Tag: کھیل کی خبریں

  • پاکستان کا ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ

    پاکستان کا ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ

    پاکستان نے مسلسل تیسرے میچ میں ویسٹ انڈییز کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کر لیا۔

    ملتان میں کھیلے گئے تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں قومی ٹیم کے 269 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 216 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین 60 اور کیسی کارٹی 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    قومی ٹیم کی جانب سے شاداب خان نے 4، حسن علی اور محمد نواز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

    قبل ازیں قومی ٹیم نے مقررہ 48 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر269 رنز بناسکی، شاداب خان 86 اور امام الحق 62 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کیلئے 85 رنز کی شراکت قائم کی، اس موقع پر فخر زمان 35 رنز بنا کر پوران کی گیند پر بولڈ ہوئے،

    شاندار اوپننگ شراکت کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لڑکھڑاگئی اور ویسٹ انڈین کپتان پوران نے مڈل آرڈر کا صفایا کردیا، بابر اعظم صرف ایک رن بنا کر 88 رنز پر پویلین لوٹے۔ امام الحق نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور پھر پویلین لوٹ گئے، بعد ازاں محمد حارث اور رضوان بالترتیب 113 اور 117 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

    117 رنز پر پانچ وکٹیں کھونے کے بعد شاداب خان اور خوشدل شاہ نے سنبھالا اور ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا، 33 ویں اوور میں تیز آندھی کے باعث کھیل کو روک دیا گیا، کھیل دوبارہ شروع ہوا تو میچ کو 48 اوورز تک محدود کردیا گیا۔

    خوشدل شاہ اور شاداب خان کے درمیان 84 رنز کی شراکت قائم ہوئی، خوشدل شاہ  34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد نواز بھی خاطر خواہ اسکور نہ بناسکے اور آٹھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، دوسرے اینڈ پر شاداب خان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو 269 تک پہنچا دیا۔

    ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان نکولس پورن نے 4، کیمو پال نے 2، اکیل حسین، ہیڈن والش اور  جیڈن سیلز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

  • ویمنز ورلڈ کپ 2022: آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    ویمنز ورلڈ کپ 2022: آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2022 میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، پاکستانی ٹیم نے اب تک ایونٹ میں اپنے 2 میچز کھیلے اور دونوں میں شکست کھائی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2022 میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، آسٹریلیا نے 191 رنز کا ہدف 35 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

    آسٹریلیا کی ایلسا ہیلی 72، لیننگ 35 اور ہائینز 34 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

    پاکستان نے پہلے کھیل کر 6 وکٹ پر 190 رنز بنائے، کپتان بسمہ معروف نے 78 اور عالیہ ریاض نے 53 رنز بنائے۔

    خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ 2022 میں اب تک 2 میچز کھیل چکی ہے اور دونوں میں اسے شکست ہوئی ہے، اپنا پہلا میچ پاکستان نے روایتی حریف بھارت سے کھیلا تھا جس میں اسے 107 رنز سے شکست ہوئی۔

    قومی ویمنز ٹیم 245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کوئی بھی کھلاڑی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہی۔

    قومی ٹیم اب اپنا اگلا میچ 11 مارچ بروز جمعہ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔

  • آئی سی سی کی نئی ٹی 20 رینکنگ جاری

    آئی سی سی کی نئی ٹی 20 رینکنگ جاری

    دبئی: انٹرنیشل کرکٹ کاؤنسل (آئی سی سی) نے نئی ٹی 20 رینکنگ جاری کردی، پاکستانی کپتان بابر اعظم تیسرے اور محمد رضوان چوتھے نمبر پر ہیں۔

    انٹرنیشل کرکٹ کاؤنسل (آئی سی سی) نے نئی ٹی 20 رینکنگ جاری کردی، پاکستانی کپتان بابر اعظم کی رینکنگ میں تنزلی ہوئی اور وہ نمبر ون پوزیشن سے نیچے آگئے۔

    بابر اعظم کی جگہ انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان نمبر ون پوزیشن پر آگئے، جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم دوسرے نمبر پر آگئے جبکہ بابر اعظم تیسرے نمبر پر آگئے۔

