Tag: کھیل کھلاڑی

  • بابر اعظم کو انگلینڈ میں ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی

    بابر اعظم کو انگلینڈ میں ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی

    کراچی: قومی ٹیم کے مایہ ناز بیٹسمین بابر اعظم کو انگلینڈ میں ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی 20 کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرنے والے کھلاڑی بابر اعظم کو ٹی ٹوینٹی بلاسٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے، بابر اعظم وائٹیلٹی بلاسٹ 2020 میں سمر سیٹ کی نمائندگی کریں گے۔

    بابر اعظم ایونٹ کے گزشتہ سیزن میں 578 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے تھے، جس میں 102 رنز کی شان دار سنچری بھی شامل تھی۔ وہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹی ٹوینٹی سیریز کے بعد 2 ستمبر سے اپنے معاہدے کے تحت انگلش کاؤنٹی سمرسیٹ جوائن کریں گے۔

    بابر اعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا

    قومی کرکٹر اس سال کے سیزن میں 12 ٹی ٹوینٹی بلاسٹ میچز کے ساتھ ساتھ چار روزہ 2 میچز بھی کھیلیں گے۔

    سمرسٹ کا حصہ بننے سے متعلق انھوں نے کہا تھا کہ وہ اس پر بہت خوش ہیں، سمر سیٹ کے پاس اچھا اسکواڈ ہے اور مجھے ان کے ساتھ کھیل کر اچھا لگتا ہے۔

    مایہ ناز بیٹسمین بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ میں 2 ہزار رنز مکمل کر چکے ہیں، یہ کارنامہ انھوں نے 25 اگست کو انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں ٹام بیس کو چوکا لگا کر انجام دیا۔

    بابر نے 28 ویں میچ میں 2 ہزار رنز مکمل کیے ہیں، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 5 سنچریاں اور 14 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں، وہ دنیا کے واحد بیٹسمین ہیں جو تینوں فارمیٹس میں ٹاپ 5 میں شامل ہیں، ٹی ٹوینٹی میں ان کا پہلا، ون ڈے میں دوسرا اور ٹیسٹ کرکٹ میں پانچواں نمبر ہے۔

  • یوئیفا چیمپئنر لیگ کا آخری کوارٹر فائنل کل ہوگا

    یوئیفا چیمپئنر لیگ کا آخری کوارٹر فائنل کل ہوگا

    لندن: چیمپئنز لیگ کا آخری کوارٹرر فائنل مانچسٹر سٹی اور لیون کے درمیان کل کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق یوئیفا چیمپئنز لیگ کا آخری کوارٹر فائنل کل کھیلا جائے گا، اس میچ کی فاتح ٹیم کا مقابلہ سیمی فائنل میں بائرن میونخ سے ہوگا، چیمپئنز لیگ کا پہلا سیمی فائنل پی ایس جی اور لیپ زگ کے درمیان بدھ کو ہوگا۔

    دریں اثنا، آج یوئیفا چیمپئنز لیگ کا تیسرا کوارٹر فائنل کھیلا گیا جو جرمن کلب بائرن میونخ کے نام رہا، بائرن میونخ نے یک طرفہ مقابلے میں بارسلونا کو 8-2 سے شکست دے دی۔

    بائرن میونخ کے سامنے بارسلونا کی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی، بائرن میونخ کی جانب سے تھامس مولر، فلپ کوٹینہو نے 2،2 گول اسکور کیے، جب کہ ایوان پیرسچ، سرج گنابری، جوشوا کیمچ اور رابرٹ لیونڈوسکی نے 1،1 گول اسکور کیا۔

    یوئیفا نے انگلش فٹبال کلب مانچسٹر سٹی پر 2 سال کی پابندی لگادی

    بارسلونا کا پہلا گول بائرن میونخ کے کھلاڑی ڈیوڈ الابا کا اوون گول تھا، بارسلونا فٹ بال کلب کے لیے دوسرا گول لوئیس سواریز نے اسکور کیا، بارسلونا کی یہ چیمپئنز لیگ میں بدترین شکست ہے۔

    دوسری طرف بائرن میونخ چیمپئنز لیگ کے ناک آؤٹ مرحلے میں 8 گول کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

