Tag: کھانا

  • سونے سے قبل ایک عام عادت، جو فائدے اور نقصان دونوں کا سبب بن سکتی ہے

    سونے سے قبل ایک عام عادت، جو فائدے اور نقصان دونوں کا سبب بن سکتی ہے

    رات کے کھانے اور سونے کے وقت کے درمیان کچھ کھانا ماہرین غذائیت کے لیے ایک گرما گرم بحث کا موضوع ہے۔

    ایک عام خیال ہے کہ سونے سے قبل کچھ کھانا جسمانی وزن میں اضافے کا اعث بنتا ہے کیونکہ نیند کے دوران میٹا بولزم کی رفتار ست ہوجاتی ہے، جس کی وجہ سے اضافی کیلوریز چربی کی شکل اختیار کرسکتی ہیں۔

    دوسری جانب کچھ طبی ماہرین کے مطابق سونے سے قبل کچھ کھانا نقصان دہ نہیں بلکہ نیند یا جسمانی وزن میں کمی کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔

    یہی وجہ ہے کہ بیشتر افراد کو سمجھ نہیں آتا کہ بہترین آپشن کیا ہے۔

    موجودہ شواہد میں ایسی کوئی ٹھوس وجہ سامنے نہیں آئی جس سے ثابت ہوتا ہو کہ سونے سے قبل کھانا جسمانی وزن میں اضافے کا باعث بنتا ہے، مگر متعدد تحقیق رپورٹس میں ثابت ہوا ہے کہ اس عادت کو اپنانے والے بیشتر افراد کا جسمانی وزن بڑھتا ہے۔

    اس کی وجہ بہت سادہ ہے اور وہ یہ ہے کہ سونے سے کچھ قبل دیر قبل کچھ کھانا بنیادی طور پر اضافی خوراک اور اضافی کیلوریز ہے۔

    نہ صرف یہ بلکہ اکثر افراد کو رات کے وقت زیادہ بھوک لگتی ہے جس کے بارے میں طبی سائنس کا کہنا ہے کہ جن افراد کو تناؤ کا سامنا ہوتا ہے ان میں بھوک بڑھانے والے ہارمون کی سطح شام میں بڑھ جاتی ہے۔

    اس کے نتیجے میں سونے سے قبل کچھ کھانے سے دن بھر کی ضرورت سے زیادہ کیلوریز جزو بدن بن جاتی ہیں۔ اسی طرح جو لوگ ٹی وی دیکھتے ہوئے یا لیپ ٹاپ استعمال کرتے ہوئے کچھ کھانا پسند کرتے ہیں ان میں جسمانی وزن میں اضافہ حیران کن نہیں۔

    ایک اور وجہ یہ ہے کہ کچھ افراد کو سونے سے کچھ دیر پہلے شدید بھوک لگتی ہے کیونکہ انہوں نے دن بھر میں کچھ زیادہ نہیں کھایا ہوتا۔

    یہ شدید بھوک نیند سے قبل بہت زیادہ غذا کے استعمال کی وجہ بنتی ہے اور صبح ناشتا ٹھیک سے کیا نہیں جاتا، جس کے بعد وہی رات کو شدید بھوک اور زیادہ کھانا کھایا جاتا ہے۔

    یہ معمول ضرورت سے زیادہ کھانے اور جسمانی وزن میں اضافے کا باعث بنتا ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ دن بھر میں متوازن غذا کا استعمال کتنا اہم ہے۔

    بعض افراد کو معدے میں تیزابیت کے نتیجے میں سینے میں جلن کی شکایت کا سامنا ہوتا ہے، ایسا اس وقت ہوتا ہے جب معدے میں موجود تیزاب پلٹ کر حلق تک آجائے، ایسا ہونے پر سینے میں جلن، نوالے نگلنے میں مشلات، حلق میں گلٹی، دانتوں کی فرسودگی، دائمی کھانسی جیسی علامات کا سامنا ہوتا ہے۔

    اگر آپ کو ان میں سے کسی بھی علامت کا سامنا ہوتا ہے تو آپ کو سونے سے کچھ دیر قبل کچھ کھانے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ ایسا کرنے سے تیزابیت میں اضافہ ہوتا ہے۔

    اگر آپ کو سینے میں جلن یا تیزابیت کا سامنا ہے تو بہتر ہے کہ سونے کے وقت سے کم از کم 3 گھنٹے قبل کچھ بھی کھانے سے گریز کریں۔

