Tag: کھیل کی خبریں

  • پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی

    پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی

    اسلام آباد: ملک سے منشیات کے خاتمے کے لیے وزارت انسداد منشیات اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان اتفاق، پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف آپریٹنگ آفیسر وسیم خان وزارت انسداد منشیات پہنچے جہاں وزیر انسداد منشیات شہریار خان آفریدی سے ان کی ملاقات ہوئی۔

    وزارت انسداد منشیات اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان منشیات کے خلاف مشترکہ شعوری و آگاہی مہم چلانے پر اتفاق کیا گیا، منشیات کے خلاف آگاہی مہم کا آغاز پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں کیا جائے گا۔

    وزیر انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کرکٹ کی بحالی کے لیے وسیم خان کی جانب سے شروع کی گئی اسٹرکچرل ریفارمز اور جدید ماڈل پر لیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات کرکٹ کی بحالی میں دور رس نتائج کا پیش خیمہ ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے تدبر اور ان کی سوچ کے مطابق کرکٹ کو نئے عالمی اسٹرکچر پر مرتب کرنے پر وسیم خان سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔

    شہریار آفریدی نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پر احسان مانی اور وسیم خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب پاکستانی کرکٹ کو نئی زندگی ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو منشیات کے نقصانات سے آگاہی کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کر کے منشیات کی طلب میں کمی کرنا اہم مشن ہے۔

    شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے ساتھ مل کر قوم کے بچوں اور جوانوں کو منشیات کے استعمال کے برے اثرات سے آگاہ کریں گے۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے وزارت انسداد منشیات کے ساتھ مل کر کام کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کے فرائض کی ادائیگی میں پاکستان کرکٹ بورڈ، وزارت انسداد منشیات کے شانہ بشانہ کام کرے گا۔

  • پہلا ٹی ٹوینٹی، شاہینوں نے بنگال ٹائیگر کو دبوچ لیا

    پہلا ٹی ٹوینٹی، شاہینوں نے بنگال ٹائیگر کو دبوچ لیا

    لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو باآسانی 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی، 142 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 3 گیندوں‌ قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    طویل عرصے بعد قومی ٹیم میں واپس آنے والے شعیب ملک نے 58 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اوپنر احسن علی نے 36 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے شفیع الاسلام کی گیند پر لٹن داس کو کیچ دے بیٹھے، محمد حفیظ 17 رنز بنا کر مستفیض الرحمان کا نشانہ بنے، افتخار احمد نے 16 رنز کی اننگز کھیلی۔

    بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع الاسلام نے دو، مستفیض الرحمان اور امین الاسلام نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے تھے اور قومی ٹیم کو جیت کے لیے 142 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان کے دورے پر ہے اور پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز لاہور میں کھیلی جارہی ہے۔ پہلے ٹی 20 میں بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

    ٹاس کے بعد بنگلہ دیشی کپتان محمود اللہ کا کہنا تھا کہ وکٹ اچھی ہے، بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔ بی پی ایل کی بدولت ہماری ٹیم پراعتماد ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹاس جیتنے پر ہم بھی بیٹنگ کرتے، آج کے میچ میں حارث روؤف اور احسان علی ڈیبیو کریں گے۔

    پہلی اننگز میں بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے، محمد نعیم 43 اور تمیم اقبال 39 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    شاہین آفریدی، حارث روؤف اور شاداب خان نے 1، 1 وکٹ لی، حارث روؤف نے بنگلہ دیش کے خلاف انٹرنیشنل کیریئر کی پہلی وکٹ حاصل کی۔

    پہلے ٹی 20 کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، احسن علی، محمد حفیظ، شعیب ملک، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد رضوان، شاداب خان، حارث روؤف، شاہین آفریدی اور محمد حسنین شامل ہیں۔