  • ٹیم سلیکشن میں کمی نہیں تھی، بدقسمتی سے ہارے: اظہر علی

    ٹیم سلیکشن میں کمی نہیں تھی، بدقسمتی سے ہارے: اظہر علی

    مانچسٹر: ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے انگلینڈ کے ہاتھوں 3 وکٹوں سے شکست کے بعد ویڈیو لنک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہماری ٹیم سلیکشن میں کوئی کمی نہیں تھی، انگلینڈ کی جیت کا سہرا کرس ووکس اور جوز بٹلر کی پارٹنر شپ کو جاتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے انگلینڈ کے ہاتھوں اولڈ ٹریفورڈ میں پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کی وجہ انگلش بیٹسمینوں کی پارٹنر شپ کو قرار دے دیا، انھوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ میچ ہمارے ہاتھ میں تھا لیکن پارٹنر شپ سے جیت نہیں سکے۔

    اظہر علی نے کہا تیسرے روز کا آخری سیشن اور انگلینڈ کی پارٹنر شپ ٹرننگ پوائنٹ تھے، ہم ٹیسٹ میچ کو لیڈ کر رہے تھے لیکن بدقسمتی سے ہار گئے، اگلے میچ میں بھی وکٹ کو دیکھ کر ٹیم سلیکشن کریں گے۔

    Image may contain: text that says 'ENGLAND V PAKISTAN TEST OLD TRAFFORD MANCHESTER INNINGS) SHAN MASOOD BABAR 156[319) 9(106) 326 STUART BROAD ENGLAND 3-54 JOFRA ARCHER 3-59 OLLIE POPE JOS BUTTLER 62[117) 219 8[108) PAKISTAN YASIR SHAH SHADAB KHAN 4-66 SHAH INNINGS) 33[24) (24) 29 29(43) ASAD SHAFIQ STUART BROAD 2-13 169 3-37 2-11 ENGLAND INNINGS) CHRIS WOAKES CHRIS WOAKES 84*(120) JOS BUTTLER (101) 277-7 YAIRAH 4-99 MOHAMMAD ABBAS ©pcb.com.pk 1-36 ENGLAND WON BY WICKETS f/PakistanCricketBoard @TheRealPCB D@TheRealPCB pepsi. easypaisa PakistanCricketOfficial'

    کپتان کا کہنا تھا کہ وہ ایک طویل عرصے سے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور یہ بات جانتے ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ میں دباؤ ہوتا ہے، انھوں نے کہا ہم اس سے بہتر کھیل سکتے تھے، لیکن دوسری اننگز میں ہماری کوئی بھی پارٹنرشپ 50 سے اوپر نہیں گئی، اس سے قبل اس گراؤنڈ پر اتنا ٹارگٹ نہیں بنا، دس سال سے کرکٹ کھیل رہا ہوں جانتا ہوں کیسے چلنا ہے، جوز بٹلر نے اسپنرز کو اچھے طریقے سے کھیلا جس سے ہم پر دباؤ آیا۔

    مانچسٹر ٹیسٹ : انگلینڈ نے پاکستان کو 3 وکٹوں‌ سے شکست دے دی

    اظہر علی نے کہا کہ شاداب خان کو بطور آل راؤنڈر کھلایا تھا، وہ پی ایس ایل اور ڈومیسٹک میں بھی اچھی بیٹنگ کر چکے ہیں، ٹیم سلیکشن میں کوئی کمی نہیں تھی، شاداب خان کے ہونے سے کافی سپورٹ تھی، انھوں نے ہماری امیدوں کے مطابق پرفارم کیا۔

    ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ وہ بطور بیٹسمین اپنی پرفارمنس کو دیکھتے ہیں اور کپتانی کے دوران میچ کی صورت حال کو سوچتے ہیں۔

  • سابق کپتان کا شاہد آفریدی سے متعلق پریشان کن بیان

    سابق کپتان کا شاہد آفریدی سے متعلق پریشان کن بیان

    لاہور: پاکستان کے سابق کپتان عامر سہیل نے آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کے حوالے سے کہا ہے کہ ورلڈ کپ 1999 میں ان کا انتخاب تباہ کن فیصلہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے سابق پاکستانی بیٹسمین عامر سہیل نے حال ہی میں ایک یوٹیوب ویڈیو میں آئی سی سی ورلڈ کپ 1999 میں پاکستان کی ناکامی کے پیچھے موجود وجوہ سے متعلق بات کی ہے۔

    53 سالہ سابق کھلاڑی عامر سہیل نے کہا کہ وہ ورلڈ کپ کے لیے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے انتخاب اور سعید انور کے ساتھ اوپنر بھیجے جانے کے خلاف تھے۔

