Tag: کھانے

  • ہمارے روزمرہ کھانوں کا حصہ بننے والی یہ سبزی کینسر سے بچا سکتی ہے

    ہمارے روزمرہ کھانوں کا حصہ بننے والی یہ سبزی کینسر سے بچا سکتی ہے

    ہمارے روزمرہ کھانوں کا لازمی جز پیاز اپنے اندر شمار فوائد رکھتی ہے، ایک تحقیق کے مطابق پیاز کینسر سے تحفظ میں بھی معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

    پیاز نہ صرف کھانوں کا ذائقہ بڑھاتی ہے بلکہ اس کے اندر کئی ایسے اجزا پائے جاتے ہیں جو بہت سے امراض کے علاج میں بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔

    کم کیلوریز لیے اس حیرت انگیز سبزی میں پوٹاشیئم، وٹامن بی 6 اور سی کی کثیر مقدار کے ساتھ دیگر وٹامنز اور منرلز وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔

    ایک تحقیق کے مطابق پیاز کے جہاں بے شمار فائدے ہیں وہیں یہ کینسر سے بھی تحفظ فراہم کرسکتی ہے۔

    تحقیق میں کہا گیا کہ گہرے رنگ کی پیاز کئی طرح کے کینسر کے خلیات کو کم کرنے میں سب سے زیادہ مؤثر ہے۔

    اس کی وجہ پیاز میں موجود اینتھو سائنین نامی ایک اینٹی آکسیڈنٹ ہے، ساتھ ہی اس میں ایسے مرکبات بھی پائے جاتے ہیں جو ٹیومر کو روکنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

    علاوہ ازیں پیاز کا روزانہ استعمال دل کی صحت کے لیے بھی مفید ہے جبکہ یہ قوت مدافعت میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

  • بھارت میں چیونگم نہ کھانے پر شوہر کی بیوی کو ایک ساتھ 3 طلاقیں

    بھارت میں چیونگم نہ کھانے پر شوہر کی بیوی کو ایک ساتھ 3 طلاقیں

    نئی دہلی : بھارت شہر لکھنؤ میں شوہر نے چیونگم نہ کھانے پر بیوی کو ایک ساتھ 3 طلاق دے دیں، بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ راشد کے خلاف مسلم وومن پروٹیکشن رائٹس آن میرج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کی سول عدالت میں میاں، بیوی موجود تھے، جہاں راشد نے اپنے بیوی سیمی کو چیونگم پیش کی لیکن خاتون نے لینے سے انکار کردیا،اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ راشد کی اہلیہ سیمی نے سسرالیوں کے خلاف جہیز کے نام پر ہراساں کرنے کا مقدمہ دائر کیا تھا، جس کی سماعت کے لیے دونوں عدالت کے احاطے میں موجود تھے۔

    پولیس نے بتایا کہ سماعت سے قبل راشد کی اہلیہ اپنے وکیل سے بات کررہی تھی کہ اس دوران راشد نے سیمی کو چیونگم پیش کی لیکن اس نے قبول کرنے سے انکار کردیا، اہلیہ کے انکار پر راشد کو غصہ آیا اور اس نے سیمی کے وکیل کے سامنے ہی ایک ساتھ 3 طلاق دے دیں۔

    واضح رہے کہ بھارت میں ایک ساتھ تین طلاق قابل سزا جرم ہے۔

    ایس ایچ او پانڈے نے بتایا کہ سیمی کی راشد سے 2004 میں شادی ہوئی تھی بعدازاں سسرال والوں کی جانب سے جہیز کے معاملے پر ہراساں کرنے پر سیمی نے مقدمہ درج کروا دیا تھا۔

    پولیس کے مطابق راشد کے خلاف مسلم وومن (پروٹیکشن رائٹس آن میرج) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس 25 اکتوبر کو بھارت میں ایک ساتھ 3 طلاق دینے پر پہلی گرفتاری عمل میں آئی تھی،اترپردیش میں پولیس نے بیوی کو بیک وقت تین طلاق دینے پر شوہر کو گرفتار کرلیا تھا۔

    واضح رہے کہ 30 جولائی کو بھارت میں لوک سبھا (ایوانِ زیریں) کے بعد راجیا سبھا (ایوان بالا) سے بھی ایک ساتھ تین طلاق کو قابل سزا جرم قرار دینے کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا تھا۔

