Tag: کھیل کی خبریں

  • لوگ مجھ پر ہنسا کرتے تھے: محمد حفیظ کی زندگی کا مشکل ترین وقت کون سا تھا؟

    لوگ مجھ پر ہنسا کرتے تھے: محمد حفیظ کی زندگی کا مشکل ترین وقت کون سا تھا؟

    کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ کے آغاز سے پہلے اپنی زندگی کا مشکل ترین وقت سہا ہے، لوگ ان پر ہنسا کرتے تھے لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر لائیو سیشن کرتے ہوئے محمد حفیظ نے جہاں اپنی زندگی کے بہت سے گوشوں سے پردہ اٹھایا وہیں اپنی زندگی کے مشکل ترین وقت کے بارے میں بھی بتایا۔

    39 سالہ آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ انہیں 3 سال تک یعنی 2007 سے 2010 تک پرفارمنس میں تسلسل نہ ہونے کی وجہ سے پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا گیا، وہ ان کی زندگی کا مشکل ترین اور سخت تکلیف دہ وقت تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ کس طرح ٹیم میں شامل نہ کیے جانے کے باعث وہ خود کو ایک بہتر کھلاڑی بنا پائے۔

    محمد حفیظ نے بتایا کہ سنہ 2007 میں ان کی پرفارمنس اچھی نہیں تھی اور ان کے بارے میں آرا قائم کی جارہی تھیں کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے، اس طرح کے تبصروں سے نمٹنا میری زندگی کا مشکل ترین اور سخت تکلیف دہ وقت تھا۔

    انہوں نے کہا کہ تنقید کے باوجود میں نے محنت جاری رکھی اور امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔

    محمد حفیظ نے بتایا کہ اس وقت جب میں ٹریننگ کرتا تھا تو لوگ مجھے دیکھ کر ہنستے تھے اور کہتے تھے کہ میں ایک ناکام کھلاڑی ہوں جو ٹریننگ میں اپنا وقت ضائع کر رہا ہے۔

    اپنے لائیو سیشن میں انہوں نے زندگی میں اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سنہ 2007 سے 2010 کے دوران میں نے اپنے کھیل کے لیے سخت محنت کی اور اس دوران مجھے احساس ہوا کہ اپنی ناکامیوں اور کامیابیوں کے لیے میرے علاوہ اور کوئی ذمہ دار نہیں۔

    ان کے مطابق اس احساس نے مجھے مزید پروفیشنل بنایا اور جب میں نے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنی شروع کی تو میرے کھیل میں مزید بہتری آئی۔ محمد حفیظ نے مزید کہا کہ زندگی میں کامیابی کے لیے صرف محنت ہی واحد راستہ ہے۔

  • کیون پیٹرسن کا کھلاڑیوں کو اپنی عادت بدلنے کا مشورہ

    کیون پیٹرسن کا کھلاڑیوں کو اپنی عادت بدلنے کا مشورہ

    انگلینڈ کے سابق بلے باز کیون پیٹرسن کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں شائقین کی موجودگی میں کرکٹ میچز کا انعقاد ممکن نہیں، اس لیے کھلاڑیوں کو خالی میدانوں میں کھیلنے کی عادت ڈال لینی چاہیئے۔

    کرونا وائرس کی وجہ سے جہاں تمام کاروبار زندگی معطل ہوچکا ہے اور کھیلوں کی سرگرمیاں بھی رک گئی ہیں ایسے میں خالی اسٹیڈیمز میں میچز کروانے کی بھی تجویز دی جارہی ہے۔

    انگلینڈ کے سابق بلے باز کیون پیٹرسن کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کو خالی اسٹیڈیم میں کھیلنے کی عادت ڈال لینی چاہیئے۔

    انہوں نے کہا شائقین ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہیں اور اس وقت ان کے حوصلے پست ہیں، ایسے میں کھیل لوگوں کے حوصلے بلند کرنے کا کام کریں گے۔

    پیٹرسن کا کہنا تھا کہ حالات کو دیکھتے ہوئے ہمیں شائقین کے بغیر خالی میدانوں میں کھیلنا ہوگا۔ کھلاڑیوں کو حالات کو سمجھنا چاہیئے، کئی کھلاڑی اپنے کھیل کے عروج پر ہیں اور انہیں ضرور کھیلنا چاہیئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اگر شائقین اسٹیڈیم میں نہیں ہوئے تو کیا ہوا، لوگ اپنے گھروں میں ٹی وی کے ذریعے میچ دیکھ سکتے ہیں۔

  • ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    اسلام آباد: متعدد ریکارڈز کی حامل پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، ثنا میر نے 15 سال خواتین کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ 15 سال سے آپ سب کی محبت اور حوصلہ افزائی کا شکریہ۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات تھی، اب آگے بڑھنے کا وقت ہے تاہم میری خدمات کسی اور شکل میں جاری رہیں گی۔

