Tag: کھیل کھلاڑی

  • نیشنل گیمز میں 30 مختلف کھیلوں میں ہزاروں کھلاڑی مد مقابل ہوں گے: وزیر اعلیٰ کے پی

    نیشنل گیمز میں 30 مختلف کھیلوں میں ہزاروں کھلاڑی مد مقابل ہوں گے: وزیر اعلیٰ کے پی

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے کہا ہے کہ نیشنل گیمز میں 30 مختلف کھیلوں میں ہزاروں کھلاڑی مد مقابل ہوں گے، ٹارچ سرمنی 4 اکتوبر کو مزار قائد کراچی سے شروع ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعلیٰ کے پی کی زیر صدارت نیشنل گیمز کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں نیشنل گیمز کے سلسلے میں شرکا کو بریفنگ دی گئی۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ نیشنل گیمز کے لیے ٹارچ سرمنی 4 اکتوبر کو مزار قائد کراچی سے شروع ہوگی، اور 18 اکتوبر کو بابو سر پاس سے کے پی میں داخل ہوگی، ایونٹ کی اختتامی تقریب یکم نومبر 2019 کو ہوگی۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے ایونٹ کے انعقاد کے لیے لا اینڈ آرڈر کمیٹی اور ہیلتھ کمیٹی کی منظوری دی اور محکمہ کھیل کو کھیلوں کا معیاری سامان فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔

    وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا نیشنل گیمز میں 30 مختلف کھیلوں میں ہزاروں کھلاڑی مد مقابل ہوں گے، ٹارچ سرمنی سے کھیل اور سیاحت کے فروغ سے عوام میں آگاہی پیدا ہوگی، اس ایونٹ کے لیے بھرپور انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

    واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختون خوا میں پہلی بار 33 ویں نیشنل گیمز کا انعقاد عمل میں آ رہا ہے، جس کے لیے حکومت نے 17 کروڑ روپے جاری کیے تھے، صوبائی وزیر کھیل عاطف خان نے کہا تھا 5 ہزار سے زاید کھلاڑی اس میں شرکت کریں گے، یہ مقابلے پشاور، مردان اور کوہاٹ میں ہوں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ذرایع نے کہا تھا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے ایونٹ پشاور سے اسلام آباد منتقل کرنے کی کوشش کی تھی، اس کا کہنا تھا قیوم اسٹیڈیم کا ایتھلیٹکس ٹریک اس قابل نہیں کہ یہاں مقابلے ہوں، دوسری طرف کے پی حکومت قیوم اسٹیڈیم میں ہی ایتھلیٹکس ایونٹ کرانے کی خواہش مند تھی۔

    صدر ایتھلیٹکس فیڈریشن اکرم ساہی کا کہنا تھا ٹریک ٹھیک ہے اگر کوئی خامی ہے بھی تو اسے دور کیا جائے گا، اگر ایتھلیٹکس ایونٹ پشاور سے منتقل ہوا تو نیشنل گیمز افادیت کھو دیں گے، نیشنل گیمز پر کروڑوں خرچ کر رہے ہیں، ایونٹ کے پی میں ہی کرائیں گے۔

    انھوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ قیوم اسٹیڈیم کے ٹریک پر پیچز ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، ایتھلیٹکس فیڈریشن خیبر پختونخوا اسپورٹس بورڈ سے متفق ہے، اسپورٹس بورڈ ٹریک کے حوالے سے کمی بیشی دور کر لے گی۔

  • کینسر کو شکست دینے والی خاتون نے تیراکی کا حیرت انگیز ریکارڈ قایم کر لیا

    کینسر کو شکست دینے والی خاتون نے تیراکی کا حیرت انگیز ریکارڈ قایم کر لیا

    لندن: حال ہی میں کینسر جیسے مہلک مرض کو شکست دینے والی خاتون نے تیراکی کا حیرت انگیز ریکارڈ قایم کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کولراڈو، امریکا سے تعلق رکھنے والی 37 سالہ سارا تھامس نے بغیر رکے 4 مرتبہ آبنائے انگلش عبور کر کے پہلی خاتون بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

    سارا تھامس نے برطانیہ اور فرانس کو جدا کرنے والی آبنائے انگلش (دریائی گزرگاہ) کو عبور کرنے کے لیے تیرنے کا آغاز اتوار کی صبح کو کیا اور 54 گھنٹے تک مسلسل تیرنے کے بعد انگلش چینل کو چار مرتبہ عبور کیا۔

