Tag: کپل دیو

  • بھارت کا آئندہ کپتان کس نوجوان کو ہونا چاہیے، کپل دیو نے بتادیا

    بھارت کا آئندہ کپتان کس نوجوان کو ہونا چاہیے، کپل دیو نے بتادیا

    لیجنڈ کرکٹر اور 1983 میں بھارت کو پہلی بار عالمی کپ جتوانے والے کپل دیو نے اس نوجوان بھارتی کرکٹر کا نام بتادیا جسے آئندہ کپتان ہونا چاہیے۔

    بھارتی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے لیجنڈ آل رائونڈر نے کہا کہ وائٹ بال ٹیم کی کپتانی کےلیے کئی کھلاڑیوں کے نام لیے جارہے ہیں مگر میرے لیے ہاردک پانڈیا وائٹ بال ٹیم کا کپتان ہے، اس پوسٹ کےلیے میں ہادک پانڈیا کو منتخب کروں گا۔

    کپل دیو کا ماننا ہے کہ ہارک پانڈیا نسبتاً نوجوان ہیں اور اگلے آئی سی سی ایونٹس کے لیے اپنے ارد گرد بھارتی ٹیم کی تشکیل کرنے کے اہل ہیں۔

    آئی پی ایل میں ہاردک کی قیادت کی صلاحیت کچھ ملی جلی رہی ہے، آل راؤنڈر نے 2022 میں گجرات ٹائٹنز کے کپتان کے طور پر اپنے پہلے سیزن میں ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

    ورلڈ کپ وننگ کپتان کپل دیو کا بھارتی بورڈ سے شکوہ

    وہ اپنی ٹیم کو اگلے سال ایک اور فائنل میں لے گئے، تاہم ممبئی انڈینز نے ہاردک کو 2024 کی نیلامی سے پہلے فرنچائز میں واپس لے آئے اور انھیں ٹیم کا نیا کپتان نامزد کیا لیکن پچھلے سال آئی پی ایل پوائنٹس ٹیبل پر ممبئی کی ٹیم نے نچلے نمبروں پر اختتام کیا تھا۔

    خیال ہے کہ بھارت نے حال ہی میں لگاتار دو آئی سی سی ایونٹس میں کامیابی حاصل کی ہے پہلے اس نے 2024 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، اس کے بعد 2025 میں چمپئنزٹرافی کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔

    https://urdu.arynews.tv/viral-video-kapil-dev-moves/

  • کپل دیو اپنی سالگرہ پر جھوم اُٹھے، ویڈیو وائرل

    کپل دیو اپنی سالگرہ پر جھوم اُٹھے، ویڈیو وائرل

    سابق بھارتی آل راﺅنڈر کیپل دیو نے اپنی 65ویں سالگرہ پر ماضی کے مشہور گانے پر اہلیہ کے ہمراہ جھومتے رہے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر سابق بھارتی آل راﺅنڈر کیپل دیو کی ایک ویڈیو تیزی کی وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں ماضی کے مشہور گانے گلابی آنکھوں پر اہلیہ کے ہمراہ رقص کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    کپل دیو کے ماضی کے مشہور ومعروف ادکار دیو آنند کے جیسے ڈانس مووزو صارفین کی توجہ کا مرکز بنی دکھائی دے رہے ہیں۔

    دوسری جانب ورلڈ کپ 1983 کے فاتح کپتان کپل دیو کو بھارتی کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کی دنیا کے عظیم کھلاڑی کو سالگرہ کی مبارکباد بھیجی ہے۔

    بی سی سی آئی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں لکھا کہ ’ٹیم انڈیا کے عظیم آل راؤنڈر کو سالگرہ کی بہت بہت مبارکباد‘۔ اس کے ساتھ بی سی سی آئی نے کپل دیو اور ان کے متاثرکن بین الاقوامی اعدادوشمار کی ایک تصویر بھی شیئر کی ہے۔

