Tag: کھیلوں کی خبریں

  • پاکستان انڈر 19 ٹیم کا دورۂ جنوبی افریقہ، ہیڈ کوچ اور کپتان کی پریس کانفرنس

    پاکستان انڈر 19 ٹیم کا دورۂ جنوبی افریقہ، ہیڈ کوچ اور کپتان کی پریس کانفرنس

    کراچی: پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ و منیجر اعظم خان نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو جنوبی افریقا دورے میں 5 روز کنڈیشن سمجھنے میں لگیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے دورۂ جنوبی افریقا کے سلسلے میں ہیڈ کوچ و منیجر اعظم خان نے پریس کانفرنس کی، انھوں نے کہا کہ دورۂ سری لنکا ہمارے لیے آسان ثابت نہیں ہوا ہے، ایشیا اور ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے دورۂ جنوبی افریقا فائدہ مند رہے گا۔

    انھوں نے کہا کہ وننگ کمبی نیشن کے پلیئرز پرفارم نہیں کر سکے تھے اس لیے ریزرو کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، تاکہ ہمیں اگلے ٹورنامنٹس کے لیے بہترین ٹیم مل سکے۔

    ہیڈ کوچ اعظم خان نے کہا کہ جنوبی افریقا کی وکٹیں تیز اور باؤنسی ثابت ہوتی ہیں، تاہم اسی کو مد نظر رکھ کر ٹیم تشکیل دی ہے، امید ہے کہ صورت حال کے مطابق کھیل پیش کر سکیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی انڈر 19 ٹیم کی کوچنگ کے لیے ایک اور نام سامنے آگیا

    انھوں نے کہا کہ انڈر 19 ٹیم میں فاسٹ بولر سمیت چند ایسے کھلاڑی ہیں جو آیندہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں نظر آئیں گے۔

    دریں اثنا انڈر نائٹین ٹیم کے کپتان روحیل نذیر نے کہا کہ جنوبی افریقا کی تیز اور باؤنسی وکٹ کا مسئلہ نہیں ہے، اچھی کرکٹ کھیلیں گے تو جنوبی افریقا کو ہرا سکتے ہیں، ہمارا فاسٹ بولنگ کا شعبہ مضبوط ہے۔

    خیال رہے کہ انڈر 19 ورلڈ کپ بھی جنوبی افریقا میں شیڈول ہے، جنوبی افریقا کے ساتھ ون ڈے سیریز 7 میچز پر مشتمل ہے جو 22 جون سے 7 جولائی تک کھیلی جائے گی۔

  • پی سی بی کے جنوبی افریقا، افغانستان کے ساتھ مختصر دورانیے کی سیریز کے لیے رابطے

    پی سی بی کے جنوبی افریقا، افغانستان کے ساتھ مختصر دورانیے کی سیریز کے لیے رابطے

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقا اور افغانستان کے ساتھ مختصر دورانیے کی کرکٹ سیریز کے لیے رابطے کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع نے بتایا ہے کہ پی سی بی نے مختصر دورانیے کی کرکٹ سیریز کے لیے جنوبی افریقا اور افغانستان کے ساتھ رابطے کیے ہیں۔

    ذرایع پی سی بی کا کہنا ہے کہ ساؤتھ افریقا اور افغانستان کے ساتھ سیریز کے لیے بات چیت جاری ہے۔

    دوسری طرف ذرایع نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز 2 حصوں میں کھیلی جائے گی، پہلے مرحلے میں ستمبر اکتوبر میں 2 ٹیسٹ میچز ہوں گے، جب کہ دوسرے مرحلے میں دسمبر میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوینٹی میچز شامل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی ایس ایل 5 کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے، چیئرمین پی سی بی

    ذرایع کے مطابق بنگلا دیش کے خلاف سیریزمیں 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوینٹی میچز شامل ہیں، تاہم بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں ون ڈے میچز شامل نہیں۔