    جس پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی مسلم ویمن (پروٹیکشن رائٹس آن میریج) بل منظور ہونے پر مسرت کا اظہار کیا،بل کے تحت ایک ساتھ تین طلاق دینے والے شخص کو 3 سال کی سزا ہے۔

    بھارت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس نے کہا تھا کہ اگر ان کی جماعت انتخابات میں کامیاب ہوگئی تو وہ وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے جاری کردہ اس حکم نامے کو ختم کردے گی، جس میں ایک ساتھ 3 طلاق دینے پر مسلمان مردوں کو جیل بھیجنے کا کہا گیا تھا۔

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے یہ کام ضروری ہے لیکن کانگریس کا کہنا تھا کہ اس کے تحت مسلمان مردوں کو غیر منصفانہ طور پر سزا دی جائے گی۔

  • بیوی کھانے میں صرف لڈو دیتی ہے، شوہر کی عدالت میں فریاد

    بیوی کھانے میں صرف لڈو دیتی ہے، شوہر کی عدالت میں فریاد

    نئی دہلی : میری بیوی کھانے میں صرف لڈو دیتی ہے مجھے طلاق چاہیے، بھارتی عدالت نے شوہر کی درخواست پر اہلیہ کو عدالت میں طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر میرٹھ کاایک شہری فریاد لیکر عدالت پہنچ گیا ہے جہاں اس نے اپیل کی ہے کہ اسے طلاق چاہیے کیوں کہ اس کی بیوی اسے کھانے میں صرف لڈو ہی دیتی ہے۔

    شہری نے فیملی کورٹ میں روتے ہوئے بتایاکہ اس کی بیوی صبح کے ناشتے میں چار لڈو اورشام کے کھانے میں چار لڈودیتی ہے،ان دونوں اوقات کے دوران دس گھنٹے کا وقفہ ہوتا ہے اوراسے اورکوئی بھی کھانے کی چیز فراہم نہیں کی جاتی ۔

    شہری نے عدالت کو بتایا کہ میری خرابی صحت کے باعث میری اہلیہ ایک تانترک کے پاس چلی گئی تھی جس نے اسے کہا کہ مجھے کھانے میں صبح و شام صرف لڈو کھلاؤ۔شوہر کا کہنا تھا کہ ہماری شادی کو دس برس ہوچکے ہیں اور ہمارے تین بچے بھی ہیں۔

    فیملی کونسلنگ کے حکام کا کہنا تھا کہ ہم جوڑے کی علیحدگی روکنے کےلیے دونوں میں صلح کروانے کی کوشش کریں گے تاہم مذکورہ خاتون کو سمجھانا بہت مشکل ہے کیونکہ اسے پختہ یقین ہے کہ اس کے شوہر کا علاج صبح و شام چار لڈو کھانے میں ہی ہے۔

    شوہر کی فریاد سن کر فیملی کورٹ کے جج بھی حیران وپریشان ہوگئے کہ آخرماجرا کیا ہے تاہم فوری علیحدگی کروانے سے پہلے جج نے شہری کی اہلیہ کو بھی جواب داخل کرانے کے لیے عدالت طلب کر لیا ہے اورمزید سماعت کے لیے کارروائی دوہفتے کے لیے روک دی گئی ہے ۔

  • ایئر کینیڈا کے طیارے کے ہوا میں ہچکولے کھانے سے درجنوں مسافر زخمی

    ایئر کینیڈا کے طیارے کے ہوا میں ہچکولے کھانے سے درجنوں مسافر زخمی

    ہوائی : کینیڈا سے سڈنی جانے والےطیارے میں موسم کی خرابی کے باعث فضا میں ہچکولے کھانے سے 35 مسافر زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایئر کینیڈا کے طیارے کو موسم کی خرابی کے باعث ہوائی کے ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تاہم اس دوران طیارے کے فضا میں ہچکولے کھانے اور زوردار جھٹکے لگنے کے باعث 35 مسافر زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ طیارے کے فضا میں تیزی سے اوپر اور نیچے جاتے ہوئے مسافروں کے سر اور گردن چھت سے ٹکرائے جس کی وجہ سے مسافروں کو چوٹیں آئیں جنہیں امریکی ریاست ہوائی ایئرپورٹ پر طبی امداد فراہم کردی گئی جبکہ 9 مسافروں کو اسپتال لے جانا پڑا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ  ایئر کینیڈا کے بوئنگ 777 طیارے میں 269 مسافر اور عملے کے 15 ارکان سوار تھے، موسم کی صورت حال درست ہونے پر طیارے کو پرواز کی اجازت دے دی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حادثے کے وقت طیارہ 36 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کررہا تھا۔

