Tag: کھانا

  • شادی میں کھانا کھانے کے بعد 250 سے زائد مہمان اسپتال جا پہنچے

    شادی میں کھانا کھانے کے بعد 250 سے زائد مہمان اسپتال جا پہنچے

    شادی میں مضر صحت کھانا کھانے کے بعد تقریب کے شرکا کی طبیعت خراب ہو گئی اور 250 سے زائد مہمان اسپتال جا پہنچے۔

    اے ٓآر وائی نیوز کے مطابق یہ واقعہ راولپنڈی میں پیش آیا جہاں ڈھونگ کے علاقے میں شادی کی ایک تقریب میں مبینہ مضر صحت کھانا کھانےکے بعد 260 مہمانوں کی حالت غیر ہو گئی۔

    رپورٹ کے مطابق کھانا کھانے کے فوری بعد مہمانوں کو معدے میں درد اور متلی محسوس ہونے لگی۔ متاثر ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

    طبیعت زیادہ خراب ہونے مہمانوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

    دوسری جانب شادی کا کھانا کھانے کے بعد اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی طبعیت خراب ہونے پر علاقے میں ہلچل مچ گئی اور انتظامیہ کی بھی دوڑیں لگ گئیں۔

    اسسٹنٹ کمشنر گوجر خان، محکمہ صحت اور فوڈ کی ٹیمیں اسپتال پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے ڈاکٹروں سے مریضوں کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کیں جبکہ متاثرہ افراد کے بیانات بھی قلمبند کیے۔

  • کھانے سے چھپکلی کی دُم نکلنے کا واقعہ، فوڈ اتھارٹی نے ہوٹل بند کروادیا

    کھانے سے چھپکلی کی دُم نکلنے کا واقعہ، فوڈ اتھارٹی نے ہوٹل بند کروادیا

    سیالکوٹ: اڈا پسروریاں میں ہوٹل پر کھانے کی پلیٹ سے چھپکلی کی دُم نکلنےکا واقعہ سامنے آنے کے بعد فوڈ اتھارٹی نے ایکشن لےلیا۔

    ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہوٹل کو بند کروادیا ہے، ترجمان فوڈ اتھارٹی نے کہا کہا ہوٹل کیخلاف ناقص انتظامات پر سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے، پروڈکشن ایریا میں کھلےگٹر اور جالے موجود پائے گئے۔

    سیالکوٹ میں واقع ہوتل میں چنے کی پلیٹ میں سے چھپکلی کی دم نکلنے پر ہوٹل میدانِ جنگ بن گیا تھا، گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے وکلا ناشتے کیلیے ہوٹل آئے تھے جہاں کھانے میں چھپکلی کی دم نکلنے پر انہوں نے احتجاج کیا اور ملازمین سے ہاتھا پائی ہوئی۔

    وکلا اور ہوٹل ملازمین کے درمیان جھگڑا دیکھ کر شہریوں کی بڑی تعداد ہوٹل کے باہر جمع ہوئی اور ان میں بیچ بچاؤ کروایا۔

    معاملے کا علم ہونے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ہوٹل میں ناشتے کی فروخت پر پابند ی عائد کر دی، جھگڑے کے دوران ثبوت ختم کرنے کیلیے ملازمین نے ہاتھ مار کر چنے کی پلیٹ زمین پر گرا دی تھی۔

  • آپ کھانا کتنی دیر میں ہضم کرتے ہیں؟ حیران کُن حقائق

    آپ کھانا کتنی دیر میں ہضم کرتے ہیں؟ حیران کُن حقائق

    شاید آپ کو اس بات کا علم نہ ہو کہ آپ جو بھی غذا کھا رہے ہیں، اس کو ہضم کرنے میں کتنا وقت درکار ہوتا ہے؟ اور بہت سی غذائیں ایسی ہیں جو جلدی ہضم ہوجاتی اور تھوڑی ہی دیر میں دوبارہ بھوک کا احساس ہونے لگتا ہے، جبکہ کچھ غذائیں ایسی ہوتی ہیں جنہیں کھانے کے بعد بھوک محسوس نہیں ہوتی۔

