Tag: کھیلوں کی خبریں

  • پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی گرفت مضبوط

    پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی گرفت مضبوط

    راولپنڈی: پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے روز کا کھیل ختم ہو گیا، جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 4 وکٹ پر 106رنز بنا لیے۔

    تفصیلات کے مطابق پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی گرفت مضبوط ہو گئی ہے، قومی کھلاڑیوں نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی۔

    خراب روشنی کے باعث کھیل مقررہ وقت سے 10 منٹ قبل ختم کیا گیا، حسن علی 2، نعمان علی اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، جنوبی افریقا کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 166 رنز درکار ہیں۔

    قبل ازیں، پنڈی ٹیسٹ میں فہیم اشرف نے ٹیم کی لاج رکھ لی، دوسرے روز پہلے سیشن میں 4 وکٹیں گرنے کے بعد فہیم اشرف نے نصف سنچری بنا لی، فہیم اشرف نے ناٹ آؤٹ 78 رنز بنائے، قومی ٹیم پہلی اننگز میں 272 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

    دوسرے روز جنوبی افریقی بولرز نے آغاز اچھا دیا، بابر اسکور میں اضافہ کیے بغیر 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، فواد 45 رنز بنا کر بد قسمت رہے، پہلے سیشن میں چار وکٹیں گریں لیکن فہیم اشرف چٹان بنے رہے۔

    تاہم دوسرے سیشن میں ٹیل اینڈرز زیادہ مزاحمت نہ کر سکے، وکٹیں وقفے وقفے سےگرتی رہیں اور پوری ٹیم 272 رنز پر آؤٹ ہو گئی، فہیم اشرف 78 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، جنوبی افریقا کی جانب سے انریخ نارکیا نے 5 اور کیشو مہاراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

    فہیم اشرف نے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ بلے بازی میں اسکور کرنا میرے لیے بونس ہے، جب میرے نصیب میں ٹیسٹ سنچری ہوگی تو اسکور کر لوں گا، راولپنڈی میں جتنی وکٹ ٹو وکٹ گیند بازی کریں اتنا اچھا ہے۔

  • اسٹار فٹبالر رونالڈو کا ایک اور اعزاز

    اسٹار فٹبالر رونالڈو کا ایک اور اعزاز

    پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا اور انٹرنیشنل گولز کی سنچری مکمل کر لی، اب انہیں سب سے زیادہ گولز کا ریکارڈ توڑنے کے لیے مزید 9 گولز درکار ہیں۔

    پرتگال کے فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے 100 گولز مکمل کرلیے، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے دوسرے فٹبالر بن گئے ہیں۔

    رونالڈو نے یہ گولز سوئیڈن کے خلاف میچ میں کیے، یوئیفا نیشنز لیگ میں پرتگال نے سوئیڈن کو 0-2 گول سے ہرا دیا، دونوں ہی گول رونالڈو نے اسکور کیے۔

    پرتگال کے کپتان نے 45 ویں منٹ میں فری کک لگائی اور گیند کو جال میں پہنچا کرانٹرنیشنل گولز کی سنچری مکمل کر لی۔ دوسرے ہاف میں بھی سوئیڈن کی دفاعی لائن رونالڈو کو روکنے میں ناکام رہی اور 72 ویں منٹ میں رونالڈو نے ایک اور گول داغ دیا۔

    رونالڈو یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے دوسرے فٹبالر بن گئے ہیں، ایران کے لیجنڈ فٹبالر علی داعی 109 گولز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ ان کا ریکارڈ توڑنے کے لیے رونالڈو کو مزید 9 گولز درکار ہیں۔