    خیال رہے کہ سری لنکا اور بنگلا دیش سیریز کی میزبانی پاکستان نے کرنی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے، وینیوز کے لیے لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں۔

  • بہت زیادہ غلطیاں کیں جس کی وجہ سے میچ ہارے: سرفراز احمد کا اعتراف

    بہت زیادہ غلطیاں کیں جس کی وجہ سے میچ ہارے: سرفراز احمد کا اعتراف

    ٹاؤنٹن: ورلڈ کپ 2019 کے 17 ویں میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو 41 رنز سے شکست کے بعد کپتان سرفراز نے اعتراف کیا کہ پاکستان ٹیم نے میچ بہت زیادہ غلطیوں کی وجہ سے ہارا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا سے میچ ہارنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ بہت زیادہ غلطیاں کیں جس کی وجہ سے میچ ہارے، تاہم پارٹنر شپ طویل ہو جاتی تو میچ کی صورت حال مختلف ہوتی۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ شروع اور درمیان کے اوورز میں ہم نے بولنگ اچھی نہیں کی، آخری 20 اوورز بہت اچھے تھے، جن میں ہم نے کم بیک کیا۔

    کپتان نے کہا کہ ہم اچھا کھیل رہے ہیں، بس تھوڑی غلطیاں ہیں جن پہ قابو پانا ہے، تاہم شاداب خان کو ڈراپ کرنے کا افسوس نہیں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ2019: آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو 41 رنز سے شکست

    سرفراز کا یہ بھی کہنا تھا کہ شعیب ملک اچھا کھیل سکتے ہیں، مجھے اُمید ہے کہ شعیب ملک وننگ اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    دریں اثنا، کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد نے عزم کا اظہار کیا کہ روایتی حریف بھارت سے میچ جیتنے کے لیے اچھا کھیلیں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کو میگا ایونٹ میں دوسری بار شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، ٹاؤنٹن کے میدان میں آج پاکستانی ٹیم 308 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 266 رنز پر آؤٹ ہو گئی، فاسٹ بولر محمد عامر کی پانچ وکٹیں بھی ضایع گئیں۔

  • گورنر خیبر پختونخوا بھی روایتی کھیل انڈے لڑانے کے شوقین نکلے

    گورنر خیبر پختونخوا بھی روایتی کھیل انڈے لڑانے کے شوقین نکلے

    پشاور: خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور میں عید پر انڈے لڑانا بھی ایک شوق اور تفریح کا ذریعہ بن چکا ہے جس میں بچے اور بڑے سب ہی حصہ لیتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرخیبر پختون خوا شاہ فرمان بھی پشتونوں کے روایتی کھیل عید پر انڈے لڑانے کے شوقین نکل آئے ہیں۔

    شاہ فرمان اپنے شکار کے شوق کی وجہ سے کافی مشہور ہیں اور ان کے قریبی دوست انھیں ایک اچھا شکاری سمجھتے ہیں، اس عید پر وہ انڈے لڑاتے نظر آئے۔

    تاہم گورنر کے پی انڈے لڑانے کے کھیل میں شکار میں مہارت کی طرح مہارت کا مظاہرہ نہ کر سکے، انھوں نے ایک اناڑی کی طرح ایک بچے سے پانچ انڈے ہار دیے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں گورنر شاہ فرمان اپنے آبائی علاقے بڈھ بیر پشاور میں عید کے دوسرے روز سڑک کے کنارے ایک بچے کے ساتھ انڈے لڑاتے نظر آئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  صوابی: جنگلات میں لگی آگ 5 روز بعد بھی بجھائی نہ جا سکی

    دل چسپ بات یہ ہے کہ ’ہوم گراؤنڈ‘ اور ’ہوم کراؤڈ‘ کے باوجود گورنر کے پی بچے سے پانچ انڈے ہار گئے۔

    گورنر کے پی انڈے لڑانے سے قبل ایک ایک انڈے کی سختی جانچنے کے لیے اسے اپنے دانتوں کے ساتھ ٹکراتے بھی رہے لیکن وہ ایک بھی انڈا نہ جیت سکے۔

