Tag: کھڈا مارکیٹ

  • لیاری حادثہ: جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی

    لیاری حادثہ: جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاری میں عمارت کے ملبے سے نوجوان کی لاش نکال لی گئی جس کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں گرنے والی عمارت کے ملبے سے نوجوان کی لاش نکال لی گئی،افسوس ناک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک 3 خواتین اور 2 مردں کی لاشیں نکالی گئیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز لیاری کے گنجان آباد علاقے کھڈا مارکیٹ میں واقع 6 منزلہ رہائشی عمارت دراڑیں پڑنے کے باعث ایک جانب جھک گئی تھی۔مکینوں سے خالی کرانے کے دوران عمارت ساتھ والی بلڈنگ پر گرنے کے نتیجے میں دونوں عمارتیں زمین بوس ہوگئی تھیں۔

    کراچی کے علاقے لیاری میں 2 رہائشی عمارتیں گر گئیں، متعدد زخمی

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رہائشی عمارت منہدم ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو فوری طور پر حادثے کی جگہ پر امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    اس سے قبل رواں سال مارچ میں کراچی کے علاقے گلبہار میں رہائشی عمارت منہدم ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    افسوس ناک واقعے میں چوتھے روز ریسکیو آپریشن مکمل کیا گیا تھا جس میں پاک آرمی کی انجینئرنگ کور کے علاوہ دیگر سول اداروں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا تھا اور حادثے کے مقام سے ملبہ اٹھانے کا کام مکمل کیا گیا۔

  • کراچی: کھڈا مارکیٹ پر کار میں پراسرار دھماکہ

    کراچی: کھڈا مارکیٹ پر کار میں پراسرار دھماکہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کار میں ہونے والا دھماکہ پولیس کے لیے معمہ بن گیا۔ گاڑی ایک روز قبل جمشید کوارٹرز کے علاقے سے چوری ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کار دھماکے کا واقعہ کراچی کے علاقے کھڈا مارکیٹ، ڈیفنس میں پیش آیا۔ ابتدا میں پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ دھماکہ سلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا تاہم بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سلنڈر پھٹنے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ گاڑی ایک خالی پلاٹ پر کھڑی تھی۔ گاڑی سے ایل پی جی کے 6 چھوٹے اور ایک سی این جی کا سلنڈر ملا ہے، گاڑی ایک روز قبل جمیشد کوارٹرز کے علاقے سے چوری ہوئی ہے۔

    پولیس کے مطابق گاڑی اشفاق اعوان نامی شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہے اور چوری کے بعد حنا نامی خاتون نے گاڑی چوری کی رپورٹ درج کروائی تھی۔ دھماکے سے تباہ گاڑی سنہ 2007 میں بھی چوری ہوئی تھی جو 5 روز بعد مل گئی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم گاڑی تباہ ہوچکی ہے۔

    واقعے کے بعد انچارج محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) مظہر مشہوانی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔ سی ٹی ڈی کی ٹیم جائے وقوعہ کا معائنہ کر رہی ہے۔ ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ بھی جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

    دھماکہ خوف و ہراس پھیلانے کے لیے تھا

    ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ گاڑی میں دھماکہ دیسی ساختہ وی بی آئی ای ڈی سے کیا گیا، بڑا دھماکہ کرنے کے لیے سلنڈرز لگائے گئے تھے۔

    ڈی آئی جی کے مطابق ابتدائی طور پر دھماکے کا کوئی ٹارگٹ نہیں تھا، ممکنہ طور پر دھماکہ خوف و ہراس پھیلانے کے لیے تھا۔ گاڑی چوری کی گئی تھی، 10 گھنٹے بعد یہاں دھماکہ ہوا۔

    ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ ساؤتھ زون کو دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھر ٹارگٹ بنایا، وی بی آئی ای ڈی کا مطلب وہیکل بم ہے۔ گاڑی کو ایسے طریقے سے تیار کیا گیا کہ بم جیسا دھماکہ ہو۔ واقعے میں مقامی سہولت کار استعمال کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کھارادر کے ہی علاقے میں نامعلوم افراد نے ایک ریستوران پر فائرنگ کی تھی جس نے نوجوان زخمی ہوگیا تھا۔

    ملزمان جاتے جاتے 10 لاکھ روپے بھتے کی پرچی بھی پھینک گئے تھے۔ فائرنگ کا مقدمہ دکان مالک کی مدعیت میں کھارادر تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمےمیں دہشت گردی، بھتہ خوری اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