    ویسے تو کچھ افراد کے لیے سونے سے قبل کچھ کھانا اچھا خیال نہیں مگر اس کے کچھ فوائد بھی ہیں۔

    کچھ شواہد سے عندیہ ملتا ہے کہ اس عادت سے جسمانی وزن میں اضافے کی بجائے کمی آتی ہے مگر اس کا انحصار اس بات پر ہے آپ کا انتخاب کیا ہے۔

    ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو لوگ رات کے کھانے کے 90 منٹ بعد دودھ اور سیریلز کھاتے ہیں وہ دن بھر میں اوسطاً 397 کیلوریز کم جزوبدن بناتے ہیں۔

    کچھ افراد کو رات کے وقت بلڈ شوگر کی سح میں کمی کا سامنا ہوتا ہے جس سے نیند بھی متاثر ہوتی ہے۔

    کچھ تحقیقی رپورٹس میں عندیہ دیا گیا کہ سونے سے قبل کچھ کھانا بلڈ شوگر میں اس طرح کی تبدیلیوں کی روک تھام کرتا ہے کیونکہ اس سے رات بھر کے لیے اضافی توانائی ملتی ہے۔

  • لوکل ٹرانسپورٹ اور اندرون ملک پروازوں میں کھانا پیش کرنے کی اجازت

    لوکل ٹرانسپورٹ اور اندرون ملک پروازوں میں کھانا پیش کرنے کی اجازت

    اسلام آباد: ملک بھر کی لوکل ٹرانسپورٹ اور اندرون ملک پروازوں میں کھانا پیش کرنے کی اجازت دے دی گئی، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے سول ایوی ایشن اتھارٹی، وزارت داخلہ اور صوبائی حکومتوں کو مراسلہ ارسال کردیا ہے جس میں دوران سفر کھانا پیش کرنے پر عائد پابندی اٹھانے کے فیصلے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مراسلے میں کہا گیا کہ اندرون ملک پروازوں میں کھانا پیش کرنے کی اجازت ہوگی، ملک بھر کی لوکل ٹرانسپورٹ میں بھی کھانا پیش کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق یکم مارچ سے دوران سفر کھانا پیش کرنے کی اجازت ہوگی، متعلقہ ادارے دوران سفر کھانا پیش کرنے کی پابندی اٹھانے کے اقدامات کریں۔

  • کھانے کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کا نقصان جانتے ہیں؟

    کھانے کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کا نقصان جانتے ہیں؟

    ہم میں سے اکثر افراد اپنے کھانوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا پسند کرتے ہیں، تاہم اب ماہرین نے اس کے مضر اثرات کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔

    حال ہی میں کی جانے والی ایک نئی تحقیق کے مطابق کھانے کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کی عادت صحت کے لیے مضر ثابت ہوسکتی ہے۔

    امریکی یونیورسٹی آف ساؤتھ جارجیا میں کی جانے والی اس تحقیق میں کہا گیا کہ جو افراد اپنے کھانے کی تصاویر بناتے ہیں وہ لاشعوری طور پر زیادہ بھوک کا شکار ہو جاتے ہیں اور ان میں بسیار خوری کی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے جس سے ان کے اندر ایک بعد دوسری خوراک کی طلب بڑھ جاتی ہے۔

    اس حوالے سے ایک سروے میں بتایا گیا کہ 80 اور 90 کی دہائی میں پیدا ہونے والے باقاعدگی سے ہوٹلنگ کے موقع پر کھانا شروع کرنے سے قبل تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں۔

    ماضی میں کی گئی تحقیقات میں کہا گیا تھا کہ سوشل میڈیا پرکھانے کی تصاویر شیئر کرنے کے کافی فوائد ہیں، مثال کے طور پر ایسا کرنے سے کھانے کا مزہ دوبالا ہو جاتا ہے۔

    اس کی وضاحت کرتے ہوئے ماہرین کا کہنا تھا کہ کھانے کی تصاویر بنانے اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے سے دماغ کھانے کے حوالے سے ایک نکتے پر یکسو ہوتا ہے جس سے لاشعوری طور پر کھانے کی خوشبو دماغ میں بس جاتی ہے۔