    واضح رہے کہ انڈا لڑانے کے کھیل میں ابلے انڈوں کے سرے ایک دوسرے سے ٹکرائے جاتے ہیں، جس کا انڈا ٹوٹ جاتا ہے وہ انڈا ہار جاتا ہے، جب کہ انڈے کے سرے کی سختی جانچنے کے لیے اسے دانتوں پر ہلکا مار کر دیکھا جاتا ہے، لیکن کھیل کا ماہر نہ ہو تو انڈے کی سختی جانچنے میں غلطی ہو سکتی ہے۔

    انڈے لڑانے کے کھیل کا شمار بلوچستان کے قدیم کھیلوں میں بھی ہوتا ہے، کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں عید کے مواقع پر جو میلے لگتے ہیں ان میں انڈے لڑائے جاتے ہیں، یہ کھیل خیبر پختون خواہ کے مختلف علاقوں اور حتیٰ کہ کراچی کی پختون اور بلوچ آبادیوں میں بھی عید پر کھیلا جاتا ہے۔

  • برسٹل میں بارش، پاکستان اور سری لنکا کا میچ متاثر ہونے کا خدشہ

    برسٹل میں بارش، پاکستان اور سری لنکا کا میچ متاثر ہونے کا خدشہ

    برسٹل: کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے گیارہویں میچ میں آج پاکستان ٹیم کا سری لنکن حریف کے ساتھ ٹاکرا ہو گا، دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی 2 میں سے ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج ورلڈ کپ کا گیارہواں میچ برسٹل میں ہوگا، پاکستان اور سری لنکا مدِ مقابل ہوں گے، دونوں ٹیمیں اپنے ایک ایک میچ جیت چکی ہیں جب کہ ایک میں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔

    پاکستان نے ورلڈ نمبر ون انگلینڈ کو شکست سے دوچار کیا، تاہم پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف کام یابی حاصل کی۔ دوسری طرف سری لنکا نے افغانستان کو شکست دی، اور نیوزی لینڈ سے میچ ہار گیا۔

    پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا، پاکستان ٹیم ممکنہ طور پر وِننگ الیون کے ساتھ ہی میدان میں اترے گی۔ اس میچ میں جیت کے لیے پاکستان کو فیورٹ قرار دیا گیا ہے، پاکستان کے جیت کا امکان 72 فی صد جب کہ سری لنکا کا 28 فی صد ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ 2019: آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 15 رنز سے شکست دے دی

    برسٹل میں بارش شروع ہو گئی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کا میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، آج رات تک مسلسل بارش ہوگی۔ دوسری طرف اگر بارش سے میچ منسوخ ہوا تو پاکستان اور سری لنکا کو 1-1 پوائنٹ ملے گا۔

    یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کرکٹ ورلڈ کپ میں 7 بار آمنے سامنے آئے، پاکستان نے ساتوں میچز میں سری لنکا کو شکست دی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ناٹنگھم میں کھیلے گئے دسویں میچ میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 15 رنز سے شکست دی، شائے ہوپ اور کپتان جیسن ہولڈر کی نصف سنچریاں بھی ٹیم کے کام نہ آسکی تھیں۔

  • ورلڈ کپ 2019: سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر جرمانہ

    ورلڈ کپ 2019: سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر جرمانہ

    ناٹنگھم: آئی سی سی نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر جرمانہ عائد کیا، پاکستانی ٹیم نے مقررہ وقت میں ایک اوور کم کرایا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں کے چھٹے میچ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر آئی سی سی نے جرمانہ کر دیا۔

    کپتان سرفراز احمد پر میچ فیس کا 20 فی صد اور دیگر کھلاڑیوں پر 10 فی صد جرمانہ عاید کیا گیا ہے۔