    بنگلہ دیشی ٹیم میں کپتان محمود اللہ، تمیم اقبال، محمد نعیم، عفیف حسین، لٹن داس، سومیا سرکار، محمد مٹھن، امین الاسلام، شفیع الاسلام، مستفیض الرحمٰن اور الامین حسین شامل ہیں۔

  • پی سی بی کے نوجوان کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کو سراہتا ہوں: شعیب ملک

    پی سی بی کے نوجوان کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کو سراہتا ہوں: شعیب ملک

    لاہور: پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ مجھے اور محمد حفیظ کو سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ملا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے نوجوان کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کو سراہتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹی 20 اسکواڈ میں ایسے کھلاڑی ہیں جو کافی میچز کھیل چکے ہیں، امید ہے بابر اعظم کی طرح دیگر کھلاڑی بھی تسلسل سے موقع ملنے پر کارکردگی دکھائیں گے۔

    شعیب ملک کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی تجربے کی بنیاد پر نئے کھلاڑیوں کو سپورٹ کریں، میری ورلڈ کپ میں کارکردگی اچھی نہیں تھی۔ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر کھیلنا چاہتا ہوں، کوشش ہوگی بنگلہ دیش کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔

    انہوں نے کہا کہ کوشش ہوتی ہے ہمیشہ مثبت سوچ کے ساتھ کرکٹ کھیلوں، سینئرز کے ذاتی ایجنڈے ہوں تو کبھی بھی اچھی چیز نہیں ہوتی۔ محمد حفیظ کی گارنٹی لے سکتا ہوں کہ انہوں نے ہمیشہ ساتھ دیا۔

    شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں کہ بطور کپتان ہی آپ کارکردگی دکھا سکتے ہیں، تمام کھلاڑیوں کی سوچ اور کوشش ٹیم کو جتوانے پر ہوتی ہے۔ مایوس ہوتا تو کرکٹ پوری طرح سے چھوڑ دیتا، لیگز میں بھی نہ جاتا۔ مایوسی نہیں ہے بس ٹیسٹ کی وجہ سے تھکا ہوا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیشہ سےخواہش ہوتی ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے کچھ کروں، مجھے اور حفیظ بھائی کو سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ملا۔ میرے خیال میں دیگر کھلاڑی سینٹرل کنٹریکٹ کے زیادہ حقدار ہیں۔ پی سی بی کے اقدام کو سراہتا ہوں، نوجوان کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینا اچھی بات ہے۔

    شعیب ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسی جگہ ہے جہاں سیکیورٹی بہترین ہوتی ہے، دنیا میں کہیں بھی پاکستان جیسی سیکیورٹی نہیں ملتی۔

  • پاکستان سپر لیگ 2020 کا شیڈول جاری، کراچی کنگز کا پہلا میچ 21 فروری کو ہوگا

    پاکستان سپر لیگ 2020 کا شیڈول جاری، کراچی کنگز کا پہلا میچ 21 فروری کو ہوگا

    لاہور: پاکستان سپر لیگ 2020 کا شیڈول جاری کردیا گیا، کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 21 فروری کو پشاور زلمی کے ساتھ کھیلے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن کا شیڈول جاری کردیا گیا، تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔

    پی ایس ایل 2020 کا آغاز 20 فروری سے ہوگا، 4 مقامات پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، ایونٹ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں ہوں گے۔

    دونوں ایلی منیٹر میچز بھی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ پی ایس ایل 5 کا فائنل بھی 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ ٹکٹوں کی فروخت 20 جنوری سے شروع ہوگی۔

    ایونٹ کا افتتاحی میچ کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 21 فروری کو پشاور زلمی کے ساتھ کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔ کراچی کنگز کے 2 میچز لاہور، 2 راولپنڈی اور ایک ملتان میں ہوگا، اپنے ہوم گراؤنڈ پر کراچی کنگز 4 میچز کھیلے گی۔