     6 جنوری 1959 کو پیدا ہوئے کپل دیو کرکٹ کی تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹیسٹ میں 400 سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 5,000 سے زیادہ رنز بنائے۔

  • کیا کپل دیو کو اغوا کرلیا گیا؟ ویڈیو وائرل

    کیا کپل دیو کو اغوا کرلیا گیا؟ ویڈیو وائرل

    کپل دیو جو کہ بھارت کے لیجنڈ کرکٹرز میں سے ایک ہیں، ورلڈکپ سے محض چند دن قبل ان کے اغوا کی ویڈیا نے سوشل میڈیا صارفین کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

    سابق بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کپل دیو کے اغوا کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کی خیریت سے ہونے کی دعا کی ہے۔ پوسٹ کے کیپشن میں گمبھیر نے سوالیہ انداز میں پوچھا کہ ’کسی اور کو بھی یہ کلپ موصول ہوا ہے؟ امید ہے کہ حقیقت میں ایسا نہیں ہوا ہوگا اور کپل پاجی خیریت سے ہوں گے۔‘

    گوتم نے جو ویڈیو شیئر کی ہے اس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص کے ہاتھ پیٹھ کے پیچھے بندھے ہوئے ہیں اور وہ غالباً کپل دیو یا ان سے ملتی جلتی شکل کا کوئی شخص ہے۔ اسے دو نامعلوم افراد زبردستی اپنے ساتھ کھینچتے ہوئے لے جا رہے ہیں۔

    ویڈیو میں اغوا ہونے والا شخص پیچھے مڑ کردیکھتا ہے جس سے اس کا چہرہ واضح طور پر نظر آتا ہے، مذکورہ شخص سابق بھارتی کپتان کپل دیو سے غیر معمولی مشابہت رکھتا ہے۔

    اس ویڈیو کے انٹرنیٹ پر وائرل ہونے کے بعد کرکٹ شائقین حیران کن تشویش میں مبتلا ہیں، کچھ صارفین کا خیال ہے کہ یہ حقیقی اغوا کی واردات نہیں ہے بلکہ کسی اشتہاری اسٹنٹ کے لیے ایسا کیا گیا ہے۔

    مداحوں نے اس طرح کا اشتہار بنانے پر کمپنی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ہے کہ وہ صرف ویوز حاصل کرنے کے لیے کس طرح اتنا گرا ہوا کام کرنے سے بھی گریز نہیں کررہی۔

  • وہ 5 بالرز جنھوں‌ نے کبھی نو بال نہیں‌ کی

    وہ 5 بالرز جنھوں‌ نے کبھی نو بال نہیں‌ کی

    کیا آپ جانتے ہیں کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں 5 ایسے عظیم بالرز ہیں جنھوں نے اپنے پورے ٹیسٹ اور ون ڈے کیریئر میں کبھی ایک نو بال بھی نہیں کرائی۔

    کرکٹ کے کھیل میں بالرز کے لیے پاپنگ کریز سے تجاوز کرنا ایک عام سی بات ہے، اس سے مخالف ٹیم کو ٹیسٹ میچوں میں ایک اضافی رن اور محدود اوورز کے فارمیٹ میں ایک رن اور فری ہٹ مل جاتا ہے۔

    فری ہٹ کے آغاز کے بعد سے بالرز نو بال کے حوالے سے بہت محتاط ہو گئے ہیں، وہ اس حقیقت سے واقف ہیں کہ ایک نو بال ان کے لیے پورا اوور برباد کر سکتی ہے۔

    دنیائے کرکٹ میں چند ایسے بالرز ہیں جنھوں نے اپنے پورے کیریئر میں ایک بھی نو بال نہ کرانے کا ناممکن اور ناقابل تصور کام کیا ہے، کسی ایک میچ یا چند میچوں کے لیے پاپنگ کریز سے تجاوز نہ کرنا سمجھ میں آتا ہے لیکن پورے کیریئر میں یہ کارنامہ انجام دینا ایک بڑی کامیابی ہے۔

