گی: کپتان

    برسبین: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے کہا ہے کہ ایک سیشن برا کھیلیں تو میچ میں واپسی مشکل ہو جاتی ہے، ہم میزبان ٹیم پر دباؤ نہیں ڈال سکے۔

    تفصیلات کے مطابق پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہرعلی کا کہنا تھا کہ امید ہے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کم بیک کرے گی، پوری کوشش ہے ٹیم فورم میں واپس آجائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وکٹ اچھی تھی لیکن ہم پہلی اننگز میں زیادہ رنز نہیں بنا سکے۔

    دوسری جانب شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری جڑنے والے بابراعظم کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میچز میں 100 فیصد پرفارمنس کی پوری کوشش کی، امید ہے اس سنچری سے ایڈلیڈ میں اعتماد ملے گا، آسٹریلیا میں رنز کرنا مشکل ہوتا ہے، پرفارمنس سے اعتماد ملتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لمبا کھیلتے تو ٹیم کو فائدہ ہوتا، افسوس ہے ایسا نہ ہوسکا، پہلی اننگز میں وہ شارٹ نہیں کھیلنا چاہیے تھا جس پر آؤٹ ہوا، ٹیم میں جس پوزیشن پر بھی بھیجا جائے پرفارمنس دوں گا، میں نے کبھی بیٹنگ نمبر نہیں مانگا، میرا کام پرفارمنس دینا ہے۔

    پہلا ٹیسٹ: آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو شرمناک شکست

    بابراعظم کا مزید کہنا تھا کہ جب تجربےکار ہوجاؤں گا تو کوہلی سے ضرور مقابلہ کروں گا، ویرات کوہلی سے میرا مقابلہ نہیں، وہ زیادہ تجربے کار ہے۔

    خیال رہے کہ مصباح کی کوچنگ میں مسلسل شکستوں کا سلسلہ جاری ہے، ان کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد بدقسمتی سے ٹیم ایک بھی میچ نہ جیت سکی، سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں بھی پاکستان کو شکست کا مزا چکھنا پڑا تھا۔ جبکہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں بھی پاکستان کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو اننگز اور 5 رنز سے ہرا دیا۔

  • پاکستان کی بیٹنگ لائن تباہ، پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر

    پاکستان کی بیٹنگ لائن تباہ، پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر

    برسبین: ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا میچ شاہینوں کے لیے کڑا امتحان ثابت ہوا، برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلیا نے پاکستانی بیٹنگ لائن تہس نہس کردی، قومی ٹیم پہلے دن کے اختتام پر پہلی اننگز میں 240 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر مایوس کن بیٹنگ کا آغاز کیا، اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین وکٹ پر ٹک کرنہ کھیل سکا۔

    پاکستان نے کھانے کے وقفے تک بغیر کسی نقصان کے 49رنز بنائے، کپتان اظہرعلی 28 اور شان مسعود 21رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، کھانے کے وقفے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی پہلی وکٹ 75رنز پر گری، شان مسعود 27رنز بنا کر پیٹ کمنز کا شکار ہوئے، شان مسعود کے جانے کی دیر تھی کہ اظہرعلی بھی آسٹریلوی بولر کا نشانہ بن گئے، آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی دوسری وکٹ 75 رنز پر گری، اظہر علی39رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

    حارث سہیل کو 1 رن پر مچل اسٹارک نے آؤٹ کیا، پاکستان کی چوتھی وکٹ 78رنز پر گری، بابراعظم بھی 1 رن بنا کر پویلین لوٹے، جبکہ آسٹریلیو بولر نے افتخار احمد کو 7 رنز پر آؤٹ کیا، پاکستان نے پہلے روز چائے کے وقفے تک 5 وکٹوں پر 125رنز بنائے،  محمد رضوان اور اسدشفیق نے وقفے کے بعد دوبارہ کھیل کا آغاز کیا لیکن ٹیم کو بڑا اسکور دینے میں ناکام رہے۔

    اسد شفیق کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین وکٹ پر ٹک کرنہ کھیل سکا، حارث سہیل مسلسل ناکام رہے، اسد شفیق اور یاسر شاہ نے 84 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کی عزت بچائی، اسد شفیق نے سب سے زیادہ چھہتر رنز بنائے، مچل اسٹارک نے 4، پیٹ کمنز نے 3، 3 اور جوش ہیزل ووڈ نے 2 وکٹیں لی، آسٹریلوی ٹیم کل اپنی پہلی اننگز کا آغاز کرے گی۔

    اظہر علی کی قیادت میں شان مسعود، اسد شفیق، بابراعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، محمد رضوان، یاسرشاہ، شاہین آفریدی، عمران خان اور نسیم عباس قومی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہیں، جبکہ 16سال کے نسیم شاہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کررہے ہیں۔

