Tag: کڈنی ٹرانسپلانٹ

  • سعودی عرب: پیوندکاری کے مریضوں کے لیے بڑی خوشخبری

    سعودی عرب: پیوندکاری کے مریضوں کے لیے بڑی خوشخبری

    ریاض: سعودی عرب نے گردوں کی پیوندکاری کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک نیا انقلابی پروگرام شروع کر دیا ہے جس کے تحت گردوں کا تبادلہ خاندانوں کے اندر کیا جائے گا۔

    سعودی سینٹر فار آرگن ٹرانسپلانٹیشن (SCOT) نے بدھ کے روز ’نیشنل کڈنی ایکسچینج پروگرام‘ کا آغاز کیا ہے، اس پروگرام کے تحت ایسے افراد کے خاندانوں کے درمیان گردوں کا تبادلہ کیا جائے گا جنھیں گردے کی پیوند کاری کی ضرورت ہوتی ہے۔

    اگر زندہ شخص کی طرف سے عطیہ کیا گیا گردہ مریض سے میچ نہ کرے تو وہ گردہ اس کے خاندان میں عطیہ کیا جائے گا، یہ پروگرام مملکت میں پہلی بار شروع کیا گیا ہے، اور اس کے تحت اسکاٹ کی زیر نگرانی پیوندکاری دمام کے کنگ فہد اسپیشلسٹ اسپتال اور ریاض میں نیشنل گارڈ کے کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی میں کی جائے گی۔

    اس پروگرام کا مقصد زندہ عطیہ دہندگان کی تعداد میں اضافہ کرنا اور عطیہ دہندگان اور مریض کے درمیان خون اور بافتوں کی عدم مطابقت کے مسئلے پر قابو پانا ہے، تاکہ گردے کی پیوند کاری کے لیے طول طویل انتظار کرنے والے مریضوں کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم ہو سکیں۔

    مملکت کے گردوں کی پیوندکاری کے تمام مراکز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھی خاندانوں کے درمیان گردوں کے تبادلے کے اس پروگرام میں شامل ہوں، تاکہ زندہ عطیہ دہندگان کے تناسب کو 10 فی صد سے بڑھا کر 30 فی صد کیا جا سکے۔

  • اہم انجکشن کراچی میں ایل سی کھلنے کے منتظر، لاہور میں گردوں اور جگر کی پیوندکاری بند

    لاہور: گردوں کی پیوندکاری کے لیے درکار اہم ادویات کراچی کسٹم حکام کی تحویل میں بینک کی جانب سے ایل سی کھلنے کے منتظر ہیں، دوسری جانب لاہور میں پیوندکاری بند ہو چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کڈنی ایند لیور انسٹیٹیوٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ میں ادویات کی قلت کے باعث کڈنی ٹرانسپلانٹ بند ہیں۔

    ترجمان کے مطابق وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے باعث ایل سی نہ کھلنے پر اسپتال کو ادویات کی قلت کا سامنا ہے، ادویات کی عدم دستیابی کی وجہ سے ٹرانسپلانٹ روکے گئے ہیں۔

    انھوں نے کہا ادویات کراچی پہنچ چکی ہیں لیکن بینک سے ایل سی کھلنے کا انتظار ہے، ایل سی کھلتے ہی شپمنٹ کلیئر ہوگی او ادویات اسپتال پہنچ جائیں گی، انھوں نے مزید کہا کہ انجکشن ملتے ہی کڈنی ٹرانسپلانٹ کا عمل دوبارہ شروع کر دیں گے۔

    واضح رہے کہ نئے سال کے پہلے 2 ہفتوں میں پی کے ایل آئی میں کوئی بھی کڈنی ٹرانسپلانٹ نہیں ہو سکا ہے، ٹرانسپلانٹ کے لیے استعمال ہونے والے انجکشن اے ٹی جی مارکیٹ میں ناپید ہو گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق اینٹی تھاموسائٹ گلوبلین بیرون ملک سے امپورٹ کروانا پڑتا ہے۔

    پی کے ایل اۤئی میں روزانہ ایک مریض کا کڈںی ٹرانسپلانٹ ہوتا ہے، اور گزشتہ سال پی کی ایل آئی میں 211 مریضوں کے ٹرانسپلانٹ کیے جا چکے ہیں۔

  • بے نظیر بھٹو اسپتال میں پہلا کڈنی ٹرانسپلانٹ کامیابی سے مکمل

    بے نظیر بھٹو اسپتال میں پہلا کڈنی ٹرانسپلانٹ کامیابی سے مکمل

    اسلام آباد : راولپنڈی کے بے نظیر بھٹو اسپتال میں پہلا کڈنی ٹرانسپلانٹ کامیابی سے مکمل کرلیا گیا، ماہر ڈاکٹرز نے 4 گھنٹے تک آپریشن کر کے مریض کی جان بچالی۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے بے نظیر بھٹو اسپتال میں پہلا کڈنی ٹرانسپلانٹ کامیابی سے مکمل کرلیا گیا۔

    بے نظیر بھٹو اسپتال کے ڈاکٹروں کی 6 رکنی ٹیم نے کامیاب آپریشن کیا اور 4 گھنٹے آپریشن کے بعد شہری کی زندگی بچا لی۔