    سہیل کے مطابق شاہد خان آفریدی انگلش کنڈیشنز میں بیٹنگ کا آغاز کرنے کے لیے موزوں آپشن نہیں تھے، کیوں کہ وہاں کی کنڈیشنز آفریدی کے کھیل کے انداز کو سپورٹ نہیں کرتی تھیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ محمد یوسف کے حق میں تھے کہ وہ پاکستان کے لیے بیٹنگ کا آغاز کریں اور نئی گیند کے خطرے کو دیکھیں۔

    انھوں نے کہا کہ جب میں 1998 میں کپتان تھا تو ہم نے سلیکٹرز کے ساتھ یہ فیصلہ کیا تھا کہ ورلڈ کپ کے لیے ہمارے پاس باقاعدہ اوپنرز ہونے چاہیئں، جو وکٹ پر ٹھہر سکتے ہوں اور نئی گیند کے ساتھ کھیل سکتے ہوں۔

    عامر سہیل کا خیال ہے کہ یہ بدقسمتی تھی کہ سلیکٹرز نے آفریدی کو مشکل حالات میں بیٹنگ اوپن کرنے کے لیے منتخب کیا۔

    انھوں نے کہا بدقسمتی سے شاہد آفریدی کا انتخاب کیا گیا، جب کہ وہ ان پچز پر کھیلنے کی صلاحیت رکھتے تھے جو زیادہ باؤنسی نہ ہوں، جہاں وہ بولرز کی اچھی پٹائی کر سکتے تھے اور مخالف کو دباؤ میں لا سکتے تھے، لیکن مشکل حالات میں یہ ایک بڑا جوا تھا۔

    عامر سہیل نے کہا آفریدی نہ تو باؤلنگ کرنے کے قابل تھے نہ ہی بیٹنگ کے، اگر وسیم اکرم کی جگہ میں کپتان ہوتا تو میں ان کی جگہ محمد یوسف کو ترجیح دیتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ ہارنے کی دو وجوہ تھیں، ایک تو انھوں نے بہترین ٹیم کمبی نیشن نہیں بنایا، اور دوم یہ کہ فائنل میں ٹاس جیتنے کے بعد بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جہاں لندن میں سارا دن بارش ہوتی رہی تھی۔

  • دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹرز کی پہلی کو وِڈ 19 ٹیسٹنگ کل ہوگی

    دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹرز کی پہلی کو وِڈ 19 ٹیسٹنگ کل ہوگی

    لاہور: دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی پہلی کو وِڈ 19 ٹیسٹنگ کل ہوگی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی دورہ انگلینڈ کے لیے پہلی کرونا ٹیسٹنگ کل ان کے اپنے اپنے شہر میں کی جائے گی۔

    اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور، راولپنڈی، کراچی اور پشاور میں خصوصی انتظامات کر دیے ہیں، کھلاڑیوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    پہلی ٹیسٹنگ کے بعد کھلاڑی اور ٹیم آفیشلز 24 جون کو لاہور پہنچیں گے، مقامی ہوٹل میں تمام کھلاڑیوں کی دوسری ٹیسٹنگ 25 جون کو متوقع ہے، 28 جون کو انگلینڈ کے لیے خصوصی طیارہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو لے کر اڑان بھرے گا۔

    دورہ انگلینڈ کیلئے کھلاڑیوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، وسیم خان

    یاد رہے کہ دو دن قبل چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا تھا کہ دورہ انگلینڈ کے لیے کھلاڑیوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، اس سلسلے میں پی سی بی اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ ایس او پیز تیار کر رہے ہیں۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 5 اگست کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم دوسرا اور تیسرا ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی سیریز ساؤتھمپٹن میں کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوینٹی سیریز 28 اگست سے یکم ستمبر تک کھیلی جائے گی۔

  • بابر اعظم کو گوگل پر سرچ کرنے میں حیران کن اضافہ

    بابر اعظم کو گوگل پر سرچ کرنے میں حیران کن اضافہ

    لاہور: پاکستان کے نامور بیٹسمین بابر اعظم کو گوگل پر سرچ کرنے میں حیران کن اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محدود اوورز والے کھیل کے کپتان بابر اعظم کچھ عرصے سے گرین شرٹس کے انتہائی مایہ ناز بلے باز رہے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔

    دائیں ہاتھ سے ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کرنے والے یہ پاکستانی کھلاڑی نہ صرف پاکستانی شایقین بلکہ غیر ملکی انٹرنیشنل کرکٹرز میں بھی مقبول اور پسندیدہ ہیں۔

