Tag: کھیلوں کی خبریں

  • انڈر 19 ایشیا کپ: مسلسل دوسری شکست کے بعد قومی ٹیم ایونٹ سے باہر

    انڈر 19 ایشیا کپ: مسلسل دوسری شکست کے بعد قومی ٹیم ایونٹ سے باہر

    چٹاگانگ: انڈر 19 ایشیا کپ میں قومی ٹیم کو مسلسل دوسری شکست ہوئی جس کے بعد پاکستانی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش میں جاری انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کو اہم گروپ میچ میں سری لنکا نے 23 رنز سے ہرا دیا۔

    یہ گروپ میچز میں پاکستان کا مسلسل دوسرا میچ ہے جس میں ٹیم نے شکست کھائی ہے۔

    مسلسل دوسری ناکامی کے بعد قومی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

    خیال رہے کہ انڈر 19 ایشیا کپ کے پہلے مرحلے میں پاکستانی ٹیم نے 3 میچز کھیلے جن میں سے ٹیم صرف ایک میں فتح یاب ہوئی۔ پاکستانی ٹیم کا مقابلہ بنگلہ دیش، سری لنکا اور ہانگ کانگ سے ہوا۔

    قومی کرکٹ ٹیم 15 رکنی دستے پر مشتمل تھی۔ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر تھے۔

    دیگر کھلاڑیوں میں محمد محسن، صائم ایوب، جہاں زیب سلطان، اویس ظفر، وقار احمد، سعد خان، محمد آصف، فرخ عباس، محمد بلال جاوید، جنید خان، موسی خان، نسیم شاہ، محمد حسنین اور ارشد اقبال شامل تھے۔

    28 ستمبر سے شروع ہونے والا انڈر 19 ایشیا کپ انڈر 7 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔

  • ٹی 10 لیگ کی مشکلات میں مزید اضافہ، انگلش اور سری لنکن کرکٹ بورڈز نے بھی تحفظات کا اظہار کر دیا

    ٹی 10 لیگ کی مشکلات میں مزید اضافہ، انگلش اور سری لنکن کرکٹ بورڈز نے بھی تحفظات کا اظہار کر دیا

    لاہور: شارجہ میں ہونے والی ٹی 10 لیگ کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، انگلش اور سری لنکن کرکٹ بورڈز نے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلش اور سری لنکن کرکٹ بورڈز نے شارجہ میں ہونے والی ٹی ٹین لیگ پر تحفظات ظاہر کر کے لیگ کے لیے ایک اور مشکل کھڑی کر دی۔

    [bs-quote quote=”ٹی ٹین لیگ کے خلاف آئی سی سی میں شکایت کی جائے گی” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    انگلش اور سری لنکن کرکٹ بورڈز نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹی ٹین لیگ کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں شکایت درج کی جائے گی۔

    ٹی ٹین لیگ ہر گزرتے دن کے ساتھ مسائل کا گڑھ بنتی جا رہی ہے، لیگ کے مرکزی اسپانسر کے خلاف بھارتی اخبار مشکوک کردار کی خبروں سے بھرے ہیں۔

    خیال رہے کہ لیگ کے مرکزی اسپانسر پر سرمایہ کاروں کے پیسے کھانے کا الزام ہے، اب انگلینڈ اور سری لنکن بورڈز نے بھی تحفظات ظاہر کر دیے ہیں کہ ٹی 10 لیگ کرانے والے کون ہیں اور پیسا کہاں سے آیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  ٹی 10 لیگ: چیئرمین پی سی بی کے تحفظات کا اب تک جواب نہیں مل سکا


    احسان مانی کہہ چکے ہیں کہ نہ تو لیگ کے مالک کا پتا ہے، نہ ہی آرگنائزر کاعلم ہے، یہ بھی واضح نہیں کہ پیسا کہاں سے آ رہا ہے، اس تناظر میں ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی کھلاڑیوں کو تحفظ دینا ضروری ہے۔ چیئرمین پی سی بی کے تحفظات کا تا حال کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔

    قومی ٹیم کے سابق کھلاڑیوں نے بھی کہا کہ ٹی ٹین کوئی کرکٹ لیگ نہیں، ایسے فارمیٹ سے وہ مطمئن نہیں، آئی سی سی کو اس قسم کی کرکٹ لیگز پر نظر رکھنی چاہیے، اس قسم کی کرکٹ لیگز سے ورلڈ کلاس لیگز کو نقصان ہوتا ہے۔

  • ایشیا کپ 2018: پاکستان اور بھارت آج پھر آمنے سامنے ہوں گے

    ایشیا کپ 2018: پاکستان اور بھارت آج پھر آمنے سامنے ہوں گے

    دبئی: ایشیا کپ 2018 کا ایک اور بڑا مقابلہ آج دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، سپر فور مرحلے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق گروپ میچ میں شکست کا بدلہ لینے کے لیے پاکستان ٹیم آج ایک بار پھر اپنے روایتی حریف بھارتی ٹیم کا سامنا کرے گی، زخمی شاہینوں نے بلے بازوں سے امیدیں وابستہ کر لیں۔

    دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے میں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں، آج کا میچ جیتنے والی ٹیم ٹاپ پر آجائے گی، دبئی اسٹیڈیم میں جیت کے لیے پاکستانی بولنگ اور بھارتی بیٹنگ کی آزمائش ہوگی۔

    پاک بھارت ٹاکرے میں آج جیتنے والی ٹیم کی فائنل تک رسائی کی راہ ہموار ہو جائے گی، یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے شروع ہوگا۔

    یاد رہے کہ اب تک دونوں حریف ٹیموں میں ایک ہی میچ کھیلا گیا ہے، قومی ٹیم کو بیٹنگ لائن کی ناکامی کی وجہ سے بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان نےافغانستان کوسنسنی خیزمقابلے کے بعد شکست دیدی


    بھارت سے میچ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست ہوئی، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 43.1 اوور میں 162 رنز بنائے تھے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوئے، بھارت نے دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کیا۔

    تاہم سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے کر بیٹنگ پر اپنا اعتماد بحال کر دیا ہے، اس میچ میں شعیب ملک کے 51 رنز کی فتح گر بیٹنگ کے علاوہ امام الحق اور بابر اعظم نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں۔

  • ملالہ شہزاد رائے سے شطرنج کی چالیں سیکھنے لگیں

    ملالہ شہزاد رائے سے شطرنج کی چالیں سیکھنے لگیں

    کراچی: نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی گلوکار اور سماجی شخصیت شہزاد رائے سے شطرنج کی چالیں سیکھنے لگیں، شہزاد رائے نے ایک ملاقات میں ملالہ کو سکھایا کہ شطرنج کیسے کھیلتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی گلوکار شہزاد رائے اور تعلیم کے سلسلے میں دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں سماجی جدوجہد کرنے والی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے درمیان ملاقات ہوئی۔

    شہزاد رائے اور ملالہ کے درمیان ہونے والی خوش گوار ملاقات کی تصویر نے ٹویٹر پر بڑی تعداد میں شائقین کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی۔

    پاپ گلوکار شہزاد رائے نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تصویر شیئر کی جس میں دونوں شخصیات شطرنج بورڈ کے سامنے بیٹھے  شطرنج کھیل رہے ہیں۔

    شہزاد رائے نے کہا کہ وہ ملالہ یوسف زئی کو شطرنج سکھا رہے تھے، انھوں نے لکھا ’میں ملالہ کو سکھا رہا تھا کہ شطرنج کس طرح کھیلی جاتی ہے۔‘


    یہ بھی پڑھیں:  آرمی چیف کی طلبہ سے ملاقات، شطرنج کھیلی

    اسے بھی پڑھیں:  ملالہ یوسف زئی کی کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات


    پاکستانی گلوکار نے ملالہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ ضرور کہوں گا کہ ملالہ یوسف زئی بہت تیزی سے سیکھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

    شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ شطرنج دماغی کھیل ہے، اسے اسکول کے نصاب کا حصہ ہونا چاہیے، زندگی ٹرسٹ نے ایک سرکاری اسکول ایس ایم بی فاطمہ جناح کو گود لیا ہے، جہاں سے شطرنج میں ایک قومی چیمپئن ابھرا۔

  • محمد عباس کی کاؤنٹی کرکٹ میں طوفانی بولنگ، 10 وکٹیں اڑا دیں

    محمد عباس کی کاؤنٹی کرکٹ میں طوفانی بولنگ، 10 وکٹیں اڑا دیں

    انگلینڈ: پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس نے کاؤنٹی کرکٹ میں اپنی طوفانی بولنگ سے مخالف ٹیم کی بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑاتے ہوئے 10 وکٹیں اپنے نام کر لیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیسٹ ٹیم کے تیز رفتار بولر محمد عباس نے کاؤنٹی کرکٹ میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ایک ٹیسٹ میچ کی دو اننگز میں دس وکٹیں اڑا دیں۔

    محمد عباس نے لیسٹر شائر کی طرف سے کھیلتے ہوئے ڈرہم کے خلاف دونوں اننگز میں پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں، ان کی تباہ کن بولنگ کی وجہ سے ڈرہم کی ٹیم دن میں دو بار آؤٹ ہوگئی۔

    قبل ازیں لیسٹر شائر نے پہلی اننگز کا آغاز کرتے ہوئے 321 رنز بنائے جس کے جواب میں ڈرہم کی ٹیم دو مرتبہ آؤٹ ہوئی لیکن ہدف تک نہیں پہنچ پائی۔

    ڈرہم نے اپنی پہلی اننگز میں 61 رنز بنائے اور پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی، دوسری اننگز شروع کی تو ایک بار پھر وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح گرتی چلی گئیں اور پوری ٹیم 66 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔

    سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر محمد عباس کی تباہ بولنگ کی وجہ سے لیسٹر شائر یہ میچ 194 رنز سے جیت گئی۔


    ریڈ کارڈ دکھانے پر ’رونالڈو ‘ رو پڑے


    ڈرہم کے خلاف پاکستانی فاسٹ بولر نے پہلی اننگز میں 23 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ دوسری اننگز میں 29 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، مجموعی طور پر انھوں نے 52 رنز دے کر 10 وکٹیں حاصل کیں۔

    اپنی شان دار کارکردگی کے حوالے سے محمد عباس نے کہا کہ ہوا اتنی شان دار تھی کہ مجھے اس ماحول میں بولنگ بہت مختلف لگی، میں نے اپنے کوچ سے کہا تھا کہ مجھے قومی ٹیم میں کھیلنے کے لیے اپنے گھر واپس جانا ہے اور میں آخری میچ میں مین آف دی میچ بننے کی کوشش کروں گا۔

  • بھارت کے خلاف کام یابی کے لیے 100 فی صد پرفارمنس دینا ہوگی، سرفراز احمد

    بھارت کے خلاف کام یابی کے لیے 100 فی صد پرفارمنس دینا ہوگی، سرفراز احمد

    دبئی: پاکستان کے ایشیا کپ 2018 میں فاتحانہ آغاز کے بعد کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیم کو بھارت کے خلاف کام یابی کے لیے 100 فی صد پرفارمنس دینا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق آج پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے گروپ میچ میں ہانگ کانگ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی، کپتان نے فتح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف سو فی صد پرفارمنس دینا ہوگی۔

    قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ایونٹ میں شروعات اچھی رہی، ہانگ کانگ کے خلاف کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔

    کپتان کا کہنا تھا کہ انڈیا کے ساتھ جب بھی میچ ہوتا ہے اہم ہوتا ہے، ہم کوشش کریں گے کہ اس کے ساتھ پہلے میچ میں مومنٹم حاصل کریں، انڈیا کے خلاف پوری تیاری کے ساتھ جائیں گے۔

    خیال رہے کہ میچ سے قبل کپتان سرفراز کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے، کسی بھی ٹیم کو فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے 5 سے 6 میچ ضرور جیتنے ہوں گے، تمام ٹیمیں ٹائٹل حاصل کرنے کے لیے اچھی کارکردگی دکھائیں گی۔


    یہ بھی پڑھیں:  ایشیا کپ 2018: پاکستان نے ہانگ کانگ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی


    واضح رہے کہ آج دوسرے گروپ میچ میں ہانگ کانگ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 116 رنز بنائے تھے، پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 24 ویں اوور ہی میں ہدف حاصل کرلیا۔

    بابر اعظم 45 اننگز میں دو ہزار رنز بنانے والے دوسرے پاکستانی بن گئے، اس سے قبل 45 اننگز میں دوہزار رنز کا اعزاز صرف ایشین بریڈ مین ظہیرعباس کے پاس تھا۔

  • مشفیق الرحیم کی عمدہ بیٹنگ، بنگلا دیش کا ایشیا کپ میں فاتحانہ آغاز، سری لنکا کو عبرتناک شکست

    مشفیق الرحیم کی عمدہ بیٹنگ، بنگلا دیش کا ایشیا کپ میں فاتحانہ آغاز، سری لنکا کو عبرتناک شکست

    دبئی: ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بنگلا دیش نے سری لنکا کو 137 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کا پہلا میچ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بنگلا دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا، بنگال ٹائیگرز نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

    بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کا فیصلہ مہنگا پڑا اور  سری لنکا کے باؤلر ملنگا نے میچ کے آغاز پر ہی دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، لٹن داس اور شکیب الحسن پہلے اوور میں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے۔

    بنگال ٹائیگرز  کو آغاز اچھا نہ مل سکا اور 184 کے اسکور پر اُس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے البتہ مشفیق الرحیم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 144 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو بہترین مجموعے کی طرف لے گئے۔

    بنگلا دیش کی ٹیم کے تمام کھلاڑی میچ کے آخری (پچاسویں) اوور میں 261 رنز پر آؤٹ ہوئے اور اس طرح سری لنکا کی ٹیم کو جیت کے لیے 262 رنز کا ہدف ملا، لاستھ ملنگا 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے نمایاں گیند باز رہے۔

    ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم خاطر خواہ کاکردگی نہ دکھا سکی اور 124 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پریرا 29 اور اوپل تھرنگا 27 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ بنگلا دیش کے گیند باز مشرفی مرتضیٰ ، مستفیض الرحمان اور مہندی حسن نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

    مشفق الرحیم 144 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کےساتھ ٹاپ اسکورر رہے، انہیں بہترین کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

    بنگلادیش کے اوپنر تمیم اقبال کے ہاتھ پر گیند لگی جو ہتھیلی میں فریکچر کا باعث بنی، انجری کے باعث اوپننگ بیٹسمین ایشیا کپ سے باہر ہوگئے۔

    ٹاس


    ٹاس جیتنے کے بعد بنگلا دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ نے کہا کہ ہم نے وکٹ دیکھی، وکٹ بہت اچھی ہے، ہم حریف کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

    دوسری طرف سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز کا بھی کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو وہ بھی بیٹنگ ہی کو ترجیح دیتے۔

    خیال رہے کہ ایشیا کپ کا آغاز آج سے متحدہ عرب امارات میں ہوگیا ہے، بھارتی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی، ایونٹ میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش، سری لنکا، ہانک کانگ اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