    خیال رہے کہ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کرونا وائرس سے صحت یاب لاکھوں افراد گردوں کے امراض میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے نتیجے میں لاکھوں افراد کو ممکنہ طور پر گردوں کے ڈائیلاسز یا پیوند کاری کی ضرورت جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    برطانوی ماہرین کے مطابق صحت یابی کے بعد کرونا وائرس کے اثرات اور بھی ہیں تاہم گردوں کو پہنچنے والا نقصان زیادہ بڑا خدشہ ہے، کرونا وائرس براہ راست گردوں پر حملہ کرتا ہے، وائرس سے ہونے والے ورم سے گردوں کو نقصان پہنچتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عام حالات میں آئی سی یو میں زیر علاج رہنے والے 20 فیصد افراد میں ڈائیلاسز کی ضرورت پڑتی ہے، لیکن کو وِڈ 19 کے دوران یہ شرح 40 فیصد تک چلی گئی۔

  • ایف آئی اے نے گردے بیچنے والے ایجنٹس کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا

    ایف آئی اے نے گردے بیچنے والے ایجنٹس کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا

    راولپنڈی: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے تھانہ نیو ٹاؤن، راولپنڈی کے علاقے سید پور روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے گردے بیچنے والے ایجنٹس کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کے کاروبار کا انکشاف ہوا ہے، ملزمان 25 سے 30 لاکھ روپے میں گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کرنے میں ملوث نکلے۔

    تھانہ نیو ٹاؤن کے علاقے سید پور روڈ پر ایف آئی اے نے گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کرنے والے کلینک کے خلاف کارروائی میں ڈاکٹر کامران عرف ڈاکٹر علی کو گرفتار کیا، جس کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ گردوں کی پیوند کاری کے لیے آپریشن کرنے والا ڈاکٹر نہیں بلکہ ٹیکنیشن ہے، جو خود کو جعلی طور پر ڈاکٹر کہلواتا ہے۔

    معلوم ہوا کہ مذکورہ ملزم نے خاتون ریحانہ کنول سے اس کے بیٹے حسن علی کے گردے کی پیوند کاری کی مد میں 26 لاکھ روپے وصول کیے تھے، خاتون کا کہنا تھا کہ ملزم نے گردے کی پیوند کاری کی جس سے حسن علی کا انتقال ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملزم کے خلاف 18 اگست کو کارروائی کے لیے ویجیلنس پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ کو درخواست دی گئی تھی، اور مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کی ڈیل اسلام آباد جب کہ آپریشن راولپنڈی کے علاقوں میں ہوتے ہیں، جب کہ گردوں کی پیوند کاری کے لیے آپریشن کرنے والا بھی ڈاکٹر نہیں ٹیکنیشن نکلا۔

    ایف آئی اے ٹیم نے چھاپا مار کر جعلی ڈاکٹر اور گردے بیچنے والے ایجنٹس کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا، ملزمان کو ایف ٹین کے علاقے میں نجی اسپتال کی پارکنگ سے گرفتار کیا گیا، ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ ملزمان کے گروہ کے دیگر ساتھیوں کو گرفتار کرنے کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان کڈنی اینڈلیورٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ میں نئے ڈائلیسز یونٹ کا افتتاح کردیا

    وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان کڈنی اینڈلیورٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ میں نئے ڈائلیسز یونٹ کا افتتاح کردیا

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پاکستان کڈنی اینڈلیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ میں نئے ڈائلیسز یونٹ کا افتتاح کردیا ، ان کا کہنا تھا کہ شعبہ صحت میں بہتری لانے کے لیے پرعزم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے پی کے ایل آئی میں ڈائلیسز یونٹ 2 کاافتتاح کیا ہے ، یونٹ 2 کو 36 ڈائلیسز مشینیں فراہم کی گئی ہیں۔

    اس موقع پروزیراعلیٰ پنجاب نے ڈائلیسز یونٹ کا دورہ بھی کیا اور مریضوں کی عیادت کی۔عثمان بزدار نےمریضوں سےعلاج کی سہولتو ں سےمتعلق استفسار کیا جس پر مریضوں نے اسپتال میں فراہم کی جانیوالی طبی سہولتوں کی فراہمی پراطمینان کا اظہار کیا۔

    اس دوران وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ انسٹیٹیوٹ میں گردے،جگر کےمریضوں کے لیے معیاری طبی سہولتیں ہیں،اسپتال کی عمارت کو رواں سال کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا اور مزید 6 آپریشن تھیٹرز وسط اکتوبر تک فنکشنل ہو جائیں گے۔

    ان کاکہنا تھا کہ انسٹیٹیوٹ میں رواں سال3لیور،31 کڈنی ٹرانسپلانٹ کئے گئے ،اسپتال کےدیگر3فلورمکمل ہونےسے475بستروں کااضافہ ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ صحت میں مزید بہتری لانے کے لیے پرعزم ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر پنجاب انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو اسپتال کاکام رفتارتیز سے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ صحت کو بہتر بنانے کیلئے وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے۔