Tag: کھجور

  • پاکستان کھجور پیدا کرنیوالا دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن گیا

    پاکستان کھجور پیدا کرنیوالا دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن گیا

    اسلام آباد(4 اگست 2025): پاکستان کھجور پیدا کرنے والا دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے اور ملک کے چاروں صوبوں میں کھجور کے وسیع باغات موجود ہیں۔

    پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کی رپورٹ کے مطابق کھجور کی کاشت اور پیداوار کے حوالے سے ایک تحقیقی رپورٹ میں تحقیق کار نے بتایا کہ پاکستان میں سالانہ 5لاکھ ٹن کھجور پیدا ہوتی ہے۔

    ڈیٹ پام ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین اثمارنے بتایا کہ پاکستان دنیامیں کھجور پیداکرنے والا پانچواں بڑا ملک بن گیا ہے جہاں سالانہ 5 لاکھ ٹن کھجور پیدا ہوتی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کھجور کا کل پیداواری رقبہ تقریباً 82ہزار ہیکٹر ہے، ملک میں سب سے زیادہ کھجور صوبہ سندھ میں پیدا ہوتی ہے جہاں اس کی پیداوار 2 لاکھ 52 ہزار 300 ٹن ہے جبکہ بلوچستان اس سلسلہ میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں ایک لاکھ 92 ہزار  800 ٹن کھجور کی پیداہوتی ہے۔

    اسی طرح صوبہ پنجاب میں 42 ہزار 600 ٹن کھجور پیدا ہوتی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں کھجور کی پیداوار 8 ہزار 900 ٹن ہے۔

    ماہرین اثمارنے مزید بتایا کہ پاکستان میں 150سے زائد اقسام کی کھجور پائی جاتی ہے جبکہ صرف مکران ڈویژن میں 130سے زائد کھجور کی ورائٹیز ہیں، پاکستان میں کھجور کی شاندار پیداوار کے باوجود اس کی برآمدات بہت کم ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اس وقت کھجور مختلف ممالک کی 23 مارکیٹوں میں برآمد کی جارہی ہے جن میں بھارت، امریکا، کینیڈا، برطانیہ، جرمنی اور نیپال شامل ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ بھارت پاکستانی کھجور کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ہے، انہوں نے کہا کہ اگر کھجور کی برآمدات میں اضافہ کر لیا جائے تو اس سے نہ صرف نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی بڑھا کر قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے بلکہ برآمدات بڑھنے سے ملک میں معاشی استحکام بھی پیداہوگا۔

  • رمضان سے قبل کھجور کی قیمت میں اضافہ

    رمضان سے قبل کھجور کی قیمت میں اضافہ

    ماہ رمضان سے قبل ہی رمضان کی سوغات کھجور کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

    رمضان میں کھجور کا استعمال بڑھ جاتا ہے لیکن مہنگائی کے اثرات باقی اشیا کی طرح کھجور پر بھی ہوئے ہیں، کھجور کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستانی کھجور کے دام 400 روپے فی کلو سے بڑھ گئے جبکہ ایرانی کھجور 800 روپے اور سعودی کھجور عجوہ 3 ہزار روپے فی کلو تک فروخت کی جارہی ہے۔

    اس کے علاوہ لہسن ادرک ، پیاز ، ٹماٹرچینی اور دالوں کی قیمتوں نے عوام کے ہوش اڑا دیئے، چینی اور دالیں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہے، چینی ایک 155 ،سفید چنا تین سوساٹھ، کالا چنا دو سو اور بیسن دوسو اسی روپے فی کلو ہوگیا۔

    دنیا میں ہر جگہ رمضان سے قبل ریلیف دیا جاتا ہے لیکن ہمارے ہاں الٹا ہی حال ہے، اگر پھلوں کی بات کریں تو سیب، کینو چار سو جبکہ کیلا دوسو روپے فی درجن تک بکنے لگا۔