    تاہم اب پرانی تحقیق کے برعکس نئی تحقیق میں کہا گیا کہ کھانے کی تصاویر بنانا اور انہیں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے مضر اثرات انسانی جسم پر پڑتے ہیں جس سے انسان کی اشتہا بڑھ جاتی ہے اور اس کا معدہ زیادہ خوراک طلب کرتا ہے۔

    نئی تحقیق میں ماہرین نے 145 افراد پرریسرچ کی جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا، انہیں کرنچی تلی ہوئی اور پنیر کی اشیا دی گئی۔ ایک گروپ کو کہا گیا کہ کھانے سے قبل ان کی تصاویر بنائیں اور کھانے کے بعد اپنے تجربے سےمطلع کریں کہ کیا انہیں یہ اشیا پسند آئی اور وہ مزید انہیں کھانا چاہتے ہیں۔

    تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ جس گروپ کو تصاویر بنانے کا کہا گیا تھا انہیں زیادہ نمبر دیے گئے یعنی انہوں نے زیادہ کھانا کھایا۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ تصویر بنانے کے دوران دماغ کے مخصوص خلیات جو کمانڈ ارسال کرتے ہیں ان کی جانب سے معدے کو مزید خوراک کی کمانڈ موصول ہوئی جس کی بنیاد پر انہوں نے زیادہ کھایا جس سے ان کی کیلوریز میں اضافہ ہوا۔

    ماہرین کے مطابق وہ افراد جو خوراک کا استعمال کم کرنے کے خواہاں ہیں خاص کر مغربی کھانے انہیں چاہیئے کہ وہ کھانے سے قبل تصویر بنانے سے اجتناب برتیں۔

  • اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں بچنے والے ہزاروں کھانوں کے ساتھ کیا کیا گیا؟ انتظامیہ نے معافی مانگ لی

    اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں بچنے والے ہزاروں کھانوں کے ساتھ کیا کیا گیا؟ انتظامیہ نے معافی مانگ لی

    ٹوکیو: جمعے کے روز شروع ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے لیے تیار کیے گئے ہزاروں کھانے بچ گئے تھے، جنھیں چھوا تک نہیں گیا تھا، ہزاروں کھانے ضائع ہونے پر اولمپکس انتظامیہ نے معافی مانگ لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس کی 23 جولائی کو منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں عملے کے لیے تیار کیے گئے کھانوں میں سے تقریباً 4 ہزار افراد کے کھانے بچ گئے تھے۔

    بدھ کو انتظامیہ نے اسٹاف کے لیے بہت زیادہ تعداد میں کھانا آرڈر کرنے اور ان کے ضائع ہونے پر معافی مانگی، دراصل کئی ٹرکوں پر مشتمل کھانے کے باکس واپس لے جانے کی ویڈیوز وائرل ہو گئی تھیں۔

    ٹوکیو اولمپک و پیراولمپک کھیلوں کی منتظم کمیٹی نے بدھ کے روز میڈیا کو بتایا کہ تقریب کے موقع پر نیشنل اسٹیڈیم میں 10 ہزار افراد کے لیے تیارہ کردہ کھانوں میں سے تقریباً 40 فی صد کو ہاتھ تک نہیں لگایا گیا تھا۔

    کمیٹی کے مطابق کھیلوں کے دیگر مقامات پر بھی ایسی ہی صورت حال تھی اور گزشتہ ہفتے تک آرڈر دیے گئے تمام کھانوں میں سے تقریباً 20 سے 30 فی صد کھانے استعمال نہیں ہوئے۔

    ٹوکیو اولمپکس: مزید ایتھلیٹس کرونا وائرس کا شکار

    کمیٹی نے بتایا کہ کھانے بچ جانے کی کئی وجوہ تھیں، جن میں عملے کی تعداد کا زیادہ تخمینہ لگایا جانا اور عملے کو بہت زیادہ مصروفیت کے باعث کھانے کا وقت نہ ملنا جیسی وجوہ شامل تھیں۔

    کمیٹی کے مطابق بچ جانے والے کھانے کو ری سائیکل کر کے فیڈ یا بائیو گیس کے خام مال وغیرہ میں تبدیل کر دیا گیا تھا، دراصل کمیٹی نے پائیداری کے ہدف پر مبنی عملی منصوبہ بندی کی تھی، جس میں کھانوں کا ضیاع کم کرنا بھی شامل تھا۔