    رکی پونٹنگ نے بابراعظم کو بڑا خطرہ قرار دے دیا

    ٹیسٹ کیپ ملنے پر سولہ سال کے نسیم شاہ کی آنکھیں بھر آئیں، نسیم شاہ آسٹریلیا میں ڈیبیو کرنے والے پہلےکم عمر ترین کھلاڑی بن گئے، ٹاس کے بعد کومنٹیٹر سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان اظہرعلی کاکہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے اچھی ہے، محمد عباس کو نہ کھلانا مشکل فیصلہ ہے، نسیم شاہ کو والدہ کی وفات کے بعد سب نے دلاسہ دیا، ٹیسٹ کیپ لیتے ہوئے نسیم شاہ جذباتی ہوگئے تھے۔

    آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج سے 25 نومبر تک کھیلا جائے گا، شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 نومبر تک برسبین میں ہورہا ہے، جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

  • بحیثیت کپتان آسٹریلیا کا دورہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے: بابراعظم

    بحیثیت کپتان آسٹریلیا کا دورہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے: بابراعظم

    سڈنی: قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے تاریخی دورے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کی سربراہی کرنا اعزاز کی بات ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بابراعظم کا کہنا تھا کہ دورے آسٹریلیا میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔

    مایہ ناز بیٹسمین نے کہا کہ مجھے اپنی نوجوان ٹیم پر اعتماد ہے اور پاکستان کی ٹیم کچھ بھی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    واضح رہے کہ قومی ٹیم آسٹریلیا کے دورے پر پہنچ گئی ہے، اس دورے میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں جائیں گے۔

    پہلا میچ 3، دوسرا 5 اور سیریز کا آخری میچ 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی کی قیادت سے ہٹا کر بابر اعظم کو قیادت سونپ دی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے آسٹریلیا میں ڈیرے، کینگروز پر جھپٹنے کی تیاریاں

    ٹی 20 سیریز سے قبل قومی ٹیم کرکٹ آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان وارم اپ میچ 31 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

  • قومی ٹیم کی کپتان نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا

    قومی ٹیم کی کپتان نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا

    لاہور: قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا.

    تفصیلات کے مطابق بسمہ معروف کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، آئی سی سی نے قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان کو گلوبل ڈولپمنٹ اسکواڈ کا کپتان مقررکردیا.

    گلوبل اسکواڈ جلد آسٹریلیا کا دورہ کرے گا، بگ بیش لیگ کی ٹیموں سےمیچز کھیلے گا.

    اس سلسلے میں بسمہ کا کہنا ہے کہ گلوبل اسکواڈ کی کپتانی اعزاز کی بات ہے، اس تجربے سے میرے کھیل میں بھی بہتری آئےگی.

    خیال رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑیوں‌ نے عالمی کرکٹ میں خود کو منوا لیا ہے. ٹیم کی باصلاحیت رکن ندا ڈار نے آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ سے معاہدہ کرلیا۔

    نڈا ڈار بگ بیش لیگ کھیلنے والی پہلی پاکستانی ویمن کرکٹر ہوں گی۔

    وہ بگ بیش لیگ میں سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کریں گی، پاکستانی آل راؤنڈر لیگ کھیلنے کے لئے پانچ اکتوبر کو لاہور روانہ ہوں گی۔

  • کپتان سرفراز احمد کس نمبر پر بیٹنگ کریں گے؟

    کپتان سرفراز احمد کس نمبر پر بیٹنگ کریں گے؟

    کراچی: قومی ٹیم کے قائد سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ہوم گراؤنڈ میں کپتان کی حیثیت سے میری پہلی سیریزہوگی، کوشش ہوگی ٹیم میں پانچویں نمبرپربیٹنگ کروں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے خصوصی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا. سرفراز  احمد کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے محنت کی، شائقین کرکٹ کھیل سے بھرپورلطف اندوز ہوں گے.

    پچ کا ابھی معائنہ نہیں کیا، سری لنکا سے سیریزمیں اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، بہت محنت کررہے ہیں.

    انھوں‌ نے کہا کہ سری لنکا کو  آسان حریف نہیں لیں گے، کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہوتی، میں اپنی انفرادی کارکردگی کو اچھا کرنا چاہتا ہوں، کپتانی کو لے کر کوئی پریشانی نہیں، رضوان ٹیم میں بطور مڈل آ آرڈر بلے باز کھیل رہے ہیں.