    یہاں سب سے پہلے آپ کو یہ بتاتے چلیں کہ جسم کسی بھی کھانے کو ہضم کرنے میں کتنا وقت لیتا ہے؟ یہ اور یہ پورا عمل کس طرح انجام پاتا ہے۔

    نظام انہضام ایک پیچیدہ نظام ہے اور یہاں تک پہنچنے سے پہلے بھی غذا کئی مراحل کا سامنا کرتی ہے، سب سے پہلے منہ سے غذا کو توڑا جاتا ہے، تاکہ یہ جب یہ ہاضمے کے نظام سے گزرے تو جسم اس کے اجزاء کو بہتر انداز میں جذب کر سکے۔

    غذائی نالی سے گزر کر کھانا سیدھا معدے میں داخل ہوجاتا ہے، جہاں یہ گیسٹرک جوس اور ہاضمے کے خامروں کے ساتھ شامل ہوجاتا ہے، یہ عضو خوراک کے ذرات کو جمع کرنے کے ایک اہم مقام کے طور پر کام کرتا ہے، کھانا یہاں پر عام طور پر 2 سے 4 گھنٹے تک رہتا ہے، یہاں پر کھانا ایک نیم مائع حالت میں ہوتا ہے جسے کھائم کہا جاتا ہے۔

    گیسٹرک پروسیسنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہضم شدہ کھانا چھوٹی آنت میں چلا جاتا ہے، یہ غذائی اجزاء کو جذب کرنے کا بنیادی مقام ہے۔ یہ عمل تقریباً 4 سے 6 گھنٹے پر محیط ہوتا ہے۔

    یہاں، ہاضمے کے انزائمز اور بائل کھائم کو مزید غذائی اجزاء جیسے پروٹینز، کاربوہائیڈریٹس اور چکنائی میں توڑ دیتے ہیں، اس طرح یہاں سے یہ خون کے دھارے میں شامل ہوجاتا ہیں۔

    چھوٹی آنت سے گزرنے کے بعد جو مادہ بنیادی طور پر پانی، ریشہ، اور ہضم نہ ہونے والے مادوں پر مشتمل ہوتا ہے، بڑی آنت میں داخل ہوتا ہے۔

    یہاں یہ مادہ 12 سے 48 گھنٹے تک موجود رہتا ہے اس دوران بڑی آنت بقایا مادے سے پانی اور الیکٹرولائٹس کو جذب کرنے میں سہولت فراہم کرتی ہے، بالآخر فاسد مادہ تیار ہوجاتا ہے۔

    آپ نے کس قسم کا کھانا کھایا ہے، یہ معاملہ ہضم کے وقت کو نمایاں طور پر متاثر کرتا ہے، سادہ کاربوہائیڈریٹ تیزی سے ہضم ہوتے ہیں، جب کہ پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس، پروٹین اور چکنائی کو ہضم ہونے میں وقت درکار ہوتا ہے۔

    گوشت کو مکمل ہضم ہونے میں دو سے تین دن لگ سکتے ہیں، غیر حل پذیر ریشہ سے بھرپور غذائیں، جیسے پھل، تیزی سے ہضم ہوتے ہیں۔

  • آج کیا پکایا جائے؟ شیف نے خواتین کا بڑا مسئلہ حل کردیا

    آج کیا پکایا جائے؟ شیف نے خواتین کا بڑا مسئلہ حل کردیا

    ہمارے گھروں کا سب سے بڑا مسئلہ یومیہ بنیادوں پر یہی ہوتا ہے کہ آج کیا پکایا جائے جس پر سب سے زیادہ پریشانی خاتون خانہ کو ہوتی ہے کیونکہ کھانا پکانے فریضہ انہوں نے ہی ادا کرنا ہوتا ہے۔