    محمد رضوان کا ٹی 20 رینکنگ میں چوتھا نمبر برقرار ہے، شاداب خان ایک درجہ ترقی کے بعد نویں پوزیشن پر آگئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی بھی ایک درجہ ترقی کر کے گیارہویں نمبر پر آگئے۔

  • آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری

    آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری

    لاہور: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا گیا، دورے میں 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 1 ٹی 20 میچ شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا گیا، آسٹریلوی ٹیم سنہ 1998 کے بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

    مہمان ٹیم آئندہ سال مارچ اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی، دورے میں 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 1 ٹی 20 میچ شامل ہے۔

    سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 3 تا 7 مارچ سے کراچی میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ میچ 12 تا 16 مارچ راولپنڈی میں جبکہ تیسرا ٹیسٹ 21 تا 25 مارچ لاہور میں کھیلا جائے گا۔

    سیریز کے چاروں وائٹ بال میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے، ون ڈے میچز 29 مارچ، 31 مارچ اور 2 اپریل کو کھیلا جائے گا۔

    سیریز کا واحد ٹی 20 میچ لاہور میں 5 اپریل 2022 کو کھیلا جائے گا۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ 2021: بھارت کے خلاف میچ کے لیے پاکستان کی 12 رکنی ٹیم کا اعلان

    ٹی 20 ورلڈ کپ 2021: بھارت کے خلاف میچ کے لیے پاکستان کی 12 رکنی ٹیم کا اعلان

    ابو ظہبی: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں بھارت کے خلاف میچ کے لیے پاکستان کی 12 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 24 اکتوبر بروز اتوار کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں بھارت کے خلاف میچ کے لیے پاکستان کی 12 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔

    ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہوں گے جبکہ محمد رضوان، فخر زمان، شعیب ملک، محمد حفیظ، عماد وسیم، شاہین آفریدی،حسن علی،حارث روؤف، شاداب خان، آصف علی اور حیدر علی ٹیم میں شامل ہوں گے۔

    کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پلیئنگ الیون کا فیصلہ میچ سے پہلے کریں گے۔

    پاک بھارت میچ کے لیے چیمپیئنز ٹرافی کے فاتح کپتان سرفراز 12 رکنی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا ساتواں ایڈیشن متحدہ عرب امارات اور عمان میں جاری ہے جہاں ایونٹ کا سب سے بڑا میچ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 24 اکتوبر بروز اتوار کھیلا جائے گا۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔

  • کیا ڈینش فٹبالر کرسچن ایرکسن کو دل کا دورہ پڑا تھا؟

    کیا ڈینش فٹبالر کرسچن ایرکسن کو دل کا دورہ پڑا تھا؟

    گزشتہ روز یورو 2020 میں ڈینش فٹبالر کرسچن ایرکسن کے فٹبال میچ کے دوران گر جانے کے بعد ان کا کیریئر بھی خطرے میں دکھائی دے رہا ہے، مداحوں نے کھلاڑی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ روز ڈنمارک کے فٹ بالر کرسچن ایرکسن فٹ بال کے یورو 2020 مقابلوں کے پہلے میچ میں فن لینڈ کے خلاف میچ کے دوران گر گئے اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرنا پڑا تھا۔

    29 سالہ کرسچن ایرکسن ابھی تک اسپتال میں ہیں، لیکن ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے، تاہم تاحال ان کی بیماری کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

    سنجے شرما لندن میں سینٹ جارج یونیورسٹی میں سپورٹس کارڈیالوجی کے پروفیسر ہیں اور وہ اس حوالے سے کہتے ہیں کہ واضح طور پر کچھ بہت غلط ہو گیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہوا اور ایسا کیوں ہوا؟ کرسچن ایرکسن کے 2019 میں معمول کے ٹیسٹ ہوئے تھے تو یہ دل کا دورہ کیسے ہوسکتا ہے؟

    سنجے شرما کا کہنا ہے کہ ایرکسن کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد ان کے دوبارہ فٹ بال کھیلنے کا کوئی امکان نہیں ہے، برطانیہ کی فٹ بال باڈیز ایرکسن کو دوبارہ کھیلنے کی اجازت دینے کے بارے میں انتہائی سختی سے پیش آسکتی ہیں۔