    گزشتہ روز ناٹنگھم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2019 کے اپنے دوسرے میچ میں پاکستان نے میزبان انگلینڈ کو 14 رنز سے شکست دے کر شان دار کم بیک کیا تھا۔

    دوسری طرف اسی میچ میں آئی سی سی نے انگلش کھلاڑی جوفرا آرچر اور بیٹسمین جیسن رائے کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان ٹیم کو اس جیت کی ضرورت تھی، سرفراز احمد

    آئی سی سی کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فاسٹ بولر جوفرا آرچر اور جیسن رائے پر میچ فیس کا 15 فی صد جرمانہ عاید کیا گیا۔

    انگلش فاسٹ بولر نے میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا، جب کہ جیسن رائے دوران میچ نازیبا کلمات کہے۔

    واضح رہے کہ کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف جیت سے ٹیم کے مورال میں اضافہ ہوا ہے، مستقبل میں ہم اچھی کارکردگی دکھائیں گے، ٹٰیم کو اس جیت کی ضرورت تھی۔

  • ورلڈ کپ میں پاکستان کا شاندار کم بیک، انگلینڈ کو 14 رنز سے شکست

    ورلڈ کپ میں پاکستان کا شاندار کم بیک، انگلینڈ کو 14 رنز سے شکست

    ناٹنگھم: ورلڈ کپ 2019 کے اپنے دوسرے میچ میں پاکستان نے میزبان انگلینڈ کو 14 رنز سے شکست دے دی، جو روٹ اور جوز بٹلر کی سنچریاں بھی انگلینڈ کے کام نہ آسکیں، محمد حفیظ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

    تفصیلات کے مطابق ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کی جانب دئیے جانے والے 349 رنز ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بناسکی، وہاب ریاض نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    انگلینڈ کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گری جب شاداب خان نے جیسن رائے کو 8 رنز پر پویلین روانہ کیا، بیرسٹو 32 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔

    جو روٹ نے 9 رنز پر بابر اعظم کی جانب سے کیچ ڈراپ کیے جانے کے بعد 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کپتان اوئن مورگن کو 9 رنز پر محمد حفیظ نے بولڈ کیا۔

    بین اسٹوکس 13 رنز بنا کر شعیب ملک کا شکار بنے، جوز بٹلر نے برق رفتار 103 رنز کی اننگز کھیلی، بٹلر کو محمد عامر نے آؤٹ کیا، معین علی 19 رنز پر ہمت ہار گئے۔

    کرس ووکس 21 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے، جوفرا آرچر نے ایک رن پر پویلین لوٹ گئے۔

    پاکستان کے وہاب ریاض نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاداب خان اور محمد عامر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حفیظ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

    قبل ازیں ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے اور میزبان انگلینڈ کو جیت کے لیے 349 رنز کا ہدف دے دیا، بابر اعظم اور سرفراز احمد نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے 82 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، فخر زمان 36 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے، امام الحق کو بھی 44 رنز پر معین علی نے پویلین روانہ کیا۔

    بابر اعظم نے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، محمد حفیظ 62 گیندوں پر 84 رنز بنا کر نمایاں رہے، حفیظ کی اننگز میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

    کپتان سرفراز احمد نے 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں ووکس نے آؤٹ کیا، آصف علی 14 رنز بنا کر کرس ووکس کا نشانہ بنے، شعیب ملک صرف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    وہاب ریاض کو 4 رنز بنا کر کرس ووکس نے آؤٹ کیا، حسن علی اور شاداب خان 10، 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    انگلینڈ کے کرس ووکس نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، معین علی نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں، مارک ووڈ نے دو وکٹیں لیں۔

    قبل ازیں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کر لیا تھا، انگلش کپتان کا کہنا ہے کہ پچ اچھی لگ رہی ہے، باؤنڈریز بھی چھوٹی ہیں۔

    انگلش کپتان اوئن مورگن کا کہنا ہے کہ کوشش کریں گے پاکستان کو کم رنز پر روکیں، ٹیم میں مارک ووڈ کو شامل کیا گیا ہے۔