  • پاک بنگلا سیریز: مہمان ٹیم آج پریکٹس کرے گی

    پاک بنگلا سیریز: مہمان ٹیم آج پریکٹس کرے گی

    لاہور: پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ٹی 20 سیریز کے سلسلے میں مہمان ٹیم آج دوپہر قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بنگلا دیش کرکٹ ٹیم ٹی ٹوینٹی سیریز کے سلسلے میں پریکٹس کرے گی، نشتر اسپورٹس کمپلیکس کے اطراف کھلاڑیوں کے بینر بھی آویزاں کر دیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نشتر اسپورٹس کمپلیکس کے اندر اور اطراف روشنی کا بھرپور انتظام کیا گیا ہے، کرکٹ کے شایقین کی سہولت کے لیے مختلف کاؤنٹر بنائے گئے ہیں جہاں سے سیریز کے ٹکٹس خرید سکیں گے۔

    بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے پاک دھرتی پر قدم رکھ دیا

    خیال رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوینٹی سیریز کے تین میچز 24،25 اور 27 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔

    گزشتہ روز بنگلا دیش کرکٹ ٹیم سیریز کھیلنے کے لیے لاہور پہنچ گئی ہے، لاہور ایئرپورٹ پر پی سی بی حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا، مہمان کھلاڑیوں کو گل دستے پیش کیے گئے۔ بنگلا دیش ٹیم کے کپتان محمود اللہ آج ٹرافی کی رونمائی کے بعد پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ مہمان ٹیم میں محمود اللہ، تمیم اقبال، سومیا سرکار، نعیم شیخ، نجم الحسین شانتو، لٹن کمار داس، ایم ڈی مٹھن، عفیف حسین، مہدی حسن، مستفیض الرحمان، شفیع الاسلام، الامین حسین، روبیل حسین اور حسن محمود شامل ہیں۔

  • سری لنکن ٹیم پریکٹس کے لیے اسٹیڈیم پہنچ گئی، احسان مانی بنگلا دیشی ٹیم کے دورے کے لیے پرامید

    سری لنکن ٹیم پریکٹس کے لیے اسٹیڈیم پہنچ گئی، احسان مانی بنگلا دیشی ٹیم کے دورے کے لیے پرامید

    راولپنڈی: پاکستان میں 10 سال بعد انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ کی رونقیں بحال ہو گئی ہیں، سری لنکن ٹیم پریکٹس سیشن کے لیے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود ہے، تاہم گراؤنڈ پر اس وقت گہرے بادلوں کے ڈیرے ہیں، اور بارش کا امکان ہے۔

    دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسانی مانی نے بنگلا دیشی ٹیم کے پاکستان کے دورے کے لیے امید کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ سطح رابطوں کے بعد بنگلا دیشی ٹیم پاکستان ضرور آئے گی۔

    اس وقت کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں سری لنکن ٹیسٹ ٹیم پریکٹس کے لیے موجود ہے، آئی سی سی میچ آفیشلز بھی اسٹیڈیم میں موجود ہیں، پاکستان، سری لنکن ٹیمیں کل پہلا ٹیسٹ اسی اسٹیڈیم میں کھیلیں گی، قبل ازیں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے اسٹیڈیم میں پچ کا معائنہ کیا، ہیڈ کوچ مصباح الحق اور سری لنکن ٹیم ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی معائنے کے وقت ان کے ہم راہ تھے۔

    دریں اثنا، چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ بنگلا دیش کے دورے سے متعلق مثبت جواب کا امکان ہے، وزیر اعظم عمران خان نے بنگلا دیشی وزیر اعظم کو فون کیا تھا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی بنگلا دیشی وزیر خارجہ سے مل چکے ہیں، بنگلا دیش نے دورے سے منع کیا تو وجہ بتانا ہوگی، بنگلا دیشی سیکورٹی وفد کی رپورٹ بھی مثبت ہے۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ وہ پُر امید ہیں کہ بنگلا دیش کی ٹیم ضرور پاکستان آئے گی، 2021 میں انگلینڈ، 2022 میں آسٹریلیا کے دورۂ پاکستان کے لیے بھی پُر امید ہوں، پاکستان آئی سی سی کے اضافی ٹورنامنٹس کے حق میں ہے، بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ نے آئی سی سی کے 2 ٹورنامنٹس کی مخالفت کی، تاہم آئی سی سی کے اضافی ٹورنامنٹس سے ممبر ممالک کو 700 ملین ڈالرز کا فائدہ ہو سکتا ہے۔