    کچھ لیجنڈز نے اس فہرست میں اپنا نام درج کرایا ہے، آئیے ان پانچ بالرز پر ایک نظر ڈالتے ہیں جنھوں نے کبھی ٹیسٹ اور ون ڈے میں ایک بھی نو بال نہیں کرائی۔

    ایئن بوتھم

    انگلینڈ کے مایہ ناز آل راؤنڈر ایئن بوتھم نے 102 ٹیسٹ اور 116 ون ڈے کھیلے۔ انھوں نے ٹیسٹ میں 383 وکٹیں اور ون ڈے میں 145 وکٹیں حاصل کیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ بوتھم نے انگلینڈ کے لیے جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ کے بعد تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ گیندیں کی ہیں، جو کہ 28,086 ہیں۔ ان کا کیریئر 16 سال پر محیط تھا لیکن اس تمام عرصے میں انھوں نے ایک بھی نو بال نہیں کرائی۔

    ڈینس للی

    ٹیسٹ تاریخ میں آسٹریلیا کے لیے چوتھے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بالر، ڈینس للی نے اپنے ملک کے لیے 70 ٹیسٹ اور 63 ون ڈے کھیلے۔ ٹیسٹ میچوں میں للی نے 23.92 کی اوسط سے 355 وکٹیں حاصل کیں اور 7/83 کی بہترین بالنگ کی۔ دائیں ہاتھ کے اس فاسٹ بالر نے نے 132 ٹیسٹ اننگز میں 18,467 گیندیں اور ون ڈے کی 63 اننگز میں 3593 گیندیں کیں، لیکن ایک بھی نو بال نہیں کرائی، انھیں اب تک کے سب سے بڑے فاسٹ بالرز میں بھی شمار کیا جاتا ہے۔

    کپل دیو

    بھارت کے اب تک کے بہترین آل راؤنڈرز میں سے ایک کپل دیو نے اپنے 16 سالہ طویل بین الاقوامی کیریئر میں کبھی پاپنگ کریز سے تجاوز نہیں کیا۔ انھوں نے انیل کمبلے اور ہربھجن سنگھ کے بعد بھارت کے لیے تمام فارمیٹس میں تیسری سب سے زیادہ گیندیں پھینکیں، جو کہ 38،942 ہیں، اور کوئی ایک بھی نو بال نہیں کی۔ کپل نے 356 میچوں اور 448 اننگز میں 28.83 کی اوسط سے 687 وکٹیں حاصل کیں۔

    عمران خان

    پاکستان کے سابق کپتان عمران خان ایک اور عظیم آل راؤنڈر ہیں جو اس فہرست میں شامل ہیں۔ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر نے 88 ٹیسٹ اور 175 ون ڈے کھیلے، انھوں نے ٹیسٹ میچوں میں 22.81 کی اوسط سے 362 وکٹیں اور ون ڈے فارمیٹ میں 26.61 کی اوسط سے 182 وکٹیں حاصل کیں۔

    تمام فارمیٹس میں عمران نے پاکستان کے لیے دوسرے دو عظیم کھلاڑیوں وقار یونس اور وسیم اکرم کے بعد تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ گیندیں کیں جو کہ 26،919 ہیں۔ 263 میچوں اور 295 اننگز میں انھوں نے کسی بھی فارمیٹ میں نو بال نہیں کرائی۔

    عمران نے اپنا ڈیبیو 1971 میں کیا اور آخری بار بین الاقوامی کرکٹ میں 1992 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں نظر آئے جہاں انھوں نے اپنی ٹیم کو ٹائٹل تک پہنچایا۔ اپنے 21 سالہ طویل کیریئر میں عمران نے کبھی بھی پاپنگ کریز سے تجاوز نہیں کیا۔