    اس سے قبل بولٹن وانڈرس کے فٹ بالر فیبریس موامبا کو مارچ 2012 میں ٹوٹنہم ہاٹ پور کے خلاف میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے اپنا کیرئیر ختم کرنا پڑا تھا، انہوں نے اپنے کیریئر کے دوبارہ آغاز کی امید کی تھی، لیکن طبی مشورے پر پانچ ماہ بعد پروفیشنل فٹبال سے ریٹائر ہوگئے۔

    کرسچن ایرکسن کو دل کا دورہ پڑنے کی خبر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وائرل ہوئی تو مداحوں کی جانب سے نیک تمناؤں کے ساتھ ساتھ جذباتی پیغامات دیکھنے کو ملے، ایک صارف نے لکھا کہ یہ واقعی بہت افسوسناک ہے، لیکن کل ان تصاویر کو دیکھنے کے بعد مجھے خوشی ہے کہ وہ اب بھی ہمارے ساتھ ہیں۔

    ایک اور ٹویٹر صارف کا کہنا تھا کہ ان کی صحت اس وقت زیادہ اہم ہے، ان کے کیریئر کے بارے میں فیصلے کا انتظار کیا جا سکتا ہے، مجھے یقین ہے کہ کوئی فیصلہ کرنے سے پہلے ان کی صحت کا مکمل جائزہ لیا جائے گا۔

  • افغان کرکٹر نے ٹیم کی کپتانی کیوں ٹھکرا دی؟

    افغان کرکٹر نے ٹیم کی کپتانی کیوں ٹھکرا دی؟

    افغان لیگ اسپنر راشد خان نے افغانستان کی ٹی 20 ٹیم کی کپتانی یہ کہتے ہوئے ٹھکرا دی کہ وہ لیڈر سے زیادہ ایک کھلاڑی کے طورپر ٹیم کے لیے بیش قیمت ثابت ہوسکتے ہیں۔

    22 سالہ لیگ اسپنر کا کہنا ہے کہ میں اپنے دماغ میں پوری طرح واضح ہوں کہ میں ایک کھلاڑی کی حیثیت سے بہتر ہوں، میں ٹیم کے نائب کپتان کے طور پر ٹھیک ہوں اور کپتان کو جو مدد چاہیئے وہ میں دے سکتا ہوں، میرے لیے اس عہدے سے دور رہنا زیادہ بہتر ہے۔

    راشد خان نے کہا کہ میں ٹیم کے لیے ایک کھلاڑی کے طور پر بہترین پرفارمنس چاہتا ہوں اور فی الحال میرا ہدف ورلڈ کپ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ کپتانی سے ٹیم کے لیے میری کارکردگی پر اثر پڑ سکتا ہے، اس لیے میں ایک کھلاڑی کے طور پر خوش ہوں اور بورڈ و سلیکشن کمیٹی جو بھی فیصلہ کریں گے میں اس کی حمایت کروں گا۔

  • پاکستان نے ثابت کیا کہ وہاں سیکیورٹی صورتحال اچھی ہے: آسٹریلوی کرکٹر

    پاکستان نے ثابت کیا کہ وہاں سیکیورٹی صورتحال اچھی ہے: آسٹریلوی کرکٹر

    سڈنی: آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کو پاکستان کا مکمل دورہ کرنا چاہیئے، بین الاقوامی کرکٹرز نے پاکستان میں کھیلا ہے اور وہ سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن اور خوش تھے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کو پاکستان کا مکمل دورہ کرنا چاہیئے۔

    اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار پانچ سالوں کے دوران پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ وہاں سیکیورٹی کی صورتحال بہت اچھی ہے، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران بین الاقوامی کرکٹرز نے پاکستان میں کھیلا ہے اور وہ سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن اور خوش تھے۔

