Tag: کھیل کھلاڑی

  • سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    اسلام آباد: سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے، اسلام آباد ایئر پورٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ ٹیم غیر ملکی پرواز ای کے 612 کے ذریعے پاکستان پہنچ گئی ہے، ایئر پورٹ پر پی سی بی حکام نے مہمانوں کا استقبال کیا، پاکستان میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے۔

    سری لنکن ٹیم پاکستان میں 2 ٹیسٹ میچ کھیلے گی، ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 11 سے 15 دسمبر کو کھیلا جائے گا، راولپنڈی میں ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ 15 دسمبر تک رہے گا، سری لنکا اور پاکستانی ٹیم منگل کو پریکٹس میچ کھیلیں گی، پریکٹس میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتان پریس کانفرنس کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز: 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان

    دوسری طرف ذرایع نے بتایا ہے کہ پاک سری لنکا ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑِی بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، قومی ٹیم کے کھلاڑی اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں موجود ہیں، پاکستانی کھلاڑیوں نے میٹنگ میں میچ کے حوالے سے اہم مشاورت کی۔

    خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اپنا پریکٹس میچ کھیلے گی، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیکورٹی کے تمام انتظامات پاک فوج کے سپرد کیے گئے ہیں، شایقین کرکٹ کے لیے اسلام آباد کے مختلف مقامات پر ٹکٹس دستیابی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    اسلام آباد میں ایف ٹین مرکز، ایکسپریس سینٹر، امانت پلازہ، ایف ایٹ مرکز، راِئل ان پلازہ، آب پارہ مارکیٹ، خیابان سہروردی اور جی ایٹ مرکز، ایگزیکٹو کمپلیکس میں ٹکٹس دستیاب ہوں گے۔ جب کہ راولپنڈی میں صدر، کھنہ ایکسپریس سینٹر، فضائیہ کالونی، سکیم تھری، کمرشل مارکیٹ، سکستھ روڈ، رائل سینٹر، چاندی چوک، بلال پلازہ پر ٹکٹس دستیاب ہوں گے۔

  • ساؤتھ ایشیا گیمز میں 3 گولڈ میڈلسٹ کراٹے کاز کا ائیر پورٹ پرشان دار استقبال

    ساؤتھ ایشیا گیمز میں 3 گولڈ میڈلسٹ کراٹے کاز کا ائیر پورٹ پرشان دار استقبال

    کراچی: نیپال کے شہر کٹھمنڈو میں منعقدہ 13 ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں نمایاں کارکردگی کے حامل کراٹے کاز کی وطن واپسی ہو گئی ہے، 3 گولڈ میڈلسٹ کراٹے کاز کا ائیر پورٹ پر شان دار استقبال کیا گیا، اور ان پر پتیاں نچھاور کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ساؤتھ ایشین گیمز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے ہیں، کراچی ایئر پورٹ پر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے محفوظ الحق نے گولڈ میڈلسٹس کا شان دار استقبال کیا۔ اس موقع پر کراٹے ایسوسی ایشن کے عبدالحمید اور دیگر عہدے داران بھی موجود تھے۔

    تیرہویں ساؤتھ ایشین گیمز میں سعدی عباس نے 2 گولڈ میڈل، کلثوم ہزارہ نے 1 گولڈ، 1 سلور میڈل جیتا جب کہ شہباز خان نے بھی ایک گولڈ میڈل حاصل کیا۔ گولڈ میڈلسٹ کراٹے کاز نے ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو بھی کی۔

    گولڈ میڈلسٹ سعدی عباس

    گولڈ میڈلسٹ سعدی عباس نے کہا کہ پاکستان کراٹے ٹیم نے بھرپور انداز سے ملک کا نام روشن کیا، میں اب ٹوکیو اولمپکس سے کافی قریب آ چکا ہوں۔ گولڈ میڈلسٹ شہباز خان نے کہا کہ پہلے بھی ساؤتھ ایشن گیمز میں گولڈ میڈل جیت چکا ہوں، لیاری سے صرف باکسر یا فٹ بالر ہی نہیں بلکہ کراٹے ماہر بھی مل رہے ہیں۔

    گولڈ میڈلسٹ کلثوم ہزارہ کا کہنا تھا کہ میں زخمی ہونے کے باوجود گولڈ میڈل فائٹ تک پہنچی، فائنل مقابلوں میں 2 مرتبہ نیپالی حریف نے ناک زخمی کر دی تھی، میرا خواب پاکستان کے لیے اولمپکس کھیلنا ہے، بد قسمتی سے اسپانسر نہ ملنے سے خواتین کراٹے کا کھیل آگے نہیں بڑھ سکا۔

