Tag: کھیل کی خبریں

  • سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان

    سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان

    لاہور: سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا، ون ڈے کھیلنے والے اسکواڈ میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔ ہیڈ کوچ مصباح الحق نے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کیا۔

    ٹیم کے زیادہ تر پلیئر ون ڈے اسکواڈ والے ہی ہیں جس میں صرف 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ عابد علی، امام الحق اور محمد رضوان کو ٹی 20 اسکواڈ سے باہر کردیا گیا۔ امام الحق کو انجری کی وجہ سے ٹی 20 سیریز میں شامل نہیں کیا گیا۔

    ان کی جگہ احمد شہزاد، عمر اکمل اور فہیم اشرف کو ٹی 20 اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔ سرفراز احمد کپتان اور بابر اعظم نائب کپتان مقرر کیے گئے ہیں۔

    ٹی 20 ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، فخر زمان، محمد حسنین، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد نواز، محمد عامر، شاداب خان، عثمان شنواری اور وہاب ریاض بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز کا پہلا میچ شیڈول کے مطابق جمعہ کو کراچی میں ہونا تھا جو بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔

    موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے دوسرے میچ کا شیڈول تبدیل کر دیا اور دوسرا ون ڈے میچ 30 ستمبر کو کھیلا گیا۔

    دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو 67 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی۔

    ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا آغاز 5 اکتوبر سے لاہور میں ہوگا۔ تینوں ٹی 20 میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم 10 سال بعد پاکستان آئی ہے، مہمان ٹیم کےلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

  • سری لنکن ٹیم کی آمد سے دنیا کو پیغام جائے گا پاکستان محفوظ ملک ہے: احسان مانی

    سری لنکن ٹیم کی آمد سے دنیا کو پیغام جائے گا پاکستان محفوظ ملک ہے: احسان مانی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ 13 سال بعد سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد سے عالمی کرکٹ کے راستے کھلیں گے، ٹیم کی آمد سے دنیا کو پیغام جائے گا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد خوش آئند ہے، 13 سال بعد سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد سے عالمی کرکٹ کے راستے کھلیں گے۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم کی آمد سے دنیا کو پیغام جائے گا پاکستان محفوظ ملک ہے، پاکستان سری لنکا کرکٹ سیریز شیڈول کے مطابق ہو رہی ہے۔ ثابت ہوگیا پاکستان اور سری لنکن بورڈز میں کتنے گہرے تعلقات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امن و امان کا کریڈٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جاتا ہے، کرکٹ کی واپسی میں پاک فوج، رینجرز اور پولیس کا اہم کردار ہے۔ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی میں پی ایس ایل کا بڑا کردار ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ ہی سری لنکا کو سپورٹ کیا ہے۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم پر لاہور میں حملہ ہوا تھا اس کے باوجود وہ پاکستان آرہی ہے، پی سی بی اور سری لنکن بورڈ کے روابط بہت پرانے ہیں۔ سری لنکن ٹیم کو ٹیسٹ کیپ دلانے میں پاکستان کا اہم کردار تھا۔ کولمبو واقعے کے 10 روز بعد بھی ہماری انڈر 19 ٹیم سری لنکا گئی تھی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پہلے دن کہا تھا کہ کرکٹ کے لیے بھارت کے پیچھے نہیں بھاگوں گا، اگر بھارت کو ہم سے کرکٹ کھیلنی ہے تو کھیلے۔ سی ای او کرکٹ انگلینڈ بورڈ ڈائریکٹر کے ساتھ آرہے ہیں۔ ہم آج ایک قدم اٹھائیں تو 2 سے 3 سال میں منزل تک پہنچیں گے۔

  • سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ

    سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ

    لاہور: سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ ہوگئی جو شام 6 بجے کراچی پہنچے گی۔ اپنے دورہ پاکستان کے دوران سری لنکن ٹیم 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ ہوگئی، سری لنکن ٹیم نے روانگی سے قبل سری لنکا کرکٹ ہیڈ کوارٹر میں خصوصی دعا کی۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم شام 6 بجے کراچی پہنچے گی۔

    روانگی سے قبل سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی ہے، سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہوں۔ امید ہے پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

    سری لنکن کرکٹ ٹیم 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک پاکستان میں موجود ہوگی، سری لنکن ٹیم کے دورے میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

    ون ڈے سیریز کراچی میں شیڈول ہے، تینوں ون ڈے میچز 27، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ ٹی 20 میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز دسمبر تک مؤخر کردی گئی ہے۔

