Tag: کھیل کی خبریں

  • انگلینڈ کے لیگ اسپنر بھارت کے خلاف اپنی پھرپور کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم

    انگلینڈ کے لیگ اسپنر بھارت کے خلاف اپنی پھرپور کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم

    انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر جیک لیچ کا کہنا ہے کہ وہ بھارت کے خلاف اپنی پھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں، وہ کافی عرصے سے بین الاقوامی کرکٹ سے دور تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کے لیگ اسپنر جیک لیچ کا کہنا ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف سیریز کے دوران اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں اور صرف اپنی کارکردگی پر ہی توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

    لیچ گزشتہ مہینے سری لنکا کے خلاف 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں شامل تھے جو تقریباً گزشتہ ایک سال کے وقفے کے بعد ان کا پہلا بین الاقوامی میچ تھا۔ لیچ نے سری لنکا کے خلاف 10 وکٹیں حاصل کی تھیں، لیکن وہ ابھی بھی اپنی کارکردگی میں اصلاح کے لیے پرعزم ہیں۔

    لیچ نے کہا کہ میں سری لنکا کے دورے سے پہلے کئی وقت تک میدان سے باہر رہا تھا لیکن اس دوران میں نے خود کو بہتر کرنے پر کام کیا اور جیسا گیند باز بننا چاہتا ہوں ویسا بننے کی کوشش کی۔

    انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے دورے کی شروعات اچھی تھی اور میرے خیال سے میں صحیح سمت میں جا رہا ہوں۔

    لیچ نے مزید کہا کہ اسپن بولر ہونے کی وجہ سے دوسری اننگز میں وکٹ لینے سے ہمیشہ حوصلہ بلند ہوتا ہے۔ میں ایسا کھلاڑی ہوں جو کبھی مطمئن نہیں ہوتا اور مجھے اپنے کھیل میں مزید اصلاح کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میرے خیال سے ہندوستان ایک مضبوط ٹیم ہے اور اس نے حال ہی میں آسٹریلیا کو اس کے گھر میں شکست دی ہے، ہمارے لیے خود کو ثابت کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔

  • فواد عالم کا میچ کے حوالے سے اظہار خیال

    فواد عالم کا میچ کے حوالے سے اظہار خیال

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیفٹ آرم بیٹسمین فواد عالم کا کہنا ہے کہ طویل عرصے بعد ٹیسٹ میں یہ اننگز کھیلنے اور سنچری بنانے پر خوش ہوں لیکن قومی ٹیم کی شکست پر دل سے دکھی ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ویڈیو پیغام میں فواد عالم کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش تھی کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں زیادہ سے زیادہ دیر وکٹ پر رک کر کھیلیں۔ ٹیم مشکل میں تھی، اسی وجہ سے ہماری کوشش یہ رہی کہ آج کا دن وکٹ پر گزار لیں۔

    ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے فواد عالم نے نیوزی لینڈ سے شکست پر افسوس کا اظہار کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ طویل عرصے بعد ٹیسٹ میں یہ اننگز کھیلنے اور سنچری بنانے پر خوش ہوں لیکن قومی ٹیم کی شکست پر دل سے دکھی ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ اللّٰہ کا شکر ہے کہ ٹیم مشکلات کا شکار تھی، ایسے وقت میں پرفارم کیا، میری طرح سب ہی نے میچ بچانے کی کوشش کی۔ وکٹ پر موجودگی کے دوران ہماری کوشش تھی کہ ہار نہیں ماننی، لگے رہنا ہے، سیشنز بائے سیشنز آج کا دن گزارنا ہے۔

    فواد عالم نے مزید کہا کہ مخالف بولر کی اچھی گیند پر تو بیٹسمین کو آؤٹ ہو ہی جانا ہوتا ہے، ہم دونوں کی وکٹ پر یہی کوشش تھی آؤٹ نہ ہوں۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 101 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

    ٹیسٹ کے آخری روز فواد عالم نے سینچری سمیت کئی ریکارڈز بنا ڈالے، کیویز کے خلاف چوتھی اننگز میں سنچری جڑنے والے وہ پہلے پاکستانی بیٹسمین بنے۔

    اس کے علاوہ غیر ایشیائی کنڈیشنز کی چوتھی اننگز میں کریز پر سب سے زیادہ رکنے والے پاکستانی بیٹسمین کے طور پر بھی انہوں نے اپنا نام درج کروالیا۔