  • ماضی کو بھلا کر آئندہ اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے: کپتان اظہر علی

    ماضی کو بھلا کر آئندہ اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے: کپتان اظہر علی

    لاہور: قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ ماضی کو بھلا کر آئندہ اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، دو ٹیسٹ میں مسلسل اننگز سے شکست پر شرمندہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق دورۂ آسٹریلیا میں ناکامی پر کپتان اظہر علی نے شرمندگی کا اظہار کر دیا ہے، انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مثبت سوچ کے ساتھ آسٹریلیا گئے لیکن بد قسمتی سے نتیجہ توقعات کے مطابق نہیں آیا، ینگ بولنگ اٹیک پرفارم نہیں کر سکا۔

    انھوں نے کہا کہ اچھی اوپننگ پارٹنر شپس ملیں لیکن بد قسمتی سے آگے نہیں لے جا سکے، دس سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ بحال ہو رہی ہے، سری لنکا کی مضبوط ٹیم ہے، جیتنے کے لیے محنت کرنا ہوگی۔

    اظہر علی کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان نے دورۂ آسٹریلیا میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، بولنگ اٹیک ینگ تھا، توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کر سکا، میں سمجھتا ہوں کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر فائٹ کی، نسیم شاہ کی بولنگ دیکھ کر لگتا ہے اس کا مستقبل روشن ہے، شاہین آفریدی نے بھی اچھی بولنگ کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  دورۂ آسٹریلیا کے بعد کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے

    کپتان نے کہا کہ اب تمام کھلاڑی پہلی بار پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلیں گے، ماضی کو بھلا کر آئندہ اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، کافی چیزیں ہیں جن پر آنے والے سیریز میں توجہ دینا ہوگی، مستقبل میں بولنگ کا شعبہ اچھا ہو جائے گا، مجھے پرفارم کو برقرار رکھنے کے لیے رنز بنانے کی ضرورت ہے، محنت کر رہا ہوں مجھ سمیت تمام بیٹسمینوں کو علم ہے کہ رنز بنانے ہیں۔

    اظہر علی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا سے شکست پر مایوسی ہوئی ہے، دو ٹیسٹ میں مسلسل اننگز سے شکست پر شرمندہ ہیں، ایسا نہیں کہ گیند میرے بلے پر نہیں آ رہی یافٹ ورک نہیں چل رہا، مجھے ہر چیز کا علم ہے، بس رنز کی ضرورت ہے، کبھی کبھی آپ کی قسمت چلتی ہے تو کبھی پرفارمنس کام آتی ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ کسی کی ذاتی زندگی پر کوئی بات کریں تو پہلے تصدیق کرنی چاہیے، میرا 3 سال کا بیٹا انگلینڈ میں پڑھ رہا تھا اسے بھی واپس لے آیا ہوں، وارنر کے لیے جو پلان تھا ہم بدقسمتی سے اس پر عمل درآمد نہیں کر سکے، وارنر پر گیم پلان کے تحت اٹیک کیا تھا لیکن اس نے آسانی سے کاؤنٹر کر دیا، اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کی کوشش کر رہا ہوں، حارث سہیل سے پرفارم نہیں ہوا اس لیے امام الحق کو موقع دیا گیا۔

  • دورۂ آسٹریلیا کے بعد کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے

    دورۂ آسٹریلیا کے بعد کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی دورۂ آسٹریلیا کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، کھلاڑی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے براستہ دبئی لاہور پہنچے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آسٹریلیا کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، قومی ٹیم کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے، دونوں میچز میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو اننگز سے شکست ہوئی۔

    کھلاڑی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے دبئی کے راستے لاہور پہنچے ہیں، کھلاڑیوں میں کپتان اظہر علی، بابر اعظم،عابد علی، محمد عباس، حارث سہیل اور امام الحق شامل ہیں، ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس بھی لاہور پہنچ گئے۔

    ٹیسٹ میچز کے علاوہ تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی 0-2 سے آسٹریلیا کے نام رہی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرکٹ ٹیم میں تبدیلی کی ضرورت نہیں، وسیم اکرم