    کپل دیو کی طرح عمران نے بھی اپنے ملک کے لیے ورلڈ کپ جیتا کیوں کہ دونوں آل راؤنڈرز نے بھی نو بال نہ پھینکنے پر تاریخ کی کتابوں میں اپنا نام لکھوایا۔ مذکورہ چار ناموں کی طرح عمران نے بھی فاسٹ بالر ہوتے ہوئے یہ سنگ میل حاصل کیا جو کافی مشکل کام ہے۔

    لانس گبز

    یہ اس فہرست میں واحد اور آخری بالر ہیں جو اسپنر ہیں، ویسٹ انڈیز کے سابق اسپنر لانس گبز 79 ٹیسٹ میچوں اور تین ون ڈے میچوں میں نظر آئے، انھوں نے 148 اننگز میں 309 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کیں، جو ویسٹ انڈیز کے بالر کی چوتھی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔

    تین ایک روزہ میچوں میں گبز نے صرف 2 وکٹیں حاصل کیں، انھوں نے سال 1958 میں ٹیسٹ میں اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور آخری بار 1976 میں ٹیسٹ میچ میں نظر آئے۔

    گبز نے 27، 271 گیندیں کیں، جو کہ ویسٹ انڈیز کے باؤلر کے لیے کورٹنی والش اور کرٹلی ایمبروز کے بعد تمام فارمیٹس میں تیسرے نمبر پر ہیں، دائیں ہاتھ کا آف بریک بالر ٹیسٹ میں 300 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے والا پہلا اسپنر ہے۔

    ویسٹ انڈیز کرکٹ کی تاریخ کے سب سے کامیاب بالرز میں سے ایک، گبز نے دونوں فارمیٹس میں 151 اننگز میں 27، 271 گیندیں پھینکیں اور ایک بھی نو بال نہیں کرائی۔

  • کپل دیو اور سنیل گواسکر بھارتی ٹیم پر برس پڑے

    کپل دیو اور سنیل گواسکر بھارتی ٹیم پر برس پڑے

    نئی دہلی: سابق بھارتی کپتان کپل دیو اور سنیل گواسکر ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر برس پڑے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سابق کپتان کپل دیو نے کہا کہ بھارتی ٹیم کی ہار سے کرکٹ ختم نہیں ہوگئی، آئی پی ایل اور ورلڈ کپ کے درمیان فاصلہ رکھنا ہوگا تاکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔

    انہوں نے کہا کہ جب کھلاڑی آئی پی ایل کو ورلڈ کپ پر ترجیح دیں گے تو پھر ہم کیا کہہ سکتے ہیں، ہر کھلاڑی کو پہلے ملک سے کھیلنے کو ترجیح دینی چاہیے۔

    کپل دیو نے کہا کہ بی سی سی آئی کو بھی مستقبل میں آئی سی سی ایونٹ سے قبل پلاننگ کرنی ہوگی، ہمیں ہار سے سیکھنا ہوگا کہ جو غلطیاں ہوئی ہیں انہیں دوبارہ نہ دہرایا جائے۔

    کپل دیو نے کہا کہ میں کھلاڑیوں کے مالی معاملات نہیں جانتا اس لیے اس پر زیادہ بات نہیں کروں گا۔

    دوسری جانب سنیل گواسکر نے کہا کہ موجودہ بھارتی ٹیم کسی بھی اچھی ٹیم کے خلاف اسکور نہیں کرسکتی۔

    سنیل گواسکر نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک ٹیم میں بہت زیادہ تبدیلیاں کرنا درست نہیں ہے کیونکہ ایسا نہیں ہے کہ بھارت اپنے تمام میچ ہار گیا بلکہ دو میچوں میں بلے باز وہ نہیں کرسکے جس کی ان سے توقع کی جارہی تھی اور یہی وجہ ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم ایسی حالت میں ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس ایسے کھلاڑی ہونے چاہئیں جو فیلڈنگ میں غیرمعمولی ہوں، نیوزی لینڈ نے جس طرح فیلڈنگ کی، رنز بچائے، کیچز لیے، وہ سب سے اچھا تھا۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ بھارتی ٹیم کو دیکھیں، سوائے 3 سے 4 شاندار فیلڈرز کے کوئی ایسا فیلڈر نہیں جو رنز اور باؤنڈریز روکے۔

    خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے گروپ میچ میں افغانستان کو شکست دے کر اس کے ساتھ ساتھ بھارت کو بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر کردیا، اپنی جیت کے ساتھ نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا جبکہ بھارت سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔

  • کپل دیو کی عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت

    کپل دیو کی عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت

    نئی دہلی : بھارت کے سابق کرکٹر کپل دیو نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرلی اور کہا ذاتی مصروفیات کی وجہ سے پاکستان نہیں جارہا، اسے دوسرا رنگ دینے کی کوشش نہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان کی تقریب حلف برداری کے بارے میں بھی بھارتی میڈیا زہراگلنے سے باز نہیں آرہا، بھارتی اینکر نے مرضی کا بیان دلوانے کے لئے کپل دیو پر دباؤ ڈالا اور کہا آپ نے عمران خان کا دعوت نامہ ٹھکرا دیا۔

    جس پر کپل دیو نے جواب دیا کہ عمران خان کی جانب سے مدعو کرنے پر ان کا مشکور ہوں، ذاتی مصروفیات کی وجہ سے تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے پاکستان نہیں جارہا، اسے دوسرا رنگ دینے کی کوشش نہ کریں۔

    اس سے قبل بھارت کے سابق کرکٹر سنیل گواسکر نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا تھا، عمران خان کا وزیراعظم بننا بڑا موقع ہے، توقع ہے پاک بھارت تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔


    مزید پڑھیں : سنیل گواسکر کی عمران خان کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت سے معذرت


    یاد رہے بھارت کے سابق کرکٹرکپل دیو نے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان میں تب بھی جنون تھا، اب بھی ہے، عمران خان کو 25 سال لگ گئے، اس مقام تک پہنچنے کے لئے، ان میں عمران لیڈرشپ کی سوچ ہے۔

    خیال رہے کہ سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ویزہ جاری ہوگیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ 18 اگست کو پاکستان آرہا ہوں۔

    واضح رہے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تین بھارتی کرکٹرز کو مدعو کیا گیا، جن میں سنیل گواسکر، کپل دیو، اور نوجوت سنگھ سدھو شامل ہیں۔

  • عمران خان کو اس مقام تک پہنچنے کے لئے 25 سال لگ گئے، بھارتی کرکٹر کپل دیو

    عمران خان کو اس مقام تک پہنچنے کے لئے 25 سال لگ گئے، بھارتی کرکٹر کپل دیو

    نئی دہلی : بھارت کے سابق کرکٹرکپل دیونے عمران خان کومبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے عمران خان کی کامیابی پاکستان کو بہتری کی طرف لے جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے سابق کرکٹرکپل دیو نے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان میں تب بھی جنون تھا، اب بھی ہے، عمران خان کو 25 سال لگ گئے، اس مقام تک پہنچنے کے لئے، ان میں عمران لیڈرشپ کی سوچ ہے۔

    کپل دیو کا کہنا تھا کہ امید کرتا ہوں عمران کی کامیابی پاکستان بہتری کی طرف لے جائے گی اور پاکستان بہتری کی طرف جائے گا تو ہمیں بڑی خوشی ہوگی۔


    مزید پڑھیں : الیکشن 2018: تحریک انصاف وفاق اور کے پی میں حکومت بنانے کی

    پوزیشن میں


    واضح رہے کہ انتخابات 2018 کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کا سلسلہ جاری ہے، جس میں تحریک انصاف کو واضح برتری حاصل ہیں اور عمران خان وزیراعظم بننےکی پوزیشن میں ہیں۔

