Tag: کچے میں آپریشن

  • کشمور اور شکارپور کے کچے میں آپریشن کے بعد ڈاکوؤں نے حیدرآباد کا رخ کرلیا

    کشمور اور شکارپور کے کچے میں آپریشن کے بعد ڈاکوؤں نے حیدرآباد کا رخ کرلیا

    حیدر آباد : حیدرآباد، ٹھٹہ اور سجاول میں جرائم میں اچانک اضافہ ہوگیا،متاثرہ لوگوں کا کہنا ہے کہ حیدرآباد کے کچے میں ڈاکو آگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کشمور اور شکارپور کے کچے میں آپریشن کے بعد ڈاکوؤں  نے حیدرآباد کا رخ کرلیا۔

    حیدرآباد کے آس پاس کے علاقوں اور قومی شاہراہ پر اچانک ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    متاثرہ لوگوں کا کہنا ہے کہ حیدرآباد کے کچے میں ڈاکو آگئے ہیں، حیدرآباد میں لوٹ مار کے واقعات سے نہ صرف تاجر برادری پریشان بلکہ زمیندار طبقہ بھی عدم تحفظ کا شکار ہے۔

    ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو نے کشمور اور شکارپور کے کچے میں ڈاکووں کے خلاف آپریشن کے بعد جرائم پیشہ افراد کے حیدرآباد کا رخ کرنے کی تصدیق کی تاہم وہ امن و امان کی اس بگڑتی صورتحال کو بڑا چیلینج نہیں سمجھتے۔

    ڈی آئی جی حیدرآباد نے ڈاکوؤں کو آباد کرنے والے زمینداروں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا ہے۔

  • کچے میں آپریشن : بدنام زمانہ ڈکیت گینگ کا سرغنہ امداد بھیو ہلاک

    کچے میں آپریشن : بدنام زمانہ ڈکیت گینگ کا سرغنہ امداد بھیو ہلاک

    کراچی : کچے میں آپریشن کے دوران ڈکیت گینگ کا سرغنہ امداد بھیو ہلاک ہوگیا، سندھ حکومت نےاس کے سر کی قیمت3 لاکھ مقرر کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس نے اندرون سندھ کچے میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن کیا ، آپریشن کے دوران مقابلے کے بعد بدنام زمانہ ڈکیت گینگ کا سرغنہ امداد بھیو ہلاک ہوگیا۔

    ترجمان رینجرز نے بتایا کہ سندھ حکومت نے ڈکیت گینگ کے سرغنہ کے سر کی قیمت 30 لاکھ مقرر تھی اور وہ 3 تاجروں سمیت 5 بینک ملازمین کے اغوا میں ملوث تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دوران آپریشن رینجرز، پولیس اور بھیو ڈکیت گینگ میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، ہلاک ڈکیت قتل،اقدام قتل، ڈکیتی، رہزنی اور دیگر جرائم میں ملوث تھا۔

    بھیو ڈکیت گینگ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے پولیس اور رینجرز کا آپریشن جاری ہے۔

    ایس ایس پی کشمور بشیر بروہی نے بتایا کہ کارروائی کے دوران بہیو گینگ کے 4 کارندے زخمی حالت میں گرفتار کئے ہیں۔

    بشیر بروہی کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سےہلاک ڈاکوپرایک کروڑانعام کی سفارش کی گئی تھی، بہیوگینگ پولیس پکٹس پر حملوں، قتل اور اغوابرائے تاون میں ملوث ہے۔

  • سیف سٹی پراجیکٹ اور کچے میں آپریشن سے متعلق اہم فیصلے

    سیف سٹی پراجیکٹ اور کچے میں آپریشن سے متعلق اہم فیصلے

    کراچی : وزیرعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس سیف سٹی پراجیکٹ ، کچے میں آپریشن سے متعلق اہم فیصلے کرلئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، جس میں سیف سٹی پراجیکٹ، کچے میں آپریشن اور سی ٹی ڈی کومزید سہولتیں دینے سے متعلق فیصلے کئے گئے۔