    ایئر کینیڈا کے ترجمان کا کہناتھا کہ طیارہ ریاست ہوائی کے دارالحکومت ہونولولو سے تقریباً 600 میل جنوب مغرب میں پرواز کررہا تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ حادثے کے وقت ہماری پہلی ترجیح طیارے، مسافر اور عملے کی حفاظت تھی، ہونولولو ایئرپورٹ پر طبی امداد فراہم کرنے والا عملہ حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کےلیے تیار تھا۔

  • سال بھر سے زائد المعیاد غذا کھانے والا امریکی شہری

    سال بھر سے زائد المعیاد غذا کھانے والا امریکی شہری

    واشنگٹن : امریکی شہری نے مہینوں پرانی غذائیں کھاکر اپنی کیفیات اور تجربے پر بلاگ تحریر کردیا، پہلی مرتبہ اسکاٹناش نامی شہری نے چھ ماہ پرانا دہی کھایا تھا جس کا ذائقہ تبدیل ہوچکا تھا البتہ اسکاٹ کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق عام طور پر لوگ بازار یا دکان سے کوئی خریدتے ہیں تو پہلے اس کی ایکسپائری ڈیٹ یعنی زائد المعیاد ہونے کی چیزیں دیکھتے ہیں کیونکہ ذہنوں میں یہ بات ثبت ہے کہ زائدالمعیاد چیزیں کھانے سے انسان کو کوئی نقصان یا طبی امراض لاحق ہوجاتے ہیں لیکن ریاست میری لینڈ کے رہائشی اسکاٹناش نے ان باتوں کو غلط ثابت کردیا۔

    اسکاٹناش نےجو خود ایک ماحولیات اور معروف فوڈ اسٹور کے مالک ہیں کاکہناتھا کہ بعض اشیاء ایسی ہوتی ہیں جن پر ایکسپائری ڈیٹ لکھنے کی ضرورت ہی نہیں ہوتی جیسے شہد، نمک وغیرہ۔۔۔۔

    ان کا کہنا تھا کہ نمک ایسی شے ہے جو خود کروڑوں برس قدیم ہے پھر کوئی کیسے اس کے ایکسپائر ہونے کی تاریخ طے کرسکتا ہے؟

    انہوں نے بتایا کہ کمپنیاں و فوڈ اسٹور اشیاء پر ایکسپائری ڈیٹ اس لیے لکھتے ہیں تاکہ صارفین انہیں جلدی جلدی تلف کریں اور اسٹورسے نئی چیزیں خریدیں جس سے کمپنیوں کو فائدہ ہو اور مسلسل منافے میں اضافہ ہوتا رہے۔

    اسکاٹ کا کہنا تھا کہ رنگ،بو، ذائقہ تبدیل ہوجائے تو اشیاء کو پھینک دیا جاتا ہے لیکن بہت سے ایسے افراد بھی ہیں جو کھانوں کی مقررہ تاریخ ختم ہونے کے بعد ضائع کردیتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اسکاٹناش خود پر کیے گئے تجربے کے دوران گوشت کی معیاد ختم ہونے کے ایک ہفتہ بعد، چھ ماہ پرانا دہی ، 1 سال پرانی روٹیاں کھاچکے ہیں اور اپنے اہل خانہ کو بھی کھلا چکے ہیں جبکہ ایکسپائری ڈیڈ ختم ہونے کے بعد کریم کا استعمال بھی کرچکے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی شہری تجربے کےلیے ایسا زائد المعیاد مکھن بھی کھا چکا ہے جس پر پھپھوند آچکی تھی تاہم اسکاٹ کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔

    امریکی شہری کا کہنا تھا کہ اشیاء پر ایکسپائری تاریخ لکھنے کا رواج ختم ہوناچاہیے یا پھر اس کا مقصد بیان ہونا چاہیے اور اشیاء پر (Best if Use by) یا پھر (Used By) لکھا ہونا چاہیے۔

    اسکاٹ کا کہنا تھا کہ میرا بلاگ تحریر کرنے کا مقصد ہرگز یہ نہیں ہے کہ آپ زائد المعیاد اشیاء کا استعما ل شروع کردیں۔