    کپتانی کی مدت کے اعلان سے کوئی فرق نہیں پڑتا، پاکستان میں کرکٹ کھیلناخوش قسمتی کی بات ہے، کراچی کےکراؤڈ نے ہمیشہ کرکٹ کوسپورٹ کیا ہے.

    ورلڈ کرکٹ سپورٹ کرے گی، تو پاکستان میں جلدکرکٹ بحال ہوگی، انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی کےخلاف بھی ریلیکس نہیں ہوسکتے، سری لنکاکی کرکٹ ٹیم پاکستان آئی ہے، ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں.

    پچ سے متعلق سوال

    پریس کانفرنس میں اس وقت دل چسپ صورت حال پیدا ہوگئی، جب سرفراز احمد سے پچ سے متعلق سوال کیا گیا.

    سرفرزا حمد نے مسکراتے ہوئے جواب میں کہا کہ جب بارش ہوتی ہے، تو پانی آتا ہے.

    اس جواب پر کانفرنس ہال میں قہقہے بلند ہوئے. یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے ایک بار بارش سے متعلق ایسا ہی دلچسپ جواب دیا تھا.

    ایک سوال کے جواب میں انھوں‌ نے کہا کہ امام الحق جذباتی نوجوان ہے، ابھی سیکھ رہا ہے.

  • کیا ٹیم کی ناقص کارکردگی کا ذمے دار کپتان ہوتا ہے؟ مصباح الحق کا موقف سامنے آگیا

    کیا ٹیم کی ناقص کارکردگی کا ذمے دار کپتان ہوتا ہے؟ مصباح الحق کا موقف سامنے آگیا

    لاہور:  پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ ناقص کارکردگی پر صرف کپتان کو ذمے دار قرار دینا غلط ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے ساتھ خصوصی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سرفرازکی کارکردگی اچھی رہی ہے، اسی ٹیم نے چیمپیئنز ٹرافی جیتی، سری لنکا کے خلاف سیریزمیں سرفرازہی کپتان رہیں گے۔

    انھوں نے سرفراز احمد کو کپتان اور بابر اعظم کو نائب کپتان کے عہدے سنبھالنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم اچھا نہیں کھیلتی، تو صرف کپتان کو ذمے دار قرار دینا غلط ہے، کپتان سمیت11 پلیئرز کھیل رہے ہیں، سب کی کارکردگی ہوتی ہے۔

    ان کے مطابق سرفراز احمد کو جہاں بہترکرنا ضروری ہے، وہ اسے بہتر کریں گے، اس سے ٹیم کی پرفارمنس بہترہوگی. 

    ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ ہمیں ون ڈے میچز میں  اپنی پرفارمنس بہترکرنا ہوگی، ہر پلیئرکی لاگ بک ہوگی، پرفارمنس کو مانیٹر کیا جائے گا،  ڈومیسٹک میں سیکنڈ الیون کےکھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیےجائیں گے۔

    ناقدین سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ محمد یوسف کا اپنا مؤقف ہے، وہ جوچاہیں بول سکتے ہیں.

  • کیا مصباح الحق سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کے حق میں‌ ہیں؟

    کیا مصباح الحق سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کے حق میں‌ ہیں؟

    لاہور: ورلڈ 2019 کے بعد کوچ اور چیف سلیکٹر کے انتخاب کا مرحلہ تو طے ہوا، البتہ کپتان کا اعلان ابھی باقی ہے.

    تفصیلات کے مطابق مکی آرتھر اور انضمام الحق کے عہدوں‌ کی معیاد ختم ہونے کے بعد خالی ہونے والی اسامیاں سابق کپتان مصباح الحق کو سونپ دی گئی ہیں.

    ورلڈ کپ کے بعد یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ شاید سرفراز احمد کم از کم کسی ایک فارمیٹ کی قیادت سے ہاتھ دھو بیٹھیں، البتہ اب یوں‌ لگتا ہے کہ شاید کچھ عرصے انھیں ہی کپتان برقرار رکھا جائے.

    گزشتہ روز کی پریس کانفرنس میں مصباح الحق نے بھی سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا گرین سگنل دیا تھا.

    ایک سوال کے جواب میں ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالنے والے مصباح الحق نے کہا کہ سرفراز احمد نے کیمپ میں سخت محنت کی، فٹنس میں بہتری لائے ہیں.

    دوسری جانب ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے کہا تھا کہ تینوں فارمیٹس میں قیادت کا فیصلہ جلد طے ہوجائے گا. اس ضمن میں اگلے ہفتے اعلان متوقع ہے.

    سرفراز  بہ مقابلہ اظہر علی


    دوسری جانب پری سیزن کیمپ میں شریک قومی کرکٹرزمظفر آباد روانہ ہوگئے، جہاں 6 ستمبر کو نمائشی میچ کھیلا جائے گا.