    امریکی خاتون تیراک نے ایک سال قبل 2018 میں چھاتی کے کینسر کا علاج مکمل کیا ہے، انھوں نے اپنے ریکارڈ کو کینسر کو شکست دینے والوں کے نام کرتے ہوئے کہا، میرا جسم سن ہو گیا ہے، مجھے یقین نہیں آ رہا کہ میں نے ریکارڈ قایم کر لیا ہے، ساحل پر موجود بہت سارے لوگوں نے میرے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    انگلش چینل میں تیراکی کا ٹوٹل فاصلہ 80 میل تھا لیکن آبنائے میں طاقت ور لہروں کے باعث سارا تھامس کے لیے یہ سفر 130 میل بن گیا تھا۔

    پانی میں تیرنے کے دوران سارا تھامس کو آرام کرنے کی اجازت نہیں تھی، تاہم ہر 30 منٹ بعد ان کا امدادی عملہ ان کو پروٹین بحال کرنے کے لیے مشروب کی بوتل پھینکتا تھا جو الیکٹرولائٹس سے بھرپور تھا۔

    ریکارڈ قایم کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس نے کہا کہ میں بہت زیادہ تھک چکی ہوں اور اب میں سارا دن صرف سونا چاہتی ہوں۔

    سارا تھامس کی والدہ نے کہا کہ ان کی بیٹی جنونی طبیعت رکھتی ہے، تیراکی کے ذریعے وہ کینسر کے علاج سے مرتب ہونے والے اثرات کو دور کرتی ہے۔

  • مصباح سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا دکھ تھا: عثمان شنواری

    مصباح سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا دکھ تھا: عثمان شنواری

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر عثمان شنواری نے کہا ہے کہ انھیں مصباح الحق کے ساتھ کھیل کر ان سے بہت کچھ سیکھنےکو ملا۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر عثمان شنواری نے کہا ہے کہ مصباح الحق نے ہمیشہ انھیں اعتماد دیا ہے، مصباح کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کی تیاریوں کے لیے کیمپ جاری ہے، سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانا ہمارا ہدف ہے۔

    شنواری نے کہا کہ جب آپ محنت کر رہے ہوں اور اچانک ٹیم سے باہر ہو جائیں تو دکھ ہوتا ہے، مجھے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا دکھ تھا مگر یہ کھیل کا حصہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز

    کرکٹر عثمان شنواری نے کہا کہ کھلاڑی کے کیرئیر میں ہمیشہ اتار چڑھاؤ آتا ہے، میں جتنا کھیلا ہوں، اب تک اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔

    اپنی بولنگ اور کوچنگ سے متعلق فاسٹ بولر نے کہا کہ وقار یونس کے بالنگ کوچ بننے سے میری پرفارمنس بہتر ہوگی۔

    واضح رہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مہمان ٹیم سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کے 4 روزہ تربیتی کیمپ کا ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کی نگرانی میں آغاز ہو چکا ہے۔

    سری لنکا کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹوینٹی سیریز 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک جاری رہے گی، سرفراز احمد 2017 سے تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، دو روز قبل سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔

  • کرکٹر عابد علی کا قائد اعظم ٹرافی میں ڈبل سنچری پر اظہار تشکر

    کرکٹر عابد علی کا قائد اعظم ٹرافی میں ڈبل سنچری پر اظہار تشکر

    کراچی: قائد اعظم ٹرافی میں ڈبل سنچری بنانے پر کرکٹر عابد علی نے اظہار تشکر کیا ہے، انھوں نے کہا اپنا انفرادی ہائی اسکور کرنے پر خدا کا شکر ادا کرتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی میں سندھ ٹیم کے بیٹسمین عابد علی نے ڈبل سنچری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کنڈیشن جیسی بھی ہو ہمیں اچھا کھیلنا ہے، فٹنس پر کام کر رہا ہوں۔

    عابد علی نے کہا کہ خواہش ہے کہ ہر فارمیٹ کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کروں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میچ میں ہم نے ٹیم پلان پر عمل کیا، میری کارکردگی بھی بہتر رہی، اب ڈومیسٹک کرکٹ اچھی ہو رہی ہے، پروفیشنل کھلاڑی سامنے آ رہے ہیں۔

    تفصیل یہاں پڑھیں:  تاریخ میں پہلی بار قائداعظم ٹرافی کے میچز لائیو اسٹریم ہوں گے

    2007 میں فرسٹ کلاس ڈیبو کرنے والے عابد علی نے کہا کہ مجھے اچھا آغاز ملا، کارکردگی برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا، فٹنس پر بھرپور توجہ دے رہا ہوں۔

