Tag: کھالیں

  • جبراً کھالیں جمع کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی: ڈی جی رینجرز

    جبراً کھالیں جمع کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی: ڈی جی رینجرز

    کراچی: ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص نے کہا ہے کہ کسی کو بھی جبراً کھالیں جمع کرنے کی ہر گزاجازت نہیں دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص سے ٹینر ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی جہاں حکومت کے جاری کردہ پرمٹ اور ضابطہ اخلاق کی پابندی پر عمل یقینی بنانےکا عزم کیا۔

    ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر وقاص نے کہا کہ قربانی کی کھالیں جمع کرنے والی جگہوں، ترسیل کی خصوصی نگرانی کی جائے گی،کسی کو بھی جبراً کھالیں جمع کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

    ڈی جی رینجرز کا کہنا ہے کہ فرقہ واریت میں ملوث فرد یا جماعت کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، فورتھ شیڈول میں شامل شخص کو بھی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    ڈی جی رینجرز نے کہا کہ ایسے عناصر سے قربانی کی کھالیں نہیں خریدی جا سکیں گی، وفد نے ڈی جی رینجرز کو مروجہ قوانین، ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کی  یقین دہانی کرائی۔

    ساتھ ہی وفد نے عید کے موقع پر سیکیورٹی کے حوالے سے رینجرز کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

  • کھالیں جمع کرنے کے لیے ضابطہ اخلاق جاری

    کھالیں جمع کرنے کے لیے ضابطہ اخلاق جاری

    کراچی: عید قرباں پر کھالیں جمع کرنے کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنر کا اجازت نامہ لازمی ہوگا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کیمپ لگا کر کھالیں جمع کرنے پر پابندی ہوگی، پرچم لگانا اور لاؤڈ اسپیکر پر اعلانات پر بھی پابندی ہوگی، کھالیں جمع کرنے کے لیے بینرز لگانے پر بھی پابندی ہوگی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صرف رجسٹرڈ مدارس اور تنظیموں کو کھالیں جمع کرنے کا اجازت نامہ دیا جائے گا، جن تنظیموں پر پابندی ہے، وہ کھالیں جمع نہیں کر سکیں گی۔

    صوبائی محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ عید قرباں پر اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی عائد ہوگی، اور عید کے تینوں روز اسلحے کے اجازت نامے منسوخ ہوں گے۔

    یاد رہے گزشتہ روز وزارت قومی صحت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر گائیڈ لائنز جاری کی ہیں، جن میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

    یہ گائیڈ لائنز مویشی منڈی، نماز عید، قربان گاہوں سے متعلق ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ مویشی منڈی میں موجودگی کے دوران ماسک پہننا لازم ہوگا، مویشی منڈی کے داخلی مقامات پر آنے والوں کا بخار چیک کیا جائے گا اور سینیٹائزر کا انتظام کیا جائے گا جب کہ مویشیوں کے بیوپاری اور خریدار کے لیے ویکسینیشن بھی لازم ہے۔

  • کراچی: چمڑے کے تاجروں کا نان فائلرز سے کھالیں نہ خریدنے کا اعلان

    کراچی: چمڑے کے تاجروں کا نان فائلرز سے کھالیں نہ خریدنے کا اعلان

    کراچی: شہرِ قائد میں چمڑے کے تاجروں نے نان فائلرز سے کھالیں نہ خریدنے کا اعلان کر دیا، ٹینرز کا کہنا ہے کہ فائلرز اور رجسٹرڈ بیوپاریوں سے کھالیں خریدی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ٹینرز نے اعلان کیا ہے کہ صرف فائلرز سے کھالیں خریدی جائیں گی، عید قرباں پر بھی نان فائلرز سے کھالوں کی خریداری نہیں کریں گے۔

    تاہم چمڑے کے تاجروں کا یہ بھی مؤقف ہے کہ اگر حکومتی فیصلے میں لچک ہوئی تو عید قرباں پر نان فائلرز سے کھالیں خریدیں گے۔

    ٹینرز نے کہا ہے کہ زیرو ریٹنگ ختم کر کے صنعت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا گیا، پیداوار کا 95 فی صد تک برآمد کرنے والوں پر زیرو ریٹنگ ختم کر دی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  نان فائلرز کی گنجایش آئین میں بھی نہیں، سب کو ٹیکس نیٹ میں لائیں گے: شبر زیدی

    ادھر آل پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 5 فی صد کے لیے 95 فی صد کو داؤ پر لگا دیا گیا ہے، بر وقت اقدامات نہ کیے گئے تو عید قرباں پر لاکھوں کا نقصان ہوگا۔

    واضح رہے کہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ نان فائلرز رہنے کی گنجایش آئین میں بھی نہیں ہے، ہم ٹیکس نہ دینے کے نظام کے سامنے کھڑے ہو گئے ہیں، پاکستان کی غیر دستاویزی معیشت کو سیدھا کرنے کا مشن شروع کر دیا ہے۔

    شبر زیدی نے کہا کہ ہم نے نان فائلر کا لفظ قانون سے مٹا دیا ہے، نان فائلر کو نوٹس دیں گے اور ان سے ٹیکس لیں گے، تکنیکی طور پر نان فائلر کرمنل کہلاتا ہے۔