  • رمضان المبارک پر سعودی عرب کا پاکستان کو 100 ٹن کھجوروں کا تحفہ

    رمضان المبارک پر سعودی عرب کا پاکستان کو 100 ٹن کھجوروں کا تحفہ

    سعودی عرب کی جانب سے رمضان المبارک کی آمد سے قبل پاکستان کے عوام کو 100 ٹن کھجوروں کا تحفہ بھجوایا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کھجوروں کا تحفہ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور کنگ سلمان ہیومینٹیرین سینٹر کے ڈائریکٹر عبداللہ البقمی نے پاکستانی حکومت کی کابینہ ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈئر عبیداللہ انور کے حوالے کیا۔

    واضح رہے کہ پاکستانی عوام کے لئے کھجوروں کا یہ تحفہ سالانہ روایات کے مطابق خادم الحرمین شریفین کی ہدایات پر بھجوایا گیا ہے۔

    سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں کھجوروں کی فراہمی کنگ سلمان ریلیف سینٹر کا ایک منصوبہ ہے۔

    موسم سرما میں کھجور کے حیران کن فائدے

    انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ بھی کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے کئی منصوبے پاکستان میں امور کی انجام دہی میں مصروف عمل ہیں، جن میں فوڈ پروگرام کا اہم منصوبہ بھی شامل ہے۔

  • خیر پور: بارشوں سے کھجور کے باغات کو کروڑوں روپے کا نقصان

    خیر پور: بارشوں سے کھجور کے باغات کو کروڑوں روپے کا نقصان

    کراچی: صوبہ سندھ کے ضلع خیر پور میں حالیہ بارشوں سے کھجور کے باغات کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا، پاکستان کھجور کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع خیرپور میں حالیہ بارشوں سے کھجور کے باغات کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

    محکمہ زراعت سندھ کی ریسرچ ٹیمز سروے کرنے کے لیے ضلع خیر پور پہنچ گئیں، افسران سروے کر کے رپورٹ مشیر زراعت منظور وسان کے حوالے کریں گے۔

    منظور وسان کا کہنا ہے کہ سروے مکمل ہونے کے بعد خیر پور کے کاشت کاروں کی مدد کی جائے گی، خیر پور میں کھجور کے باغات کو کافی نقصان پہنچا ہے، حکومت سندھ ازالہ کرے گی۔

    خیال رہے کہ پاکستان کھجور کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے، خیرپور کو کھجور کی پیداوار کے حوالے سے مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

    پاکستان میں تقریباً ڈھائی لاکھ ایکڑ پر کھجور کے باغات موجود ہیں جن میں سے ایک لاکھ ایکڑ پر صرف خیر پور میں موجود ہیں۔

  • کھجور کی سوغات : سعودی عرب نے دنیا میں نمایاں مقام حاصل کرلیا

    کھجور کی سوغات : سعودی عرب نے دنیا میں نمایاں مقام حاصل کرلیا

    ریاض : سعودی عرب2021 کے دوران ایک ارب ریال سے زیادہ مالیت کی کھجوریں برآمد کرکے دنیا میں سرفہرست ہے۔

    سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی ویب سائٹ "ٹریڈ میب” نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ سعودی عرب نے 2021 کے دوران 1.215 ارب ریال مالیت کی کھجوریں برآمد کیں۔

    کھجوروں کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ حکومت تیل کے تیل کے سوا دیگر ذرائع سے آمدنی میں اضافے کی ہر اسکیم کی سرپرستی کررہی ہے۔

    اسی تناظر میں کھجوروں کی پیداوار بڑھائی جا رہی ہے اوراس کا معیار بہتر کیا جا رہا ہے۔ نخلستانوں کے مالکان کی حوصلہ افزائی بھی کی جا رہی ہے۔

    یاد رہے کہ مملکت میں کھجوروں کے شعبے کی مالیت کا حجم 7.5 ارب ریال کے لگ بھگ ہے، یہ مملکت کی کل زرعی پیداوار کا 12 فیصد ہے اور یہ تیل کے ماسوا مجموعی قومی پیداوار کا 0.4 فیصد ہے۔

    سعودی عرب میں کھجوروں کے 33 ملین درخت ہیں اور یہ دنیا بھر میں کھجوروں کے کل درختوں کا 27 فیصد ہیں۔