    ایشیا کپ 2108 میں کھیلنے والی پاکستان، انڈیا، اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں گروپ اے میں شامل ہیں، جب کہ سری لنکا، بنگلا دیش اور افغانستان کی ٹیمیں بی گروپ کا حصہ ہیں۔


    ایشیا کپ ٹرافی کی رونمائی، کپتانوں کی نیوز کانفرنس


    پہلے مرحلے میں دونوں گروپس کی دو ٹاپ ٹیمیں سپر فور مرحلے میں داخل ہوں گی، ایشیا کپ کا فائنل میچ 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ خیال رہے کہ انڈیا ایشیا کپ سات مرتبہ جیت چکا ہے، جب کہ سری لنکا پانچ اور پاکستان دو مرتبہ ایشین چیمپئن رہا۔

    بنگلہ دیشی اسکواڈ


    کپتان: مشرفی مرتضیٰ

    بیٹس مین: تمیم اقبال، محمد متھن، لٹن داس، مشفیق الرحیم، عارف الحق، نظم الحسین، مومن الحق

    بولرز: نظم الاسلام، روبل حسین، مستفیذ الرحمان

    آل راؤنڈرز: شکیب الحسن، محمود اللہ ریاض، مصدق حسین، مہدی حسن، ابو حیدر

    سری لنکن اسکواڈ


    کپتان: اینجلو میتھیوز

    بیٹس مین: کوسل مینڈس، اپل تھارنگا، دنوشکا گناتیلاکا، نروشن ڈک ویلا

    بولرز: سرنگا لکمل، دشمنتھا چمیرا، لاستھ ملنگا، اکیلا دننجاوا

    آل راؤنڈرز: تھیسارا پریرا، دسُن شناکا، دھنن جاوا ڈی سلوا، دلروان پریرا، امیلا اپانسو، کسون رجیتھا

  • وقت آ گیا ہے کہ بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان آ کر کھیلیں، ہارون لورگاٹ

    وقت آ گیا ہے کہ بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان آ کر کھیلیں، ہارون لورگاٹ

    لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سابق چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے کہا ہے کہ پاکستان میں معیاری کرکٹ کھیلی جا رہی ہے، وقت آ گیا ہے کہ بین الاقوامی ٹیمیں پاکستان آ کر کھیلیں۔

    ہارون لورگاٹ لاہور میں پریس کانفرنس کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ اب بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کو پاکستان میں آ کر کھیلنا چاہیے، یہاں کرکٹ کا معیار دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔

    آئی سی سی کے سابق چیف ایگزیکٹو نے کہا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کرکٹ کا ایک معیار دیکھنے میں آیا ہے، یہ معیار باعثِ مسرّت ہے، بین الاقوامی ٹیمیں اب پاکستان آ کر کھیلیں۔

    ہارون لورگاٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی میں پی ایس ایل کا کردار اہم ہوگا، سپر لیگ میں ایک معیار نظر آیا ہے، یہ عالمی کرکٹ کی واپسی میں اہم کردار ادا کرے گی۔


    یہ بھی پڑھیں:  پاک بھارت کرکٹ سیریز کے لیے یونس خان نے آسان فارمولا پیش کردیا


    خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے بھی پی ایس ایل کے حوالے سے کہا تھا کہ جن ممالک نے اس طرز کے ایونٹ منعقد کیے وہاں سے ٹیلنٹ نکل کر سامنے آیا، صرف تین سال کے عرصے میں با صلاحیت نوجوان کرکٹر ز نے قومی ٹیم میں جگہ بنائی اور اپنا لوہا منوایا۔

    پی ایس ایل سے ہٹ کر بھی پاکستان کے مخلتف شہروں سے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے ’کراچی کنگز سندھ کے شہزادے‘ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس کا دائرہ کار پورے ملک پر پھیلایا جا رہا ہے۔