    مرادعلی شاہ نے کہا کہ سیف سٹی منصوبہ ایس 4 کاگزشتہ روز افتتاح کیا ہے،اب مجھے سیف سٹی پر کام ہوتے ہوئے نظر آنا چاہئے، سیف سٹی کیلئےجون کےآخرمیں سی سی ٹی وی کی شپمنٹ آجائےگی، آئی جی پولیس سیف سٹی منصوبے کیلئے ضروری سہولتیں مہیا کریں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ فائبر آپٹک کیبل بچھانے کیلئےرائٹ آف وے کی این اوسی لی جارہی ہے، ایمرجنسی رسپانس وہیکل ہری پورسےاس ہفتےآناشروع ہوجائیں گی۔

    انھوں نے بتایا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کنٹرول کرنے کیلئے پولیس پیٹرولنگ بڑھادی ہے، جس علاقےمیں اسٹریٹ کرائم زیادہ ہووہاں پولیس افسران کوجوابدہ کریں۔

    آئی جی سندھ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری ہے، آپریشن میں پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں،14ڈرون کیمرےسکھر، گھوٹکی، کشمور اور شکارپور کو دیئے ہیں، ڈرون کیمروں سے کچے میں ڈاکووں کے ٹھکانوں پر نظر رکھی جائی گی۔

    وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ مزید20 ڈرون کیمروں کی ضرورت ہے،وزیراعلیٰ نے آئی جی کو ہدایت کی کہ کچے کے پولیس اہلکاروں کوجدیدہتھیارکی تربیت دیں۔

    آئی جی سندھ نے بتایا کہ سکھر ،لاڑکانہ کے پولیس اہلکاروں کی تربیت کی ہے مزید کررہے ہیں، جس پر مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ ،پنجاب میں کرائم کرنیوالے ڈاکوؤں کیلئےٹرائی بارڈرمینجمنٹ سسٹم بنائیں۔

    ٹرائی بارڈر سے متعلق اجلاس فروری 2024 سے جاری ہیں ۔ بہاولپور، رحیم یار خان اور راجن پور کے سینئر پولیس افسران سے رابطہ رہتاہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کی سی ٹی ڈی کے 4ریجنل کمپلیکس بنانے کے کام کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی کے 4ریجنل کمپلیکس حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر اور لاڑکانہ میں قائم کئے جارہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ نے سی ٹی ڈی ریجنل کمپلیکس کیلئے 2.8 ارب روپے کی منظوری دے دی اور کہا سافٹ وئیر اور فرانزک ٹولز کیلئے 400 ملین روپےپولیس کودیئےہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے سافٹویئر کو فوری فعال کرنے کی ہدایت دے دی، وزیر داخلہ سندھ نے بتایا کہ دہشت گردی کے مقدمات کی پراسیکیوشن بہتر ہوئی ہے،2023کے 7مقدمات اور 2024 میں 11 کیسز میں سزائیں ہوئی ہیں۔

  • کچے میں آپریشن کیلئے پولیس کو 3 کروڑ روپے اضافی دینے کا فیصلہ

    کچے میں آپریشن کیلئے پولیس کو 3 کروڑ روپے اضافی دینے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے کچے میں آپریشن کیلئے کھانے پینے اور تیل کی مد میں 3 کروڑ روپے منظور کر لئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں پولیس کو 3 کروڑ روپے اضافی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ اضافی رقم گھوٹکی،کشمور، جیکب آباد، سکھر میں ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن کیلئے نئی پولیس کے لیے منظور ہوئے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مزید نفری کی تعیناتی سے کھانے پینے، تیل کی مد میں اخراجات بڑھ گئے ہیں، پولیس کو اضافی فنڈز کی ضرورت ہے جو3 کروڑ روپے بنتے ہیں۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ کچے میں آپریشن کے لیے کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل کی پوسٹیں کم کر کے انسپکٹر کی پوسٹوں میں اضافہ کیا جائیگا۔

  • کچے میں آپریشن:  سنگین جرائم میں ملوث گینگز کے 12 انتہائی مطلوب  ڈاکوؤں نے سرنڈر کردیا

    کچے میں آپریشن: سنگین جرائم میں ملوث گینگز کے 12 انتہائی مطلوب ڈاکوؤں نے سرنڈر کردیا