    کراچی کنگز اپنا دوسرا میچ 23 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے کراچی میں کھیلے گی، تیسرا میچ 28 فروری کو ملتان سلطانز سے ملتان میں ہوگا، جبکہ چوتھا میچ یکم مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ راولپنڈی میں ہوگا۔

    کراچی کنگز کا پانچواں میچ پشاور زلمی سے 2 مارچ کو راولپنڈی میں جبکہ اگلا میچ 6 مارچ کو ملتان سلطانز سے لاہور میں ہوگا۔

    اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ پورا پی ایس ایل پاکستان میں ہونا پی سی بی کی کامیابی ہے، پانچویں ایڈیشن میں 36 غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ لیگ پاکستان کی ہے اور اس کے تمام میچز ہوم گراؤنڈز پر ہی کھیلے جانے چاہیئے۔ گزشتہ ایڈیشن کے اختتام پر پاکستانی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ پی ایس ایل 2020 کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے اور آج وہ وعدہ وفا ہو رہا ہے۔

  • پہلا ٹیسٹ، سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 5 وکٹوں پر 202 رنز بنالیے

    پہلا ٹیسٹ، سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 5 وکٹوں پر 202 رنز بنالیے

    راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنالیے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنالیے، کپتان کرونا رتنے نے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ڈی سلوا 38 اور ڈک ویلا 11 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

    سری لنکا کی پہلی وکٹ 96 رنز پر گری جب کرونا رتنے 59 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، فرنینڈو کو 40 رنز پر نسیم شاہ نے پویلین کی راہ دکھائی۔

    مینڈس 10 رنز بنا کر عثمان شنواری کا نشانہ بنے، اینجلو میتھیوز 31 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے، ڈنیش چندی مل 2 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

    پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    یہ پاکستانی سرزمین پر 10 سال بعد ہونے والا ٹیسٹ میچ ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس موقع پر کھلاڑیوں کے لیے یادگاری کیپس تیار کی ہیں جو پاکستانی کرکٹرز سری لنکن کھلاڑیوں کو پیش کریں گے۔

    شائقین کرکٹ چیکنگ کے بعد شٹل سروس سے اسٹیڈیم پہنچے۔

    محمکہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ راولپنڈی میں 11 دسمبر کو موسم ابر آلود رہے گا اور کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، 12 دسمبر کو وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ دوپہر کے وقت تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 13 اور 14 دسمبر کو بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جس کے باعث میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    پاکستان ٹیم کی قیادت اظہر علی کر رہے ہیں۔ ٹیم میں بابر اعظم، شان مسعود، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور محمد عباس شامل ہیں۔ عثمان خان شنواری اور عابد علی ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔

    ٹاس جیتنے کے بعد سری لنکن کپتان کرونارتنے کا کہنا تھا کہ پچ اچھی ہے، کوشش کریں گے اچھا کھیلیں۔ ٹیم اچھی بنی ہوئی ہے جبھی نتائج آرہے ہیں۔

    پاکستانی کپتان اظہر علی نے کہا کہ پہلی بار پاکستان میں کھیل کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔ کوشش کریں گے اچھا کھیلیں اور اچھا آغاز کریں۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ پہلا ٹیسٹ 11 دسمبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جبکہ دوسرا 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

  • سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز: 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان

    سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز: 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان

    لاہور: سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، اظہر علی ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ فواد عالم کی 10 سال بعد قومی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے بریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 10 سال بعد ٹیسٹ سیریز کی واپسی ہورہی ہے، سری لنکا ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آ رہا ہے۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ون مین شو کے حوالے سے جو باتیں چل رہی ہیں وہ غلط ہیں۔ 6 سلیکٹرز ہیں فیصلہ سب کی مشاورت سے ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ بنا لیا، ہر کھلاڑی سے متعلق مکمل معلومات ہیں۔ ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہ کر کے تسلسل لانا چاہتے ہیں۔ وہی تبدیلیاں کی جاتی ہیں جو ضروری سمجھی جائیں۔

