Tag: کھل گئے

  • ملک بھر میں 6 ماہ بعد تعلیمی ادارے کھل گئے

    ملک بھر میں 6 ماہ بعد تعلیمی ادارے کھل گئے

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے باعث چھ ماہ سے بند تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے ہیں۔پہلے مرحلے میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ ثانوی واعلیٰ ثانوی اسکول،کالج اور یونیورسٹیاں کھولی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کووڈ 19 کے باعث پاکستان میں چھ ماہ سے بند تعلیمی ادارے آج سےمرحلہ وار کھلنے کا آغاز ہوگیا۔میٹرک، انٹر اور یونیورسٹی کے طلباء کی کلاسز شروع ہوگی۔تعلیمی اداروں میں کرونا سے بچاؤ کے لیے اسپرے کیے گئے ہیں۔

    این سی او سی کے مطابق پہلے مرحلے میں نویں، دسویں اور انٹرمیڈیٹ کے طالب علموں کو اسکول اور کالج بلایا گیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں آٹھویں جماعت کے طلباء کو اسکول آنے کی اجازت ہوگی جبکہ تیسرے مرحلے میں پرائمری اسکول کے بچے اسکول جائیں گے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق ایک کلاس روم میں اگر 40 بچے پڑھتے ہیں تو ایک دن 20 بچے آئیں گے اور اگلے دن 20 بچوں کو اسکول بلایا جائے گا۔

    ایس او پیز کے مطابق بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر والدین انہیں اسکول نہ بھیجہں، طبعیت خراب ہو تو ٹیسٹ کرائیں اور اگر ٹیسٹ مثبت آئے تو اسکول انتظامیہ کو آگاہ کریں۔

    حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عمل ہو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کریں گی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے سبب رواں سال مارچ میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے تھے اور 6 ماہ کے بعد آج 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں۔

  • جدہ اور ریاض کے بعد دمام میں بھی عوام کیلئے سینما گھر کھل گئے

    جدہ اور ریاض کے بعد دمام میں بھی عوام کیلئے سینما گھر کھل گئے

    ریاض: سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے میڈیا نے مشرقی شہر دمام میں پہلے سینیما گھر کا افتتاح کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان بن عبدالعزیز کے ویژن 2030 کے تحت مشرقی گورنری کے شہر دمام میں بھی عوام کو معیاری تفریح فراہم کرنے کےلیے پہلے سینما گھر کا افتتاح کردیا گیا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی آڈیو ویژول میڈیا جنرل اتھارٹی کے سربراہ نے دمام کے لولو مال پہلے سینما کاافتتاح کیا ، اس موقع پر شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں 2019 سے 2020 کے دوران پانچ سینیما گھر کھولے جائیں گے جبکہ چھٹا سینما 2021 میں کھولا جائے گا، جن میں سے پہلا ریڈ سی مال کمپلیکس میں کھولا گیا جبکہ الاندلس مالک، اسٹار ایونیو، ابحر مال اور المسرۃ مال میں چار سینیما گھر کھولے جائیں گے۔

    جدہ کے ریڈ سٹی مال میں بنائے جانے والے وی او ایکس سینیما میں 12 اسکرینیں نصب کی گئیں جبکہ الاندلس میں 27، اسٹار ایونیو میں 9 اسکرینیں لگائیں جائیں گی، رواں سال کے آخر تک تین سینیما گھروں کا افتتاح کیا جائے گا۔

    عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق آئندہ برس ابحرل مال میں 11 اسکرینوں اور المسرۃ مال میں 6 اسرکین والے سینیما گھر قائم کیے جائیں گے۔

    العربیہ کی رپورٹ کے مطابق سینیما کا افتتاح مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے ہوا، وی او ایکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اعلان کیا کہ اُن کا گروپ آئندہ پانچ برسوں میں 600 سینیما گھر قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس کے لیے 5 ارب 33 کروڑ ڈالر کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ سعودی حکومت وژن 2030 کے تحت مسلسل روشن خیالی کی طرف گامزن ہے، اس ضمن میں خواتین کو نہ صرف خود مختار بنایا جارہا ہے بلکہ انہیں ملازمتوں کے مواقع بھی فراہم کیے جارہے ہیں۔

  • لاہور:یوم شہدا کے بعد ماڈل کےعلاوہ شہر بھر سے کنٹینرزہٹا دیئے گئے

    لاہور:یوم شہدا کے بعد ماڈل کےعلاوہ شہر بھر سے کنٹینرزہٹا دیئے گئے

    لاہور:  تین روزسے بند پٹرول پمپ اورسی این جی اسٹیشنز کھل گئے، سڑکوں سے کنٹینر ہٹا دیئے گئے،  ماڈل ٹاؤن اور اطراف میں دو روز سے معطل موبائل فون سروس بھی بحال ہوگئی ہے جبکہ ماڈل ٹاؤن کو کنٹینرز لگا کر سیل کیا ہوا ہے۔

    حکومت پنجاب نے بالآخر دو روز سے یرغمال عوام کو ریلیف فراہم کر ہی دیا اورلاہورمیں پاکستان عوامی تحریک کے یوم شہداکے بعدشہربھرسے کنٹینراوررکاوٹیں ہٹا دی گئیں، تین روزبعد پٹرول اور سی این جی پمپ کھل گئے ہیں، ایندھن ملنے پر شہریوں نےخوشی اوراطمینان کا اظہار کیا۔

    لاہور شہر کے داخلی راستوں پر لگائی گئی رکاوٹیں اور کنٹینرز بھی ہٹا دیئے گئے ہیں، جس سےعوام کو کافی حد تک ریلیف ملا ہے، ڈاکٹرطاہر القادری کی رہائش گاہ اورماڈل ٹاؤن کاعلاقہ اب بھی کنٹینرز سے سیل ہے، ماڈل ٹاؤن اور اطراف کےعلاقوں میں دو روز سے معطل موبائل فون سروس بحال کردی گئی ہے۔

    شہریوں کا شکوہ ہے کہ ہنگامہ آرائی اور مظاہروں سے بچنے کیلئے ایسا انتظام کیاجانا چاہیئے، جس سےعوام کوپریشانی نہ اٹھانی پڑے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے لاہور میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