Tag: کھیل کی خبریں

  • تیسرا ون ڈے، کینگروز نے شاہینوں‌ کو 80 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

    تیسرا ون ڈے، کینگروز نے شاہینوں‌ کو 80 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

    ابوظبی: آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میچ میں 80 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، کپتان ایرون فنچ نے 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، امام الحق 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں کینگروز نے شاہینوں کو 80 رنز سے شکست دے دی، 267 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 186 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ایڈم زمپا نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

    پاکستان کے اوپننگ بلے باز امام الحق 46 رنز بنا کر نمایاں رہے، عماد وسیم نے 43 رنز کی اننگز کھیلی، عمر اکمل اور شعیب ملک بالترتیب 36 اور 32 رنز بناسکے۔

    آسٹریلیا کے لیگ اسپنر ایڈم زمپا نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاسٹ بولر پیٹ کمنز نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    قبل ازیں ابوظبی میں کھیلے جانے ولاے تیسرے ون ڈے میچ میں کینگروز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے اور گرین شرٹس کوجیت کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا، ایرون فنچ 90 اور گلین میکسویل نے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی۔

    آسٹریلیا کی پہلی وکت صفر پر گری جب عثمان خواجہ بغیر کوئی رن بنائے شنواری کی گیند پر بولڈ ہوگئے، 20 رنز پر کینگروز کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا 14 رنز بنا کر شان مارش بھی پویلین لوٹ گئے۔

    ایرون فنچ اور ہینڈز کومب نے ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا، فنچ 90 اور ہینڈکومب 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اسٹونس کو 10 رنز پر عماد وسیم نے پویلین روانہ کیا۔

    گلین میکسویل نے شنواری کی گیند پر امام الحق کی جانب سے کیچ ڈراب ہونے کے بعد 71 رنز کی اننگز کھیلی، کیری 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری، عماد وسیم، یاسر شاہ، حارث سہیل اور جنید خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، محمد حسنین کافی مہنگے بولر ثابت ہوئے انہوں نے 5 اوورز میں 50 رنز دئیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

    قبل ازیں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز ابو ظہبی میں کھیلی جارہی ہے، تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ٹاس جیتتا تو میں بھی بیٹنگ کرتا، پاکستان کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ عثمان شنواری اور جنید خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ محمد حسنین ٹیلنٹڈ بالر ہیں، امید ہے حسنین فٹ رہے گا اور اچھی کارکردگی دکھائے گا۔

    دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں پیٹ کمنز اور جیسن بھنڈروف کو شامل کیا گیا ہے۔

    پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان ٹیم کا باؤلنگ اٹیک ابتدائی دونوں ون ڈے میچز میں بری طرح ناکام رہا، کینگروز نے دونوں میچ 8، 8 وکٹوں سے اپنے نام کیے۔

  • شارجہ ون ڈے، ایرون فنچ کی شاندار سنچری، پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست

    شارجہ ون ڈے، ایرون فنچ کی شاندار سنچری، پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست

    شارجہ: آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں کپتان ایرون فنچ کی شاندار سنچری کی بدولت 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی، فنچ شاندار کارکردگی پر مرد بحران قرار پائے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 281 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان کرلیا، ایرون فنچ 116 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، پانچ میچوں سیریز میں آسٹریلیا کو 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔

    آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 63 رنز پر گری جب عثمان خواجہ 24 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد فنچ اور شان مارش کے درمیان 172 رنز کی شراکت قائم ہوئی، فنچ 116 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

    شان مارش نے ناقابل شکست 91 رنز کی اننگز کھیلی، پاکستان کے محمد عباس اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

     شارجہ میں کھیلے جانے والے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 281 رنز کا ہدف دے دیا، عمر اکمل نے 49 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

    شعیب ملک نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 35 رنز پر گری جب امام الحق کرس لیون کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ڈیبیو کرنے والے شان مسعود نے 40 رنز بنائے۔

    عمر اکمل 50 گیندوں پر 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہوں نے تین بلند و بالا چھکے لگائے، قائم مقام کپتان شعیب ملک 11 رنز بنا کر میکسویل کی گیند پر بولڈ ہوئے، فہیم اشرف 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    حارث سہیل نے کیریئر کی پہلی شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے ناقابل شکست 101 رنز بنائے، عماد وسیم نے جارحانہ 28 رنز کی اننگز کھیلی۔

    آسٹریلیا نے کولٹر نیل نے دو وکٹیں حاصل کیں، اسپنرز میکسویل اور کرس لیون کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