    انہوں نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ کا بھی اعلان کیا۔ اسکواڈ میں 10 سال بعد فواد عالم کی قومی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی۔ اسکواڈ میں اظہر علی کپتان، عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان سینئر، محمد عباس اور محمد رضوان شامل ہیں۔

    کاشف بھٹی، نسیم شاہ، شاہین شاہ، شان مسعود، یاسر شاہ اور عثمان شنواری بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ فواد عالم بہت اچھی فارم میں ہیں، عثمان شنواری بولنگ میں بہتری لا رہے ہیں۔ محمد موسیٰ ٹیم کے ساتھ ہوں گے، اسکواڈ کا حصہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا سب سے بڑا مسئلہ بولنگ کا ہے۔ میرے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں جس سے سب کچھ ٹھیک کردوں۔ صرف کھلاڑی نہیں ہم بھی جواب دہ ہیں۔

    مصباح کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ان کھلاڑیوں میں شامل ہو چکے ہیں جو میچ ونر ہوتے ہیں، پاکستان ٹیم ٹیسٹ کرکٹ بہت لمبے عرصے بعد کھیلتی ہے۔ کھلاڑی کو پرفارمنس کے لیے وقت چاہیئے ہوتا ہے۔ ایسا نہیں کہ میں بیٹھا رہوں اور قومی ٹیم کا ستیاناس ہوجائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک کی پرفارمنس کو اہمیت دیتے ہیں، جو پرفارمنس دیتا ہے اسے موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ مجھ پر اعتماد نہیں ہے تو کوئی بھی عہدہ نہیں ہونا چاہیئے۔ صحیح طریقے سے کام نہیں کرتا تو کسی بھی عہدے کا جواز نہیں بنتا۔

  • ایڈیلیڈ ٹیسٹ: آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا

    ایڈیلیڈ ٹیسٹ: آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا

    ایڈیلیڈ: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو اننگز اور 48 رنز سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے ٹیسٹ سیریز 0-2 سے جیت کر پاکستان کو وائٹ واش کردیا، دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو اننگز اور 48 رنز سے شکست دے دی۔

    پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے 589 رنز بنائے، وارنر نے اپنے کیریئر کی پہلی اور ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی تیز ترین ٹرپل سنچری اسکور کی اور ناقابل شکست 335 رنز بنائے۔

    وارنر ایڈیلیڈ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے بلے باز بھی بن گئے۔

    آسٹریلوی بلے باز لبوشین نے بھی مسلسل دوسری سنچری بنائی، اور اس دوران پاکستانی بولرز کی خوب درگت بنائی۔ قومی بولرز آسٹریلیا میں وکٹ لینا ہی بھول گئے، پاکستانی بولر عباس، یاسر اور موسیٰ بے بسی کی تصویر بنے رہے۔

    جواب میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں 302 رنز بنائے۔ یاسر شاہ 113 اور بابر اعظم 97 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    مچل اسٹارک نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ بابر اعظم نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر مچل اسٹارک کے ہاتھوں 97 رنز پر آؤٹ ہو گئے اور دوسری سنچری اسکور نہ کر سکے۔

    دوسری طرف یاسر شاہ نے شاندار بیٹنگ کی اور اپنے کیرئیر کی پہلی سنچری بنائی۔ یہ کارنامہ انجام دینے کے لیے بلے باز نے 192 گیندوں کا سامنا کیا اور اس دوران انہوں نے 12 چوکے لگائے۔ پہلی اننگز میں 3 وکٹیں لینے والے شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

    بابر اعظم نے یاسر شاہ کے ساتھ مل کر 105 رنز کی شراکت قائم کی۔ یاسر دورہ آسٹریلیا میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بن گئے ہیں۔

    پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 302 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی جس کے بعد اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔

    فالو آن کے بعد پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 239 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، شان مسعود اور اسد شفیق نے نصف سنچریاں بنائیں۔ نیتھن لائن نے دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔

    پاکستانی بلے بازوں نے غلطیوں سے کچھ نہ سیکھا، بار بار وکٹیں گنواتے رہے۔ اظہر علی اور امام الحق دونوں اننگز میں ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

    پاکستانی بولرز بھی بری طرح ناکام رہے اور صرف 3 وکٹیں لے سکے۔ محمد عباس، موسیٰ خان اور یاسر شاہ میچ میں ایک بھی وکٹ نہ لے سکے۔

    یہ پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں تیسری بار مسلسل 2 میچز میں اننگز کی شکست ہے جبکہ پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا میں مسلسل پانچویں بار وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

  • غریب باپ نے بیٹی کو باکسر بنا دیا

    غریب باپ نے بیٹی کو باکسر بنا دیا

    ایبٹ آباد: غریب باپ نے ثابت کر دیا کہ اگر کوئی انسان ارادہ کرے تو اس کا راستہ کوئی بھی کھوٹا نہیں کر سکتا، غریب باپ نے اپنی بیٹی کو باکسر بنا کر سب کو حیران کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے ایک غریب باپ نے بیٹی کو گھر پر ہی باکسر بنا دیا، بیٹی نے بھی خود کو ہونہار ثابت کیا اور تمغا جیت کر آئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نیشنل گیمز کے دوران باکسنگ میں کانسی کا تمغا جیتنے والی رقیہ نے گھر ہی پر ٹریننگ لی، رقیہ کو باکسنگ مقابلوں کے لیے تربیت والد نے گھر ہی پر دی۔

    قوم کی ہونہار بیٹی نے قومی کھیلوں میں پہلی بار حصہ لیا اور کامیابی حاصل کر لی، باکسر بیٹی نے کہا کہ اگر وسائل مل جائیں تو ملک کا نام مزید روشن کروں گی۔ رقیہ نے عالمی ایونٹس میں بھی ملک کا نام روشن کرنے کے لیے عزم کا اظہار کر دیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ جونئیر اسکریبل چیمپئین شپ 13 سالہ پاکستانی عماد علی نے جیت لی

    خیال رہے کہ ان دنوں مختلف کھیلوں میں پاکستانی ہر طرف دھوم مچا رہے ہیں، پاکستان کے باصلاحیت باکسر محمد وسیم عالمی چیمپئن میکسیکن باکسر گینگن کو پچھاڑنے کے لیے دبئی میں موجود ہیں، ان کا مقابلہ 22 نومبر کو ہوگا۔

    گزشتہ روز پاکستان نے انگلینڈ میں ایک بار پھر ورلڈ جونئیر اسکریبل چیمپئین شپ جیت لی ہے، یہ کارنامہ انجام دے کر پاکستان کے 13 سالہ کھلاڑی سید عماد علی نے اپنے وطن کا نام روشن کر دیا۔

    گزشتہ ہفتے اسنوکر کی دنیا میں بھی پاکستان کا نام روشن کیا گیا، یہ کارنامہ عالمی چیپمئن محمد آصف نے انجام دیا، 9 نومبر کو انھوں نے پاکستان کو اسنوکر میں عالمی چیمپئن بنایا۔ اسی طرح 16 نومبر کو پاکستان کو شطرنج کے کھیل میں بھی بڑا اعزاز حاصل ہوا، جب نیپال میں ایشین امیچور چیس چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے میدان مارا۔

  • پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کے درمیان سیریز کے شیڈول کا اعلان

    پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کے درمیان سیریز کے شیڈول کا اعلان

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاک انگلینڈ خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے انگلینڈ خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز 3 ون ڈے میچز اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہے۔

    پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز ملائیشیا میں کھیلی جائے گی۔ ون ڈے میچ 9، 12 اور 14 دسمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ 3 ٹی ٹوئنٹی میچز 17، 19 اور 20 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔

    مذکورہ سیریز کے ون ڈے میچز آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔

    بسمہ معروف کپتان برقرار

    سیریز کے شیڈول کے اعلان سے قبل بسمہ معروف کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ اقبال امام کو خواتین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

    بسمہ معروف اور اقبال امام کی تقرری آئندہ برس ٹی 20 ورلڈ کپ تک ہے۔ اس موقع پر بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔

    ہیڈ کوچ اقبال امام نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے پر بہت خوش ہوں۔

    دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ امید ہے قومی ٹیم اب ترقی کی جانب گامزن ہوگی۔

  • ون ڈے سیریز پاکستان کے نام، سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست

    ون ڈے سیریز پاکستان کے نام، سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست

    کراچی: نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا 5 وکٹوں سے شکست دے کر ون ڈے سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی، اوپنر عابد علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، بابر اعظم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دئیے جانے والا 298 رنز کا ہدف 48.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، فخر زمان، عابد علی اور حارث سہیل نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں۔

    ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے 123 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، عابد علی 74 رنز بنا کر ڈی سلوا کا شکار بنے، بابر اعظم 31 رنز بنا کر پردیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

    اوپنر فخر زمان نے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں پردیپ نے شناکا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا، کپتان سرفراز احمد 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    حارث سہیل 56 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر شیہان جے سوریا کا شکار بنے، افتخار احمد 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    سری لنکن فاسٹ بولر پردیپ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کمارا، جے سوریا اور ڈی سلوا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

     تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے تھے اور گرین شرٹس کو جیت کے لیے 298 رنز کا ہدف دیا تھا، اوپنر گناتھلاکا شاندار 133 رنز کی اننگز کھیلی۔

    سری لنکا کی پہلی وکٹ 13 رنز پر گری جب اویشکا فرنینڈو 4 رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے، کپتان لہیرو تھریمانے نے 36 رنز بنائے انہیں محمد نواز نے آؤٹ کیا، اوپنر گناتھلاکا نے 133 رنز کی اننگز کھیلی ان کی اننگز میں 16 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، گناتھلاکا کو محمد عامر نے آؤٹ کیا۔

    پریرا 13 رنز بنا کر عثمان شنواری کی گیند پر حارث سہیل کو کیچ دے بیٹھے، بھنوکا 36 رنز پر رن آؤٹ ہوئے، شیہان جے سوریا کو 3 رنز پر شاداب خان نے پویلین روانہ کیا۔

    ڈی سلوا 10 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، سنداکان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، شناکا 43 رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار بنے۔

    پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 3 وکٹیں حاصل کیں، عثمان شنواری، شاداب خان، وہاب ریاض اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    ٹاس جیتنے کے بعد سری لنکن کپتان لہیرو تھریمانے کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کے لیے پچ اچھی ہے، کوشش کریں گے اچھا کھیلی۔ گزشتہ میچ میں بھی پچ اچھی تھی، مزید بہتر کھیلنے کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا ڈریسنگ روم کا ماحول بہت اچھا ہے، سری لنکن ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ 50 ویں ون ڈے میں کپتانی کرنے پر اللہ کا شکر گزار ہوں، میں بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، عماد وسیم کی جگہ محمد نواز اور امام الحق کی جگہ عابد علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ کوشش کریں گے کم سے کم رنز پر سری لنکا کو روکیں۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز کا پہلا میچ شیڈول کے مطابق جمعہ کو ہونا تھا جو بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔

    موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے دوسرے میچ کا شیڈول تبدیل کر دیا اور دوسرا ون ڈے میچ 30 ستمبر کو کھیلا گیا۔

    دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو 67 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی۔

    ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا آغاز 5 اکتوبر سے لاہور میں ہوگا۔ تینوں ٹی 20 میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم 10 سال بعد پاکستان آئی ہے، مہمان ٹیم کےلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