  • فیفا نے 2 ورلڈ کپ ملتوی کردیے

    فیفا نے 2 ورلڈ کپ ملتوی کردیے

    زیورخ: فٹبال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا نے کرونا وائرس وبا کی وجہ سے اگلے سال انڈونیشیا اور پیرو میں ہونے والے انڈر 20 اور انڈر 17 ورلڈ کپس سنہ 2023 تک ملتوی کردیے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فٹبال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا نے کرونا وائرس وبا کی وجہ سے اگلے سال انڈونیشیا اور پیرو میں ہونے والے 2 بین الاقوامی ٹورنامنٹس سنہ 2023 تک ملتوی کردیے ہیں۔

    انڈونیشیا میں انڈر 20 ورلڈ کپ اور پیرو میں انڈر 17 ورلڈ کپ اگلے سال منعقد ہونے تھے۔

    فیفا کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے میں کووڈ 19 کی وبا کی وجہ سے اب بھی چیلنجز کا سامنا ہے۔ وبا نے بین الاقوامی سفر پر بھی اثرات ڈالے ہیں۔

    عالمی صورتحال اس مقام تک پہنچنے میں ناکام رہی جہاں دونوں ٹورنامنٹس کی میزبانی سے متعلق درپیش چیلنجز کا سامنا کیا جا سکتا۔

    فیفا کا مزید کہنا ہے کہ وہ دونوں میزبان ملکوں کے ساتھ 2023 میں کامیاب ٹورنامنٹس منعقد کرنے کی منتظر ہے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے دیگر کھیلوں کے ٹورنامنٹس بھی متاثر ہوئے ہیں۔ یورو 2020 کو اگلے سال جون تک ملتوی کیا گیا ہے۔ کوپا امریکہ بھی ملتوی ہو چکا ہے جبکہ افریقہ کپ آف نیشن جنوری 2022 تک ملتوی کیا جا چکا ہے۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ 2022: کوالیفائنگ ایونٹس کی تاریخ سامنے آگئی

    ٹی 20 ورلڈ کپ 2022: کوالیفائنگ ایونٹس کی تاریخ سامنے آگئی

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے لیے کوالیفائنگ ایونٹس اگلے سال اپریل میں شروع ہوں گے۔

    آئی سی سی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ہنگری، رومانیہ اور سربیا پہلی بار آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائنگ ایونٹ کا حصہ ہوں گے۔

    ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے لیے 15 ٹیمیں چار مختلف مراحل کے ذریعے کوالیفائی کریں گی۔

    یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 اکتوبر اور نومبر میں آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔

    مذکورہ ورلڈ کپ رواں برس آسٹریلیا میں شیڈول تھا تاہم عالمگیر وبا کرونا وائرس کے باعث اسے ملتوی کردیا گیا۔

    آئندہ برس ٹی 20 ورلڈ کپ بھارت میں شیڈول ہے، تاہم آسٹریلیا میں اب ایونٹ سنہ 2022 میں منعقد ہوگا۔

  • پاکستانی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ میں قرنطینہ کے دوران کیسے وقت گزارا؟

    پاکستانی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ میں قرنطینہ کے دوران کیسے وقت گزارا؟

    ویلنگٹن: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حیدر علی کا کہنا ہے کہ آئیسولیشن کا وقت خاصا مشکل تھا، ہم کمروں میں ہی ہلکی پھلکی ٹریننگ کرتے رہے، شکر ہے مشکل وقت گزر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹی 20 اسکواڈ میں شامل نوجوان بیٹسمین حیدر علی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کی تیاری کا موقع کرونا وائرس کی وجہ سے کم ملا لیکن کم وقت میں اچھی تیاری کر رہے ہیں۔

    کوئنز ٹاؤن سے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے حیدر علی نے کہا کہ وہ پہلی بار نیوزی لینڈ کا دورہ کر رہے ہیں، پریکٹس میچز گرین وکٹ پر کھیل رہے ہیں تاکہ میچز میں کوئی مشکل نہ آئے۔

    حیدر علی نے بتایا کہ آئیسولیشن کا وقت خاصا مشکل تھا، ہم کمروں میں ہی ہلکی پھلکی ٹریننگ کرتے رہے، شکر ہے مشکل وقت گزر گیا، اب وقت کم ہے اور مقابلہ سخت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹی 20 اسکواڈ میں شامل سینئر کھلاڑی جونیئرز کو بہت سپورٹ کر رہے ہیں، پریکٹس کے دوران بیٹنگ پر خاص توجہ دی جارہی ہے۔

