Tag: کپتان

  • کوئٹہ کے عوام کو خوشی دینے میں کامیاب رہے: سرفراز احمد

    کوئٹہ کے عوام کو خوشی دینے میں کامیاب رہے: سرفراز احمد

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ خواہش تھی کوئٹہ کے عوام کو ٹرافی جیت کر خوشی دیں جس میں کامیاب رہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فورکی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اعزاز میں کراچی پریس کلب میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

    اس موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مینجمنٹ، کپتان سرفراز احمد اور دیگر کھلاڑیوں کی شرکت، تقریب کے دوران کپتان سرفراز احمد نے پی ایس ایل فور کی جیت کی خوشی میں ایک بار پھر کوئٹہ کے عوام کو مبارکباد دی۔

    ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے ذریعے جیت حاصل ہوئی، ملک میں کرکٹ کے مزید فروغ پر کام کررہے ہیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے دو روز قبل جامعہ کراچی کا دورہ کیا تھا، اس موقع پر انہوں نے ملک میں کرکٹ کے فروغ اور مضبوطی سمیت کئی پہلوؤں پر گفتگو کی تھی۔

    کرکٹ کو مزید مضبوط بنارہے ہیں: سرفراز احمد

    واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن فور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے پہلی بار ٹرافی اپنے نام کی تھی اور پشاور زلمی کو باآسانی شکست سے دوچار کیا تھا۔

  • ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں: چیئرمین پی سی بی

    ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں: چیئرمین پی سی بی

    لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ جب تک کوئی دوسرا نہیں مل جاتا سرفراز ہی کپتان رہیں گے، آسٹریلیا سیریز اور ورلڈ کپ میں سرفراز احمد کپتانی کریں گے۔ ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی اور کپتان قومی ٹیم سرفراز احمد نے میڈیا بریفنگ کی۔ چیرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد سے بہت عرصہ پہلے ملاقات ہوئی تھی، سرفراز احمد میں بہت عرصہ پہلے لیڈر شپ دیکھی تھی۔

    احسان مانی نے کہا کہ سرفراز کی کپتانی پہلی بار 2006 جونیئر ورلڈ کپ میں دیکھی تھی، اس ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی تھی۔ سرفراز کی اس دن اور آج کی کپتانی ویسی ہی ہے۔ ان کی کپتانی دیکھ کر شہریار خان کو خط بھی لکھا تھا۔

    مزید پڑھیں: سرفراز کو ورلڈ کپ 2019 کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

    انہوں نے کہا کہ جب تک کوئی دوسرا نہیں مل جاتا سرفراز ہی کپتان رہیں گے، جب بھی کوئی ایونٹ آتا ہے قیاس آرائیاں شروع ہوجاتی ہیں۔ آسٹریلیا سیریز اور ورلڈ کپ میں سرفراز احمد کپتانی کریں گے۔ پورا بورڈ سرفراز احمد کے ساتھ ہے۔

    چیئرمین پی سی بی  کا کہنا تھا کہ ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں۔ سرفراز احمد کی کپتانی میں ہم کامیابی حاصل کریں گے۔ پاکستان جنوبی افریقہ سیریز میں ہارا ہے اس میں شک نہیں، نیوزی لینڈ سیریز سے دیکھ لیں وہاں کامیابی بھی ملی ہے۔ ہار سے سبق ملتا ہے، اسی طرح پرفارمنس میں بہتری آتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہا ہوں ایک ہی کپتان ہیں اور وہ سرفراز احمد ہیں۔ ریویو ہم ضرور کرتے ہیں، ٹیم مینیجمنٹ تمام معاملات دیکھتی ہے۔ کوئی سیاسی مداخلت نہیں، سرفراز احمد ہی ورلڈ کپ میں کپتانی کریں گے۔ ’انشا اللہ اس بار ورلڈ کپ لے آئیں گے‘۔