  • سعودی عرب: کھجوروں کی ایکسپورٹ میں اضافہ

    سعودی عرب: کھجوروں کی ایکسپورٹ میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں رواں سال کی پہلی ششماہی میں کھجوروں کی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگیا، اس سال 549 ملین ریال کی کھجوریں برآمد کی گئی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں کھجوروں کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ سال رواں 2020 کی پہلی ششماہی کے دوران کھجوروں کی برآمدات میں 8.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

    سنہ 2019 کی پہلی ششماہی کے دوران 506 ملین ریال کی کھجوریں برآمد کی گئی تھیں جبکہ اس سال 549 ملین ریال کی کھجوریں برآمد کی گئی ہیں۔

    محکمہ شماریات نے بتایا کہ سنہ 2020 کی پہلی ششماہی کے دوران کھجوروں کی برآمدات میں 9 فیصد کا اضافہ ہوا۔

    سنہ 2019 کے مقابلے میں رواں برس 1 لاکھ 21 ہزار ٹن کھجوریں برآمد کی گئیں، سنہ 2019 کی پہلی ششماہی میں 1 لاکھ 11 ہزار ٹن کھجوریں برآمد کی گئی تھیں۔

    محکمہ شماریات کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی وزارت ماحولیات، پانی و زراعت اور کھجوروں کے قومی مرکز کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں 31 ملین سے زائد کھجوروں کے درخت ہیں، ان کی بدولت سعودی عرب 15 لاکھ 39 ہزار 755 ٹن کھجوریں پیدا کررہا ہے۔ یہ دنیا بھر میں کھجوروں کی کل پیداوار کا 17 فیصد ہے۔

    سعودی عرب کھجوروں کی پیداوار کے حوالے سے پوری دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔

  • مسلمان ممالک کے ساتھ اخوت کے رشتے استوار کرنے کے لیے سعودی فرمانروا کا تحفہ

    مسلمان ممالک کے ساتھ اخوت کے رشتے استوار کرنے کے لیے سعودی فرمانروا کا تحفہ

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ماہ رمضان کے دوران اخوت و محبت کے رشتے استوار کرنے کے لیے 24 ممالک کے لیے کھجوروں کا تحفہ بھجوا دیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی طرف سے دنیا کے 24 ممالک کے لیے 200 ٹن اعلیٰ کوالٹی کی کھجوروں کا تحفہ بھیجا گیا ہے۔

    یہ تحفہ رمضان کے دوران مسلمانان عالم کے ساتھ سعودی عرب کے ساتھ اخوت و محبت کے رشتے استوار کرنے کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔

    وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے کھجوروں کا تحفہ پیر کو مملکت سے روانہ کروایا ہے۔ کھجوریں مشرقی ریجن کی الاحسا کمشنری میں واقع کھجور فیکٹری کے ہیڈ کوارٹر سے بھجوائی گئی ہیں۔

    یہ کھجوریں سعودی سفارتخانوں اور دینی اداروں کے تعاون سے تقسیم ہوں گی۔

    سیکریٹری وزرات برائے دعوتی امور ڈاکٹر محمد العقیل نے بتایا کہ شاہی ہدایت پر وزارت نئے ہجری سال کے شروع سے ہی دنیا بھر کے مسلمانوں کی اہم ضروریات پر مشتمل رپورٹ تیار کر لیتی ہے۔

    اس کے تحت 24 سے زیادہ ملکوں کو مختلف امدادی اشیا روانہ کی جاتی ہیں جبکہ رمضان میں کھجوروں کا تحفہ خود شاہ سلمان بن عبد العزیز کی جانب سے بھجوایا جاتا ہے۔

    ڈاکٹر محمد العقیل نے بتایا کہ سعودی عرب 18 سے زائد ممالک میں افطار پروگرام بھی نافذ کررہا ہے، یہ پروگرام بھی خادم حرمین شریفین کی جانب سے ہے۔

  • سعودی عرب میں کھجور کے درختوں کی تعداد 3 کروڑ 43 لاکھ تک پہنچ گئی

    سعودی عرب میں کھجور کے درختوں کی تعداد 3 کروڑ 43 لاکھ تک پہنچ گئی

    ریاض: سعودی عرب کے محکمہ زراعت کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں کھجور کے تین کروڑ 43 لاکھ درخت موجود ہیں جن سے سالانہ ایک کروڑ 43 لاکھ ٹن سے زائد کھجوریں حاصل کی جاتی ہیں۔

    عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے زرعی ادارہ برائے شماریات کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مملکت میں مجموعی طورپرکھجور کے 3 کروڑ 43 لاکھ درخت ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ  اعلیٰ معیار کی کھجوروں کے درخت کی تعداد 74 لاکھ کے قریب ہے جبکہ دوسرے نمبر پر زرد رنگ کی کھجوروں کے درخت ہیں جن کی تعداد 4 لاکھ 68 ہزار کے قریب ہے۔

    محکمہ زراعت کے مطابق جن سے گذشتہ برس ایک کروڑ 43 لاکھ ٹن خالص اور میٹھی کھجور حاصل کی گئیں۔ سروے رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں پھل دار کے درختوں کی مجموعی تعداد 25 اعشاریہ 92 ملین ہے جن میں سے  زیتون کے درختوں کی تعداد 7 کروڑ 71 لاکھ 20 ہزار کے قریب ہے۔

    سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مملکت میں بھیڑوں ، بکریوں کی تعداد اوسطاً 93 لاکھ 90 ہزار کے قریب ہے جن میں سے 57 لاکھ 70 ہزار بکریاں ہیں۔

  • مشیرتجارت عبدالرزاق کی زیرصدارت اجلاس، کھجوروں کی برآمدات سے متعلق تبادلہ خیال

    مشیرتجارت عبدالرزاق کی زیرصدارت اجلاس، کھجوروں کی برآمدات سے متعلق تبادلہ خیال

    اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کھجوروں کی برآمدات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اجلاس میں تبادلہ خیال ہوا کہ کھجور کی برامد سے متعلق نمائندہ وفد کے قیام پر اتفاق وفد بیرون ممالک کے دورے کرکے پاکستانی کھجورکی کھپت کیلئے منڈیاں تلاش کرے گا۔

    مشیر تجارت عبدالرزاق کی زیر صدارت پاکستانی کھجوروں کی برآمدات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری تجارت، سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی اور کھجور کے تاجر، اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کے نمائندے نے شرکت کی۔

    اجلاس میں سیکرٹری تجارت احمد نواز سکھیرا نے کھجوروں کی برآمدات کی موجودہ صورت حال سے آگاہ کیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ کھجور کی پیداوار کے حوالے سے پاکستان کا شمار دنیا کے دس بڑے کھجور کی پیداواری ممالک میں ہوتا ہے اجلاس میں ایک وفد کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔

    وفد نئی منڈیوں کی تلاش کے لیے بنگلادیش، سری لنکا، نیپال سمیت دیگر ممالک کا دورہ کرے گا وفد ان ممالک میں کھجور کی برآمدات کے حوالے سے منڈیاں تلاش کرے گا۔

  • سعودی سفارت خانے کا پاکستان کے لیے 80 ٹن کھجوروں کا تحفہ

    سعودی سفارت خانے کا پاکستان کے لیے 80 ٹن کھجوروں کا تحفہ

    اسلام آباد: سعودی سفارت خانے نے پاکستان کے لیے 80 ٹن کھجوروں کا تحفہ بھجوا دیا، سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا پاکستانی عوام کے ساتھ دینی رشتہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج سعودی سفارت خانے میں ورلڈ فوڈ پروگرام کی تقریب منعقد کی گئی، تقریب سے سعودی سفیر اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے ڈائریکٹر نے خطاب کیا۔

    سعودی سفیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام سے ان کا دین اور اسلام کا رشتہ ہے، سعودی عرب پاکستانی عوام کے ساتھ ہر لمحے کھڑا ہے۔

    دریں اثنا سعودی سفارت خانے کی جانب پاکستان کے لیے 80 ٹن کھجوروں کا تحفہ دیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان کی سعودی عرب میں آئل پائپ لائن پر ڈرون حملے کی مذمت

    خیال رہے کہ گزشتہ برس سعودی سفارت خانے میں منعقدہ تقریب میں سعودی حکومت کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے 150 ٹن کھجوروں کا تحفہ دیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے سعودی عرب میں آئل پائپ لائن پر ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب سے مکمل یک جہتی کا اظہار کرتا ہے، کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں۔