    خیال رہے کہ آسٹریلیا سے شکست کے بعد سابق کپتان اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے قومی ٹیم میں تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے، ان ہی کھلاڑیوں پر بھروسہ رکھا جائے، سری کے خلاف یہی ٹیم رہنی چاہیے، یہی لڑکے ہوم سیریز میں پرفارم کر کے دکھائیں گے۔

    واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، پہلا ٹیسٹ 11 دسمبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

  • کینگروز نے پاکستانی بولرز کو رنز کے پہاڑ تلے دبا دیا

    کینگروز نے پاکستانی بولرز کو رنز کے پہاڑ تلے دبا دیا

    ایڈیلیڈ: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ کے میدان میں پاکستانی بولرز کو رنز کے پہاڑ تلے دبا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں رنز کا سیلاب پاکستانی بولرز کو بہا لے گیا، آسٹریلیا نے پہلی اننگز 589 رنز پر ڈکلیئر کر دی، وارنر نے اپنے کیریئر کی پہلی اور ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی تیز ترین ٹرپل سنچری اسکور کی اور ناقابل شکست 335 بنائے۔ وارنر ایڈیلیڈ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے بلے باز بھی بن گئے۔

    آسٹریلوی بلے باز لبوشین نے بھی مسلسل دوسری سنچری بنائی، اور اس دوران پاکستانی بولرز کی خوب پٹائی لگائی، قومی بولرز آسٹریلیا میں وکٹ لینا ہی بھول گئے، پاکستانی بولر عباس، یاسر اور موسیٰ بے بسی کی تصویر بنے رہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایڈیلیڈ ٹیسٹ، آسٹریلیا نے پہلے روز 1 وکٹ پر 302 رنز بنالیے

    قومی بولرز نے رنز دینے میں سنچریاں بنائیں، یاسر نے 197، عباس نے 100، موسیٰ نے 118 رنز دیے، شاہین آفریدی کے علاوہ کوئی بھی بولر وکٹ نہ لے سکا۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز پانچ سو نواسی رنز تین وکٹ پر ڈکلیئر کر دی۔

    دوسری طرف پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز ہی نقصان سے کر دیا ہے، پاکستان کی پہلی وکٹ 3 رنز پر گر گئی، امام الحق 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ہیں۔

  • برسبین ٹیسٹ: پاکستان نے 3 وکٹوں پر 64 رنز بنا لیے

    برسبین ٹیسٹ: پاکستان نے 3 وکٹوں پر 64 رنز بنا لیے

    برسبین: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری برسبین ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہو گیا، پاکستان نے 3 وکٹوں پر 64 رنز بنا لیے۔

    تفصیلات کے مطابق برسبین ٹیسٹ میں کینگروز نے شاہینوں کو دبوچ لیا ہے، مہمان ٹیم پر اننگز کی شکست کے سائے منڈلانے لگے ہیں، آسٹریلیا کے پہلی اننگز کے اسکور 580 رنز کے جواب میں پاکستان نے دوسری اننگز میں ابتدائی 3 وکٹیں گنوا دیں۔

    آج تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے چونسٹھ رنز بنائے، اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے اظہر الیون کو مزید 276 رنز درکار ہیں، پاکستان کے تین بلے باز اظہر، اسد اور حارث آسٹریلوی بولرز کا نشانہ بن گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  برسبین ٹیسٹ، قسمت کی دیوی ڈیوڈ وارنر پر مہربان

    شان مسعود 27، جب کہ بابر اعظم 20 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 2، پیٹ کمنز نے ایک وکٹ حاصل کی، حارث سہیل 8، کپتان اظہر علی 5، جب کہ اسد شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

    برسبین میں جیتنے کا خواب ٹوٹتا ہوا نظر آ رہا ہے، قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی کی بدولت پانچ روزہ میچ چار روز میں ختم ہوتے نظر آ رہا ہے۔ دوسری اننگز میں بھی پاکستانی بلے باز بوکھلاہٹ کا شکار نظر آئے۔

    آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی بلے بازوں کو سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، آسٹریلوی بلے بازوں نے پہلی اننگز میں پانچ سو اسی رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا، میزبان بلے باز پاکستانی بولرز پر قہر بن کر ٹوٹے، وارنر اور لبوشین نے سنچریاں اسکور کیں، جب کہ پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 240 رنز بنا سکی تھی۔