  • برطانوی دور کا جیل مینو تبدیل، اب کھانے میں‌ مزے مزے کے پکوان ملیں گے

    برطانوی دور کا جیل مینو تبدیل، اب کھانے میں‌ مزے مزے کے پکوان ملیں گے

    ڈھاکا : 19 ویں صدی میں برطانوی سامراج کی جیلوں میں قیدیوں کو روٹی کے ساتھ گُڑ دیا جاتا تھا، نئے مینیو میں روٹی کے ساتھ سبزی، پھل، مٹھائیاں اور دال میں پکے چاول دیئے جائیں گے۔

    تفصیلا ت کے مطابق بنگلہ دیش کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کو ٹھونسے جانے پر ڈھاکہ حکومت کو عالمی سطح پر تنقید کا سامنا رہتا ہے، لیکن حال ہی میں بنگالی حکومت نے گزشتہ 200 سال سے قیدیوں کو دیا جانے والا ناشتہ تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بنگلادیش کی جیلوں میں گزشتہ 200 سالوں قیدیوں کو ایک ہی طرح کا ناشتہ دیا جارہا تھا جو برطانوی سامراج نے رائج کیا تھا۔

    بنگلہ دیش میں جیل امور کے ڈپٹی ڈائریکٹر بزلور رشید نے کہا ہے کہ ملک کی تمام جیلوں میں قیدیوں کی تعداد 81 ہزار ہے، ان کے ناشتے کا مینیو تبدیل کردیا گیا، نئے ناشتے میں متنوع اشیاء کا اضافہ کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 19 ویں صدی میں برطانوی سامراج کی جیلوں میں قیدیوں کو روٹی کے ساتھ گُڑ دیا جاتا تھا، اس کے سوا قیدیوں کو اور کوئی چیز میسر نہیں تھی۔ بنگالی حکومت بھی دو سو سال تک اسی پر عمل پیرا رہی ہے اور اب اس نے قیدیوں کے ناشتے میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے مینیو میں روٹی کے ساتھ سبزی، پھل، مٹھائیاں اور دال میں پکے چاول دیئے جائیں گے، ماضی میں قیدیوں کو 116 گرام روٹی اور 14 اعشاریہ 5 گرام گڑ دیا جاتا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کو ڈالنے پر انسانی حقوق کی تنظیمیں ڈھاکا پر شدید تنقید کرتی رہتی ہیں، بنگالی جیلوں میں 35 ہزار سے زاید افراد کو رکھنے کی گنجائش نہیں مگر وہاں پر بعض اوقات 60 سے 80 ہزار تک قیدیوں کو ٹھونس دیا جاتا ہے۔

    بزلور رشید کا کہنا ہے کہ قیدیوں کے ناشتے کے ’مینیو‘ میں تبدیلی جیل خانوں اور قیدیوں کے حوالے سے اصلاحات کے عمل کا حصہ ہے۔

  • برطانوی ہسپتال میں زہریلا سینڈوچ کھانے سے 3 افراد ہلاک

    برطانوی ہسپتال میں زہریلا سینڈوچ کھانے سے 3 افراد ہلاک

    لندن : پبلک ہیلتھ انگلینڈ نے زہر کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غذائی زہریت ایسے آلودہ سینڈوچ کھانے کے سبب ہوئی جو ہسپتالوں میں فراہم کیے جاتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شمالی حصے کے ایک ہسپتال میں غذائی زہریت کے سبب تین افراد ہلاک ہو گئے جبکہ تین دیگر کی حالت نازک ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں اارے کے مطابق ایک بیان میں پبلک ہیلتھ انگلینڈ نے بتایا کہ خیال ہے کہ یہ غذائی زہریت ایسے آلودہ سینڈوچ کھانے کے سبب ہوئی جو ہسپتالوں میں فراہم کیے جاتے ہیں۔

    پبلک ہیلتھ کے اس ادارے کے مطابق یہ ہلاکتیں لسٹیریا نامی بیماری کے سبب ہوئیں، جو آلودہ یا زہریلی ہو چکی خوراک سے پیدا ہوتی ہے۔ حکام کے مطابق سینڈوچ فراہم کرنے والی کمپنی نے ان کی تیاری روک دی ہے۔