    احسان مانی نے مزید کہا کہ حفیظ اور شعیب دونوں نے اعلان کیا ہے کہ یہ ان کا آخری ورلڈ کپ ہے۔ جب کسی کو کپتان منتخب کیا جاتا ہے تو وہ آخر تک کپتان ہی ہوتا ہے۔ کسی کو یہ نہیں کہا جاتا کہ آپ ایک یا دو سال کے لیے کپتان بنے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کپتان موجود نہیں تو سینئر کھلاڑی ٹیم کو دیکھتے ہیں، اس میں کوئی وجہ نہیں کہ سرفراز کی غیر موجودگی میں شعیب دیکھتے ہیں۔ پلیئرز کھیل کر بنتے ہیں ایک ہی رات میں نہیں بنتے۔ سرفراز کی پرفارمنس دیکھ لیں میرٹ کا پتہ چل جائے گا۔

    قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی کا مشکور ہوں انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا ہے۔ میرے لیے فخر کی بات ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی کر رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی نے شروع سے مجھ پر اعتماد کیا جس سے حوصلہ بڑھا، کوشش کریں گے پاکستان ٹیم بہترین پرفارمنس پیش کرے۔ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی سے 3 مرتبہ معذرت کی، بات نکل گئی جس پر معذرت کی اب آگے بڑھنا چاہیئے۔۔

    سرفراز کا کہنا تھا کہ کوئی کراچی یا لاہور والا نہیں، سب پاکستانی ہیں۔ ٹیم کے نائب کپتان کے حوالے سے بورڈ سے بات کروں گا۔ کسی کرکٹر کو پسند نہیں ہے کہ اس پر تنقید ہو، کرکٹ پر تنقید کریں گے تو ٹھیک ہے، ذاتی ہونا مسئلہ ہوتا ہے۔

  • کپتان کی تبدیلی سے متعلق چیف سیلیکٹر کا اہم بیان سامنے آگیا

    کپتان کی تبدیلی سے متعلق چیف سیلیکٹر کا اہم بیان سامنے آگیا

    اسلام آباد: ایشیا کپ 2018 میں پاکستان کی بدترین کارکردگی کے بعد کپتان سرفراز احمد شدید تنقید کی زد میں ہیں اور انھیں برطرف کرنے کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ناقدین نے پاکستانی کی ناقص کارکردگی کا ملبہ کپتان پر ڈال دیا ، یہ مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے کہ سرفراز احمد کو کپتان کے عہدے سے ہٹایا جائے۔

    البتہ پاکستانی پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیرمین انضمام الحق نے اس مطالبہ کو یکسر رد کر دیا ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے چیف سلیکٹر نے کپتان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ انضمام الحق نے کہا کہ کپتان کی تبدیلی اس مسئلے کا حل نہیں۔

    انھوں نے کہا کہ موجودہ ٹیم باصلاحیت کرکٹرز پر مشتمل ہے، ان کھلاڑیوں کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے۔

    مزید پڑھیں: قومی ٹیم میں اعتماد کا فقدان ہے: مشتاق احمد

    انضمام الحق نے کہا کہ اسی ٹیم نے گذشتہ ڈیڑھ سال میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ایشیا کپ میں ٹیم پرفارم نہیں کرسکی، مگر انھیں اس ٹیم سے بہت امیدیں ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ بہ طور چیف سیلیکٹر انھیں کپتان پر  بھروسا ہے، وہ ان کی حمایت کریں گے، بورڈ کا کپتان تبدیل کرنے کا ارادہ نہیں۔

    سابق ٹیسٹ کپتان نے دورہ آسٹریلیا میں آؤٹ آف فارم فخرزمان کو شامل کرنے کے فیصلہ کا دفاع کیا۔

  • بسمہ معروف ویمنزکرکٹ ٹیم کی نئی کپتان مقرر

    بسمہ معروف ویمنزکرکٹ ٹیم کی نئی کپتان مقرر

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ثنا میر کو ویمنز ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے ہٹا کر ان کی جگہ بسمہ معروف کو کپتان مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے ثنا میر کی چھٹی کردی ان کی جگہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی کی کپتان بسمہ معروف کو ون ڈے کرکٹ ٹیم کا کپتان بنا دیا۔