  • غریب باپ نے بیٹی کو باکسر بنا دیا

    غریب باپ نے بیٹی کو باکسر بنا دیا

    ایبٹ آباد: غریب باپ نے ثابت کر دیا کہ اگر کوئی انسان ارادہ کرے تو اس کا راستہ کوئی بھی کھوٹا نہیں کر سکتا، غریب باپ نے اپنی بیٹی کو باکسر بنا کر سب کو حیران کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے ایک غریب باپ نے بیٹی کو گھر پر ہی باکسر بنا دیا، بیٹی نے بھی خود کو ہونہار ثابت کیا اور تمغا جیت کر آئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نیشنل گیمز کے دوران باکسنگ میں کانسی کا تمغا جیتنے والی رقیہ نے گھر ہی پر ٹریننگ لی، رقیہ کو باکسنگ مقابلوں کے لیے تربیت والد نے گھر ہی پر دی۔

    قوم کی ہونہار بیٹی نے قومی کھیلوں میں پہلی بار حصہ لیا اور کامیابی حاصل کر لی، باکسر بیٹی نے کہا کہ اگر وسائل مل جائیں تو ملک کا نام مزید روشن کروں گی۔ رقیہ نے عالمی ایونٹس میں بھی ملک کا نام روشن کرنے کے لیے عزم کا اظہار کر دیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ جونئیر اسکریبل چیمپئین شپ 13 سالہ پاکستانی عماد علی نے جیت لی

    خیال رہے کہ ان دنوں مختلف کھیلوں میں پاکستانی ہر طرف دھوم مچا رہے ہیں، پاکستان کے باصلاحیت باکسر محمد وسیم عالمی چیمپئن میکسیکن باکسر گینگن کو پچھاڑنے کے لیے دبئی میں موجود ہیں، ان کا مقابلہ 22 نومبر کو ہوگا۔

    گزشتہ روز پاکستان نے انگلینڈ میں ایک بار پھر ورلڈ جونئیر اسکریبل چیمپئین شپ جیت لی ہے، یہ کارنامہ انجام دے کر پاکستان کے 13 سالہ کھلاڑی سید عماد علی نے اپنے وطن کا نام روشن کر دیا۔

    گزشتہ ہفتے اسنوکر کی دنیا میں بھی پاکستان کا نام روشن کیا گیا، یہ کارنامہ عالمی چیپمئن محمد آصف نے انجام دیا، 9 نومبر کو انھوں نے پاکستان کو اسنوکر میں عالمی چیمپئن بنایا۔ اسی طرح 16 نومبر کو پاکستان کو شطرنج کے کھیل میں بھی بڑا اعزاز حاصل ہوا، جب نیپال میں ایشین امیچور چیس چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے میدان مارا۔

  • پاکستانی ٹینس اسٹار کا بھارت کے خلاف ڈیوس کپ سے دست برداری کا بڑا فیصلہ

    پاکستانی ٹینس اسٹار کا بھارت کے خلاف ڈیوس کپ سے دست برداری کا بڑا فیصلہ

    کراچی: پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق نے بڑا فیصلہ کر لیا، اعصام الحق بھارت کے خلاف احتجاجاً ڈیوس کپ ٹائی سے دست بردار ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اعصام الحق نے بھارت کے خلاف ڈیوس کپ سے دست برداری کا فیصلہ کر لیا ہے، ٹینس اسٹار نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا۔

    اعصام الحق کا کہنا تھا کہ وہ نیوٹرل وینیو پر احتجاجاً پاکستان ٹیم کا حصہ نہیں بنیں گے، بھارت نے دھرنے کا بہانا بنا کر ایونٹ کی میزبانی سے محروم کیا ہے، کھیل کو سیاست سے ملانا غلط ہے، آئی ٹی ایف (انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن) اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔

    ٹینس اسٹار نے کہا کہ ڈیوس کپ کی منتقلی سے ہمارا مذاق اڑایا گیا ہے، آئی ٹی ایف کا سیکورٹی وفد پہلے ہی کلیئرنس دے چکا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  آئی ٹی ایف نے ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی پاکستان سے واپس لے لی

    انھوں نے کہا کہ بھارتی بلا خوف کرتارپور، ننکانہ صاحب اور ٹیکسلا آ رہے ہیں، برطانوی شاہی خاندان بھی پاکستان کا دورہ کر چکا ہے، ملکہ ہالینڈ بھی رواں ہفتے پاکستان آ رہی ہیں، بڑی تعداد میں بین الاقوامی مقابلے بھی پاکستان میں ہو رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے میزبانی لینے کا کوئی جواز نہیں ہے، آئی ٹی ایف اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