    مانچسٹر یونیورسٹی این ایچ ایس فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم متاثرہ خانوادہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا اور سنجیدگی سے ان دو افراد کی جان بچانے کی کوشش کررہے ہیں جو لسٹیریا سے متاثر ہوا ہے۔

    این سی ایم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فوڈ چین ماحولیاتی صحت اور کھانوں کے معیار برقرار پرکھنے والے ایجنسی (فوڈ اسٹینڈرڈ ایجنسی) مشترکا طور پر معاملے کی تحقیقات ررہی ہیں۔

  • زندہ آکٹوپس کھانے والی خاتون کو آکٹوپس نے جکڑ لیا

    زندہ آکٹوپس کھانے والی خاتون کو آکٹوپس نے جکڑ لیا

    بیجنگ : زندہ آکٹوپس کھانے کی کوشش کرنے والی خاتون خود مشکل کا شکار ہوگئی، سمندری مخلوق حملہ کرکے خاتون  کے چہرے کو جکڑ لیا۔

    سمندر میں رہنے والا آکٹوپس جسے 8 ٹانگیں ہونے کی وجہ سے ہشتت پا بھی کہا جاتا ہے بظاہر تو بے ضرر سی مخلوق معلوم ہوتی ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اگر کوئی بات اس جانور کو ناپسند ہو تو یہ کتنا خطرناک ہوجاتا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سایٹ پر چینی خاتون بلاگر کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آن لائن ویڈیو کے دوران زندہ آکٹوپس کھانے کا ارادہ رکھنے والی خاتون پر آکٹوپس نے کیسے حملہ کیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ شروع میں خاتون اپنے مداحوں سے کہہ رہی تھی کہ ’دیکھو کتنی قوت سے جکڑ ا ہوا ہے‘ اور اپنے اوپری ہونٹ سے آکٹوپس کو ہٹانے کی کوشش کررہی ہے۔

    تاہم درد کی شدت کے باعث خاتون بلاگر یہ کہتے ہوئے رونے لگی ’میں اسے نہیں ہٹا پارہی ہوں‘۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کچھ دیر جدوجہد کے بعد خاتون آکٹوپس کو چہرے سے ہٹانے سے میں کامیاب تو ہوگئی لیکن چہرے سے سمندری مخلوق کے کاٹنے کے باعث خون بہہ رہا تھا۔

    خاتون نے روتے ہوئے کہا کہ ’میرا چہرہ خراب ہوگیا‘ آخر میں خاتون نے چیختے ہوئے کہا کہ ’اگلی ویڈیو میں ضرور کھاؤں گی‘۔

    خیال رہے کہ اب سے 40 کروڑ سال قبل وجود میں آنے والا یہ جانور زمین کے اولین ذہین جانوروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ یعنی جس وقت یہ زمین پر موجود تھا، اس وقت ذہانت میں اس کے ہم پلہ دوسرا اور کوئی جانور موجود نہیں تھا۔

    آکٹوپس میں ایک خاصا بڑا دماغ پایا جاتا ہے جس میں نصف ارب دماغی خلیات (نیورونز) موجود ہوتے ہیں اور انسانوں کی نسبت 10 ہزار گنا زائد جینز موجود ہوتے ہیں جنیہیں یہ مخلوق اپنے مطابق تبدیل کرسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ آکٹوپس موقع کے حساب سے اپنے آپ کو ڈھالنے کی شاندار صلاحیت رکھتا ہے، یہ نہ صرف رنگ بدل سکتا ہے بلکہ اپنی جلد کی بناوٹ تبدیل کرکے ایسی شکلیں اختیار کر لیتا ہے کہ دشمن یا شکار نزدیک ہونے کے باوجود بھی دھوکہ کھا جاتا ہے۔

  • کھانے میں مرغی کیوں نہیں لائے؟ بیوی نے شوہر کو قتل کردیا

    کھانے میں مرغی کیوں نہیں لائے؟ بیوی نے شوہر کو قتل کردیا

    بیجنگ : چین میں ایک خاتون نے کھانے کےلیے مرغی کی رانیں نہ لانے پر مبینہ طور پر اپنے شوہر کو چاقو کے وار کرکے قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے مشرقی شہر لوئیجنگ گزشتہ ماہ یہ افسوس ناک و حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں ایک بیوی نے شوہر کو چاقو کے وار کرکے اس وقت موت کے گھاٹ اتار دیا جب وہ مرغی کی رانیں لیے بغیر گھر لوٹا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مقتول کی زوجہ لاؤ کو پولیس نے دو بچوں کے باپ کو بلیڈ سے قتل کرنے الزام میں گرفتار کررکھا ہے۔