    حال ہی میں گوگل نے بابر اعظم سے متعلق ایک رپورٹ پیش کی ہے، سرچ انجن نے کہا ہے کہ پاکستان میں بابر اعظم سے متعلق تلاش میں 183 فی صد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    جب 15 سالہ بابر اعظم نے کیا شعیب اختر کا سامنا

    گوگل سرچ انجن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں مجموعی کھیلوں سے متعلق تلاش میں 150 فی صد اضافہ ہوا، جب کہ صرف کرکٹ کی تلاش میں 160 فی صد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، پاکستان سپر لیگ (PSL) سے متعلق تلاش میں بھی 55 فی صد اضافہ ہوا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستانی اپنے پسندیدہ کھیلوں اور کھلاڑیوں سے متعلق ہمیشہ متجسس رہتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ جاننے کے مشتاق رہتے ہیں، بابر اعظم سے متعلق تلاش میں 183 فی صد اضافہ بتاتا ہے کہ وہ 2019 میں تیزی سے مقبول ہونے والی اسپورٹ سیلی بریٹیز میں سے ایک تھے۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ لوگوں نے سابق وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف سے متعلق بھی بہت اشتیاق ظاہر کیا، رپورٹ میں بتایا گیا کہ راشد لطیف سے متعلق تلاش میں 149 فی صد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    2019 کے دوران کھیلوں سے متعلق جو ٹاپ ٹرینڈ چل رہے تھے، حیران کن طور پر کرونا وائرس وبا کی وجہ سے 2020 کے آغاز ہی سے اس میں 60 فی صد کمی دیکھنے میں آئی۔ لائیو کھیلوں کی دنیا تو مکمل طور پر منجمد ہو چکی ہے۔ پرانے میچز کی ہائی لائٹس اور کھیلوں سے متعلق شوز کے سوا کھیلوں کے افق پر کوئی مواد نہیں تھا جس کی وجہ سے لوگوں کی دل چسپی میں اتنی کمی آئی۔

  • سابق آسٹریلوی کرکٹر نے انگلینڈ ٹیم کو پاکستانی اسکواڈ کے حوالے سے خبردار کر دیا

    سابق آسٹریلوی کرکٹر نے انگلینڈ ٹیم کو پاکستانی اسکواڈ کے حوالے سے خبردار کر دیا

    کراچی: سابق آسٹریلوی کرکٹر بریڈ ہوگ نے انگلینڈ ٹیم کو پاکستانی اسکواڈ کی صلاحیت کے حوالے سے خبردار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی اسپنر بریڈ ہوگ نے انگلینڈ کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان اسکواڈ اس کے خلاف اپ سیٹ کر سکتا ہے۔

    کرکٹ کے تمام فارمیٹ کھیلنے والے سابق آسٹریلوی کرکٹر کا کہنا تھا کہ انگلینڈ ٹور کے لیے منتخب کیا گیا 29 رکنی پاکستانی اسکواڈ میزبان ٹیم کو اس کے میدان میں ہرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    سابق آسٹریلوی اسپنر بریڈ ہوگ

    بریڈ ہوگ دو مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم میں شامل رہے ہیں، انھوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ مجھے امید ہے گرین شرٹس پوری طرح تیار ہیں اور سیریز بہت دل چسپ رہے گی۔

    انھوں نے پاکستانی اسکواڈ سے امید وابستہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپ سیٹ کر سکتا ہے، اور امید ہے کہ انگلینڈ کے لیے روانہ ہونے سے قبل اسے معیاری پریکٹس بھی ملے گی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ روانگی کا شیڈول تیار

    دریں اثنا، پاکستان انڈر 19 کے بیٹسمین حیدر علی کو بھی انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز سیریز کے لیے 29 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو اگست اور ستمبر میں کھیلی جائیں گی۔

    انگلینڈ ٹیم کے دھواں دار بلے باز اور پشاور زلمی میں حیدر علی کے ساتھی کھلاڑی ٹام بینٹن نے انگلینڈ کے خلاف پاکستانی اسکواڈ میں شامل کیے جانے پر حیدر علی کو مبارک باد دی ہے۔ ٹام بینٹن نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ انٹرنیشنل کال پر آپ کو شاباش ہے۔

    واضح رہے کہ حیدر علی کا 2019-20 کا سیزن زبردست رہا، جس کی وجہ سے انھیں 2020-21 سیزن کا کنٹریکٹ بھی ملا۔