  • وہ کھانا جسے خدا کی ناراضگی سے بچنے کے لیے چھپ کر کھایا جاتا ہے

    وہ کھانا جسے خدا کی ناراضگی سے بچنے کے لیے چھپ کر کھایا جاتا ہے

    دنیا بھر کے مختلف ثقافتی کھانے اپنی علیحدہ تاریخ رکھتے ہیں، ان کھانوں کو پیش کرنے اور کھانے کا انداز بھی مختلف ہوتا ہے جو اس ثقافت کا مظہر ہوتا ہے، فرانس میں بھی ایسی ہی ایک ڈش کو سر ڈھانپ کر کھانا ضروری ہے تاکہ خدا کی ناراضگی سے بچا جاسکے۔

    اس فرانسیسی ڈش کو کھاتے ہوئے سر ڈھانپنے کے لیے عموماً نیپکن کا استعمال کیا جاتا ہے۔ جتنا اس ڈش کو کھانے کا انداز انوکھا ہے اتنا ہی اسے پکانے کا طریقہ بھی عجیب اور کسی حد تک ظالمانہ ہے۔

    یہ ڈش دراصل ایک چھوٹے سے پرندے اورٹولن بنٹنگ سے بنائی جاتی ہے۔

    پکانے سے قبل اس پرندے کو ایک ماہ تک انجیر کھلائی جاتی ہے، اس کے بعد اس پرندے کو شراب کی ایک قسم برانڈی میں ڈبو کر ہلاک کیا جاتا ہے۔ بعد ازاں پرندے کو اسی طرح سالم حالت میں تیز آگ پر فرائی کیا جاتا ہے۔

    اسے کھاتے ہوئے سر ڈھانپنے کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے تاکہ آپ اس ڈش کی خوشبو سے بھی لطف اندوز ہوسکیں۔

    تاہم بعض افراد کا یہ بھی ماننا ہے کہ سر ڈھانپنے کی وجہ دراصل اسے کھاتے ہوئے خدا سے چھپنا ہے جو اتنے خوبصورت پرندے کے قتل پر غصے میں بھی آسکتا ہے۔

  • کھانے کے فوری بعد نہانے کے طبی نقصانات

    کھانے کے فوری بعد نہانے کے طبی نقصانات

    اکثر اوقات ہم اپنی زندگی میں ایسی عادتوں پر عمل پیرا ہوتے ہیں جن کے بارے میں ہمیں علم نہیں ہوتا کہ وہ ہمارے لیے نقصان دہ ہیں۔ ایسی ہی ایک عادت کھانا کھانے کے فوراً بعد غسل کرنے کی ہے۔

    کھانا کھانے کے فوراً بعد غسل کرنے سے ہمارے بڑے اکثر ہمیں منع کیا کرتے ہیں، طبی سائنس نے بھی اسے نقصان دہ ثابت کردیا ہے۔

    ماہرین کے مطابق کھانا کھانے کے فوراً بعد نہانا ہاضمے میں مشکل پیدا کرسکتا ہے۔

    دراصل جب ہم کھانا کھاتے ہیں تو معدے کے گرد دوران خون کی گردش بڑھ جاتی ہے جس سے کھانا آسانی سے ہضم ہوجاتا ہے۔ لیکن اگر ہم کھانا کھانے کے فوراً بعد نہانے چلے جائیں گے تو خون کی روانی صرف معدے کے بجائے پورے جسم میں تیز ہوجائے گی اور یوں ہاضمے کا عمل رک جائے گا۔

    نہانے کے بعد ہمارے جسم کا درجہ حرارت بھی کم ہوجاتا ہے اور جب یہ درجہ حرارت اپنے معمول پر واپس آتا ہے تو ہاضمے کا عمل دوبارہ شروع کرنے کے لیے جسمانی اعضا خصوصاً دل کو خون پمپ کرنے کے لیے اضافی کام کرنا پڑتا ہے۔

    ہاضمے کا عمل رک جانے یا سست پڑجانے سے طبیعت میں بوجھل پن پیدا ہوسکتا ہے جبکہ تیزابیت بھی ہوسکتی ہے۔

    اس تمام عمل سے بچنے کے لیے ماہرین کی تجویز یہی ہے کہ کھانا کھانے کے بعد نہانے کے بجائے، نہانے کے بعد کھانا کھایا جائے جب جسم ہلکا پھلکا ہوتا ہے اور طبیعت تازہ دم ہوتی ہے۔

