Tag: کھیلوں کی خبریں

  • سری لنکن کرکٹ بورڈ کا سیکورٹی وفد کراچی سے لاہور پہنچ گیا

    سری لنکن کرکٹ بورڈ کا سیکورٹی وفد کراچی سے لاہور پہنچ گیا

    لاہور: سری لنکن کرکٹ بورڈ کا سیکورٹی وفد کراچی سے لاہور پہنچ گیا، وفد ایک روزہ قیام کے دوران شہر میں سیکورٹی کا جائزہ لے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پر آیا سری لنکن کرکٹ بورڈ کا سیکورٹی وفد لاہور پہنچ گیا ہے جہاں وہ سیریز کے سلسلے میں سیکورٹی معاملات کا جائزہ لے گا۔

    سیکورٹی وفد سیف سٹی اتھارٹی اور قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کرے گا، وفد کو حکومتی اور پی سی بی حکام بریفنگ دیں گے۔

    ایک روز لاہور میں قیام کے بعد سیکورٹی وفد سری لنکا واپس روانہ ہو جائے گا، یہ وفد اپنی رپورٹ مرتب کر کے سری لنکن بورڈ کو جمع کرائے گا۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  پی سی بی کا کوچنگ اسٹاف تبدیل کرنے کا فیصلہ، مکی آرتھر کی چھٹی

    اس رپورٹ کی روشنی میں سری لنکن ٹیم کے دورۂ پاکستان کا فیصلہ کیا جائے گا، سری لنکا کو پی سی بی نے لاہور اور کراچی میں ٹیسٹ کھیلنے کی تجویز دی تھی۔

    پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کے سلسلے میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کا وفد دو روز قبل کراچی پہنچا تھا، 4 رکنی سیکورٹی وفد کی سربراہی موہن ڈی سلوا نے کی۔

    سیکورٹی ٹیم نے کراچی نیشنل اسٹیڈیم، ایئر پورٹ سے ہوٹل تک راستے کا بھی معائنہ کیا، اور سیکورٹی کا ہر طرح سے جائزہ لیا تھا۔

    یاد رہے کہ سری لنکا اور پاکستان کی ستمبر اکتوبر میں 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز شیڈول ہے۔ دسمبر اور جنوری میں سری لنکا سے تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز بھی شیڈول ہے۔

  • ٹیسٹ سیریز: سری لنکن کرکٹ بورڈ کا وفد کراچی پہنچ گیا

    ٹیسٹ سیریز: سری لنکن کرکٹ بورڈ کا وفد کراچی پہنچ گیا

    کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مجوزہ کرکٹ سیریز کے تناظر میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کا وفد کراچی پہنچ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کے سلسلے میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کا وفد کراچی پہنچ گیا، 4 رکنی سیکورٹی وفد کی سربراہی موہن ڈی سلوا کر رہے ہیں۔

    سری لنکن کرکٹ بورڈ کی سیکورٹی ٹیم کل نیشنل اسٹیڈیم، ایئر پورٹ سے ہوٹل تک راستے کا معائنہ کرے گی۔

    پاک سری لنکا 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز ستمبر، اکتوبر میں شیڈول ہے، خیال رہے کہ سری لنکا نے پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کی مشروط ہامی بھری تھی۔

    بتایا گیا ہے کہ مذکورہ سیکورٹی وفد کراچی کے بعد لاہور اور اسلام آباد کا دورہ بھی کرے گا، سیکورٹی کا جائزہ لینے کے بعد وفد رپورٹ سری لنکن کرکٹ بورڈ کو جمع کرائے گا۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  آئی سی سی نے پہلے ایشز ٹیسٹ کے بعد نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی

    اس رپورٹ کی روشنی میں سری لنکن ٹیم کے دورۂ پاکستان کا فیصلہ کیا جائے گا، سری لنکا کو پی سی بی نے لاہور اور کراچی میں ٹیسٹ کھیلنے کی تجویز دی تھی۔

    دسمبر اور جنوری میں سری لنکا سے تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز بھی شیڈول ہے۔

    پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہ مقابلے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے درمیان ہوں‌ گے، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 9 ممالک کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی، حکام کی کوشش ہے کہ سری لنکا کے بعد بنگلا دیش بھی پاکستان کا دورے کرے۔

  • سوشل  میڈیا پر کرکٹرز کی منفی خبروں سے پی سی بی ناخوش

    سوشل میڈیا پر کرکٹرز کی منفی خبروں سے پی سی بی ناخوش

    لاہور: سوشل میڈیا پر قومی کرکٹرز کی منفی خبروں کی گردش پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے نا خوشی کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی اس بات پر نا خوش ہوا ہے کہ قومی کھلاڑیوں کے اسکینڈل سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کی زینت بن رہے ہیں جن سے ٹیم کا تشخص داغ دار ہو رہا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کی منفی خبروں کے بعد پی سی بی متحرک ہو گیا ہے، حکام کو اس بات احساس ہے کہ منفی خبروں سے پاکستان اور ٹیم کا امیج خراب ہوتا ہے۔

    ذرایع پی سی بی کے مطابق پلیئرز ایجوکیشن پروگرام پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کھلاڑیوں کو ٹیکنالوجی کے استعمال، محتاط اور ذمہ دارانہ رویے کی تعلیم دی جائے گی۔

    ذرایع نے بتایا کہ پی سی بی نے امام الحق کے معاملے کی تحقیقات مکمل کر لی ہیں، کرکٹرز کو بد نام کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی منصوبہ بندی بھی کر لی گئی ہے۔

    پی سی بی نے کوڈ آف کنڈکٹ اور سینٹرل کنٹریکٹ کی شقوں کا از سرِ نو جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

    پی سی بھی ذرایع نے یہ بھی بتایا کہ ورلڈ کپ میچز کے دوران کھلاڑیوں کے کمروں تک غیر متعلقہ افراد کی رسائی نہیں تھی۔

    خیال رہے کہ ٹیسٹ کرکٹر امام الحق پر لڑکیوں کو بے وقوف بنانے اور انھیں دھوکا دینے کے الزامات لگائے گئے ہیں، امام الحق کیرئیر کے آغاز سے ہی تنقید کی زد میں ہیں اور اچھی پرفارمنس کے باوجود قومی ٹیم میں ان کی شمولیت متنازع رہی ہے۔

  • ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر پی سی بی اجلاس 29 جولائی کو ہوگا

    ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر پی سی بی اجلاس 29 جولائی کو ہوگا

    لاہور: ورلڈ کپ 2019 میں ناقص کارکردگی کا ذمہ دار کون تھا، اس سلسلے میں ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس 29 جولائی کو منعقد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس انتیس جولائی کو طلب کیا گیا ہے جس میں ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں قومی ٹیم کی گزشتہ 3 سال کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور منیجر طلعت علی کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    ذرایع کے مطابق یہ کمیٹی پاکستان کرکٹ کے مستقبل سے متعلق بھی اہم فیصلے کرے گی، ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کرکٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، سابق کپتان وسیم اکرم کینیڈا سے اسکائپ پر اجلاس میں شریک ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  قومی ٹیم کے منیجر نے ورلڈ کپ کی رپورٹ پی سی بی کو پیش کردی

    خیال رہے کہ سابق کپتان مصباح الحق، سابق قومی خاتون کپتان عروج ممتاز بھی کرکٹ کمیٹی میں شامل ہیں، اجلاس میں بہ طور کپتان سرفراز احمد کے مستقبل سے متعلق بھی فیصلہ کیا جائے گا۔

    کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں قومی ٹیم کے کوچ اور نئے چیف سلیکٹر کے حوالے سے بھی اہم فیصلے ہوں گے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر طلعت علی نے دورۂ انگلینڈ اور ورلڈ کپ 2019 کی علیحدہ علیحدہ رپورٹس بورڈ کو بھجوائی تھیں، انھوں نے رپورٹ میں کہا یہ ہماری بد قسمتی تھی کہ ٹیم سیمی فائنل میں نہیں پہنچ سکی، انھوں نے یہ بھی رپورٹ میں لکھا کہ آن دی فیلڈ، آف دی فیلڈ کھلاڑیوں نے بہترین رویے کا مظاہرہ کیا، ٹیم میں کسی قسم کی کوئی گروپنگ یا اختلاف نہیں تھا۔