    مقتول شاوؤچنز کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ اس کی اہلیہ کمزور اعصاب کی مالک ہے جو بات بات بہت زیادہ غصّہ ہوجاتی ہے، ملزمہ کا رویہ شادی کے بعد سے ایسا ہی تھا۔

    ملزمہ کے عزیز نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ’لاؤ نے اپنے شوہر کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا لیکن شاوؤچنز نے کوئی مزاحمت نہیں کی‘۔

    متاثرہ شخص کے پڑوسی کا کہنا تھا کہ مذکورہ جوڑا جن کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی تھی کے گھر سے روزانہ بحث و شور شرابے کی آوازیں آتی تھیں۔

    مقتول کی والدہ نے میڈیا کو بتایا کہ میرے بہو نے شوہر سے مرغی کی رانیں لانے کی درخواست کی تھی تاکہ رات کے کھانے میں پکائی جاسکیں لیکن وہ لانا بھول گیا، جس وقت بہو نے بیٹے پر حملہ کیا میں حمام میں تھی جب باہر آئی تو دیکھا میرا پوتا چلّاتا ہوا بھاگ رہا ہے اور میرا بیٹا زمین پر خون میں لت پت پڑا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شاوؤچنز کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ لوئیجنگ پولیس نے یہ کہتے ہوئے واقعے کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا کہ ابھی قتل کی تحقیقات جاری ہے۔

  • دنیا بھر میں مقبول لذیذ ترکش پلاؤ کھانا چاہیں گے؟

    دنیا بھر میں مقبول لذیذ ترکش پلاؤ کھانا چاہیں گے؟

    مشرق و مغرب کی سنگم پر واقعہ ملک ترکی کے کھانے بھی دونوں خطوں میں کھائے اور پسند کیے جاتے ہیں۔ ترکی کی مشہور مٹھائی بکلاوا سمیت بے شمار ترک کھانے دنیا بھر میں مقبول ہیں۔

    یہ کھانے مشرق اور مغرب دونوں انداز طعام کا امتزاج ہوتے ہیں۔ آج ہم آپ کو ایسی ہی مزیدار ترک ڈش کی ترکیب بتانے جارہے ہیں۔

    ترکش پلاؤ جسے ترکی میں پلاف کہا جاتا ہے، بنانے کے لیے آپ کو مندرجہ ذیل اجزا درکار ہوں گے۔

    اجزا

    سوئٹ کارن: آدھا کپ

    لہسن: حسب ضرورت

    کالی مرچ: 1 چائے کا چمچ

    کریم: 1 کھانے کا چمچ

    دار چینی پاؤڈر: ایک چوتھائی چائے کا چمچ

    سخت بریڈ: سرونگ کے لیے

    اورنج شملہ مرچ: 1 عدد

    پیلی شملہ مرچ: 1 عدد

    ہری شملہ مرچ: 1 عدد

    کلونجی: چٹکی بھر

    ابلے مٹن چاپس: آدھا کلو

    نمک: حسب ذوق

    تیل: ایک چوتھائی کپ

    ابلے چاول: 2 کپ

    ٹماٹر کا پیسٹ: آدھا کپ

    مکھن: 1 چائے کا چمچ

    ترکیب

    سب سے پہلے پین میں تیل میں کٹی پیاز کو فرائی کرلیں۔

    پھر اس میں بیف بوٹی، کلونجی، لہسن، کالی مرچ، نمک، دار چینی پاؤڈر، ٹماٹر کا پیسٹ اور سوئٹ کارن شامل کر کے مزید فرائی کریں۔

    تھوڑا سا مکھن اور کریم بھی شامل کردیں۔

    اب ایک کڑاہی میں ابلے چاول، سوئٹ کارن اور دار چینی کا پاؤڈر ڈال کر دم پر رکھ دیں۔

    تیار ہونے پر پلیٹر میں نکال لیں۔

    اب پیلی، اورنج اور ہری شملہ مرچ کے سلائسز کاٹ کر ان پر رکھیں۔

    تیار مٹن چاپس ڈالیں اور چاندی کے ورق سے گارنش کر کے فرائیڈ ویجی ٹیبل کے ساتھ پیش کریں۔