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں محدود اوورز کی میچز کی سیریز سے فائدہ ہوگا، ٹیسٹ میچز سے پہلے سری لنکن بورڈ کو یہاں کے حالات کا علم ہوجائے گا۔

    احسان مانی نے کہا تھا کہ وہ مثبت رویئے پر سری لنکن کرکٹ کے صدر شامی سلوا، بورڈ اور کھلاڑیوں کے شکر گزار ہیں۔

  • آرمی چیف کی باکسر محمد وسیم سے ملاقات

    آرمی چیف کی باکسر محمد وسیم سے ملاقات

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی باکسر محمد وسیم سے ملاقات ہوئی، آرمی چیف نے محمد وسیم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی باکسر محمد وسیم سے ملاقات ہوئی۔ آرمی چیف نے محمد وسیم کو حالیہ کامیابی پر مبارکباد دی۔

    آرمی چیف نے کہا کہ محمد وسیم جیسا ٹیلنٹ ہمارے فخر کی علامت ہے، محمد وسیم جیسے باصلاحیت نوجوانوں کو ہمیشہ سپورٹ کریں گے۔

    آرمی چیف سے ملاقات کے بعد محمد وسیم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹ کرنے پر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پاک فوج نے ہمیشہ مجھے سپورٹ کیا ہے۔

    محمد وسیم کا کہنا تھا کہ پہلے بھی چیمپئن رہا ہوں آئندہ بھی پاکستان کا نام روشن کروں گا، پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے باعث فخر ہے۔ شعیب اختر اور وسیم اکرم نے بھی میری حوصلہ افزائی کی۔

    انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں ٹریننگ کے دوران صورتحال سے لاعلم تھا۔ کشمیریوں پر بھارت میں بہت ظلم و بربریت ہورہی ہے۔ کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کے لیے آواز اٹھاتا رہا ہوں۔ اپنی باکسنگ کٹ کشمیریوں کے لیے عطیہ کروں گا۔

    محمد وسیم نے مزید کہا کہ آرمی چیف نے حوصلہ افزائی کی اور مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کروائی۔

    خیال رہے کہ محمد وسیم دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ جیت کر آئے ہیں، انہوں نے فلپائن کے باکسر کونراڈو تنومور کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا تھا۔

    یہ ان کے پروفیشنل باکسنگ کیریئر کا نواں مقابلہ تھا جو انہوں نے جیتا۔ محمد وسیم نے اپنی حالیہ کامیابی مظلوم کشمیریوں کے نام کی تھی۔

  • سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان

    سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان

    لاہور: سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا، سری لنکن ٹیم 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا، 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کیا۔

    ممکنہ کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، بابر اعظم، احمد شہزاد، آصف علی، عابد علی، عثمان شنواری، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث سہیل، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، وہاب ریاض، امام الحق، شاداب خان اور عمر اکمل شامل ہیں۔

    تمام کھلاڑی 18 ستمبر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورمیں رپورٹ کریں گے۔ مصباح الحق 21 ستمبر کو ون ڈے اور ٹی 20 ٹیموں کا اعلان کریں گے۔ قومی ایک روزہ کرکٹ ٹیم 24 ستمبر کو کراچی روانہ ہوجائے گی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا سیریز اور دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم مینجمنٹ کا اعلان بھی کردیا۔ مصباح الحق ہیڈ کوچ اینڈ چیف سلیکٹر کے فرائض انجام دیں گے۔ منصور رانا ٹیم آپریشنز اور لاجسٹک اینڈ ایڈمنسٹریٹو مینیجر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

    وقار یونس بولنگ کوچ، بریڈ برن فیلڈنگ کوچ، شاہد اسلم اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ، کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ، یاسر ملک ٹرینر، رضا راشد میڈیا مینیجر، طلحہ بٹ اینالسٹ اور ملنگ علی مساجر بھی ٹیم مینجمنٹ کا حصہ ہیں۔

    میجر (ر) اظہر عارف کو سری لنکا سیریز کے لیے سیکیورٹی مینیجر مقرر کیا گیا ہے جبکہ کرنل (ر) عثمان انوری دورہ آسٹریلیا پر سیکیورٹی مینیجر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سری لنکن ٹیم 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی، دورے میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

    بعد ازاں پاکستان کرکٹ ٹیم نومبر میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