    متعدد ریکارڈز کی حامل ثنا میر نے 15 سال تک پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے 137 میچز میں ویمن ٹیم کی کپتانی کی۔ وہ ون ڈے رینکنگ کی نمبر ون بولر رہیں، اور ون ڈے میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی اسپنر بھی ہیں۔

    ثنا میر کی مجموعی وکٹوں کی تعداد 147 ہے اور یوں وہ ون ڈے کرکٹ کی کامیاب ترین خاتون اسپنر ہیں، وہ 100 وکٹیں لینے والی پاکستان کی پہلی اور دنیا کی پندرہویں خاتون کرکٹر ہیں۔

    ثنا میر کو گزشتہ برس انٹرنیشنل ویمنز کمیٹی میں بھی شامل کیا گیا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ شاندار کیریئر پر ثنا میر کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ثنا میر کی پاکستان ویمن کرکٹ کے لیے خدمات مثالی ہیں۔

  • پاکستانیوں کی مہمان نوازی پی ایس ایل کی میزبان کو بھا گئی

    پاکستانیوں کی مہمان نوازی پی ایس ایل کی میزبان کو بھا گئی

    پاکستان سپر لیگ کے سیزن 5 کی ہوسٹ ایرن ہالینڈ وطن واپس لوٹنے کے بعد پاکستانیوں کی مہمان نوازی کی بے حد مشکور ہوئیں۔

    30 سالہ ماڈل، گلوکارہ اور 2013 میں مس ورلڈ رہنے والی ایرن ہالینڈ پی ایس ایل 5 میں ہوسٹنگ کرنے کے لیے پاکستان میں موجود تھیں۔

    تاہم کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پی ایس ایل 5 کے اختتامی میچز ملتوی کردیے گئے جس کے بعد غیر ملکی میزبان اور کھلاڑی اپنے وطنوں کو لوٹ گئے۔

    واپسی سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنی ایک ویڈیو میں ایرن ہالینڈ نے کہا کہ یہ میرا پاکستان کا دوسرا دورہ تھا اور میں اس کے ہر لمحے سے بے حد لطف اندوز ہوئی۔

    ایرن نے کہا کہ پاکستانیوں نے ہم سے بہت محبت کی اور ان کی مہمان نوازی شاندار تھی۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں شکریہ بھی لکھا۔

    ایرن کے ساتھ موجود جنوبی افریقی ہوسٹ کیس نائیڈو نے بھی شکریے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چاروں شہروں کے میچز کے دوران بہت لطف اٹھایا۔

    انہوں نے کہا کہ میں پہلی بار پی ایس ایل میں شریک ہوئی اور یہ میرے لیے کام کرنے کا زبردست موقع تھا۔

    ان دونوں کے ساتھ موجود کمنٹیٹر مائیکل سلیٹر نے پی ایس ایل کے میچز ملتوی ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا تاہم انہوں نے لیگ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتطامات اور کاوشوں کو بے حد سراہا۔

  • آسٹریلوی ماڈل نے پاکستانی عروسی لباس زیب تن کرلیا

    آسٹریلوی ماڈل نے پاکستانی عروسی لباس زیب تن کرلیا

    پاکستان سپر لیگ کے سیزن 5 کی ہوسٹ ایرن ہالینڈ نے پاکستانی عروسی لباس زیب تن کرلیا جسے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

    30 سالہ ماڈل، گلوکارہ اور 2013 میں مس ورلڈ رہنے والی ایرن ہالینڈ آج کل پی ایس ایل 5 میں ہوسٹنگ کرنے کے لیے پاکستان میں موجود ہیں۔

    ایرن نے اپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ عروسی لباس پہنے ہوئی ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ ان کا یہ لباس مقامی ڈیزائنر ثانیہ مسکاتیا نے تیار کیا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    Playing dress-ups at beautiful local designer @saniamaskatiya today.. Wedding dress @cuttsy_31 ?? 💁🏻‍♀️

    A post shared by ERIN HOLLAND (@erinvholland) on

    انہوں نے اپنے منگیتر بین کٹنگ سے بھی دریافت کیا کہ کیا یہ عروسی لباس ٹھیک رہے گا؟ بین بھی اس وقت پاکستان میں موجود ہیں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں کھیل رہے ہیں۔

    ایرن کی سماجی رابطے کی ویب سائٹس خصوصاً انسٹاگرام کو دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ پاکستان کے اس دورے سے بہت لطف اندوز ہورہی ہیں۔

    انہوں نے اسلام آباد میں فیصل مسجد کا بھی دورہ کیا اور اس کی تصاویر اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیں، وہ یہاں کے کھانوں سے بھی بے حد لطف اندوز ہورہی ہیں۔

  • ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے بھارت کو خاک چٹا دی

    ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے بھارت کو خاک چٹا دی

    ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2020 میں آسٹریلیا نے بھارت کو 85 رنز سے شکست دے کر پانچویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

    خواتین کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں میچ کے آغاز پر آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور جارحانہ کھیل دکھایا، بھارتی ٹیم آغاز سے ہی کمزور نظر آئی اور ہدف کا تعاقب کرنے میں آل آؤٹ ہو گئی۔

    آسٹریلیا کی دونوں اوپنرز ہیلی اور مونی نے بالترتیب 75 اور 78 رنز بنائے۔ ہیلی نے 5 چھکے لگائے جبکہ مونی ناٹ آوٹ رہیں۔

    آسٹریلیا نے بھارت کو 185 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں بھارتی ٹیم 99 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

    بھارتی کھلاڑی شیفالی ورما پہلے ہی اوور میں صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں اور جومیما روڈریگز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئیں۔

    اسمرتی مندھانا بھی صرف 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں جبکہ ہرمن پریت کور بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکیں۔

    چار بار کی عالمی چیمپیئن آسٹریلوی ٹیم نے پانچویں بار ورلڈ کپ جیت کر ایک اور فتح حاصل کی جبکہ بھارتی ٹیم ایک بار پھر تاریخ رقم کرنے سے محروم رہ گئی۔ میچ کی بہترین کھلاڑی الیسا ہیلی کو قرار دیا گیا۔

    خیال رہے کہ آسٹریلین ٹیم 6 بار فائنل میں پہنچ چکی ہے اور یہ اس کی پانچویں فتح ہے۔

  • ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیدی

    ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیدی

    راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ سیزن 5 میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔

    ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، بارش کے باعث میچ 9، 9 اوورز تک محدود کیا گیا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 91 رنز بنائے جس کے جواب میں ملتان سلطانز کے بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔

    ملتان سلطانز کےجیمز ونس61رنزبنا کر نمایاں رہے، معین علی نے 14 اور ذیشان اشرف نے 16 رنز کی باری کھیلی۔اسلام آباد یوناٹیٹڈ کی جانب سے واحد وکٹ کپتان شاداب خان نے حاصل کی۔

    قبل ازیں بارش کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار ہوا۔ میچ سے قبل گراؤنڈ کو خشک کیا گیا، امپائرز نے پچ کا معائنہ کیا جس کے بعد ٹاس ہوا، میچ کو 9، 9 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔

    سلطانز کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، میچ ہمارے لیے اہم ہے۔ یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ کوشش ہوگی غلطیاں نہ دہرائیں، 9 اوورز کا میچ ہے، وکٹ زیادہ تبدیل نہیں ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ یونائیٹڈ کی ٹیم میں بھی 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے گزشتہ روز پشاور زلمی کے ہاتھوں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 7 رنز سے شکست کھائی تھی۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک 8 میچز کھیلے ہیں جس میں سے 3 میں فتح اور 4 میچز میں شکست کھائی، پوائنٹس ٹیبل پر یونائیٹڈ 7 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

    ملتان سلطانز نے اب تک 6 میچز کھیل کر 4 میں فتح اور 1 میں شکست کھائی، پوائنٹس ٹیبل پر سلطانز 8 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

    ملتان سلطانز اسکواڈ

    شان مسعود (کپتان)، جیمز وینس، ذیشان اشرف، رلی روسو، خوشدل شاہ، بلاول بھٹی، عمران طاہر، محمد الیاس، محمد عرفان اور سہیل تنویر شامل ہیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ اسکواڈ

    شاداب خان (کپتان)، لیوک رونچی، کولن منرو، رضوان حسین، کولن انگرام، آصف علی، فہیم اشرف، ڈیل اسٹین، رومن رئیس، ظفر گوہر اور عاکف جاوید شامل ہیں۔

  • جاوید میانداد کی عمر اکمل کو وارننگ

    جاوید میانداد کی عمر اکمل کو وارننگ

    کراچی: معروف سابق کرکٹر جاوید میانداد نے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین عمر اکمل کو تنبیہہ کردی کہ وہ اپنی حرکتیں درست کریں اور اپنی توجہ صرف اپنے کیریئر پر مرکوز کریں۔

    عمر اکمل اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت معطل ہیں جس کے بعد وہ معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے تک کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔

    ایک انٹرویو کے دوران جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ عمر اکمل کے سسر عبدالقادر ایک عظیم کرکٹر اور ان کے بہترین دوست تھے۔ ’میں ان کی طرف سے تمہیں وارننگ دے رہا ہوں کہ اپنی حرکتیں درست کرو ورنہ میں اپنے دوست کی طرف سے تم سے باز پرس کروں گا‘۔