    حیدر علی کا مزید کہنا تھا کہ میرا ہدف ہے کہ تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کروں، ٹی 20 نہیں بلکہ ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ بھی کھیلنا چاہتا ہوں۔

  • آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے

    آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے

    آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ایک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں فیلڈنگ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر زخمی ہوگئے جس کے بعد انہیں سیریز کے بقیہ میچز سے باہر ہونا پڑا ہے۔

    آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر زخمی ہونے کی وجہ سے ایڈیلیڈ میں 17 دسمبر سے بھارت کے خلاف شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔

    انہیں پوری فٹنس حاصل کرنے میں ابھی مزید 10 دنوں کا وقفہ درکار ہے جس کے بعد وہ 26 دسمبر سے میلبورن میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کھیل سکیں گے۔

    وارنر فی الحال خصوصی علاج کے لیے سڈنی میں رہیں گے جبکہ ٹیم کے بقیہ کھلاڑی ایڈیلیڈ روانہ ہو جائیں گے۔

    وارنر کا کہنا ہے کہ میں تیزی سے صحت یاب ہورہا ہوں اور علاج کے لیے مجھے سڈنی میں ہی رکنا بہتر ہوگا، میں چوٹ سے کافی حد تک نجات حاصل کرچکا ہوں لیکن ٹیسٹ میچ میں 100 فیصد کارکردگی دینے کے لیے ابھی بھی مجھے ذہنی طور پر خود کو تیار کرنا باقی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فٹنس ثابت کرنے کے لیے مجھے وکٹوں کے بیچ دوڑ لگانا اور فیلڈنگ کرنی ہوگی، میں ابھی اپنی فٹنس کے تعلق سے پوری طرح مطمئن نہیں ہوں اور مجھے مکمل طور پر صحت یاب ہونے میں ابھی مزید 10 دن لگیں گے۔

    آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کوچ جسٹن لنگر کا کہنا ہے کہ انہیں وارنر کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ تک پوری طرح فٹ ہونے کی توقع ہے، انہوں نے کہا کہ وارنر جس مقام پر ہیں اس کے لیے انہوں نے کافی جدوجہد کی ہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ میلبرن ٹیسٹ کے لیے پوری طرح فٹ ہوں گے۔

  • شاہد آفریدی نے اپنی بہترین ٹیم چن لی

    شاہد آفریدی نے اپنی بہترین ٹیم چن لی

    معروف پاکستانی آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے اپنی آل ٹائم فیورٹ ٹیم کے بارے میں بتا دیا، ان کی پسندیدہ ٹیم میں کئی پاکستانی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شاہد خان آفریدی نے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کے فیس بک صفحے پر گفتگو کرتے ہوئے اپنی آل ٹائم فیورٹ پلیئنگ 11 کے بارے میں بتایا۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کی پسندیدہ ٹیم میں سعید انور شامل ہوں گے، وہ سعید انور کی بیٹنگ سے بہت لطف اندوز ہوتے ہیں کیونکہ ان دونوں کی بیٹنگ کا انداز ملتا جلتا ہے۔

    آفریدی نے اپنی پسندیدہ ٹیم کے مزید کھلاڑیوں میں ایڈم گلکرسٹ، رکی پونٹنگ، سچن ٹنڈولکر، انضمام الحق، جیک کیلس، راشد لطیف، وسیم اکرم، گلین مک گرا، شعیب اختر اور شین وارن کو رکھا۔

    انہوں نے کہا کہ چونکہ وہ خود بھی آل راؤنڈر ہیں لہٰذا انہیں دنیا بھر کے بہترین آل راؤنڈرز پسند ہیں۔

    وسیم اکرم کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ نئی اور پرانی دونوں گیندوں کے ساتھ کھیلنا جانتے ہیں جبکہ دنیا کے تیز رفتار ترین باؤلر شعیب اختر کو بھی انہوں نے بہترین کھلاڑی قرار دیا۔

  • ’ویرات کوہلی سے نفرت کرتا ہوں‘

    ’ویرات کوہلی سے نفرت کرتا ہوں‘

    آسٹریلیا کے ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی ان کے لیے دیگر کھلاڑیوں کی طرح ہی ہیں اور وہ ان سے کسی قسم کا کوئی خاص دباؤ محسوس نہیں کرتے۔