  • سابق کپتان مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر

    سابق کپتان مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مصباح الحق کو 3 سال کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر جبکہ وقار یونس کو بولنگ کوچ مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کو 3 سال کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا۔ وقار یونس کو قومی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کیا گیا۔

    مصباح الحق کا نام کوچز کی تلاش کے لیے قائم کردہ 5 رکنی پینل نے متفقہ طور پر پیش کیا تھا۔ پینل میں انتخاب عالم، بازید خان، اسد علی خان، وسیم خان اور ذاکر خان شامل تھے۔ دونوں کوچز کے ناموں کی منظوری پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے دی۔

    مصباح اور وقار کی قومی ٹیم کے ہمراہ پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہوگی، پاکستان سری لنکا میں 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 27 ستمبر سے ہوگی۔

    اس موقع پر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، اس نئی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے مکمل تیار ہوں۔

    وسیم خان نے کہا کہ امید ہے قومی کرکٹ کو مصباح الحق کی قائدانہ صلاحیتوں کا فائدہ ہوگا۔ کوچز کے لیے درخواست جمع کروانے والے درخواست گزاروں کے مشکور ہیں۔

    مصباح الحق کے بطور ہیڈ کوچ نام کے اعلان کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہیں مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

    خیال رہے کہ مصباح الحق پاکستانی ٹیم کے 30 ویں ہیڈ کوچ ہیں، مصباح سے قبل مکی آرتھر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے۔ مصباح الحق پاکستان کے کوچ بننے والے 17 ویں قومی کھلاڑی ہیں۔

    مصباح الحق نے 2001 سے 2017 تک قومی ٹیم میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

    دوسری جانب وقار یونس سے قبل اظہر محمود بولنگ کوچ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ وقار یونس 2 بار پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ رہ چکے ہیں۔

  • پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال سیریز کا شیڈول جاری

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال سیریز کا شیڈول جاری

    لاہور: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال سیریز کا شیڈول جاری کردیا گیا، 30 جولائی سے 2 ستمبر 2020 تک ہونے والے دورے کے دوران 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال سیریز کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ 30 جولائی سے 2 ستمبر 2020 تک جاری رہے گا۔

    دورے کے دوران 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے، سیریز میں شامل 3 ٹیسٹ میچز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔ پہلا ٹیسٹ میچ 30 جولائی سے 3 اگست 2020 تک لارڈز میں کھیلا جائے گا۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 اگست 2020 تک اولڈ ٹریفورڈ اور تیسرا 20 سے 24 اگست 2020 تک ٹرینٹ برج کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا۔

    سیریز کا پہلا ٹی 20 مقابلہ 29 اگست 2020 کو لیڈز میں ہوگا، دوسرا ٹی 20، 31 اگست کو کارڈف اور تیسرا 2 ستمبر 2020 کو ساؤتھ ہمپٹن میں منعقد ہوگا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ذاکر خان کا کہنا ہے کہ سیریز سے قومی کھلاڑیوں کو ٹیسٹ فارمیٹ میں بہتری کا موقع ملے گا، سریز سے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد ملے گی۔ 4 سال میں تیسری دو طرفہ سیریز کا انعقاد دوستانہ تعلقات کا عکاس ہے۔

    پاکستان کے دورے کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو سال 2022 میں پاکستان کا جوابی دورہ کرنا ہے، جوابی سیریز میں 3 ایک روزہ اور 3 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

  • پاکستان کی نمائندگی کرنے والی دنیا کی پہلی باحجاب خاتون ویٹ لفٹر

    پاکستان کی نمائندگی کرنے والی دنیا کی پہلی باحجاب خاتون ویٹ لفٹر

    پاکستانی نژاد امریکی خاتون کلثوم عبداللہ نے پہلی پاکستانی خاتون ویٹ لفٹر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا، یہی نہیں وہ ویٹ لفٹنگ مہں حصہ لینے والی پہلی باحجاب خاتون ہیں۔

    کلثوم عبداللہ کے والدین جو خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھتے ہیں، اپنی بیٹی کی پیدائش سے قبل امریکا منتقل ہوگئے تھے۔ کلثوم عبداللہ ان والدین کی ہونہار اولادوں میں سے ایک ہیں۔ شعبے کے لحاظ سے وہ کمپیوٹر انجینئر ہیں اور جارجیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے پی ایچ ڈی کرچکی ہیں۔