    ثنا میر کوویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا تاہم انہیں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی سلیکشن کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔


    ورلڈ کپ میں شکست: ویمن ٹیم کی کھلاڑی موٹربائیک پرگھرگئیں


    خیال رہے کہ قومی ویمن کرکٹ ٹیم 17 جولائی کو ویمنز ورلڈ کپ میں مایوس ترین کارکردگی کے بعد وطن واپس پہنچی تو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کرنے کے لیے کوئی آفیشل موجود تھا اور نہ ہی پی سی بی کی جانب سے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔

    ویمنز ورلڈ کپ میں قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور ساتوں میچز میں ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    بعدازاں 1 اگست 2017 کو ویمنزورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر ہیڈ کوچ صبیح اظہر نے اپنی تفصیلی رپورٹ پی سی بی حکام کو بھیجی تھی جس میں کپتان ثنامیر، منیجرعائشہ اشعر اور چند سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم کی خراب کارکردگی کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔


    بسمہ معروف ویمن ٹی ٹوئینٹی کرکٹ ٹیم کی کپتان مقرر


    واضح رہے کہ گزشتہ سال 5 جون 2016 کو بسمہ معروف کو پاکستان ویمن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان مقررکیا گیا تھا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔ 

  • شرجیل کےٹیم میں نہ ہونےسےفرق پڑےگا ‘ سرفراز احمد

    شرجیل کےٹیم میں نہ ہونےسےفرق پڑےگا ‘ سرفراز احمد

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کےکپتان سرفراز احمد کا کہناہےکہ دورہ ویسٹ انڈیز کےلیےمجھ پرکوئی دباؤ نہیں تاہم شرجیل کےٹیم میں نہ ہونے سے فرق پڑے گا۔

    تفصیلات کےمطابق ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ویسٹ انڈیز میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کےکپتان کا کہناتھاکہ قومی ٹیم میں شامل نئے کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں،سب کھلاڑی ایک دوسرے کوسپورٹ کررہے ہیں۔

    میڈیا سےبات کرتے سرفرازاحمد کا کہناتھاکہ ورلڈکپ میں براہ راست رسائی کیلئے دورہ ویسٹ انڈیز بہت اہم ہے۔انہوں نےکہاکہ فاسٹ باؤلر محمدعامر اور وہاب ریاض سے اچھی امیدیں ہیں۔

    کامران اکمل سے متعلق سوال کےجواب میں قومی ٹیم کےکپتان کا کہناتھا کہ کوشش کریں گےان کو ٹاپ آرڈر میں استعمال کریں۔

    خیال رہےکہ قذافی اسٹیڈیم کےکیمپ میں کھلاڑیوں نے ایک ہفتہ بھر پور ٹریننگ کی اور آج پاکستان کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آخری روزتھا۔

    مزید پڑھیں:سرفراز اچھا پرفارمر ہے‘ ہمارے درمیان کوئی جیلسی نہیں‘ کامران اکمل

    یاد رہےکہ دوروزقبل قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئےکامران اکمل کا کہناتھاکہ سرفراز اچھا پرفارمر ہےہمارے درمیان کوئی جیلسی نہیں ہے۔

    واضح رہےکہ پاکستان کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں 20مارچ کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوگی جہاں وہ ویسٹ انڈیز کےخلاف پہلاٹی ٹوئنٹی میچ 26مارچ کوکھیلاجائےگا۔