  • کھانا پکانے کی ویڈیوز دیکھنے کا نقصان جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    کھانا پکانے کی ویڈیوز دیکھنے کا نقصان جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    سماجی رابطے کی مختلف سائٹس پر مزیدار کھانا پکانے کی اشتہا انگیز ویڈیوز دیکھنا یا کوکنگ شوز سے لطف اندوز ہونا ایک عام بات ہے اور ہم میں سے ہر شخص شوق سے ایسی ویڈیوز دیکھتا ہے، تاہم اب ایسی ویڈیوز دیکھنے کا نقصان سامنے آگیا۔

    حال ہی میں انگلینڈ میں کی جانے والی ایک تحقیق سے علم ہوا کہ کھانا پکانے کی ویڈیوز دیکھنے سے اشتہا میں اضافہ ہوتا ہے اور ہم زیادہ کھاتے ہیں جس کا نتیجہ موٹاپے کی صورت میں نکلتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق اس سے فرق نہیں پڑتا کہ ان ویڈیوز سے کچھ سیکھ کر ہم کچھ پکاتے ہیں یا نہیں، لیکن مجموعی طور پر ہم زیادہ کھانے کی طرف راغب ہوتے ہیں۔

    اس تحقیق کے لیے مختلف افراد کے 3 گروپ بنائے گئے، ایک گروپ کو چیز ریپ (ڈش) بنانے کی ویڈیو دیکھنے کے لیے کہا گیا، دوسرے گروپ کو وہی ڈش بنانے کے لیے کہا گیا، تیسرے گروپ کو ان کی روزمرہ کی روٹین کے بعد وہی ڈش کھانے کے لیے کہا گیا۔

    تینوں گروپس نے جب یکساں ڈش کھائی تو ماہرین نے دیکھا کہ ویڈیو دیکھنے والے افراد نے دیگر افراد کی نسبت 14 گنا زیادہ کھایا، بنانے والوں میں یہ شرح 11 فیصد رہی جبکہ سب سے کم انہوں نے کھایا جو روزمرہ کے کام کے بعد معمول کے مطابق کھانے کے لیے بیٹھے۔

    ماہرین نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ موٹاپے میں کمی کے خواہشمند افراد کھانے سے قبل اگر کوئی (کھانے سے) غیر متعلق اور توجہ بھٹکانے والا کام کریں تو ان کی اشتہا میں کمی ہوسکتی ہے۔

    ان کے مطابق کھانا بناتے ہوئے کئی حسیں کام کرتی ہیں جیسے سونگھنے، چکھنے، اور دیکھنے کی حس، جو جسم کو کھانے کے لیے تیار کردیتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ کھانا پکانے والے افراد بھی زیادہ کھاتے ہیں۔

    ماہرین نے یہ مشورہ بھی دیا کہ کھانا پکانے کی ویڈیوز دیکھنے کے شوقین افراد اگر جنک فوڈ کے بجائے صحت مند کھانا بنانے کی ویڈیوز دیکھیں، جیسے کم تیل والے کھانے اور سبزیاں پکانے کی ویڈیوز، تو یہ بھی ان کی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہیں۔

  • مالک نے اپنے پالتو کتوں کو سخت امتحان میں ڈال دیا

    مالک نے اپنے پالتو کتوں کو سخت امتحان میں ڈال دیا

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک خوبصورت ویڈیو نے صارفین کا دل موہ لیا جس میں 2 کتے اشتہا انگیز کھانے کے سامنے صبر کا دامن تھامے بیٹھے ہیں۔

    ویڈیو میں 2 نہایت خوبصورت کتے موجود ہیں جن میں سے ایک سائبیرین ہسکی ہے، کتوں کا مالک دونوں کے سامنے نہایت لذیذ اور اشتہا انگیز چکن پیس رکھتا ہے جسے دیکھ کر دونوں بے چین ہوجاتے ہیں۔

    اس کے بعد وہ ان سے کہتا ہے کہ اس سے دور رہنا، میں تھوڑی دیر میں واپس آتا ہوں، اور کمرے سے باہر چلا جاتا ہے۔

    کمرے میں دونوں کتے اشتہا انگیز کھانے کے ساتھ اکیلے رہ جاتے ہیں اور یہاں سے ان کے صبر کا امتحان شروع ہوتا ہے۔