  • ایڈیلیڈ ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل، پاکستان کے وائٹ واش کا خطرہ

    ایڈیلیڈ ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل، پاکستان کے وائٹ واش کا خطرہ

    ایڈیلیڈ: پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، دوسری اننگز میں بھی پاکستانی بیٹنگ لڑکھڑا گئی ہے، آدھی ٹیم صرف 167 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ کے میدان میں پاکستان پر مسلسل دوسرے میچ میں اننگز کی شکست کا خطرہ منڈلا رہا ہے، آج میچ کے چوتھے روز پاکستان نے چائے کے وقفے تک 5 وکٹوں پر 167 رنز بنا لیے ہیں۔

    محمد رضوان اور افتخار احمد 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، امام الحق صفر، اظہر علی 9 اور بابر اعظم 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے، شان مسعود نے 68 اور اسد شفیق نے 57 رنز کی اننگ کھیلی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایڈیلیڈ ٹیسٹ: تیسرے دن کا کھیل ختم، پاکستان کے 3 وکٹوں پر 39 رنز

    ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو پاکستان پر 120 رنز کی برتری حاصل ہے، پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 302 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی جس کے بعد اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا تھا، دوسری اننگز میں بھی بیٹنگ لائن نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا کو دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔ برسبین میں کھیلے گئے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں پاکستان کو شرم ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک اننگز اور 5 رنز سے ہرا دیا تھا۔

    قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کم بیک کرے گی، تاہم یہ امید بر آتی نظر نہیں آ رہی ہے۔

  • برسبین ٹیسٹ: پاکستان نے 3 وکٹوں پر 64 رنز بنا لیے

    برسبین ٹیسٹ: پاکستان نے 3 وکٹوں پر 64 رنز بنا لیے

    برسبین: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری برسبین ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہو گیا، پاکستان نے 3 وکٹوں پر 64 رنز بنا لیے۔

    تفصیلات کے مطابق برسبین ٹیسٹ میں کینگروز نے شاہینوں کو دبوچ لیا ہے، مہمان ٹیم پر اننگز کی شکست کے سائے منڈلانے لگے ہیں، آسٹریلیا کے پہلی اننگز کے اسکور 580 رنز کے جواب میں پاکستان نے دوسری اننگز میں ابتدائی 3 وکٹیں گنوا دیں۔

    آج تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے چونسٹھ رنز بنائے، اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے اظہر الیون کو مزید 276 رنز درکار ہیں، پاکستان کے تین بلے باز اظہر، اسد اور حارث آسٹریلوی بولرز کا نشانہ بن گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  برسبین ٹیسٹ، قسمت کی دیوی ڈیوڈ وارنر پر مہربان

    شان مسعود 27، جب کہ بابر اعظم 20 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 2، پیٹ کمنز نے ایک وکٹ حاصل کی، حارث سہیل 8، کپتان اظہر علی 5، جب کہ اسد شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

    برسبین میں جیتنے کا خواب ٹوٹتا ہوا نظر آ رہا ہے، قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی کی بدولت پانچ روزہ میچ چار روز میں ختم ہوتے نظر آ رہا ہے۔ دوسری اننگز میں بھی پاکستانی بلے باز بوکھلاہٹ کا شکار نظر آئے۔

    آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی بلے بازوں کو سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، آسٹریلوی بلے بازوں نے پہلی اننگز میں پانچ سو اسی رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا، میزبان بلے باز پاکستانی بولرز پر قہر بن کر ٹوٹے، وارنر اور لبوشین نے سنچریاں اسکور کیں، جب کہ پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 240 رنز بنا سکی تھی۔

  • پاکستانی ٹینس اسٹار کا بھارت کے خلاف ڈیوس کپ سے دست برداری کا بڑا فیصلہ

    پاکستانی ٹینس اسٹار کا بھارت کے خلاف ڈیوس کپ سے دست برداری کا بڑا فیصلہ

    کراچی: پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق نے بڑا فیصلہ کر لیا، اعصام الحق بھارت کے خلاف احتجاجاً ڈیوس کپ ٹائی سے دست بردار ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اعصام الحق نے بھارت کے خلاف ڈیوس کپ سے دست برداری کا فیصلہ کر لیا ہے، ٹینس اسٹار نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا۔