    راجن پور : کچے کے علاقے میں پولیس کے آپریشن کے دوران سنگین جرائم میں ملوث گینگز کے 12 انتہائی مطلوب ڈاکوؤں نے سرنڈر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق راجن پور میں کچے کے علاقے میں پولیس کا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن49 ویں روزبھی جاری ہے۔

    آپریشن کے دوران سنگین جرائم میں ملوث گینگز کے 12 انتہائی مطلوب ڈاکوؤں نے سرنڈرکردیا،ڈی پی اوراجن پور محمد ناصر نے بتایا کہ ڈاکوؤں سےبھاری تعداد میں اسلحہ اور ایمونیشن برآمد ہوا ہے۔

    ڈی پی او راجن پور کا کہنا تھا کہ سرنڈر کرنے والے ڈاکو درجنوں مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔

    محمد ناصر نے مزید بتایا کہ چک کپڑا میں ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کی جانب پولیس کی پیش قدمی جاری ہے ، پٹ گینگ اور گورا گینگ کے ڈاکوؤں کی جانب سے مزاحمت اور فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پولیس نےبھاری اسلحہ اور بکتربند گاڑیوں کےساتھ علاقے کاگھیراؤکرلیا، اب تک آپریشن میں سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں کی تعداد 25 ہوگئی۔

    ڈی پی اوراجن پور نے کہا کہ آپریشن میں 7 ڈاکو ہلاک اور 43 ڈاکو گرفتار کئے جا چکے ہیں۔

  • کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن: کئی ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے سرینڈر کردیا

    کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن: کئی ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے سرینڈر کردیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے علاقے صادق آباد میں پنجاب پولیس کا کچے میں آپریشن 25 ویں روز بھی جاری ہے، آپریشن کے دوران 5 کارندوں نے سرینڈر کر کے خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صادق آباد کچے میں سرگرم عمل عمرانی اور قیصرانی گینگز کے 5 کارندوں نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کا کہنا ہے کہ ملزمان ڈکیتی، قتل اور پولیس پر فائرنگ اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا ہے کہ سرینڈر کرنے والوں کے مقدمات انصاف کے عین مطابق نمٹائے جائیں گے، دیگر افراد بھی سرینڈر کریں گے تو ان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔

    پولیس کے مطابق کچے میں آپریشن کے دوران گرفتاریوں کی تعداد 33 ہوگئی جبکہ 3 ڈاکو مقابلوں میں مارے گئے۔

    خیال رہے کہ ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کے گرینڈ آپریشن میں اب تک ہزاروں ایکڑ رقبہ کلیئر کروا کر اور خفیہ ٹھکانے ٹریس کر کے تباہ کیے گئے ہیں۔

  • کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن: ہزاروں ایکڑ رقبہ کلیئر، خفیہ ٹھکانے تباہ

    کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن: ہزاروں ایکڑ رقبہ کلیئر، خفیہ ٹھکانے تباہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے علاقے روجھان میں کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری ہے، اب تک ہزاروں ایکڑ رقبہ کلیئر کروا کر اور خفیہ ٹھکانے ٹریس کر کے تباہ کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق راجن پور کے قریب روجھان میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن سولہویں روز بھی جاری ہے۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن میں اب تک 16 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ 4 ڈاکو ہلاک ہوچکے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ہزاروں ایکڑ رقبہ کلیئر کروا کر خفیہ ٹھکانے ٹریس کر کے تباہ کیے گئے، پتن غوثو اور پتن درانی شاہ میں کمین گاہیں اور خفیہ ٹھکانے تباہ کر کے مسمار کردیے گئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پتن غوثو اور پتن درانی شاہ میں مزید 2 پولیس پکٹس قائم کردی گئیں۔

    خیال رہے کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ کچے کے علاقے میں بلوچ علیحدگی پسندوں کی موجودگی کے شواہد بھی ملے، کچے میں مارے جانے والے 2 دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔

    آئی جی کا کہنا تھا کہ 23 ہزار 500 ایکڑ کا علاقہ کلیئر کروا لیا گیا ہے، ڈھائی ماہ میں ایک بھی آدمی کو اغوا نہیں کیا گیا، کچے کے علاقے میں آپریشن کا فیصلہ قومی سلامتی کونسل نے کیا تھا۔