    پی سی بی چیئرمین الیون اورآزاد جموں کشمیر پرائم منسٹر الیون کے مابین ٹوئنٹی میچ کا مقصد علاقے میں کرکٹ کو فروغ دینا ہے۔

    سرفراز احمد پی سی بی چیئرمین الیون کی قیادت کریں گے. آزاد جموں کشمیر وزیر اعظم الیون کا کپتان اظہرعلی کو مقررکیا گیا ہے.

    خیال رہے کہ اظہر علی ہی ٹیسٹ کرکٹ کی قیادت کے لیے مضبوط ترین امیدوار تصور کیے جارہے ہیں.

  • آل ٹائم ورلڈ کپ الیون کا اعلان، عمران خان کپتان منتخب

    آل ٹائم ورلڈ کپ الیون کا اعلان، عمران خان کپتان منتخب

    دنیائے کرکٹ‌ آج بھی پاکستان کو 92 کا ورلڈ کپ جتوانے والے عمران خان کے سحر میں مبتلا ہے. آل ٹائم ورلڈ کپ الیون کی کپتانی کے لیے پاکستانی وزیر اعظم کا انتخاب کیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ کی نامور ویب سائٹ نے آل ٹائم ورلڈ کپ الیون کا اعلان کر دیا، کپتان کا منصب عمران خان کے پاس ہے.

    کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کرک انفوکی جانب سے آل ٹائم ورلڈ کپ الیون کا اعلان کیا گیا ہے، پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

    کرک انفو کے 22 ارکان نے ایک سروے کے بعد یہ ٹیم تشکیل دی، اس کی بنیاد ان کھلاڑیوں کی ورلڈ کپ کی کارکردگی تھی.

    ارکان نے ورلڈ کپ کے لیے 39 کھلاڑیوں میں سے 11 کا انتخاب کیا. دل چسپ امر یہ ہے کہ ان میں وسیم اکرم واحد کھلاڑی تھے، جو تمام سلیکٹرز کا متفقہ انتخاب تھے۔

    اسٹارز کی قیادت عمران خان کوسونپ دی گئی، جیوری کا موقف تھا کہ عمران خان نے جس طرح 92 کا ورلڈ کپ پاکستان کو جتوایا، وہ اپنی مثال آپ ہے.

    دیگر کھلاڑیوں میں لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر، ایڈم گلکرسٹ، رکی پونٹنگ، مرلی دھرن، میگ گرا، شین وارن اور کئی لیجنڈز کھلاڑی حصہ ہیں.

  • ورلڈ کپ اسکواڈ، سلیکٹرز 13 اپریل کو سر جوڑ کر بیٹھیں گے، کوچ اور کپتان سے مشاورت کا امکان

    ورلڈ کپ اسکواڈ، سلیکٹرز 13 اپریل کو سر جوڑ کر بیٹھیں گے، کوچ اور کپتان سے مشاورت کا امکان

    لاہور: ورلڈ کپ اسکواڈ کا انتخاب کرنے کے لئے سلیکٹرز کی میٹنگ 13 اپریل کو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق میگا ایونٹ میں اترنے والی ٹیم کا حتمی فیصلہ کرنے کے لیے ٹیم کے بڑے ہفتے کے روز سر جوڑ کر بیٹھیں گے.

    قومی ٹیم کی سلیکشن کے معاملے میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد سے مشاورت بھی طلب کی جائے گی۔

    پی سی بی ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے 18 کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست تیار کرلی، اسکواڈ میں اوپننگ اور پیس بیٹری سمیت پہلی اور دوسری پوزیشن پر کھیلنے کے لیے چند پلیئرز دوڑ میں شامل ہیں۔

    اس حوالے سے فیصلے میں‌ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد کی مشاورت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

    پاکستان ون ڈے کپ کے ٹاپ پرفارمرز کے ناموں‌ پر بھی غور کیا جائے گا، ایک دو مزید کھلاڑیوں کو فٹنس ٹیسٹ کے لیے بھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں مدعو کیا جا سکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: اب کرکٹ میں رنز بنانے کے لیے دوڑنے کی ضرورت نہیں، حیران کن ویڈیو سامنے آگئی

    یاد رہے کہ قبل ازیں ورلڈ کپ ایونٹ کے لیے 23 ممکنہ کرکٹرز کا اعلان کیا گیا تھا، جس میں عمر اکمل اور وہاب ریاض کے نام شامل نہیں تھے۔

    البتہ پاکستان کپ میں عمر اکمل اور وہاب ریاض دونوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کر لی اور مختلف حلقوں کی جانب سے انہیں فٹنس ٹیسٹ کے لیے دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ طلب کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