    یاد رہے کہ 5 نومبر کو آئی ٹی ایف نے ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی پاکستان سے یہ کہہ کر واپس لی تھی کہ اسے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سیکورٹی سب سے زیادہ عزیز ہے، پاکستان میں دھرنے بھی جاری ہیں، سیکورٹی ماہرین کی تازہ رپورٹ کی روشنی میں ڈیوس کپ ٹائی کو نیوٹرل مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کا مقابلہ رواں ماہ کے اختتام پر 29 اور 30 نومبر کو اسلام آباد میں ہونا تھا۔

  • اسنوکر کے بعد پاکستان کے لیے شطرنج  کے کھیل میں بھی بڑا اعزاز

    اسنوکر کے بعد پاکستان کے لیے شطرنج کے کھیل میں بھی بڑا اعزاز

    اسلام آباد: اسنوکر کے بعد پاکستان کو شطرنج کے کھیل میں بھی بڑا اعزاز حاصل ہو گیا ہے، نیپال میں ایشین امیچور چیس چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے میدان مار لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیپال میں منعقدہ ایشین امیچور چیمپئن شپ میں پاکستان کے 2 کھلاڑیوں نے 2 گولڈ میڈل جیت لیے ہیں، پاکستان کے محمد امین نے ان ریٹڈ کیٹیگری جب کہ احتشام الحق نے انڈر 1800 کیٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کر لیا ہے۔

    مقابلے کے دوران محمد امین نے 5 اعشاریہ 5 اور احتشام الحق نے 6 پوائنٹ اسکور کیے، اس چیمپئن شپ میں 15 ایشیائی ممالک کے 80 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

    نائب صدر چیس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار شطرنج میں بڑی کامیابی حاصل کی گئی ہے، ملک کے لیے 2 گولڈ میڈل حاصل کرنا بڑا اعزاز ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان کے محمد آصف نے ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی

    واضح رہے کہ مدن بھنڈاری میموریل ایشین امیچور چیس چیمپئن شپ 2019 نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں 8 سے 15 نومبر کو کھیلی گئی۔ پاکستان کی طرف سے محمد شہزاد، احتشام الحق اور محمد امین نے اس میں حصہ لیا۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل اسنوکر کی دنیا میں بھی پاکستان کا نام روشن کیا گیا ہے، یہ کارنامہ عالمی چیپمئن محمد آصف نے انجام دیا، 9 نومبر کو انھوں نے پاکستان کو اسنوکر میں عالمی چیمپئن بنایا، قومی کیوسٹ نے فائنل میں فلپائنی حریف کو مات دے کر ٹرافی پر قبضہ جمایا تھا۔

  • پاکستان کھیلوں کی دنیا میں زبردست چیمپئن آگے لے کر آئے گا: نعیم الحق

    پاکستان کھیلوں کی دنیا میں زبردست چیمپئن آگے لے کر آئے گا: نعیم الحق

    لاہور: وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو جب تک سہولتیں نہیں ملیں گی وہ آگے نہیں بڑھ سکتے، پاکستان کھیلوں کی دنیا میں زبردست چیمپئن آگے لے کر آئے گا۔

    معاون خصوصی نعیم الحق انصاف اسپورٹس اینڈ کلچر ونگ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا سابقہ حکومتوں نے اسپورٹس اور کلچر کو اہمیت نہیں دی، عمران خان نے زندگی کے ہر شعبے میں کھیلوں کو فروغ دیا۔

    نعیم الحق کا کہنا تھا، پاکستان کھیل کے میدان میں دنیا کی اول ٹیموں میں شمار ہوگا، وزیر اعظم کی ہدایت پر جلد ملک میں اسپورٹس کو فروغ دیا جائے گا، بد قسمتی سے اسپورٹس کے شعبے کو حکومتوں نے نظر انداز کیا۔

    تازہ ترین:  کپتانی سے ہٹانے پر سرفراز کو کوئی افسوس نہیں، اہلیہ

    معاون خصوصی نے مزید کہا عمران خان ٹیلنٹ ہنٹ کے ذریعے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع دیا گیا، شاہین خان آفریدی اس ٹیلنٹ ہنٹ کی زندہ مثال ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی نے سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی کی کپتانی سے ہٹاتے ہوئے اظہرعلی کو ٹیسٹ جب کہ بابر اعظم کو ٹی ٹوینٹی کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔

    کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد سرفراز احمد نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کی قیادت کرنا اعزاز کی بات تھی، اظہر علی اور بابر اعظم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