    پاکستان کی طرف سے محمد عباس اور شان مسعود پاکستان کی طرف سے ڈیبیو کیا۔ پاکستان کی ٹیم کپتان شعیب ملک، امام الحق، شان مسعود، عمراکمل، حارث سہیل، محمد رضوان، عماد وسیم، محمد عامر، فہیم اشرف، محمد عباس اور یاسر شاہ پر مشتمل ہے۔

    دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان ایرون فنچ، شان مارش، عثمان خواجہ، پیٹر ہینڈ سکومب، کین رچرڈسن، گلین میکسویل، جیسن بہرنڈوف، ایڈم زمپا اور نیتھن لیون شامل ہیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کا موقع ملے گا، کینگروز کے بعد انگلش ٹیم کے خلاف سیریز ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگی۔

    پاکستان ٹیم نے شارجہ کے میدان میں گزشتہ روز بھرپور پریکٹس بھی کی تھی، قومی ٹیم کی قیادت شعیب ملک کر رہے ہیں جبکہ سرفراز احمد کو آرام کی غرض سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل شعیب ملک کی قیادت میں 38 ایک روزہ میچز کھیلے گئے جس میں سے 25 میں وہ فتحیاب ہوئے جبکہ 13 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس حساب سے ان کی فتح کا تناسب عمدہ ہے۔

  • پی ایس ایل 4: ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    پی ایس ایل 4: ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 4 کے آخری مرحلے میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم یہ میچ ملتان سلطانز نے سات وکٹوں سے جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 4 کی شکست خوردہ ٹیمیں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز آج آمنے سامنے آئیں، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آج کے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں اوسط درجے کی کارکردگی دکھا کر ایونٹ سے باہر ہوچکی ہیں۔

    پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 141 رنز کا ہدف دیا تھا جسے ملتان سلطانز نے بہ آسانی پورا کر کے لاہور قلندرز کو شکست دی۔

    ملتان سلطانز اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں شیعب ملک، شاہد آفریدی، عمر صدیق، ڈینیئل کرسچن، جانسن چارلس، شان مسعود، کرس گرین، محمد الیاس، جنید خان اور محمد عباس شامل ہیں۔

    لاہور قلندرز اسکواڈ

    لاہور قلندرز کی ٹیم میں آج فخر زمان، یاسر شاہ، راحت علی، شاہین آفریدی، آغا سلمان، سہیل اختر، حسن خان، حارث سہیل، محمد عمران اور عمیر مسعود کھیل رہے ہیں۔

    پی ایس ایل کے چوتھے سیزن میں دونوں ٹیموں نے 9، 9 میچز کھیلے جس میں سے ملتان کی ٹیم صرف 2 اور لاہور کی ٹیم 3 میچز جیت سکی۔

  • کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

    شارجہ: پی ایس ایل فور کے بارہویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کپتان سرفراز احمد کی ناقابل شکست نصف سنچری کی بدولت لاہور قلندرز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 144 رنز کا ہدف دیا جسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    کوئٹہ کی پہلی وکٹ 1 رن پر گری جب شین واٹسن بغیر کوئی رن بنائے راحت علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، گلیڈی ایٹرز کی دوسری وکٹ 26 رنز پر گری، روسو 17 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

    سرفراز احمد نے ناقابل شکست 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد نواز 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انور علی ایک رن پر ویسے نے بولڈ کیا۔

    عمر اکمل کو 9 رنز پر حارث رؤف نے پویلین روانہ کیا، ڈیوین اسمتھ کو 2 رنز پر فخر زمان نے رن آؤٹ کیا، احسن علی نے 29 گیندوں پر 40 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حارث رؤف نے دو جبکہ راحت علی، یاسر شاہ، لمن چانے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں پی ایس ایل سیزن فور کے بارہویں میچ میں سرفراز احمد نے لاہور قلندرز کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 144 رنز کا ہدف دیا۔

    فخر زمان نے 3 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر عمر اکمل کو کیچ دے بیٹھے، سلمان بٹ آج بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    کورے اینڈرسن کو 19 رنز پر انور علی نے آؤٹ کیا، کل کے میچ کے ہیرو ڈیوڈ ویسے 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، گوہر علی کو 5 رنز پر غلام مدثر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، یاسر شاہ ایک رن بنا کر سہیل تنویر کا نشانہ بنے۔