    دوسری طرف پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، حارث سہیل اور عماد وسیم کی جگہ شعیب ملک اور آصف علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ 2019: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ ہی کرتے، پچ اچھی ہے، کوشش کریں گے اچھا کھیلیں اور اچھا اسکور کریں۔

    پاکستان ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ بھلا کر اچھا کھیلیں گے، خیال رہے کہ پاکستان نے اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے مقابل ہار دیا تھا۔

    31 مئی کو کھیلے گئے میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی، پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 106 رنز کا ہدف، پاکستان کا ورلڈ کپ میں دوسرا کم ترین اسکور تھا جسے ویسٹ انڈین ٹیم نے 13.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

    یہ ایونٹ کا چھٹا میچ ہے، دونوں ٹیمیں اپنا ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں جس میں انگلینڈ کو کام یابی اور پاکستان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

  • محمد عامر ٹیم میں کھیلنے کے لیے بالکل تیار ہیں: کپتان سرفراز احمد

    محمد عامر ٹیم میں کھیلنے کے لیے بالکل تیار ہیں: کپتان سرفراز احمد

    لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ محمد عامر ٹیم میں کھیلنے کے لیے بالکل تیار ہیں اور کل کے میچ کے لیے دستیاب ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل میچز کھیل کر اپنی پرفارمنس کا اندازہ ہو گیا ہے، پرفارمنس ٹیسٹ ہمیں ورلڈ کپ میں نا قابل شکست بنائے گا۔

    کپتان کا کہنا تھا کہ امید ہے ہم شکستوں کے تسلسل کو توڑ دیں گے، اگر ہم ٹاس جیت گئے تو پہلے بیٹنگ کریں گے، میں ٹیم میں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کروں گا۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ ڈیتھ اوورز میں بیٹنگ کرنی پڑی تو پھر ان کی بیٹنگ آرڈر مختلف ہو سکتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ 2019: جنوبی افریقہ کا انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

    انھوں نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملکہ برطانیہ سے مل کر اچھا لگا، ملکہ سے ملاقات اعزاز کی بات ہے، قومی لباس کی نمائندگی پر خوشی ہوئی۔

    کپتان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ بیٹنگ کرتے ہوئے تین سو پلس بنائیں، ہماری بیٹنگ بری نہیں، انگلینڈ اور پاکستان کے کھیلنے کا انداز مختلف ہے۔

    خیال رہے کہ عالمی کرکٹ کے میگا ایونٹ کا با قاعدہ آغاز آج سے اوول لندن میں ہو گیا ہے، افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جا رہا ہے، افتتاحی میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر میزبان انگلینڈ کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

  • ورلڈ کپ 2019: قومی ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی ہو گئی، ویڈیو جاری

    ورلڈ کپ 2019: قومی ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی ہو گئی، ویڈیو جاری

    لاہور: ورلڈ کپ 2019 کے لیے پاکستانی ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی کر دی گئی، کٹ میں ہمیشہ کی طرح سبز رنگ نمایاں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ کا عالمی میلہ بس 9 دن کی دوری پر رہ گیا ہے، پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی کر دی، اس سلسلے میں ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔

    نئی کٹ پر ایک طرف ورلڈ کپ 2019 اور دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کا لوگو ہے، پی سی بی نے نئی کٹ کے ساتھ کھلاڑیوں کی ویڈیو بھی جاری کر دی۔

    قومی ٹیم کی کٹ کا رنگ ہلکا اور گہرا سبز ہے، سبز رنگ کی کٹ پر سفید رنگ سے کھلاڑیوں کے نام اور نمبر لکھے گئے ہیں۔