    عثمان خواجہ نے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ انگلینڈ بھی اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا، یہ کرکٹ کے لیے بہت اچھی خبر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک لمبے عرصے تک ابو ظہبی میں کرکٹ کھیلی ہے، اب انہیں اپنے گھر میں ہی کرکٹ کھیلنی چاہیئے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی کے فیوچر ٹور پروگرام کے تحت آسٹریلیا نے اگلے سال فروری میں پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • بھارت کے خلاف انگلینڈ کے اہم کھلاڑی بقیہ میچز میں شرکت نہیں کریں گے

    بھارت کے خلاف انگلینڈ کے اہم کھلاڑی بقیہ میچز میں شرکت نہیں کریں گے

    بھارت کے خلاف انگلینڈ کے اہم کھلاڑی معین علی تیسرے اور چوتھے ٹیسٹ میں دستیاب نہیں ہوں گے، کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے معین فی الحال اپنے گھر جانا چاہتے ہیں۔

    انگلینڈ کے کپتان جوروٹ نے منگل کے روز میچ کے بعد تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معین واپس اپنے گھر جارہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ کھلاڑیوں کو کوئی پریشانی نہ ہو۔

    یاد رہے کہ معین علی کے لیے گزشتہ کچھ ماہ کافی مشکل رہے ہیں، سری لنکا پہنچنے پر کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی وجہ سے انہیں کافی وقت تک کرکٹ سے دور رہنا پڑا۔

    وہ بھارت کے خلاف موجودہ ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بھی شرکت نہ کرسکے۔

    معین کے جانے کے بعد جانی بیرسٹو اور مارک ووڈ ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کی 17 رکنی ٹیم میں واپس آئیں گے، انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی طرف سے دونوں کھلاڑیوں کا نام پہلے ہی تیسرے ٹیسٹ کے لیے طے شدہ تھا جو 24 فروری سے شروع ہوگا۔

    معین نے بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹیں لی تھیں اور دوسری اننگز میں 43 رنز بنائے تھے۔

    تیسرے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کی 17 رکنی ٹیم میں جوروٹ، جیمس اینڈرسن، جوفرا آرچر، جانی بیرسٹو، ڈومنک بیس، اسٹورٹ براڈ، روری برنس، جیک کرالے، بین فوکس، ڈین لارنس، جیک لچ، اولی پوپ، ڈوم سبلے، بین اسٹوکس، اولی اسٹون، کرس ووکس اور مارک وڈ شامل ہیں۔

  • بلال آصف نے پی ایس ایل کا گانا ریلیز کردیا

    بلال آصف نے پی ایس ایل کا گانا ریلیز کردیا

    معروف کرکٹر اور گلوکار بلال آصف نے پاکستان سپر لیگ کے لیے گانا ریلیز کردیا، بلال آصف کے گانے کو مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹر بلال آصف نے پاکستان سپر لیگ کے لیے نیا گانا یہ ہے پی ایس ایل ریلیز کردیا، گزشتہ روز ریلیز کیے جانے والے اس گانے کے حوالے سے بلال آصف نے لکھا ہے کہ یہ گانا پی ایس ایل کے مداحوں کے لیے بنایا گیا ہے۔

    اس گانے کے بول کرکٹر بلال آصف نے لکھے ہیں، اسے گایا بھی انہوں نے ہے جبکہ وہ خود بھی ویڈیو میں موجود ہیں۔ گانے کی ویڈیو لاہور کے تاریخی شاہی قلعے اور اندرون شہر کی گلیوں میں بنائی گئی ہے۔

    گانے میں پی ایس ایل میں شامل تمام ٹیمز کا ذکر کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

    بلال آصف کے گانے کو مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ 6 کا آفیشل گانا چند روز قبل ریلیز کیا گیا تھا جسے نصیبو لعل اور آئمہ بیگ نے گایا ہے، ابتدا میں گانے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تاہم بعد ازاں لوگوں کی بڑی تعداد نے نصیبو لعل کی گائیکی کو شاندار قرار دیا اور ان کی حمایت کی۔

    دوسری جانب پاکستان سپر لیگ 6 کے میچز کا آغاز رواں ہفتے 20 فروری سے کراچی میں ہونے جارہا ہے، لیگ کا فائنل 22 مارچ کو ہوگا۔