    اعصام الحق کا کہنا تھا کہ وہ نیوٹرل وینیو پر احتجاجاً پاکستان ٹیم کا حصہ نہیں بنیں گے، بھارت نے دھرنے کا بہانا بنا کر ایونٹ کی میزبانی سے محروم کیا ہے، کھیل کو سیاست سے ملانا غلط ہے، آئی ٹی ایف (انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن) اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔

    ٹینس اسٹار نے کہا کہ ڈیوس کپ کی منتقلی سے ہمارا مذاق اڑایا گیا ہے، آئی ٹی ایف کا سیکورٹی وفد پہلے ہی کلیئرنس دے چکا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  آئی ٹی ایف نے ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی پاکستان سے واپس لے لی

    انھوں نے کہا کہ بھارتی بلا خوف کرتارپور، ننکانہ صاحب اور ٹیکسلا آ رہے ہیں، برطانوی شاہی خاندان بھی پاکستان کا دورہ کر چکا ہے، ملکہ ہالینڈ بھی رواں ہفتے پاکستان آ رہی ہیں، بڑی تعداد میں بین الاقوامی مقابلے بھی پاکستان میں ہو رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے میزبانی لینے کا کوئی جواز نہیں ہے، آئی ٹی ایف اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

    یاد رہے کہ 5 نومبر کو آئی ٹی ایف نے ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی پاکستان سے یہ کہہ کر واپس لی تھی کہ اسے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سیکورٹی سب سے زیادہ عزیز ہے، پاکستان میں دھرنے بھی جاری ہیں، سیکورٹی ماہرین کی تازہ رپورٹ کی روشنی میں ڈیوس کپ ٹائی کو نیوٹرل مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کا مقابلہ رواں ماہ کے اختتام پر 29 اور 30 نومبر کو اسلام آباد میں ہونا تھا۔

  • اسنوکر کے بعد پاکستان کے لیے شطرنج  کے کھیل میں بھی بڑا اعزاز

    اسنوکر کے بعد پاکستان کے لیے شطرنج کے کھیل میں بھی بڑا اعزاز

    اسلام آباد: اسنوکر کے بعد پاکستان کو شطرنج کے کھیل میں بھی بڑا اعزاز حاصل ہو گیا ہے، نیپال میں ایشین امیچور چیس چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے میدان مار لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیپال میں منعقدہ ایشین امیچور چیمپئن شپ میں پاکستان کے 2 کھلاڑیوں نے 2 گولڈ میڈل جیت لیے ہیں، پاکستان کے محمد امین نے ان ریٹڈ کیٹیگری جب کہ احتشام الحق نے انڈر 1800 کیٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کر لیا ہے۔

    مقابلے کے دوران محمد امین نے 5 اعشاریہ 5 اور احتشام الحق نے 6 پوائنٹ اسکور کیے، اس چیمپئن شپ میں 15 ایشیائی ممالک کے 80 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

    نائب صدر چیس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار شطرنج میں بڑی کامیابی حاصل کی گئی ہے، ملک کے لیے 2 گولڈ میڈل حاصل کرنا بڑا اعزاز ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان کے محمد آصف نے ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی

    واضح رہے کہ مدن بھنڈاری میموریل ایشین امیچور چیس چیمپئن شپ 2019 نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں 8 سے 15 نومبر کو کھیلی گئی۔ پاکستان کی طرف سے محمد شہزاد، احتشام الحق اور محمد امین نے اس میں حصہ لیا۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل اسنوکر کی دنیا میں بھی پاکستان کا نام روشن کیا گیا ہے، یہ کارنامہ عالمی چیپمئن محمد آصف نے انجام دیا، 9 نومبر کو انھوں نے پاکستان کو اسنوکر میں عالمی چیمپئن بنایا، قومی کیوسٹ نے فائنل میں فلپائنی حریف کو مات دے کر ٹرافی پر قبضہ جمایا تھا۔