  • کچے میں آپریشن، سی ٹی ڈی رپورٹ میں چشم کشا انکشافات

    کچے میں آپریشن، سی ٹی ڈی رپورٹ میں چشم کشا انکشافات

    لاہور: کچے میں آپریشن سے قبل سی ٹی ڈی کی رپورٹ میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کچے میں آپریشن سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں سی ٹی ڈی نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنی رپورٹ پیش کی جس میں انکشاف ہوا کہ کچے میں دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی پائی گئی ہے ان دہشت گرد تنظیموں کے ملک دشمن عناصر اور بیرون ملک رابطوں کے ثبوت ہیں۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب پولیس کی11ہزارسےزائد نفری آپریشن میں حصہ لےگی، آپریشن کا مقصد دہشت گردوں کےٹھکانےختم کرکےمستقل انفرااسٹرکچرقائم کرنا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کا گرینڈ آپریشن شروع

    نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے اس اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہرصورت ریاست کی رٹ کو قائم کیاجائےگا،کچے میں حکومتی رٹ چیلنج کرنےوالےدہشت گردوں کوجگہ نہیں ملےگی۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فوری طور پر ‘کچے میں آپریشن’ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہاتھا کہ کچے کےعلاقےمیں پولیس چوکیاں بحال کرناپہلی ترجیح ہے،جو پہلی گاڑی کچےمیں آپریشن کیلئےجائےگی وہ اعلیٰ افسران کی ہوگی۔

  • پنجاب پولیس کا ‘کچے میں آپریشن ‘ شروع کرنے کا اعلان

    پنجاب پولیس کا ‘کچے میں آپریشن ‘ شروع کرنے کا اعلان

    لاہور: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فوری طور پر ‘کچے میں آپریشن’ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ اعلان اپنے دورہ خانپور کے دوران کیا ، جہاں انہوں نے گذشتہ روز اغوا ہونے والی ڈاکٹرز فیملی اور بازیاب بچوں سے ملاقات کے بعد کیا۔

    آئی جی پنجاب جب ڈاکٹر کے گھر پہنچے تو ننھے سبحان اور کاشان نے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا، اس موقع پر آئی جی پنجاب نے بچوں کو بازیاب کرانے والی پولیس ٹیم کے لئے دس لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ آج رات سے ہی کچےمیں آپریشن شروع ہوگا، کچے کےعلاقےمیں پولیس چوکیاں بحال کرناپہلی ترجیح ہے،جو پہلی گاڑی کچےمیں آپریشن کیلئےجائےگی وہ اعلیٰ افسران کی ہوگی۔

    انہوں نے بتایا کہ سندھ پولیس بھی پنجاب پولیس کیساتھ آپریشن میں ڈاکوؤں کاصفایاکرےگی۔

    یہ بھی پڑھیں: گزشتہ روز اسکول جاتے ہوئے اغوا ہونے والے بچے بہاولپور سے بازیاب

    واضح رہے کہ رحیم یار خان کی تحصیل خان پور میں اسکول جاتے ہوئے اغوا ہونے والے دونوں بچوں کو بازیاب کرایا گیا تھا، بچوں کی بازیابی بہاولپور سے عمل میں آئی تھی۔

    دونوں بچوں کو گذشتہ روز ڈرائیور کے ساتھ اسکول جانے والے اغوا کیا گیا تھا، بعد ازاں ڈاکٹرز کمیٹی نے انتظامیہ کو چند گھنٹوں کی مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ بچے بازیاب نہ ہوئے تو تمام سرکاری وغیر سرکاری ہسپتالوں میں کام بند کردیں گے۔

    واضح رہے کہ حکومت سندھ نے 10 مارچ کو صوبے کے سرحدی علاقوں میں ڈکیتوں کے خلاف جامع آپریشن شروع کرنے کے لیے پاک فوج اور رینجرز کی مدد کے ساتھ پولیس کو فوجی اسلحہ اور نگرانی کے لیے آلات سے لیس کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی تھی۔