    لاہور قلندرز کے کپتان اے بی ڈیولیرز نے ناقابل شکست 45 رنز کی اننگز کھیلی، سندیپ لمن چانے 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے غلام مدثر نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، سہیل تنویر نے دو وکٹیں حاصل کیں، انور علی، اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں پاکستان سپر لیگ کے سیزن 4 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز مدمقابل ہیں۔ گلیڈی ایٹرز نے قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    لاہور قلندرز کی ٹیم میں 3 جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔

    قلندرز نے گزشتہ روز ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد آج ان کا مورال بلند ہے۔

    پوائنٹس ٹیبل پر قلندرز کی ٹیم آخری نمبر سے چوتھے نمبر پر آگئی ہے۔ لاہور قلندر اب تک 4 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے 2 میں شکست اور 2 میں فتحیاب ہوچکی ہے۔

    قلندرز کی میچز کی یہ تعداد اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے برابر ہوگئی ہے تاہم رن ریٹ کی وجہ سے دونوں ٹیمیں لاہور سے آگے ہیں۔

    دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ کوئٹہ نے اب تک 3 میچز کھیلے ہیں اور تینوں میں ہی ناقابل شکست رہی۔

    میچ جیتنے کی صورت میں لاہور قلندرز کی پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن مزید بہتر ہوجائے گی۔

  • پاکستانی شوٹرز کو ویزا نہ دینا بھارت کو مہنگا پڑگیا

    پاکستانی شوٹرز کو ویزا نہ دینا بھارت کو مہنگا پڑگیا

    نئی دہلی: ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستانی شوٹرز کو ویزا نہ دینا بھارت کو مہنگا پڑگیا۔ انٹرنیشنل شوٹنگ فیڈریشن نے بھارت کو سنگین نتائج سے خبردار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشل شوٹنگ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی شوٹرز کو میزبان ملک بھارت جانا تھا تاہم بھارت نے ہمیشہ کی طرح نیچ حرکت کا مظاہرہ کیا اور آخری وقت میں پاکستانی شوٹرز کو ویزا دینے سے انکار کردیا۔

    پاکستانی شوٹرز کی عدم شرکت سے ٹورنامنٹ متاثر ہوگیا جس کے بعد انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن نے بھارت کو سنگین نتائج کی دھمکی دے دی۔

    فیڈریشن کا کہنا ہے کہ بھارت کی اس اوچھی حرکت سے اس کے کھلاڑیوں پر پابندی بھی لگ سکتی ہے۔

    فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزا نہ دینے کے باعث ٹورنامنٹ متاثر ہوا۔ فیڈریشن اس معاملے کو حل کرنے اور پاکستان کھلاڑیوں کے متاثر نہ ہونے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

    بیان کے مطابق فیڈریشن بھارت کی اس حرکت کے بعد اس بات پر بھی نظر ثانی کر رہی ہے کہ آئندہ بھارت کو کسی ٹورنامنٹ کا میزبان نہ بنایا جائے۔

    خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں پر حملے کے بعد بھارت نے حسب معمول پاکستان پر الزام تراشیوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور بھارتی سیاستدان، اداکار اور میڈیا پاکستان کی مخالفت میں ہر حد سے گزر چکے ہیں۔

    اس سے قبل یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ بھارت آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں پاک بھارت میچ کو منسوخ کرنے کی کوششیں کر رہا ہے تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تمام خبریں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ شیڈول کے مطابق ہوگا۔

  • پی ایس ایل 4: کراچی کنگز اور لاہور قلندرز آج آمنے سامنے

    پی ایس ایل 4: کراچی کنگز اور لاہور قلندرز آج آمنے سامنے

    دبئی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز، جبکہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز آپس میں مدمقابل ہوں گے۔

    پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن میں آج 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ دبئی کے اسٹیڈیم میں پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کا ہوگا، میچ مقامی وقت کے مطابق 5 بجے کھیلا جائے گا۔

    دوسرا میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان ساڑھے 9 بجے کھیلا جائے گا۔

    کراچی کنگز نے گزشتہ روز پی ایس ایل 4 میں شاندار فاتحانہ آغاز کیا اور ملتان سلطانز کو 7 رنز سے شکست دی۔

    کراچی کے مدمقابل لاہور قلندرز کی ٹیم پہلے روز افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے 5 وکٹوں سے شکست کھا چکی ہے۔