    اپنے ایک انٹرویو میں ٹم پین کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی شہری ویراٹ کوہلی سے نفرت کرنا پسند کرتے ہیں لیکن ایک کرکٹ شائق کی حیثیت سے ان کی بیٹنگ دیکھنا بھی پسند کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ویراٹ میرے لیے دوسرے کھلاڑیوں کی طرح ہیں اور مجھے ان سے کوئی پریشانی نہیں ہے، میں انہیں ٹاس کے وقت دیکھتا ہوں اور ان کے خلاف کھیلتا ہوں۔

    ٹم پین کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا، ویراٹ یقینی طور پر ایک زبردست حریف ہے، ہمارے درمیان کئی بار لفظی جنگ بھی ہو چکی ہے۔

    خیال رہے کہ بھارتی ٹیم 2 ماہ سے زائد کے طویل دورے پر آسٹریلیا پہنچ چکی ہے اور اس وقت قرنطینہ میں ہے۔ اس دورے میں دونوں ٹیمز 3 ون ڈے، 3 ٹی 20 اور 4 ٹیسٹ میچز کھیلیں گی۔

    بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی اپنی اہلیہ انوشکا شرما کے یہاں بچے کی پیدائش کی وجہ سے فی الحال بھارت میں ہی ہیں اور وہ پہلے ٹیسٹ کے بعد آسٹریلیا میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔

  • سمیع اسلم دورہ نیوزی لینڈ کے لیے منتخب نہ کیے جانے پر مایوس

    سمیع اسلم دورہ نیوزی لینڈ کے لیے منتخب نہ کیے جانے پر مایوس

    لاہور: نوجوان آل راؤنڈر سمیع اسلم نے قومی کرکٹ ٹیم میں منتخب نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل دورہ انگلینڈ کے لیے بھی انہیں نظر انداز کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سمیع اسلم کا کہنا تھا کہ دکھ ہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے چنے گئے 35 کھلاڑیوں میں ان کا نام شامل نہیں۔

    24 سالہ آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ اس سے قبل دورہ انگلینڈ کے لیے بھی انہیں نظر انداز کیا گیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ انہوں نے قائد اعظم ٹرافی کے گزشتہ سیزن میں اچھی کارکردگی دکھائی تھی، قائد اعظم ٹرافی کے گزشتہ سیزن میں، وہ سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے۔

    سمیع نے کہا کہ انہوں نے سیزن میں 4 سنچریوں کی مدد سے 864 رنز بنائے تھے۔

    آل راؤنڈر نے مزید شکایت کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 2018 میں بھی انگلینڈ میں انہیں کوئی میچ کھلائے بغیر ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔

  • میچ ختم نہ کرنے کا دکھ ہے: بابر اعظم

    میچ ختم نہ کرنے کا دکھ ہے: بابر اعظم

    راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے زمبابوے سے تیسرا ون ڈے میچ ہارنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ ہے کہ میچ ختم کر کے نہیں آیا، 10 پوائنٹس قیمتی ہوتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صحافیوں سے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم سیریز جیت گئے لیکن بدقسمتی سے آخری میچ ہار گئے۔

    انہوں نے کہا کہ بطور کپتان جو غلطیاں کی اس سے سیکھنے کی کوشش کروں گا، غلطیوں سے سیکھنا ہے اور فیلڈنگ اور بیٹنگ میں مزید بہتری لانی ہے۔ زمابوے نے اچھی کرکٹ کھیلی، ہماری ٹاپ آرڈر میں پارٹنر شپ نہیں تھی جو ہمیں چاہیئے تھی۔

    بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس سے کافی مطمئن ہوں، آئندہ ایک روزہ سیریز میں بہترین کھیل کھیلیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے سپر اوور کے لیے جو بیٹسمین بھیجے وہ پاور ہٹنگ کرتے ہیں، کرکٹ کی خوبصورتی ہی یہی ہے کہ کبھی بھی صورتحال تبدیل ہوسکتی ہے۔

    بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہم فیلڈنگ میں کیچ کر لیتے تو زمبابوے اتنا ٹوٹل نہ بنا پاتا، ہماری کوشش ہے کہ ٹی 20 میں بہترین ٹیم کھلائیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور زمابوے کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز پاکستان نے 1-2 سے اپنے نام کرلی، آخری میچ کا نتیجہ سپر اوور سے نکلا جو زمبابوے نے گزشتہ روز جیتا۔