  • عثمان عمر نے بارہویں ساؤتھ ایشین فزیک چیمپئین شپ جیت لی

    عثمان عمر نے بارہویں ساؤتھ ایشین فزیک چیمپئین شپ جیت لی

    لاہور: پنجاب یونی ورسٹی کے سابق طالب علم عثمان عمر نے بارہویں ساؤتھ ایشین باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک چیمپئین شپ 2019 جیت لی۔

    تفصیلات کے مطابق بارہویں ساؤتھ ایشین فزیک چیمپئین شپ کٹھمنڈو، نیپال میں منعقد ہوئی جس میں عثمان عمر نے جنوبی ایشیا میں سب سے بہترین فزیک رکھنے والے شخص کا ٹائٹل جیت لیا۔

    باڈی بلڈنگ کلب کے کوچ عثمان عمر کی یہ جیت نہ صرف پاکستان بلکہ پنجاب یونی ورسٹی کے لیے بھی بڑی خوش خبری ہے۔

    پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو بھی مقابلے میں شکست دی، ساؤتھ ایشین فزیک چیمپئین شپ 2019 میں بھارت نے دوسری اور بھوٹان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    مقابلے میں پاکستان کی جیت پر پاکستان کے قومی ترانے کی دھن بجائی گئی، عثمان عمر نے پاکستان کا جھنڈا فخر سے بلند کر دیا۔

    عثمان عمر پنجاب یونی ورسٹی شعبہ اسپورٹس سائنسز میں ایم ایس سی اسپورٹس سائنس 2012 سیشن میں گولڈ میڈل حاصل کر چکے ہیں، وہ چئیرمین شعبہ اسپورٹس سائنسز ڈاکٹر ظفر اقبال بٹ کے طالب علم اور شعبے کے وزیٹنگ لیکچرار رہے۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر اسپورٹس زبیر بٹ نے آٹھ سال قبل عثمان عمر کو پنجاب یونی ورسٹی باڈی بلڈنگ کلب کا کوچ منتخب کیا تھا، انھوں نے 2017 میں مسٹر پنجاب اور مسٹر پاکستان کا ٹائٹل بھی جیتا، 2019 میں یحیی کلاسک کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔

    عثمان عمر کی شان دار کامیابی پر وائس چانسلر پنجاب یونی ورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد نے خوشی کا اظہار کیا۔

  • قوم دعائیں جاری رکھے، کھیلنا ہمارا کام ہے: قومی ٹیم کی میڈیا سے گفتگو

    قوم دعائیں جاری رکھے، کھیلنا ہمارا کام ہے: قومی ٹیم کی میڈیا سے گفتگو

    لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے لندن میں پریکٹس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا جوش و جذبہ جگائے رکھے۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 میں اپنے اگلے میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف تیاریوں سے قبل قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کی۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض نے کہا کہ انگلی میں فریکچر کی وجہ سے درد تو بہت ہے مگر میچ بھی اہم ہے، قوم سے اپیل ہے کہ وہ جوش و جذبہ جگائے رکھے۔

    وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ آج ہم جو کچھ ہیں اور جہاں ہیں وہ قوم کی دعاؤں سے ہیں، قوم دعائیں جاری رکھے، کھیلنا ہمارا کام ہے، باقی اللہ کی مرضی، قومی ٹیم ہر نئے میچ میں بہتر سے بہتر کارکردگی دکھا رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  دوسروں کے میچز پرفوکس نہیں، توجہ اپنے میچ پر مرکوز ہے: سرفراز احمد

    فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف مکمل حکمت عملی سے میدان میں اتریں گے، ان کی ٹیم بھی کارکردگی دکھا رہی ہے اس لیے ہمیں محتاط کھیلنا ہے۔

    شاہین آفریدی نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ ایک دفعہ پھر اچھی کارکردگی دکھاؤں۔

    خیال رہے کہ پاکستان ورلڈ کپ 2019 میں آخری میچ بنگلا دیش کے خلاف کھیلے گا، سیمی فائنل میں کوالیفائی کی امید کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کو نہ صرف یہ میچ جیتنا ہوگا، بلکہ اسے دیگر ٹیموں‌ کی کارکردگی پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔

  • پاکستان کا افغانستان کے ساتھ میچ کے بعد پیش آنے والے واقعے پر اظہار تشویش

    پاکستان کا افغانستان کے ساتھ میچ کے بعد پیش آنے والے واقعے پر اظہار تشویش

    اسلام آباد: پاکستان نے ورلڈ کپ 2019 کے لیڈز گراؤنڈ میں کھیلے گئے پاک افغان میچ کے بعد پیش آنے والے واقعے پر اظہارِ تشویش کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو کچھ تماشائیوں کے کھلاڑیوں پر دھاوا بولنے پر گہری تشویش ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ مخالفانہ پروپیگنڈے کے لیے کھیلوں کو استعمال کرنا نا قابل قبول ہے، اسپورٹس اور قانون نافذ کرنے والی اتھارٹیز سے واقعے کی جامع تحقیقات کی توقع ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے، یہ معاملہ سفارتی سطح پر بھی اٹھایا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان نے آئی سی سی سے ٹیم سیکورٹی بڑھانے کا مطالبہ کر دیا

    خیال رہے کہ گزشتہ روز انگلینڈ میں پاک افغان میچ کے دوران گراؤنڈ اور گراؤنڈ سے باہر صورت حال کشیدہ رہی، میچ سے قبل کئی افغان تماشائیوں نے ایک پاکستانی تماشائی کو تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ میچ کے اختتام پر افغان تماشائی گراؤنڈ کے اندر داخل ہو گئے، انھوں نے پاکستانی ٹیم کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

    ادھر پاکستانی ٹیم کے سیکورٹی آفیسر نے لوکل آرگنائزنگ کمیٹی اور آئی سی سی اہل کاروں سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں گزشتہ روز کی صورت حال کے پیشِ نظر مطالبہ کیا گیا کہ پاکستانی ٹیم کی سیکورٹی میں مزید اضافہ کیا جائے۔

  • بھرپور کم بیک پر وزیر اعظم کی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

    بھرپور کم بیک پر وزیر اعظم کی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ 2019 میں نیوزی لینڈ کے خلاف شان دار کام یابی حاصل کر کے بھرپور کم بیک کرنے پر مبارک باد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں زبردست واپسی پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دی۔

    وزیر اعظم نے میچ میں بابر اعظم، حارث سہیل اور شاہین آفریدی کی جانب سے بہترین کارکردگی دکھانے پر انھیں خصوصی مبارک باد دی، کہا مبارک باد خصوصی طور پر ان تین کھلاڑیوں کو جاتی ہے جنھوں نے شان دار کارکردگی دکھائی۔

    خیال رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے 33 ویں میچ میں شاہینوں نے نا قابل شکست کیویز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے، بابر اعظم کو شان دار سنچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ 2019: بابر اعظم کی شاندار سنچری، شاہینوں نے ناقابل شکست کیویز کو جھپٹ لیا

    میچ میں حارث سہیل نے بھی 68 رنز بنائے جس نے پاکستان کی فتح میں نمایاں حصہ ڈالا، جب کہ بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی نے 3 کیوی کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

    پاکستان کی ورلڈ کپ میں 7 میچز کھیلے ہیں جن میں تین میں کامیابی تین میں ناکامی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا ہے، گرین شرٹس کے 7 پوائنٹس ہیں۔

    قومی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا اگلا میچ 29 جون بروز ہفتے کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔

  • پاکستان کرکٹ بورڈ کا گراس روٹ لیول کرکٹ کی بحالی کے لیے بڑا فیصلہ

    پاکستان کرکٹ بورڈ کا گراس روٹ لیول کرکٹ کی بحالی کے لیے بڑا فیصلہ

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے گراس روٹ لیول کرکٹ کی بحالی کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا، کلب کی سطح سے ہی کرکٹرز کو اینٹی کرپشن قوانین کا پابند بنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی گورننگ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ کلب کی سطح سے ہی کرکٹرز کو اینٹی کرپشن قوانین کا پابند بنایا جائے گا، فیصلے سے گراس روٹ لیول پر کرکٹ کی بحالی میں مدد ملے گی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ کلب کی سطح پر پرائیویٹ ٹورنامنٹس کو اینٹی کرپشن یونٹ مانیٹر کرے گا، گورننگ بورڈ نے ٹورنامنٹ جائزہ کمیٹی کے قواعد میں رد و بدل کی منظوری بھی دے دی۔