    کنگز کی ٹیم آج بھی جیت کا تسلسل رکھنے کے لیے برقرار ہے۔

    دوسری جانب ملتان سلطان کا یہ دوسرا میچ ہے اور وہ پہلے میچ کی شکست کے بعد دوسرا میچ جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    2 سیزنز کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس سیزن میں بھی فاتحانہ آغاز کیا اور پہلے میچ میں لاہور قلندرز کو شکست دی۔

    چاروں ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے اور مقابل کو پچھاڑنے کے لیے بے چین ہیں۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل 4 میں 6 ٹیموں کے درمیان 34 مقابلے ہوں گے، ابتدائی 26 میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے، ابو ظہبی پہلی مرتبہ پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرے گا۔

    پی ایس ایل 4 کے آخری 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ 7 سے 17 مارچ تک میچز لاہور اور کراچی میں ہوں گے، لاہور میں 9، 10 اور 12 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے۔

    بعد ازاں کراچی میں 7، 10، 13، 15 اور 17 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے، 17 مارچ کو لیگ کا فائنل بھی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

  • کراچی کنگز کا فاتحانہ آغاز، ملتان سلطانز کو 7 رنز سے شکست

    کراچی کنگز کا فاتحانہ آغاز، ملتان سلطانز کو 7 رنز سے شکست

    دبئی: پی ایس ایل فور کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 7 رنز سے شکست دے دی، لیام لیونگ اسٹون کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا، شعیب ملک الیون مقررہ اوورز میں 176 رنز بناسکی، بابراعظم اور لیونگ اسٹون نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں، محمد عامر نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

    ملتان سلطان 184 رنز کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو مورس صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، دوسری وکٹ 52 رنز پر گری جب شان مسعود 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    شعیب ملک کی نصف سنچری بھی ملتان سلطانز کو شکست سے نہ بچاسکی، انہیں نے 52 رنز کی اننگز کھیلی، ملک کو عثمان شنواری نے پویلین کی راہ دکھائی۔

    آندرے رسل، شاہد خان آفریدی اور حماد اعظم کو محمد عامر نے پویلین بھیج دیا، تینوں نے بالترتیب 9، 14، اور 12 رنز بنائے۔

    کراچی کنگز کے محمد عامر نے چار وکٹیں حاصل کیں، سہیل خان کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، شنواری اور عمر خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کیں۔

    قبل ازیں کراچی کنگز نے مقررہ اوورز 6 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دے دیا، بابر اعظم نے 77 اور لیونگ اسٹون نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور بابر اعظم اور لیونگ اسٹون نے ملتان سلطانز کے بولر کی جم کر دھلائی کی۔

    کراچی کنگز کی پہلی وکٹ 157 رنز پر گری جب لیونگ اسٹون بلند و بالا شاٹ کھیلنے گئے تو گرین کی گیند پر رسل کو کیچ دے بیٹھے، کولن انگرام 1 رن بنا کر آندرے رسل کی گیند پر آؤٹ ہوئے، سکندر رضا ایک رن بنا کر جنید خان کی گیند پر رن آؤٹ ہوئے۔

    وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ایک رن بنا کر جنید خان کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

    ملتان سلطانز کی جانب سے کرس گرین نے تین وکٹیں حاصل کیں، جنید خان کے حصے میں ایک وکٹ آسکی، جبکہ محمد عرفان، آندرے رسل، اور شاہد آفریدی کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے۔

    گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن کے شاندار افتتاح کے بعد آج 2 میچز کھیلے جا رہے ہیں۔

    دبئی کے اسٹیڈیم میں پہلا میچ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا ہے جس کے لیے کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    دونوں ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتر گئی ہیں اور مقابل کو پچھاڑنے کے لیے بے چین ہیں۔

    کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ بیٹنگ وکٹ کے لیے اچھی ہے، بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

    کراچی کنگز کی ٹیم میں سکندر رضا، روی بوپارہ، کولن انگرام، محمد عامر، لیونگ اسٹون، عامر یامین، ابرار احمد، علی عمران، اویس رضا، بابر اعظم، افتخار احمد، سہیل خان اور عثمان شنواری شامل ہیں۔

    دوسری جانب ملتان سلطانز کی ٹیم میں کپتان شعیب ملک، علی شفیق، ڈی جے کرسٹین، حماد اعظم، جنید خان، محمد عباس، محمد الیاس، محد عرفان، شان مسعود، شاہد آفریدی، نعمان علی اور قیس احمد شامل ہیں۔

    اس سے قبل گزشتہ روز افتتاحی میچ لاہور قلندرز اور اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی تھی۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل 4 میں 6 ٹیموں کے درمیان 34 مقابلے ہوں گے، ابتدائی 26 میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے، ابو ظہبی پہلی مرتبہ پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرے گا۔