    ویسے تو اس مسئلے کا بہترین حل یہ ہے کہ ہفتہ وار شیڈول بنالیا جائے اور اس کے مطابق کھانا تیار کیا جائے، تاہم اکثر و بیشتر ہم اس شیڈول سے اکتا کر کچھ نیا اور منفرد بنانا چاہتے ہیں۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں خاتون شیف عاتکہ زعیم  نے خواتین کو مفید مشورے دیئے تاکہ وہ اس مسئلے کو باآسانی حل کرسکیں۔

    انہوں نے کہا کہ خواتین کی آسانی کے لیے کچھ ایسے آئیڈیاز ہیں جن پر عمل درآمد کرکے آپ اپنے ڈائننگ ٹیبل کی رونق بڑھانے کے علاوہ وقت کی بچت بھی کرسکتی ہیں اور ساتھ ہی ساتھ کھانوں میں ورائٹی بھی لاسکتی ہیں۔

    عاتکہ زعیم نے بتایا کہ سردی کا موسم ہے تو کھانے کے ساتھ ساتھ سوپ کو اہمیت دیں، مچھلی اور مرغی کی کی افادیت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا۔

    اس کے علاوہ سبزیوں کو لازمی اپنے دسترخوان کا حصہ بنائیں جس میں بینگن کا رائتہ بنا کر آلو کے پراٹھوں کے ساتھ کھائیں، زیرے والے چاولوں کے ساتھ کھٹی دال کا بھی الگ ہی ذائقہ ہے۔

    دوپہر کے کھانوں میں سیم کی پھلی یا مولی کے پراٹھے بناسکتی ہیں ان چیزوں میں زیادہ وقت بھی سرف نہیں ہوتا۔ اگر رات کی سبزی بچ جائے تو اگلے روز اسے چاولوں میں ڈال کر بریانی کے انداز میں بھی بنایا جائے تو سب کو پسند آئے گا۔

  • ناشتہ کرنا بے حد ضروری، لیکن کیا آپ ناشتے میں صحیح چیزیں کھا رہے ہیں؟

    ناشتہ کرنا بے حد ضروری، لیکن کیا آپ ناشتے میں صحیح چیزیں کھا رہے ہیں؟

    دن کا پہلا کھانا، یا ناشتہ دن کی ایک اہم غذا ہے جس کی افادیت حالیہ دور میں کئی بار تحقیق میں ثابت ہوچکی ہے، ناشتہ نہ کرنے کے بے شمار مختصر اور طویل المدتی نقصانات ہیں۔

    تاہم ناشتہ ایسا ہونا چاہیئے جو جسم کی غذائی ضروریات کو پرا کرے اور اسے نقصان نہ پہنچائے۔

    آئیں دیکھتے ہیں کہ وہ کون سی غذائیں ہیں جو ناشتے کو صحت مند اور متوازن بناتی ہیں۔

    اناج

    اناج میں روٹی، ڈبل روٹی اور دلیہ شامل ہیں جو فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں اور ایک بہترین ناشتے میں شمار کیے جاتے ہیں، اس میں قدرت نے طاقت کے کئی راز چھپا رکھے ہیں۔ البتہ ان چیزوں کا استعمال چینی کے ساتھ نہ کیا جائے تو بہتر ہے۔

    پروٹین

    صبح ہی صبح ناشتے میں پروٹین سے بھرا کھانا آپ کے پورے دن کو بہترین بنا دے گا۔ ان کھانوں میں انڈا، دہی، پنیر اور ڈرائی فروٹس شامل ہیں، اس کے علاوہ بیجوں میں پروٹین کی تعداد زیادہ ہوتی ہے، ان کے استعمال سے آپ کی صحت اچھی رہے گی اور آپ کے پٹھوں کو بھی طاقت ملے گی۔