    ذرایع نے مزید بتایا کہ جائزہ کمیٹی میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن، ڈائریکٹر کمرشل کو شامل کر لیا گیا، پرائیویٹ کلب ٹورنامنٹ آرگنائزرز اینٹی کرپشن کوڈ پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ کے بعد سب کا احتساب ہوگا، پی سی بی گورننگ باڈی اجلاس میں فیصلہ

    پرائیویٹ کلب ٹورنامنٹس کو مانیٹر کرنے کے لیے پی سی بی کمیٹیاں تشکیل دے گا، براڈ کاسٹ پرائیویٹ کلب ٹورنامنٹس کے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سیکورٹی کا طریقہ کار بھی وضع کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ آج لاہور میں پی سی بی کے گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ورلڈ کپ کے بعد سب کا احتساب ہوگا، اجلاس میں کہا گیا کہ جیسا سوچا تھا اس کے برعکس ہوا، کھلاڑیوں کے علاوہ مینجمنٹ کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    بھارت سے شکست پر بورڈ ممبران کا کہنا تھا کہ ٹیم سے جیسی پرفارمنس کی توقع تھی سب کچھ اس کے برعکس ہوا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے اختیارات ایم ڈی وسیم خان کو منتقل کردئیے گئے جس کی منظوری لاہور میں ہونے والے اجلاس میں دی گئی۔

  • مانچسٹر میں پانچ قومی کرکٹرز کے سیر سپاٹوں کا انکشاف

    مانچسٹر میں پانچ قومی کرکٹرز کے سیر سپاٹوں کا انکشاف

    لاہور: مانچسٹر میں پانچ قومی کرکٹرز کے سیر سپاٹوں کا انکشاف ہوا ہے، معلوم ہوا ہے کہ روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں کھلاڑیوں پر کاہلی کیوں طاری رہی، کھلاڑیوں نے مانچسٹر میں رات گئے دعوتیں اڑائیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی نئی ویڈیوز سامنے آ گئی ہیں، اے آر وائی نیوز پر چلنے والی ویڈیوز میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز میدان میں کاہل کیوں نظر آئے۔

    جہاں باقی ٹیمیں میچز کی تیاریاں کر رہے تھے، وہاں ہمارے کھلاڑی رات میں موج مستیاں کر رہے تھے، حسن علی، شاداب خان، شاہین شاہ، محمد حسنین اور فخر زمان دعوت اڑانے میں مصروف ملے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ 2019: بھارت نے پاکستان کو 89 رنز سے شکست دے دی

    ویڈیو بنتے دیکھ کر کھلاڑیوں نے کیمروں سے بچنے کی کوشش کی، فخر زمان نے ساتھی کھلاڑیوں کو نکلنے کی ہدایت بھی کی، جب کہ حسن علی اور محمد حسنین کیمروں سے بچنے کے لیے دور چلے گئے۔

    کھلاڑیوں کے ہم راہ سیکورٹی یا اینٹی کرپشن اہل کار بھی نہیں تھے، کھلاڑی پاک بھارت میچ سے 3 روز قبل دعوتیں اڑانے میں مصروف رہے۔

    تازہ ترین پڑھیں:  کوئی سمجھتا ہے میں گھر چلا جاؤں گا تو یہ بھول ہے: سرفراز احمد

    دریں اثنا، سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے کہا ہے کہ ہمارے کھلاڑی کرکٹ کی تیاری کے علاوہ سب کچھ کرتے رہے، کھلاڑیوں کے اس رویے پر پی سی بی کو ایکشن لینا چاہیے۔

    باسط علی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی کو کھلاڑیوں پر نظر رکھنی چاہیے، اور انھیں فوری طور پر حرکت میں آنا چاہیے۔