  • کپتان اور رائیونڈ کا میدان

    کپتان اور رائیونڈ کا میدان

    تجزیہ : رابعہ نور

    جنگل میں ہو رہا ہے منگل۔۔ یا لگنے والا ہے کوئی دنگل۔۔ تیس ستمبر کو سب پتا چل جائے گا۔ لیکن زیادہ دور نہیں بسانہیں دو تین سالوں میں پیش آنے والے سیاسی حالات و واقعات پر اپنی عقابی نگاہیں پھرتی سے دوڑائیں تو اندازہ ہو گا کہ جناب ! پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین اور لاکھوں دلوں کی دھڑکن عمران خان جب بھی لاہور میں کوئی ریلی نکالنے چلے ہیں یا پھر انہوں نے کوئی جلسہ کیا ہے تو لوگ اکٹھے کرنے میں ہمیشہ کامیاب رہے ہیں۔

    جتنی بار عمران خان آواز دیتے ہیں۔۔ لبیک کہتی خواتین، نوجوان اور پارٹی ورکرز بڑی تعداد میں جلسہ گاہ کا رخ کرتے ہیں۔ خوب دھوم دھڑکا ہوتا ہے۔ سارا دن تیاری ہوتی ہے۔۔ ڈی جے گانے بجاتا ہے اور نوجوانوں کا جوش بھڑکاتا ہے۔ جلسے کا وقت قریب آتا ہے۔ ایک کنسرٹ کا سا سماں ہوتا ہے۔

    ان جوشیلے ترانوں پر تو پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکن بھی اگر آس پاس ہوں تو شاید بھنگڑے ڈالنا شروع کر دیں۔ بالکل ویسے ہی جیسے گو نواز گو کا نعرا شہرت کی بلندیوں کو چھوتا ہوا نواز لیگ کے بڑے بڑے رہنماؤں کی زبان پر چڑھ گیا تھا۔ اور بڑے میاں صاحب کے لئے بھیانک خواب بن گیا تھا۔

    آزادی مارچ ہو یا احتساب ریلی ۔۔ عمران خان ہر بار عوام کا سیلاب لے کر نکلے اور ہوا کچھ بھی نہیں۔۔ لوگ تبدیلی لانے کے لئے خان صاحب کے جلسے میں آتے ہیں۔۔ پکنک مناتے ہیں۔۔ لڈیاں ڈالتے ہیں۔۔ تقریر سنتے ہیں۔۔ واہ واہ کرتے ہیں اورگھر جا کر سو جاتے ہیں۔

    اب بھلا اور کریں بھی کیا۔۔ میوزک بجے گا تو ڈانس ہی کریں گے ناں۔۔ لیڈر تقریر کرے گا تو سنیں گے۔۔ اور رات کے دو تین بجے گھر پہنچ کر کونسا انقلاب لانا ہے۔۔ لمبی تان کے سو جاؤ۔۔ اور سپنوں میں نیا پاکستان بناؤ۔

    اب چلو چلو رائیونڈ چلو کے نعرے لگ رہے ہیں۔۔ سوئے ہوئے کھلاڑی پھر سے جاگ گئے ہیں اور اپنا اپنا بلا تھامے رائیونڈ کا میدان مارنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ پچ بھی بیٹنگ کے لئے سازگار ہے۔۔ بارش ہونے کے امکانات بھی کم ہیں۔۔ کپتان بھی فل ٹائم ایکشن میں ہے۔۔ لیکن یہاں بھی ایک مسئلہ ہے۔ مدِ مقابل ٹیم جو ٹیم ہے وہ تو کبڈی کی ہے۔۔ اب یہ ٹیم گراؤنڈ کو دنگل بنائے گی۔۔ یا پھر کپتان کو چوکے اور چھکے پھڑکانے دے گی۔

    امکانات تو یہی ہیں کہ رائیونڈ کے جمگل میں منگل ہو گا۔۔ میدان سجے گا۔۔ نقارے بجیں گے۔۔ سوال اس بار بھی وہی ہے۔۔ کہ کیا اس بار بھی کپتان اپنی پوری ٹیم اور فینز سمیت واپس گھر جا کر سو جائیں گے۔۔ یا رائیونڈ کے محل کی اونچی اونچی دیواروں میں کوئی دراڑ آ پائے گی ۔