    پی ایس ایل 4 کے آخری 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ 7 سے 17 مارچ تک میچز لاہور اور کراچی میں ہوں گے، لاہور میں 9، 10 اور 12 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے۔

    بعد ازاں کراچی میں 7، 10، 13، 15 اور 17 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے، 17 مارچ کو لیگ کا فائنل بھی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

  • پی ایس ایل 4: کراچی کنگز اور ملتان سلطانز ایک دوسرے سے ٹکرانے کو تیار

    پی ایس ایل 4: کراچی کنگز اور ملتان سلطانز ایک دوسرے سے ٹکرانے کو تیار

    دبئی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن میں آج کراچی کنگز اور ملتان سلطانز، جبکہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آپس میں مدمقابل ہوں گے۔

    گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن کے شاندار افتتاح کے بعد آج 2 میچز کھیلے جائیں گے۔

    دبئی کے اسٹیڈیم میں پہلا میچ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا ہوگا، میچ مقامی وقت کے مطابق 5 بجے کھیلا جائے گا۔

    دوسرا میچ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ساڑھے 9 بجے کھیلا جائے گا۔

    چاروں ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے اور مقابل کو پچھاڑنے کے لیے بے چین ہیں۔

    اس سے قبل گزشتہ روز افتتاحی میچ لاہور قلندرز اور اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی تھی۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل 4 میں 6 ٹیموں کے درمیان 34 مقابلے ہوں گے، ابتدائی 26 میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے، ابو ظہبی پہلی مرتبہ پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرے گا۔

    پی ایس ایل 4 کے آخری 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ 7 سے 17 مارچ تک میچز لاہور اور کراچی میں ہوں گے، لاہور میں 9، 10 اور 12 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے۔

    بعد ازاں کراچی میں 7، 10، 13، 15 اور 17 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے، 17 مارچ کو لیگ کا فائنل بھی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

  • ڈک ورتھ لوئس قانون: پاکستان کو جنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست

    ڈک ورتھ لوئس قانون: پاکستان کو جنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست

    سنچورین: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت میزبان ٹیم کو 13 رنز سے فتحیاب قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا نے 318 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو پروٹیز کی پہلی وکٹ 53 رنز پر گری جب ہاشم آملہ کو 25 رنز پر حسن علی نے بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

    وکٹ کیپر بلے باز کوئن ٹن ڈی کاک کو 33 رنز پر شاداب خان نے رن آؤٹ کیا۔

    جنوبی افریقا نے مجموعی طور پر 187 رنز 2 وکٹوں کے نقصان پر بنائے جس کے بعد بارش کا آغاز ہوا تو کھیل روکنا پڑا، روکا  ہینڈرکس 83 اور کپتان فاف ڈوپلیسی نے 40 رنز  کی شاندار ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

    ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت امپائرز نے جنوبی افریقا کی ٹیم کو فاتح قرار دیا یوں پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں ڈوپلیسی الیون نے دو میچز جیت لیے جبکہ پاکستان نے ابھی تک ایک ہی جیتا۔

    بارش کے وقت جب کھیل روکا گیا تو  جنوبی افریقا کو میچ جیتنے کے لیے 17اوورز میں 131 رنز درکار تھے۔

    قبل ازیں سنچورین میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے مقررہ اوورز 317 میں رنز بنائے اور جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 318 رنز کا ہدف دے دیا، امام الحق نے شاندار سنچری اسکور کی وہ 101 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

    قبل ازیں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، فخر زمان صرف 2 رنز بنا کر ہینڈرکس کی گیند پر ربادا کو کیچ دے بیٹھے۔

    فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور امام الحق نے شاندار پارٹنر شپ بنائی اور ٹیم کا اسکور 136 رنز تک پہنچادیا، بابر اعظم 69 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اسٹین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

    محمد حفیظ نے 45 گیندوں پر 52 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، وہ ربادا کی گیند پر فلک کوائیو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، شعیب ملک 31 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے، حسن علی ایک رنز بنا کر اسٹین گن کا نشانہ بنے۔

    عماد وسیم نے ناقابل شکست 23 گیندوں پر 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان سرفراز احمد 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    جنوبی افریقا کی جانب سے فاسٹ بولر ربادا اور ڈیل اسٹین نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہینڈرکس اور تبریز شمسی کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آسکی۔