    دریں اثنا، کرکٹ ورلڈ کپ دو ہزار انیس کا میلہ سجنے کو ہے، کرکٹ کے سب سے بڑے میلے کے لیے پاکستان ٹیم کل سے تیاریوں کو حتمی شکل دے گی۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم لیڈز سے برسٹل پہنچ گئی، عالمی کپ سے پہلے قومی ٹیم کے پاس خامیوں کو دور کرنے کا آخری موقع ہے، شاہین بولنگ اور فیلڈنگ کی غلطیوں کو سدھارنے کے لیے کل سے پریکٹس کا آغاز کریں گے۔

    شاداب خان بھی کل کے ٹریننگ سیشن کا حصہ ہوں گے، قومی ٹیم ورلڈ کپ کا پہلا وارم اپ میچ افغانستان سے، دوسرا بنگلہ دیش سے ہوگا جب کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم اپنی مہم جوئی کا آغاز 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔

    ورلڈ کپ میں 10 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ایونٹ کل 33 دن پر مشتمل ہوگا، 48 میچز کھیلے جائیں گے، اور ٹرافی کے لیے گھمسان کا رن پڑے گا، ایونٹ میں دنیائے کرکٹ کے بہترین اسٹارز ایکشن میں نظر آئیں گے۔

    مبصرین نے آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت اور پاکستان کو ٹائٹل کے لیے فیورٹ قرار دیا ہے، 30 مئی کو انگلینڈ میں شروع ہو نے والی کرکٹ کی اس عالمی جنگ کا افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان لندن میں ہوگا۔

  • 33 ویں قومی کھیلوں کی میزبانی خیبر پختونخواہ کرے گا

    33 ویں قومی کھیلوں کی میزبانی خیبر پختونخواہ کرے گا

    پشاور: 33 ویں قومی کھیلوں کی میزبانی خیبر پختون خواہ کرے گا، قومی کھیل 21 سے 27 اکتوبر تک پشاور میں ہوں منعقد ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں 8 سال بعد قومی کھیلوں کا انعقاد ہو رہا ہے، 33 ویں قومی کھیلوں کی میزبانی خیبر پختون خواہ کرے گا، یہ 21 سے 27 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

    کے پی کے سینئر وزیر عاطف خان نے اس سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ قومی کھیلوں سے صوبے کا ایک مثبت تشخص سامنے آئے گا۔

    انھوں نے کہا کہ قومی کھیلوں کے انعقاد پر17 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، ان کھیلوں سے صوبے میں سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

    سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان شریک ہوں گے، جب کہ اختتامی تقریب میں صدر مملکت عارف علوی شرکت کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  خیبر پختونخوا: نجی اسکولوں میں ریکارڈ شدہ قومی ترانہ چلانے پر پابندی عائد

    اجلاس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف حسن نے کہا کہ میں وزیر اعلی کے پی کا شکر گزار ہوں، امید ہے بہتر کھیلوں کا انعقاد ہو گا، قومی کھیلوں کے اس ایونٹ میں 22 مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔

    عارف حسن نے بتایا کہ ایونٹ میں 9 ہزار کھلاڑی اور حکام شرکت کریں گے، یہ کھیل مختلف شہروں میں منعقد ہوں گے، افغانستان سے بھی نمائندہ وفد کھیلوں میں شرکت کرے گا۔

    دریں اثنا، اجلاس میں کے پی میں سیاحتی مقامات پر کیمپنگ پاڈز لگانے کا حتمی فیصلہ کیا گیا، یہ کیمپنگ پاڈز گبین جبہ، گولن گول، بیاڑی، اناکڑ اور الائی میں لگائے جائیں گے۔ سینئر وزیر نے تمام کیمپنگ پاڈز عید سے پہلے پہلے لگانے اور تمام سیاحتی مقامات پر ریسٹ ایریاز کی فراہمی کے احکامات بھی جاری کیے۔

    اجلاس میں ٹور ازم پولیس کی تعیناتی سمیت سیاحتی مقامات پر بس سروس کے حوالے سے بھی غور ہوا، سینئر وزیر نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر صفائی کی صورت حال ہر حال میں یقینی بنانا ہوگی-