    ایک سوال اور بھی ہے وہ یہ کہ جلسوں میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر جمع کرنے والے خان صاحب کو وزیرِ اعظم بنانے کے لئے کیا یہ لوگ ووٹ بھی دیں گے یا ایک اور میوزک کنسرٹ سے محظوظ ہو کر واپس جائیں گے اور شیر کے آگے ڈھیر ہو جائیں گے۔

  • وسیم اکرم اور شاہد آفریدی اظہرعلی کو کپتان برقرار رکھنے کے حامی

    وسیم اکرم اور شاہد آفریدی اظہرعلی کو کپتان برقرار رکھنے کے حامی

    کراچی : وسیم اکرم اور شاہد آفریدی نے اظہر علی کو ایک روزہ ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کی مخالفت کرتے ہوئے انہیں مزید وقت دینے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فاسٹ باؤلراور سابق کپتان وسیم اکرم نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ قیادت کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کرنے سے قبل کم از کم 30سے 35 میچوں تک اظہر علی کی قیادت کا جائزہ لیا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اب تک اظہر 20 سے 25 میچوں میں قیادت کے فرائض انجام دے چکے ہیں اور انہیں ابھی مزید وقت دیا جانا چاہیے۔

    سرفراز احمد کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ وکٹ کیپر بلے باز نے ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی بہت عمدہ انداز میں قیادت کی اور کھلاڑی ان سے کافی تعاون کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود کپتان بنانے کا فیصلہ قبل از وقت ہو گا۔

    انٹرنیشنل کرکٹ میں 900 سے زائد وکٹیں لینے والے فاسٹ باؤلر نے موجودہ ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن کو سخت حریف اور سیریز کے لیے فیورٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کو ہرانا پاکستان کے لیے بڑا چیلنج ہو گا۔

    ادھر ایک اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی اظہر علی کو فوراً قیادت سے ہٹانے کی مخالفت کردی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ اظہر کی ایک روزہ میچوں میں ذاتی کارکردگی بری نہیں اور سرفراز کو ایک روزہ ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ ابھی قبل از وقت ہے۔

    سابق کپتان نے کہا کہ سرفراز نے بہت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن انہیں ایک روزہ ٹیم کا کپتان بنانے سے اضافی دباؤ آ جائے گا۔

    واضح رہےکہ پی سی بی ذرائع کے مطابق اظہر علی کے بحیثیت کپتان مستقبل کا فیصلہ عید کے بعد ایک روزہ سیریز کے لیے اسکواڈ کے اعلان کے سلسلے میں ہونے والے سلیکٹرز کے اجلاس کے دوران کیا جائے گا۔

  • عمران خان نے سوشل میڈیا پر میدان مار لیا

    عمران خان نے سوشل میڈیا پر میدان مار لیا

    کراچی: عمران خان نے سوشل میڈیا پر میدان مار لیا،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ٹوئٹر پر چالیس لاکھ فالوورز کے ساتھ پاکستان کے سب سے زیادہ مقبول ترین سیاست دان بن گئے۔

    سوشل میڈیا ایک ایسا ذریعہ ہے جو لوگوں کو اظہار رائے ، تبادلہ خیال ، پیغام تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کی اجازت دیتا ہے، جس کی مقبولیت میں دن بہ دن تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اب سوشل میڈیا کی دوڑ میں سیاستدان بھی کسی سے پیچھے نہیں۔

    کپتان نے سوشل میڈیا کا میدان مار لیا جبکہ پاکستان کے تمام سیاستدان پیچھے رہ گئے، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر چالیس لاکھ فالوورز کے ساتھ مقبول ترین سیاستدان بن گئے۔

    01

    پاکستانی تمام سیاستدانوں میں عمران خان ٹاپ پوزیشن پر ہیں جبکہ ان کے حریف وزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز اکیس لاکھ فالورز کیساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

    02

    تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر بیس لاکھ اور شہباز شریف سترہ لاکھ فالورز کیساتھ مقبول سیاستدانوں کی فہرست میں آتے ہیں۔

    03

    پاکستان پیلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری چودہ لاکھ فالورز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