    سبزی اور پھل

    قدرت نے پھل اور سبزیوں کو نعمت کے طور پر اتارا ہے جس میں بیماریوں سے لڑنے کے لیے اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں جبکہ وٹامنز اور منرلز بھی کافی تعداد میں پائے جاتے ہیں۔ اپنے ناشتے میں بیریز، کیلا، ایواکاڈو، پالک اور ٹماٹر جیسے پھل اور سبزیوں کو شامل کیا جائے تو یہ بہترین ہے۔

    فیٹس

    ویسے تو چکنائی والے کھانوں سے منع ہی کیا جاتا ہے لیکن ہماری جلد اور جسم کو صحت مند فیٹس کی ضرورت ہوتی ہے جس کے لیے ڈرائی فروٹس، بیج اور ایوا کاڈو کو غذا میں شامل کرنا ضروری ہے۔

    ڈیری اشیا

    کم چکنائی والا دودھ، دہی اور پنیر کا استعمال بھی آپ کے جسم میں کیلشیم اور وٹامن ڈی کی کمی کو پورا کرتا ہے جو ہڈیوں کے لیے ضروری ہے، اگر کسی کو دودھ اور دہی ہضم نہیں ہوتا ہو تو وہ ناریل اور بادام کا دودھ بھی استعمال کرسکتا ہے۔

    چینی سے پرہیز

    چینی انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے، چینی جسم میں قدرتی طور پر بننے والی انسولین کو متاثر کرتی ہے اور شوگر لیول ہائی کرتی ہے، اسی لیے ناشتے میں چینی سے بنی اشیا جیسے پیسٹری، بسکٹس وغیرہ کھانے سے پرہیز کرنا چاہیئے کیونکہ یہ فائدے کے بجائے الٹا نقصان پہنچاتی ہے۔

  • مسلسل 100 گھنٹے تک کھانا بنانے کا ریکارڈ

    مسلسل 100 گھنٹے تک کھانا بنانے کا ریکارڈ

    نائیجیریا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون شیف نے مسلسل 100 گھنٹے تک کھانا بنایا جس کے بعد ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق افریقی ملک نائیجیریا سے تعلق رکھنے والی شیف نے ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کے لیے لگاتار 100 گھنٹے کھانا بنا ڈالا۔

    اے پی کے مطابق سوموار کے روز نائیجیریا سے تعلق رکھنے والی شیف نے طویل ترین وقت یعنی 100 گھنٹوں تک بغیر رکے کھانا بنایا، ہلدا باچی نامی شیف نے اس ورلڈ ریکارڈ کو قائم کرنے کے لیے گزشتہ ہفتے جمعرات کے روز سے کھانا بنانا شروع کر دیا تھا۔

    اس کے بعد انہوں نے انڈین شیف لتا ٹنڈن کا 87 گھنٹوں اور 45 منٹس کا ریکارڈ توڑ دیا جو انہوں نے 2019 میں اپنے نام کیا تھا۔

    ہلدا باچی نے گرین وِچ مین ٹائم کے مطابق شام 7 بج کر 45 منٹ پر نائیجیریا کے صنعتی شہر لاگوس میں لگاتار 100 گھنٹوں تک کھانا بنایا جس کے بعد انہیں ملک بھر میں خوب شہرت مل رہی ہے۔

    اس موقع پر ہزاروں افراد موجود تھے جو کہ ہلدا کے لیے گیت گا رہے تھے اور پھر جب انہوں نے مقررہ وقت کے بعد کھانا بنانا ختم کیا تو ورلڈ ریکارڈ کے انتظار میں موجود افراد جھوم اٹھے۔

    دوسری جانب گنیز ورلڈ ریکارڈ کے جانب سے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ انہیں اس بات کا علم ہے کہ شیف نے کھانا بنانے کا ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔

    گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ٹویٹ کے مطابق ہمیں ورلڈ ریکارڈ کی تصدیق کرنے سے قبل اس کے تمام شواہد کا جائزہ لینا ہوگا۔

    ہلدا باچی کا کہنا ہے کہ وہ دکھانا چاہتی تھیں کہ نائیجیریا کی نوجوان نسل کتنی محنتی اور ثابت قدم ہے، انہوں نے کہا کہ وہ اس سے نوجوان افریقی خواتین کے لیے مہم بھی چلانا چاہتی تھیں جنہیں معاشرے میں نظر انداز کیا جاتا ہے۔

    ہلدا نے جمعرات کے روز دوپہر 3 بجے کے قریب درجنوں نائیجیرین پکوان بنانا شروع کیے، جس میں سوپ سے سٹیو سمیت کئی پروٹینز اور مغربی افریقہ کے مشہور جولوف رائس بھی شامل تھے۔

    وہ ہر گھنٹے میں صرف پانچ منٹ کا وقفہ لیتی تھیں جبکہ ہر 12 گھنٹوں بعد ایک گھنٹہ آرام کرتی تھیں جس میں غسل اور میڈیکل چیک اپ بھی شامل تھے۔

    ان کی اس کاوِش کو سٹریمنگ پلیٹ فارمز پر بے شمار افراد نے دیکھا جبکہ ریکارڈ بنانے کے مقام پر ہزاروں کی تعداد میں مقامی شہریوں سمیت سلیبرٹیز انہیں داد دینے کے لیے موجود رہیں۔

  • چھوٹے بچے نے ننھے منے ہاتھوں سے بیمار ماں کے لیے کھانا تیار کرلیا

    چھوٹے بچے نے ننھے منے ہاتھوں سے بیمار ماں کے لیے کھانا تیار کرلیا

    مائیں جہاں ایک طرف تو اپنے بچوں کے لیے محبت، خدمت اور ایثار میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھتیں، وہیں بچے بھی بعض دفعہ اپنی ماؤں سے محبت کا اظہار نہایت معصومانہ انداز سے کرتے ہیں جو دیکھنے والوں کو آبدیدہ بھی کردیتا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایسے ہی ایک بچے کی معصوم سی کاوش کی تصویر وائرل ہورہی ہے جس میں ماں کے لیے خیال اور محبت کا اظہار واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے۔

    ایرن ریڈ نامی ایک خاتون نے ٹویٹر پر 2 تصاویر پوسٹ کیں اور لکھا کہ وہ کووڈ 19 کا شکار ہو کر کمرے میں بند ہیں اور ایسے میں ان کے چھوٹے بچے نے ان کے لیے کھانا تیار کیا ہے۔

    بچے نے ایک پیالے میں سلاد کے پتے اور پاستہ کے چند ٹکڑے ڈال کر کانٹے کے ساتھ ماں کے لیے رکھا ہے۔

    بچے نے ساتھ میں ایک نوٹ بھی لکھا ہے جس میں تحریر ہے کہ یہ میں نے آپ کے لیے بنایا ہے، یہ بالکل بھی پرفیکٹ نہیں اور اس کے لیے میں آپ سے معذرت خواہ ہوں۔

    بچے نے نوٹ اور کھانے کا پیالہ ماں کے کمرے کے سامنے میز پر رکھ دیا۔

    تصاویر دیکھ کر ٹویٹر صارفین حیران اور بچے کے لیے محبت بھرے جذبات سے مغلوب ہوگئے۔ ایک صارف نے لکھا کہ آپ نے بچے کی بہت اچھی تربیت کی ہے جس کی وجہ سے اس کا دل احساس اور محبت سے لبریز ہے۔

    ایک اور صارف نے لکھا کہ مجھے یہ تصاویر دیکھ رونا آرہا ہے۔

    اکثر صارفین نے ماں کے صحت یاب ہونے کی دعا اور دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا

  • کھانے کے دوران پانی پینا صحت کے لیے کتنا فائدہ مند؟ تحقیق سامنے آگئی

    کھانے کے دوران پانی پینا صحت کے لیے کتنا فائدہ مند؟ تحقیق سامنے آگئی

    طبی ماہرین ہمیشہ سے کھانے کے بعد پانی پینے کو ایک غیر صحت مند عمل قرار دیتے رہے ہیں، عموماً کہا جاتا ہے کہ پانی کھانے کے دوران پینا چاہیئے، لیکن کیا یہ واقعی صحت کے لیے فائدہ مند ہے؟

    حال ہی میں کی جانے والی ایک نئی تحقیق کے مطابق کھانے کے دوران پانی پینا ایک غیر صحت مند طرز عمل ہے جو جسم کو فائدے سے زیادہ نقصان پہنچا سکتا ہے۔

    تحقیق کے نتائج میں کہا گیا کہ کھانے کے دوران پانی پینا کسی حد تک مضر صحت ثابت ہوسکتا ہے جو کہ نظام انہضام سے متعلق کئی مسائل کا سبب بن سکتا ہے، جیسے اپھارہ، بدہضمی اور غذائی اجزا کی خرابی۔

    غذائی ماہرین کے مطابق کھانے سے کم از کم 30 منٹ پہلے اور ایک گھنٹہ بعد پانی نہ پینا بہتر ہے، اور اگر پانی پینا ضروری بھی ہو تو اس کی قلیل مقدار یعنی چند چھوٹے گھونٹ پیئں۔

    کھانے کے دوران زیادہ پانی پینا کھانے کو ہضم کرنے والے کیمیکلز اور معدے میں ہائیڈرو کلورک ایسڈ کو پتلا کرتے ہیں، یہ ایک ایسا جزو ہے جو کھانے کو مناسب انداز میں ہضم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

    اگر آپ اپنے ہاضمے کے عمل کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو کھانا آہستہ آہستہ چبا کر کھائیں، صرف اس وقت کھائیں جب آپ کو بھوک محسوس ہو اورسکون کی حالت میں کھانا کھائیں۔

    ساتھ ہی مرغن اور تیزابیت والی غذاؤں کو اعتدال میں غذا میں شامل رکھیں، ماہرین کے مطابق اس طرح کی عادات کو اپنا کر آپ بائل فلو اینزائم کی سرگرمی کو تیز کرنے میں مدد فراہم کرسکتے ہیں تاکہ جو بھی غذا کھائی جائے وہ بہتر انداز میں ہضم ہو کر جذب ہو سکے۔

  • کھانے کو آہستہ کھایا جائے یا تیز رفتاری سے؟

    کھانے کو آہستہ کھایا جائے یا تیز رفتاری سے؟

    کھانا کھاتے ہوئے اگر غذا کو آہستہ چبایا جائے تو زیادہ فوائد حاصل ہوسکتے ہیں، ایسا متعدد تحقیقات میں ثابت ہوا ہے۔

    ایک حالیہ تحقیق کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کھانے کو آہستہ اور چبا کر کھانا، پیٹ بھرنے اور وزن کم کرنے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔

    آئیں دیکھیں کہ کھانے کو چبا کر کھانے کے کیا فوائد ہیں۔

    کم کیلوری کا استعمال

    اس حوالے سے ایک تحقیق کی گئی جس میں زیادہ اور نارمل وزن رکھنے والے افراد کو، جو مختلف رفتار سے دوپہر کا کھانا کھاتے تھے، شامل کر کے 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

    جب دونوں کا موازنہ کیا گیا تو تیز رفتار کی نسبت آہستہ کھانا کھانے والوں نے کم کیلوریز کھائیں۔

    تمام شرکا نے زیادہ آہستگی سے کھانے کے بعد زیادہ دیر تک پیٹ بھرا محسوس کیا اور تیز رفتار کھانے کے مقابلے میں سست رفتار کھانے کے ایک گھنٹہ بعد بھوک کم محسوس کی۔