    قومی اسمبلی میں تحریک انصاف 115 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ مسلم لیگ ن نے 64 اور پیپلزپارٹی نے 38 نشستیں حاصل کیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • رنویرسنگھ کپل دیو کے کردار میں 1983 کے ورلڈ کپ کی یادیں تازہ کریں گے

    رنویرسنگھ کپل دیو کے کردار میں 1983 کے ورلڈ کپ کی یادیں تازہ کریں گے

    ممبئی : معروف اداکار رنویر سنگھ اپنی نئی فلم میں سابق بھارتی فاسٹ باؤلر اور 1983 میں ورلڈ کپ جیتنے والی انڈین ٹیم کے کپتان کپل دیو کا کردار نبھائیں گے۔

    رنویر سنگھ اپنے فلمی کیریئر کا سب سے منفرد اور جیتا جاگتا یہ کردار کبیر خان کی زیر ہدایت بننے والی فلم ’’83‘‘ میں ادا کریں گے جس کے لیے وہ نہایت پُر امید اور پُر عزم ہیں۔

    چوں کہ اس فلم کی کہانی 1983 میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے ورلڈ کپ جیتنے کے گرد گھومتی ہے جس کا مرکزی کردار ممتاز فاسٹ باؤلر اور اس وقت کے انڈین کپتان کپل دیو ہیں جسے ممتاز اداکار رنویر سنگھ نبھائیں گے۔

    کبیر خان جو بجرنگی بھائی جان جیسی کامیاب فلم دے چکے ہیں اب رنویر سنگھ کو کپل دیو کے کردار میں ورلڈ کپ 1983 کے سنسنی خیز میچوں اور بھارت کی پہلی مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے کے پُر جوش اور جذباتی مناظر کو فلم بند کرنے کے لیے کمر کس چکے ہیں۔

    کبیر خان نے 1983 ورلڈ کپ کی یادوں کو اپنی بچپن کے یادگار لمحات قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب وہ اسکول میں پڑھا کرتے تھے تو واپسی پر بڑے شوق سے میچ دکھا کرتے تھے تاہم وہ اس وقت سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ یہ ورلڈ کپ بھارت میں کرکٹ کو دیوانگی حد تک مقبول بنادے گا اور اس فتح کے بعد کرکٹ ایک ایک بھارتی کی رگوں میں رچ بس جائے گی۔

    کبیر خان کا کہنا تھا کہ بہ طور فلم میکر میرے لیے سب سے اہم موضوع نوجوان بھارتی کرکٹ ٹیم کا وہ عزم و حوصلہ ہے جسے لندن کے گراؤنڈز میں پہلے میچ سے فائنل کی فتح تک جواں ہوتے دیکھا جو بہت پُر تاثیر، حوصلہ مند اور قابل فخر ہے جنہیں فلمانا یقیناً میرے لیے فخر کا باعث ہوگا۔

    کبیر خان نے رنویر سنگھ کو کپل دیو کے کردار کے لیے موزوں قرار دیتے ہوئے بتایا کہ میں نے رنویر کو اسکرپٹ مکمل کرنے سے پہلے ہی اس کردار کے لیے منتخب کرلیا تھا اور ایسا میری فلمی کیریئر میں بہت کم ہوا ہے اور خود رنویر بھی اس فلم کے نہایت پُر جوش دکھائی دیتے ہیں۔

    بھارت کے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں فتح یاب ہونے کے فلمی مناظر کو مختلف کرداروں کی مدد سے شائقین پردہ اسکرین پر 5 اپریل 2019 کو دیکھ سکیں گے جس کے لیے بھارتی فلموں کے شوقین افراد کے علاوہ کرکٹ سے لگاؤ رکھنے والے بھی بے چین دکھائی دیتے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