    04

     

  • قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور سپرفٹ مصباح الحق نے جیت کا راز بتادیا

    قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور سپرفٹ مصباح الحق نے جیت کا راز بتادیا

    لندن : مصباح الحق نے جیت کا راز بتادیا کپتان نے بتایا کہ ان کی اہلیہ پاکستان کی کامیابی کیلئے روزہ رکھتی ہے۔

    قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سپورٹ کرنے کے لئے بیگم گراؤنڈ میں موجود رہتی ہیں، میری بہترین پرفارمنس کیلئے روزہ بھی رکھتی ہیں۔

    مصباح الحق نے کہا بیگم نے لارڈز ٹیسٹ کی کامیابی کیلئے بھی روزہ رکھا، جس طرح ہرکامیاب آدمی کے پیچھےعورت کاہاتھ ہے، اسی طرح مصباح کی کامیابی کے پیچھےان کی بیگم کا ہاتھ ہے، جب ہی مصباح نے لارڈزٹیسٹ کی سنچری بھی اپنی بیگم کے نام کردی۔

    واجح رہے کہ گزشتہ روز لارڈز میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم نے میزبان ٹیم انگلینڈ کو 75 رنز سے شکست دے کر بیس برس بعد تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔

    screen-captures9-1468544295-800

    لارڈزمیں سنچری کے بعد مصباح کا پش اپس اورسلوٹ کا اسٹائٹل ٹرینڈ بن گیا، جیت کا جشن بھی ذرا ہٹ کے منایا، لیکن مصباح کے بیٹے فہام اورحفیظ کے بیٹےروشان، مصباح بٹالین سے نہیں ڈی جے براؤؤ کےاسٹائل سے متاثر ہے، لارڈزٹیسٹ جیتنے کےبعد چیمپیئن ڈانس پرجشن منایا۔

    پاکستان کی جیت پر کپتان مصباح الحق نے قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’سخت حریف کے خلاف میچ جیتنے پر بہت خوشی ہے، ٹیم کی فٹنس اور ڈسپلن کی وجہ سے ہی میچ میں کامیابی حاصل ہوئی، اسی طرح جیت کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے ‘۔

  • جلسےمیں خواتین سے بدتمیزی، کپتان نے معافی مانگ لی

    جلسےمیں خواتین سے بدتمیزی، کپتان نے معافی مانگ لی

    اسلام آباد: پی ٹی آئی کے یوم تاسیس پرہو نے والے جلسے میں خواتین سے نارواسلوک پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے معافی مانگ لی۔

    تحریک انصاف کے جلسے میں خواتین سے بدسلوکی پر پی ٹی آئی کی خاتون ایڈوائزر عظمٰی کاردار نے ناروا سلوک پر عمران خان کو مذمتی خط لکھ دیا ۔

    خط کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، خط کے متن کے مطابق جلسے میں بدسلوکی کرنے والے ن لیگ کے نہیں ہمارے اپنے کارکن تھے کسی اور پر ذمہ داری نہیں ڈالی جاسکتی ، پارٹی انتظامیہ خود ذمہ دار ہے۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے جلسوں میں خواتین سے بدسلوکی کا یہ پہلا واقع نہیں ہے ، خط کا متن جلسے کا انتظام بہتر بنانے کی بجائے ساری لیڈر شپ تصاویر بنوانے میں مصروف تھی ۔

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے چارکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے، کمیٹی میں نفیسہ خٹک،نعیم الحق،یونس علی اورطلعت نقوی شامل ہیں ، کمیٹی سات روز میں تحقیقات کرکے رپورٹ عمران خان کوپیش کرے گی۔

    تاہم عمران خان نے آئند ہ جلسوں میں خواتین کیلئے خصوصی انتظامات کی ہدایت کی ہے، عمران خان نے عبدالعلیم خان کو 30اپریل کو لاہور میں ہونے والے جلسے کا چیف آرگنائزر مقرر کر دیا ہے۔