Tag: کھمبا

  • کراچی: کار ساز روڈ پر بل بورڈ گرنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق

    کراچی: کار ساز روڈ پر بل بورڈ گرنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق

    کراچی میں کار ساز روڈ پر بل بورڈ کا کھمبا موٹر سائیکل سوار پر گر گیا، افسوس ناک حادثے میں موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کار ساز شارع فیصل پر ایئر پورٹ جانے والے ٹریک پر بل بورڈ کا خستہ حال کھمبا موٹر سائیکل سوار خاندان پر گر گیا جس کے نتیجے میں شوہر جاں بحق، اہلیہ اور بیٹی زخمی ہوگئیں۔

    ریسکیوحکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 45 سالہ جمیل اور زخمیوں میں 40 سالہ فاطمہ اور 16 سالہ بیٹی انیسہ شامل ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    متوفی ڈرگ روڈ کینٹ بازار کا رہائشی اور3 بچوں کا باپ تھا، جس میں دو بیٹیاں اورایک بیٹا ہے اوراپنی رہائش گاہ سے کسی رشتے دار کے گھر جا رہا تھا کہ یہ حادثہ پیش آیا۔

    حادثے کے بعد شارع فیصل پر وقتی طور پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورت حال پر قابو پالیا۔

    اس سے قبل راشد منہاس روڈ پر ایک خوفناک حادثہ پیش آیا تھا جس میں خاتون اور بچی سمیت دو افراد جاں بحق اور ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی تھیں۔

    حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، خونی ڈمپر ریت سے بھرا ہوا تھا جو کار پر گرگیا، حادثے کے کافی دیر بعد بھاری بھرکم ڈمپر کو ہیوی مشینری کی مدد سے اٹھایا گیا دبی ہوئی کار میں سے ایک بچی اور ایک خاتون کی لاش نکال لی گئی۔

  • چور بجلی کا کھمبا گاڑی پر لوڈ کر کے چلتا بنا

    چور بجلی کا کھمبا گاڑی پر لوڈ کر کے چلتا بنا

    امریکا میں ایک عادی چور کو اور کچھ نہ ملا تو وہ سڑک پر پڑا بجلی کا کھمبا چرا کر چلتا بنا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں متعدد افراد نے پولیس کو کال کر کے شکایت کی کہ ایک شخص نے اپنی چھوٹی سی گاڑی کے اوپر ایک یوٹیلٹی پول (ٹیلی فون و بجلی کی تاروں کا کھمبا) رسی سے باندھا ہوا ہے اور خطرناک طریقے سے اسے لے کر جارہا ہے۔

    پولیس نے تحقیقات کیں تو معلوم ہوا کہ یہ کھمبا اپنی جگہ سے گر چکا تھا، مذکورہ ڈرائیور نے گرا ہوا پول اپنی گاڑی کی چھت پر لوڈ کیا اور اسے لے کر ہائی وے پر ایک ری سائیکلنگ فیکٹری میں لے جانے لگا۔

    اس دوران متعدد افراد غیر محفوظ انداز میں پول گاڑی پر لوڈ ہوا دیکھ کر پریشان ہوگئے اور انہوں نے پولیس کو کالز کیں۔

    مذکورہ ڈرائیور اسے ری سائیکلنگ فیکٹری تک لے گیا تاہم اسے وہاں سے یہ کہہ کر لوٹا دیا گیا کہ اس کے پاس پول کے حوالے سے مطلوبہ دستاویزات موجود نہیں۔

    واپسی پر پولیس نے اسے گرفتار کرلیا اور پول اپنے قبضے میں لے لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی عمر 71 سال ہے اور وہ اس سے قبل بھی چوری شدہ اشیا فروخت کرتا ہوا پکڑا جاچکا ہے۔