گجرات (30 جولائی 2025): بارش کے پانی کی بروقت نکاسی نہ ہونے کے سبب برساتی کھڑے پانی میں ڈوب کر چار بچے جان سے گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب اس وقت مون سون کی شدید بارشوں کی لپیٹ میں ہے اور کئی شہروں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال ہے۔
بارش کے باعث شہروں کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہے اور بروقت نکاسی نہ ہونےکی وجہ سے لوگوں کے مشکلات کا سبب بھی بنا ہوا ہے تاہم گجرات میں بارش کے کھڑے پانی نے ایک سانحہ کو جنم دے دیا۔
گجرات کے علاقے موہری روڈ کھاریاں میں بارش کے پانی کی بروقت نکاسی نہ ہونے کے باعث کھڑے برساتی پانی میں نہاتے ہوئے چار کمسن بچے زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 9 سے 13سال کے درمیان ہیں۔ بچوں کی لاشوں کو نکال کر ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے، جب کہ چار بچوں کی موت پر علاقے میں سوگ کی کیفیت طاری ہے۔
واضح رہے کہ رواں مون سون سیزن میں ملک بھر میں سیلابی ریلوں، طوفانی بارشوں، اربن فلڈنگ اور دیگر حادثات کے نتیجے میں 150 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