  • قومی ٹی 20 کپ: کھلاڑیوں کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ

    قومی ٹی 20 کپ: کھلاڑیوں کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹی 20 کپ میں کھلاڑیوں کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا، ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے قومی ٹی 20 کپ کے سلسلے میں انعامی رقم میں اضافہ کیا ہے، فاتح ٹیم کو پچاس لاکھ جب کہ رنرز اَپ ٹیم کو 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔

    ایونٹ کے بہترین بیٹسمین، بولر اور وکٹ کیپر کو 1،1 لاکھ کی انعامی رقم دی جائے گی، قومی ٹی 20 کپ کا بہترین کھلاڑی بھی ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم وصول کرے گا۔

    پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق پلیئر آف دی فائنل کو 35 ہزار روپے انعام دیا جائے گا، ایونٹ کے دوران مین آف دی میچ کے لیے 25 ہزار روپے بہ طور انعام مقرر کیے گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ٹی 20 سیریز، سری لنکا نے پاکستان کو کلین سویپ کردیا

    پلیئنگ الیون میں شامل ہر کھلاڑی 40 ہزار روپے بہ طور میچ فیس وصول کرے گا، نان پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑی 16 ہزار روپے میچ فیس وصول کریں گے۔

    یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان حالیہ کھیلی جانے والی تین میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز میں پاکستان کے خلاف سری لنکا نے کلین سویپ کیا، قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دی۔

    سری لنکا کی ٹیم کے کوچ رمیش رنا ئیکے نے کہا تھا کہ ہماری ٹیم نے ٹی ٹونٹی سیریز میں بہترین کرکٹ کھیلی، پاکستان آ کر کھیلنے سے بہت خوشی ہوئی، یہاں سے ملنی والی محبتوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

  • سری لنکن کپتان شکست کے باوجود کارکردگی سے مطمئن، پاکستان آنے کا تجربہ اچھا رہا: تھریمانے

    سری لنکن کپتان شکست کے باوجود کارکردگی سے مطمئن، پاکستان آنے کا تجربہ اچھا رہا: تھریمانے

    کراچی: سری لنکن کپتان لہیرو تھریمانے نے پاکستان کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست کے باوجود اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہونے کا اظہار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز میں شکست کے بعد سری لنکن کپتان نے کہا ہے کہ ہدف اچھا تھا لیکن ہم ابتدائی اوورز میں وکٹیں نہ لے سکے۔

    لہیرو تھریمانے کا کہنا تھا پاکستان آنے کا تجربہ اچھا رہا، دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان آنا چاہیے۔

    پاکستان کے خلاف شان دار 133 رنز کی اننگز کھیلنے والے سری لنکن اوپنر دانشکا گناتھلا نے کہا کہ 5 ماہ سے انجری کا شکار تھا، آج موقع ملا اور پرفارم کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ون ڈے سیریز پاکستان کے نام، سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست

    دانشکا کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان آئے اور ٹیم میں شامل ہو گئے تو سوچا کارکردگی منوانے کا اچھا موقع ہے، سری لنکن ٹیم کے لیے تینوں فارمیٹ میں کھیلنا چاہتا ہوں۔

    انھوں نے کہا سلیکٹرز نے موقع دیا تو مایوس نہیں کروں گا، ٹیم نوجوان لڑکوں پر مشتمل ہے، سمجھتا ہوں اچھا کھیل پیش کیا، عابد علی کو مین آف دی میچ قرار دینے پر نا خوش نہیں۔

    دانشکا نے کہا میری سنچری سے میرا مستقبل بہتر ہوگا، بابر کی اننگز اچھی تھی، پاکستان کی سیکورٹی بہترین تھی، ہم یہاں آ کر بہت خوش ہیں۔

    واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ون ڈے سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی ہے، اوپنر عابد علی کو 74 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، بابر اعظم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