    واضح رہے کہ نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے تحت قائد اعظم ٹرافی کے ابتدائی راؤنڈ کا گزشتہ روزسے آغاز ہو گیا ہے، یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں نو ٹاس قانون کا استعمال کرتے ہوئے مہمان بلوچستان کے کپتان حارث سہیل نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    میچ میں بلوچستان کے خلاف ڈبل سنچری جڑتے ہوئے سندھ ٹیم کےعابد علی نے 249 رنز ناٹ آؤٹ کا بہترین انفرادی اسکور کیا، اکتیس سالہ کھلاڑی نے یہ سنگ میل 512 گیندوں پر 26 چوکوں کی مدد سے عبور کیا، وہ 712 منٹ کریز پر کھڑے رہے، ٹیم نے پانچ وکٹوں پر 473 رنز اسکور کر کے اننگ ڈیکلیئر کر دی۔

    عابد علی

    16 اکتوبر 1987 کو لاہور میں پیدا ہوئے، انھوں نے لسٹ اے ڈیبو 2005 میں کیا اور فرسٹ کلاس ڈیبو 2007 میں کیا، جب کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے انٹرنیشنل ڈیبو انھوں نے مارچ 2019 میں کیا۔ انٹرنیشنل ڈیبو کرنے سے قبل وہ 100 فرسٹ کلاس میچز میں 6700 رنز اسکور کر چکے تھے۔

    مارچ 2019 میں انھیں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچ کے لیے منتخب کیا گیا، انھوں نے اپنا پہلا انٹرنیشنل ون ڈے میچ 29 مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلا۔ یہ ایک یادگار میچ تھا جب عابد علی نے پہلے ہی میچ میں آسٹریلیا جیسی ٹیم کے خلاف سینچری اسکور کر لی۔

    عابد علی نے آؤٹ ہونے سے قبل 9 چوکوں کی مدد سے 112 رنز کی شان دار اننگز کھیلی، یہ پاکستان کی جانب سے ڈیبو کرنے والے ون ڈے بیٹسمین کا سب سے زیادہ اسکور تھا، یہ کارنامہ انجام دینے والے وہ تیسرے پاکستانی کھلاڑی بنے۔

    اپریل 2019 میں عابد علی کو کرکٹ ورلڈ کپ کے پاکستان اسکواڈ میں ابتدائی طور پر شامل کیا گیا لیکن 20 مئی کو پی سی بی کی جانب سے فائنل اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تو انھیں ڈراپ کر دیا گیا۔

  • انڈیا مجھ سے گھبرا رہا ہے، میرا ٹویٹر بند کرا دیا: جاوید میاں داد

    انڈیا مجھ سے گھبرا رہا ہے، میرا ٹویٹر بند کرا دیا: جاوید میاں داد

    کراچی: سابق لیجنڈ کرکٹر جاوید میاں داد نے کہا ہے کہ انڈیا مجھ سے گھبرا رہا ہے، اس لیے اس نے میرا ٹویٹر بند کرا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جاوید میاں داد جامعہ کراچی کے سیمینار سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ انھوں نے انڈیا میں سب کو بہت محبت دی لیکن وہ اب مجھ سے گھبرا رہا ہے۔

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ میں نہ کوئی وزیر ہوں نہ ہی سیاست دان پھر بھی میری کہی بات بڑی ہو جاتی ہے، میں جو بات کرتا ہوں دل سے کرتا ہوں۔

    دریں اثنا، جاوید میاں داد نے سیمینار میں بھارتی مظالم کے خلاف طلبہ کے ساتھ پلے کارڈ تھاما، جس پر لکھا تھا کشمیریوں کو سکون سے رہنے دو، مظالم بند کرو۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر کے حق میں آواز اٹھانے والے 67 پاکستانیوں کے بلاک شدہ اکاؤنٹ بحال

    نامور سابق کرکٹر نے اپنے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ میرے پاس دو چیزیں تھیں جن کی وجہ سے میں نے زندگی میں مقام بنایا، کرکٹ اور انسانیت، میں نے انھی چیزوں کو لے کر چلا۔

    مزید کہا کہ مجھ پر جب بھی کوئی مصیبت آئی میں نے نماز سے مدد لی، مصلا بچھایا، نماز کبھی نہیں چھوڑی، بزرگوں کے درباروں پر گیا، یہ سب چیزیں میری زندگی کا حصہ رہی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ چھوڑے ہوئے 20 سال ہو گئے لیکن ایسا لگتا ہے جیسے میں نے کرکٹ آج چھوڑی ہو۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے جاوید میاں داد نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے ایل او سی کے دورے کا بھی اعلان کیا تھا۔