    اس طرح کیلوریز کی مقدار میں یہ کمی وقت کے ساتھ وزن میں کمی کا باعث بن سکتی ہے۔

    دراصل کیلوری کی مقدار اور بھوک ہارمونز کے ذریعے کنٹرول ہوتی ہے، کھانے کے بعد آپ کی آنت گھریلن نامی ہارمون کے اخراج کو روکتی ہے جو بھوک کو کنٹرول کرنے کا ذمہ دار ہے۔ یہ بھوک کے مخالف ہارمونز پیپٹائڈ اور گلوکاگن نما پیپٹائڈ کے اخراج میں بھی مدد کرتا ہے۔

    یہ ہارمونز دماغ کو پیغام پہنچاتے ہیں کہ کھانا کھایا جا چکا ہے اور غذائی اجزا جسم میں جذب ہو رہے ہیں، اس کے نتیجے میں آپ کی بھوک کم ہوجاتی ہے اور اس طرح آپ کو پیٹ بھرنے کا احساس ہوتا ہے جو آپ کو کھانے سے ہاتھ روکنے میں مدد دیتا ہے۔

    اس عمل میں تقریباً 20 منٹ لگتے ہیں، لہٰذا آہستہ آہستہ کھانا آپ کے دماغ کو ان سگنلز کو حاصل کرنے کے لیے درکار وقت فراہم کرتا ہے، آہستہ آہستہ کھانا آپ کے سیر ہونے والے ہارمونز کو بڑھا سکتا ہے۔

    جلدی یا عجلت میں کھانا زیادہ کھانے کا باعث بن سکتا ہے، اس طرح دماغ کے پاس پیٹ بھرنے کے سگنل حاصل کرنے کے لیے ضروری وقت نہیں ہوتا۔

    آہستہ آہستہ چبانے کے دیگر فوائد

    غذائی اجزا کو بہتر طریقے سے جذب ہونے میں مدد ملتی ہے۔

    کھانے کے ذائقے سے بہترانداز میں لطف اندوز ہونے میں اضافہ ہوتا ہے۔

    نظام انہضام بہتر انداز میں کام کرتا ہے۔

    ذہنی تناؤ کم ہوتا ہے۔

  • ریسٹورنٹ سے آرڈر کی گئی فرائیڈ چکن میں سے کیا نکلا؟

    ریسٹورنٹ سے آرڈر کی گئی فرائیڈ چکن میں سے کیا نکلا؟

    برطانیہ میں ایک خاتون ریستوران سے آرڈر کیے ہوئے فرائیڈ چکن میں کیڑا دیکھ کر پریشان ہوگئیں، خاتون کی شکایت پر ریستوران نے ان کے پیسے واپس کردیے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ویلز برطانیہ میں پیش آیا، ایک جوڑے نے ویک اینڈ نائٹ پر قریب واقع کے ایف سی سے فرائیڈ چکن لیا۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ چکن کھاتے ہوئے وہ فریج سے ڈرنک لینے کے لیے اٹھیں، واپس آئیں تو انہوں نے دیکھا کہ پلیٹ میں کچھ حرکت کر رہا تھا۔

    انہوں نے غور کیا تو معلوم ہوا کہ وہ ایک کیڑا تھا جو حرکت کر رہا تھا۔

    ان کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کے ساتھی سخت کبیدہ خاطر ہوئے اور انہوں نے اپنا کھانا ادھورا چھوڑ دیا، اس واقعے کی وجہ سے وہ کئی دن تک ڈسٹرب بھی رہے۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ ریستوران کو شکایت کیے جانے پر انہیں ان کی رقم واپس دے دی گئی، تاہم ان کے خیال میں یہ ایک سنگین غفلت تھی۔

    جوڑے نے اس ریستوران سے کھانے والے دیگر افراد کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