    سنہری کتا خود پر ضبط کر کے مالک کا انتظار کر رہا ہے، اس دوران اس کی کوشش ہے کہ وہ کھانے کو دیکھے بھی نہیں، لیکن ہسکی کی حالت بری ہے، وہ بے قراری سے کھانے کے ارد گرد چکر لگا رہا ہے۔

    ہسکی کے منہ میں پانی بھی آرہا ہے جبکہ وہ وہ بار بار کمرے سے باہر جا کر مالک کو دیکھ رہا ہے کہ وہ کب واپس آئے گا۔

    بالآخر اس کے ضبط کا پیمانہ چھوٹ جاتا ہے اور وہ چکن پیس کو کھانا شروع کردیتا ہے، سنہری کتا ابھی بھی فرمانبرداری سے اپنے مالک کا انتظار کر رہا ہے۔

    آخر کار مالک واپس آتا ہے اور دونوں کو چکن پیس کھلانا شروع کرتا ہے جسے دونوں نہایت بے قراری سے کھاتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو بے حد پسند کیا جارہا ہے اور صارفین دونوں معصوم اور پیارے کتوں کے لیے اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • کرونا وائرس: پی آئی اے کی اندرون ملک پروازوں میں کھانا فراہم کرنے کی سروس بند

    کرونا وائرس: پی آئی اے کی اندرون ملک پروازوں میں کھانا فراہم کرنے کی سروس بند

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اندرون ملک اپنی پروازوں میں کھانا فراہم کرنے کی سروس بند کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک کی ہدایت پر احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اندرون ملک پروازوں میں کھانا فراہم کرنے کی سروس بند کردی گئی۔

    پی آئی اے کے جی ایم فلائٹ سروسز نے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں اور تمام فضائی عملے کو ہدایت جاری کردی گئی جس کے تحت پی آئی اے کی کسی بھی ڈومیسٹک فلائٹ پر مسافروں کو دوران پرواز کھانا فراہم نہیں کیا جائے گا۔

    حفاظتی اقدامات کے تحت اخباروں کے استعمال پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، دوران پرواز مسافروں کو صرف پانی فراہم کیا جائے گا۔

    ترجمان کے مطابق پی آئی اے مسافروں اور عملے کی صحت اور حفاظت کے لیے عالمی اصولوں پر کاربند ہے۔ پی آئی اے کی اندرون ملک پروازوں کی روانگی سے قبل جراثیم کش کیمیکل کی مدد سے جہازوں کی صفائی اور انہیں ڈس انفیکٹ بھی کیا جارہا ہے۔

    علاوہ ازیں مسافروں کو مکمل سینی ٹائز کر کے جہازوں میں سوار کیا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب پی آئی اے کے بعد نجی ایئر لائن ایئر بلو اور سیرین ایئر نے بھی اپنی اندرون ملک تمام پروازوں میں مسافروں کو کھانے کی فراہمی مکمل طور پر بند کردی ہے۔

    نجی ایئر لائن بھی مسافروں کو اخبار فراہم نہیں کریں گی۔

  • وزیراعظم کی ڈاکٹر یاسمین راشد کو نوازشریف کی رپورٹس منگوانے کی ہدایت

    وزیراعظم کی ڈاکٹر یاسمین راشد کو نوازشریف کی رپورٹس منگوانے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو نوازشریف کی رپورٹس منگوانے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نوازشریف کی ہوٹل میں کھانا کھانے کی تصویر کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کو نوازشریف کی رپورٹس منگوانے کی ہدایت کر دی۔

    ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ یاسمین راشد نے نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان سے رابطہ کرلیا۔ یاسمین راشد نےسوشل میڈیا پروائرل تصویر پرمیڈیکل رپورٹس بھجوانے کا کہا۔

    ترجمان محکمہ صحت کے مطابق ہوم ڈیپارٹمنٹ نے نواز شریف کے وکیل کو تازہ رپورٹس بھجوانے کا مراسلہ لکھ دیا ہے۔

    نواز شریف کی لندن کے مہنگے ترین ریستوران میں ناشتے کی تصویر وائرل

    واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی لندن میں ریستوران میں ناشتے کی تصویرسوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، تصویر میں نوازشریف کے صاحبزادوں حسن ،حسین نواز سمیت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار مہنگے ترین ریستوران میں ناشتہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    فیملی ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کی ہدایت پر نوازشریف چہل قدمی کے لیے اہل خانہ کے ہمراہ باہر گئے تھے۔