  • 4 تجربہ کار کوچز سے فائدہ ہوگا: مشتاق احمد

    4 تجربہ کار کوچز سے فائدہ ہوگا: مشتاق احمد

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے اسپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ 4 تجربہ کار کوچز کے ایک ساتھ ہونے سے بہت فائدہ ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ویڈیو کانفرنس میں قومی ٹیم کے اسپن باؤلنگ کوچ نے کہا کہ یونس خان، میرے، مصباح اور وقار یونس کے لیے ہیلپنگ ہینڈ ہوں گے، یونس خان زبردست انسان ہیں، ان سے ہمیشہ بہترین تعلق رہا ہے۔

    مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں انھوں نے 11 سال کاؤنٹی کرکٹ کھیلی، 6 سال ٹیم کی کوچنگ کی، وہ پی سی بی کے ساتھ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے کام کر رہے تھے، اب کوشش ہوگی کہ اپنا کردار بہترین طریقے سے نبھائیں۔

    گیند کو تھوک سے چمکانے پر پابندی، آئی سی سی کے نئے قوانین کی منظوری

    باؤلنگ کوچ نے کہا اپنے تجربے کی روشنی میں کھلاڑیوں کی بہترین تربیت کی کوشش کروں گا، کرونا صورت حال میں اب ذہنی دباؤ کو برداشت کرنے کا کھیل آ گیا ہے، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز سے کافی فائدہ ہوگا۔

    یونس خان قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

    لیگ بریک گگلی باؤلر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ گیند چمکانے کے نئے قانون سے شناسائی کے لیے ابھی کافی وقت ہے، ہم پہلے ہی کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر تیار کر رہے ہیں، انگلینڈ کے خلاف سیریز کوچز کے لیے بھی سخت ہوگی۔

    انھوں نے کہا ٹیم میں فاسٹ باؤلر ہیں لیکن اسپنر ہمیشہ اہمیت کے حامل رہے ہیں، یاسر شاہ تجربہ کار ہیں ان کے ساتھ کام بھی کر رہا ہوں۔

    خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ انگلینڈ کے لیے یونس خان کو قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا ہے، مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر ہیں۔

  • سیاہ فام جارج فلائیڈ کی دردناک موت، فیفا نے بھی احتجاج میں آواز شامل کرلی

    سیاہ فام جارج فلائیڈ کی دردناک موت، فیفا نے بھی احتجاج میں آواز شامل کرلی

    برن: فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا (FIFA) نے بھی سیاہ فام امریکی جارج فلائیڈ کی دردناک موت پر اٹھنے والی احتجاجی آوازوں میں اپنی آواز شامل کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں پولیس حراست کے دوران غیر مسلح سیاہ فام جارج فلائیڈ کی موت پر سامنے آنے والے غم و غصے کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے دنیا بھر کی اسپورٹس لیگز، ٹیموں اور کھلاڑیوں کے ساتھ فیفا نے بھی خود کو شامل کر لیا ہے۔

    امریکا میں نیشنل فٹ بال لیگ، نیشنل ہاکی لیگ اور نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن نسلی تعصب کے خلاف بیانات جاری کر چکے ہیں، میجر لیگ بیس بال کو ابھی بیان جاری کرنا ہے، ان چاروں لیگز کی 123 ٹیموں میں سے 74 ٹیموں (60 فی صد) نے احتجاج کے حوالے سے اپنے بیانات جاری کیے۔

    ان لیگوں سے تعلق رکھنے والے چند نمایاں امریکی کھلاڑیوں نے احتجاج کے حق میں بھرپور آواز اٹھائی، مشہور گالفر ٹائیگر ووڈ بھی پیچھے نہیں رہے، اگرچہ وہ سماجی معاملات پر بہت کم منہ کھولتے ہیں تاہم جارج فلائیڈ کی موت پر انھوں نے تبدیلی کے لیے واضح آواز بلند کی۔

    امریکا میں سیاہ فام کی ہلاکت پر ڈیرن سیمی بول پڑے

    جارج فلائیڈ کی موت پر امریکا میں اٹھنے والی آوازیں اب امریکی سرحدوں سے باہر نکل کر پوری دنیا میں سنی جا رہی ہیں، رواں ہفتے جرمنی میں میچز کے دوران متعدد فٹ بال کھلاڑیوں نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، اتوار کو میچ کے دوران برطانوی پلیئر جیڈن سانچو اور ہسپانوی پلیئر اشرف حکیمی نے ایسے شرٹس پہنے جس پر لکھا تھا ‘جارج فلائیڈ کو انصاف دو’۔