    امام الحق کے ون ڈے کرکٹ میں ایک ہزار رنز مکمل

    اوپنر امام الحق نے ون ڈے کرکٹ میں ایک ہزار رنز مکمل کرلیے ہیں، امام الحق نے 19 ویں اننگز میں ایک ہزار رنز مکمل کیے۔

    تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز اوپنر بلے باز فخر زمان کے پاس ہے، فخر زمان نے 18ویں اننگز میں ایک ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

    تیسرے ون ڈے کے لیے پاکستانی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں اور عماد وسیم اور محمد عامر کو اسکواڈ میں واپس لایا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم میں بھی 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    قومی ٹیم محمد حفیظ، بابر اعظم، امام الحق، کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، شاداب خان، حسن علی، حسین طلعت، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی پر مشتمل ہے۔

    دوسری جانب جنوبی افریقہ کی ٹیم میں کوئنٹن ڈی کوک، کپتان فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملہ، ریزا ہینڈرک، ریسی وین دیر ڈیسن، اینڈلے فلکوایو، ڈیوڈ ملر، ڈیل اسٹین، کگیسورا بادا، بیرون ہینڈرکس، اور تبریز شمسی پرمشتمل ہے۔

    اس سے قبل دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 5 ون ڈے میچز کی سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔

  • دوسرا ون ڈے، جنوبی افریقا نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    دوسرا ون ڈے، جنوبی افریقا نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    ڈربن: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی، پھلوکوایو کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 204 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی، پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

    جنوبی افریقا نے 204 رنز ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدائی 5 وکٹیں جلد گرنے کے بعد جنوبی افریقا کے ڈوسن اور پھلوکوایو نے شاندار پارٹنر شپ بنائی اور ٹیم کی جیت میں کردار ادا کیا۔

    کیریئر کا دوسرا میچ کھیلنے والے وین ڈر ڈوسن نے 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ پھلوکوایو نے ناقابل شکست 69 رنز بنائے۔

    اس سے قبل جنوبی افریقا کے ہینڈرکس 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ہاشم آملہ کو بھی شاہین شاہ آفریدی نے 8 رنز پر آؤٹ کیا، کپتان فاف ڈوپلیسی بھی 8 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بنے۔

    جنوبی افریقا کے وکٹ کیپر بلے باز کلاسین بغیر کوئی رن بنائے شاداب خان کی گگلی پر کلین بولڈ ہوئے، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین جبکہ شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

    قبل ازیں دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کی ٹیم 45.5 اوورز میں 203 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 204 رنز کا ہدف دے دیا، حسن علی نے شاندار 59 رنز کی اننگز کھیلی۔

    جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، اوپنر امام الحق صرف 5 رنز بنا کر ربادا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، بابراعظم صرف 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    فخر زمان 26 رنز بنا کر اولیویئر کی گیند پر ڈیوڈ ملر کو کیچ دے بیٹھے، پہلے میچ کے مین آف دی میچ محمد حفیظ صرف 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، شعیب ملک 21 رنز بنا سکے۔

    قومی ٹیم کی 8 وکٹیں 112 رنز پر گرنے کے بعد کپتان سرفراز احمد اور حسن علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 202 رنز تک پہنچایا، 202 رنز پر سرفراز احمد حسن علی کا ساتھ چھوڑ گئے اور 41 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔

    آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حسن علی نے انہوں نے شاندار 59 رنز کی اننگز کھیلی اور باؤنڈری پر ڈوپلیسی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

    جنوبی افریقا کی جانب سے پھیلک وایو نے چار جبکہ عمران طاہر کی جگہ شامل ہونے والے اسپنر تبریز شمسی نے تین وکٹیں حاصل کیں، فاسٹ بولر ربادا کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔

    پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقہ نے 267 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ہاشم آملہ نے ناقابل شکست شاندار سنچری اسکور کی جبکہ اوپنرز نے 82 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

    ہینڈرکس نے 45 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے 45 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔

    بابر اعظم نے 49 رنز بنائے، شعیب ملک 12 رنز بنا کر بولڈ ہوئے جبکہ کپتان سرفراز احمد کی کھوئی فارم بحال نہ ہوسکی۔

    اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا، 3 میچز کی ٹیسٹ سیریز میں گرین شرٹس کوئی بھی میچ نہیں جیت سکے تھے۔

    ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد قومی ٹیم کی سلیکشن پر کئی سوالات اٹھائے گئے تھے، چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق کی سلیکشن کے حوالے سے بھی شدید تنقید کی گئی تھی۔