    مزید پڑھیں: عمر اکمل نے بکی سے ملنے کا اعتراف کرلیا

    میانداد کا کہنا تھا کہ میں نے عمر اکمل کے والدین سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اپنے بیٹے کو سنبھالیں۔ انہوں نے عمر اکمل کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا رویہ درست کریں اور اپنے کرکٹ کیریئر پر توجہ دیں۔

    انہوں نے کہا کہ عمر اکمل کرکٹ سے ہی بہت سا پیسہ کما سکتے ہیں، لہٰذا وہ نیچ حرکتیں کر کے ملک کو اور ملک کے پرانے بڑے کھلاڑیوں کو شرمندہ نہ کریں۔ وہ اپنی حرکتوں سے اپنے ہی کیریئر کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

    میانداد نے مزید کہا کہ کرکٹ سے صرف پیسہ ہی نہیں عزت بھی کمائی جاتی ہے، ’ہم اب کرکٹ نہیں کھیلتے لیکن لوگ اب بھی ہماری عزت کرتے ہیں، اپنے رویے کو درست کرو، اچھی پرفارمنس دو اور سب کی عزت کرو‘۔

    خیال رہے کہ عمر اکمل نے چند دن قبل بکی سے ملنے کا اعتراف کیا تھا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو نہ بتانے پر غلطی کے مرتکب ہوئے تھے جس کے بعد بورڈ نے انہیں معطل کردیا تھا۔

  • پی ایس ایل 5: کراچی کنگز آج اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائیں گے

    پی ایس ایل 5: کراچی کنگز آج اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائیں گے

    راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ سیزن 5 میں آج کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں ٹکرائیں گی، میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 5 میں آج کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گی۔

    کراچی کنگز اب تک 3 میچز کھیل چکی ہے جن میں سے ایک میں فتحیاب اور 2 میں شکست کھا چکی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگر کے 2 پوائنٹس ہیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ 5 میچز کھیل چکی ہے جن میں سے 2 میں جیت اور 2 میں شکست اس کا مقدر بنی۔ ایک میچ منسوخ ہونے کی وجہ سے پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 5 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

    اسکواڈ:

    آج کے میچ میں کراچی کنگز کے اسکواڈ میں عماد وسیم (کپتان)، بابر اعظم، محمد رضوان، افتخار احمد، محمد عامر، عامر یامین، اسامہ میر، عمر خان، الیکس ہیلز، کرس جورڈن، شرجیل خان، کیمرون ڈلپورٹ، علی خان، عمید آصف، مچل مک کلینگھن، چاڈ وک والٹن، اویس ضیا اور ارشد اقبال شامل ہیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ میں شاداب خان (کپتان)، لیوک رونچی، احمد بٹ، فہیم اشرف، آصف علی، حسین طلعت، محمد موسیٰ، ڈیل اسٹین، کولن انگرام، کولن منرو، رومان رئیس، ظفر گوہر، فل سالٹ، عاکف جاوید، ڈیوڈ ملان، رضوان حسین، سیف بدر اور احمد صفی عبداللہ شامل ہیں۔

  • پاکستان سپر لیگ 5 کی ٹرافی کی رونمائی

    پاکستان سپر لیگ 5 کی ٹرافی کی رونمائی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ 5 کی ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی جس میں تمام فرنچائز کے مالکان اور ٹیموں کے کپتانوں نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے پی ایس ایل 5 کی چمچماتی ٹرافی کی رونمائی کردی۔ اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان پی ایس ایل 5 کی ٹرافی لے کر اسٹیڈیم پہنچے۔

    اس موقع پر تمام فرنچائز کے مالکان اور ٹیموں کے کپتان نیشنل اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

    خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 5 کا آغاز کل سے کراچی میں ہو رہا ہے۔ افتتاحی میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہوگا۔

    پی ایس ایل 5 میں 4 مقامات پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، ایونٹ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں ہوں گے۔

    دونوں ایلی منیٹر میچز بھی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ پی ایس ایل 5 کا فائنل بھی 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

    کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 21 فروری کو پشاور زلمی کے ساتھ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔ کراچی کنگز کے 2 میچز لاہور، 2 راولپنڈی اور ایک ملتان میں ہوگا، اپنے ہوم گراؤنڈ پر کراچی کنگز 4 میچز کھیلے گی۔

    لیگ کی فاتح ٹیم ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ امریکی ڈالرز کی حقدار ٹھہرے گی۔ ایونٹ کی رنر اپ ٹیم کو 2 لاکھ امریکی ڈالرز دیے جائیں گے۔

    ایونٹ میں ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو مین آف دی میچ ایوارڈ کے طور پر 4500 امریکی ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی، ایونٹ کے لیے مجموعی انعامی رقم 10 لاکھ امریکی ڈالرز رکھی گئی ہے۔