    واضح رہے کہ فیفا ایک ایسی تنظیم ہے جو سیاست، مذہب اور سماجی مسائل پر میدان کے اندر کھلاڑیوں کی جانب سے ذاتی خیالات کے اظہار کو ذرا برابر بھی برداشت نہیں کرتی۔ تاہم اتوار کو جب جیڈن سانچو اور اشرف حکیمی کے احتجاج پر ایکشن لیا گیا تو فیفا نے رد عمل میں ٹورنامنٹ کے منتظمین سے کہا کہ وہ اس پر ‘کامن سینس’ سے کام لیں۔

    منگل کو جاری ایک بیان میں فیفا نے کہا جارج فلائیڈ کے معاملے میں دردناک حالات کی روشنی میں فٹ بالرز کے جذبات اور خدشات کی گہرائی کو سمجھا جا سکتا ہے، فیفا کے صدر جیان انفنٹینو نے ایک بیان میں مذکورہ پلیئرز کے سلسلے میں کہا تھا کہ انھیں سزا نہیں بلکہ ان کو سراہا جانا چاہیے تھا۔ خیال رہے کہ فیفا کئی بار ہر قسم کی نسلی پرستی اور امتیازی سلوک کے خلاف اپنے مؤقف کا واضح اظہار کر چکی ہے، اور نسل پرستی کے خلاف کئی کمپینز چلا چکی ہے۔

    ادھر ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اور اس کے ممبر ممالک بھی اس سماجی نا انصافی کے خلاف آواز بلند کریں۔ انھوں نے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کہا آئی سی سی اور دیگر بورڈز کیا نہیں دیکھ رہے کہ مجھ جیسے لوگوں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، کیا آپ اس کے خلاف نہیں بولیں گے؟

  • مشہور فٹبالر نے خود کشی کر لی

    مشہور فٹبالر نے خود کشی کر لی

    بلغراد: سربیا کے ایک مشہور فٹبالر نے ڈپریشن سے تنگ آ کر خود کشی کر لی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سربیا کے 38 سالہ فٹبال کھلاڑی میلیان مرداکووِچ نے اپنے سر میں گولی مار کر خود کشی کر لی ہے، وہ کچھ عرصے سے ذہنی دباؤ اور پریشانیوں میں مبتلا تھے۔

    متعدد فٹبال کلبز کی جانب سے کھیلنے والے ریٹائرڈ معروف اسٹرائیکر بلغراد کے اپارٹمنٹ میں مردہ پائے گئے تھے، ان کی دوست کا کہنا تھا کہ میلیان نے بہت زیادہ شراب نوشی شروع کر دی تھی اور وہ ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔

    میلیان کی دوست اور سنگر ایوانا اسٹانک کا کہنا تھا کہ وہ ڈپریشن میں مبتلا ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے اس نے خود کشی کر لی۔

    انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ کیریئر کے خاتمے پر وہ پیدا ہونے والے مسائل سے نبرد آزما تھا، کیوں کہ فٹبال ہی اس کے لیے سب کچھ تھا، اس نے ایجنٹ کے طور پر کام شروع کیا لیکن یہ ایسا کام ہے جس میں کبھی آمدن ہوتی ہے اور کبھی نہیں، جس کی وجہ سے وہ ذہنی پریشانی کا شکار ہو گیا تھا۔

    ایوانا کا کہنا تھا کہ خودکشی سے ایک دن قبل میلیان نے کچھ زیادہ ہی شراب پی لی تھی، مجھے لگا کہ کچھ غلط ہونے کو ہے، اگلی صبح اس نے پھر شراب پی، ایسے میں جب میں نے ایک پستول اس کے سرہانے دیکھی تو میں سناٹے میں آ گئی۔ میں نے روتے ہوئے اس سے کہا کہ پستول یہاں سے ہٹا دے، اور پھر اس کی ماں کو بھی فون کر کے بیٹے سے بات کرنے کو کہا۔

    ایوانا کے مطابق انھیں اس بات کا دھڑکا لگا ہوا تھا کہ میلیان کہیں کچھ کر نہ بیٹھے، میں اپارٹمنٹ ہی میں تھی اور بار بار اس پر نگاہ دوڑا رہی تھی کہ وہ کیا کر رہا ہے، پھر اچانک گولی چلنے کی آواز آئی، میں دوڑ کر باہر گئی اور طبی امداد طلب کی، لیکن وہ مرچکا تھا۔