  • وزیرِ اعظم نے کھیلوں کی صورتِ حال پر بریفنگ مانگ لی

    وزیرِ اعظم نے کھیلوں کی صورتِ حال پر بریفنگ مانگ لی

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے ملک میں کھیلوں کی موجودہ صورتِ حال پر بریفنگ مانگ لی، کھیلوں کے اداروں اور مختلف ایونٹس میں پاکستانی دستوں کی کارکردگی پر غور کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کل وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا وزیرِ اعظم عمران خان کو صوبوں میں کھیلوں کی صورتِ حال کے حوالے سے بریف کریں گی۔

    ذرائع نے بتایا کہ خصوصی میٹنگ میں ایشین گیمز میں پاکستانی دستے کی خراب کارکردگی پر بھی وزیرِ اعظم کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔

    کھیلوں سے متعلق اجلاس میں اسپورٹس فیڈریشن کی حالت زار کو بھی زیرِ غور لایا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈریشن سے متعلق ایک رپورٹ بھی عمران خان کو پیش کی جائے گی۔

    وزیر اعظم عمران خان کو پاکستان ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی سے متعلق بھی بریفنگ دی جائے گی، ذرائع کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے ملنے والی بریفنگ سے بھی انھیں آگاہ کیا جائے گا۔


    “سندھ کے شہزادے” کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح: شاہد آفریدی اور سلمان اقبال کو ناصر حسین شاہ کا خراجِ تحسین


    واضح رہے کہ احسان مانی پی سی بی کے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں، احسان مانی اس سے قبل انٹرنیشل کرکٹ کاؤنسل آئی سی سی کے صدر بھی رہ چکے ہیں، عمران خان نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدے کے لیے احسان مانی کو نامزد کیا تھا۔

  • پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کا انتخاب کل ہوگا

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کا انتخاب کل ہوگا

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کا انتخاب کل کیا جائے گا، گورننگ بورڈ کے 10 میں سے 9 ارا کین نئے چیئرمین کا انتخاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بھی کے گورننگ بورڈ کے اراکین پی سی بی کے نئے چیئرمین کا انتخاب کل کریں گے، احسان مانی کے بلا مقابلہ چیئرمین بننے کا قوی امکان ہے۔

    چیئرمین کے عہدے کے حصول کے سلسلے میں احسان مانی نے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشلز سے ملاقاتیں کیں۔

    پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز نے قذافی اسٹیڈیم کے میڈیا کانفرنس روم میں ایک خصوصی اجلاس کل طلب کر لیا ہے، جس میں الیکشن کمشنر جسٹس (ر) افضل حیدر ڈپٹی الیکشن کمشنر احمد شہزاد رانا کے ساتھ کرکٹ بورڈ کے الیکشن کروائیں گے۔

    کل تین بجے سہ پہر پی سی بی کی جانب سے اجلاس کی فوٹیج بھی جاری کی جائے گی اور چیئرمین کے انتخاب کے فوراً بعد پریس کانفرنس ہوگی۔


    یہ بھی پڑھیں:  کرکٹ بورڈ میں انقلابی تبدیلیوں کا امکان


    الیکشن شیڈول کے مطابق صبح گیارہ بجے سے ساڑے گیارہ کے درمیان کاغذاتِ نامزدگی جمع ہوں گے، اگلے آدھے گھنٹے میں اعتراضات اور سکروٹنی ہوگی، بارہ بجے اعتراضات کی سماعت ہوگی، ساڑے بارہ بجے امیدوار دست بردار ہوسکیں گے، اور ایک بجے امیدواروں کی حمتی فہرست کا اعلان ہوگا جب کہ ڈیڑھ بجے پی سی بی کے چیئرمین کے لیے الیکشن ہوگا۔

    واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی کے اعلان کے بعد پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین کا بھی انتخاب کیا جائے گا، جس کے لیے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کے طور پر فرائض ادا کرنے والے آفیشل ذاکر خان مضبوط امیدوار بن گئے ہیں۔