    سنہ 2010 سے کلثوم ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں، وہ دنیا کی پہلی باحجاب خاتون لفٹر بھی ہیں تاہم اب حجاب کی وجہ سے ان پر عالمی مقابلوں میں شرکت کرنے پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔

    انہوں نے سنہ 2011 میں امریکی قومی مقابلوں میں حصہ لیا تھا، اسی سال انہوں نے عالمی سطح پر ورلڈ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2011 میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی۔

    سنہ 2012 میں انہوں نے جنوبی کوریا میں ہونے والے ایشیئن ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔ کلثوم نے ویٹ لفٹنگ کے امریکن اوپن مقابلوں کے لیے بھی کوالیفائی کیا تاہم ویٹ لفٹنگ کمیٹی نے ان کے حجاب کی وجہ سے ان پر پابندی عائد کردی۔

    کلثوم کا کہنا ہے کہ دوران تعلیم بہت کم عمری میں ہی انہیں احساس ہونا شروع ہوگیا کہ ہر شعبے میں مردوں کی اجارہ داری قائم ہے تاہم اپنے اہلخانہ کی بہترین معاونت کے باعث ہی وہ اپنے پسندیدہ شعبے میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں۔

  • ورلڈ کپ: بھارتی خواب چکنا چُور، نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچ گیا

    ورلڈ کپ: بھارتی خواب چکنا چُور، نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچ گیا

    مانچسٹر: ورلڈ کپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 18 رنز سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کرلی، دھونی اور جڈیجا کی اننگز بھی بھارت کو شکست سے نہ بچاسکیں۔

    تفصیلات کے مطابق مانچسٹر میں کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دئیے جانے والے 240 رنز ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم آخری اوور میں 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی، میٹ ہینری نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    بھارت کی 92 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد رویندر جڈیجا نے 77 اور دھونی نے 50 رنز کی اننگز کھیلی تاہم اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکے، رویندر جڈیجا کو ٹرینٹ بولٹ نے آؤٹ کیا، دھونی کو گپٹل نے رن آؤٹ کیا۔

    بھارتی کپتان ویرات کوہلی، روہت شرما اور لوکیش راہول صرف ایک، ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، رشبھ پنٹ 32 اور دنیش کارتک 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    ہاردک پانڈیا 32 رنز بنا کر سینٹنر کا نشانہ بنے، بھونیشور کمار بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، یوزویندر چاہل 5 رنز بنا کر نیشم کی گیند پر ٹام لیتھم کو کیچ دے بیٹھے۔

    نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری کو تین وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، ٹرینٹ بولٹ اور سینٹنر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، فرگیوسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں کل دوسرے سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گی، جیتنے والی ٹیم 14 جولائی کو نیوزی لینڈ سے فائنل کھیلے گی۔

     ورلڈ کپ 2019 میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والا پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا تھا، کل ہونے والا سیمی فائنل بارش کے باعث آج کے لیے مؤخر کردیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز جب مانچسٹر میں بارش شروع ہوئی تو نیوزی لینڈ نے 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنالیے تھے۔

    گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن بھارتی بولرز کے آگے شروع سے ہی دباؤ میں نظر آئی ، صرف ایک رن بنا کر اوپنر مارٹن گپٹل پویلین لوٹ گئے، نکولس 28 رنز بنا کر جڈیجا کا نشانہ بنے۔

    کپتان کین ولیمسن نے 67 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، انہیں اسپنر چاہل نے آؤٹ کیا۔ جمی نیشام 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گرینڈ ہوم 16 رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر دھونی کو کیچ دے بیٹھے۔

    راس ٹیلر نے 74 اور ٹام لیتھم نے 10 رنز بنائے۔ بھارت کے بھونیشور کمار نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    گزشتہ روز ٹاس جیتنے کے بعد کیوی کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے کوشش کریں گے اچھا کھیلیں۔

    بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم بھی بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، امید ہے پچ ایسی ہی رہے گی۔ اپنی صلاحیتوں کو بیک کر کے اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ مانچسٹر میں پہلے 2 اچھے میچز کھیل چکے ہیں۔

    اسکواڈ

    سیمی فائنل کے لیے بھارتی ٹیم میں ویراٹ کوہلی (کپتان)، کے ایل راہول، روہت شرما، رشبھ پنت، مہندر سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، ہردیک پانڈیا، رویندر جڈیجا، بھونیشور کمار، یزویندر چاہل اور جسپریت بمرا شامل ہیں۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیمسن (کپتان)، مارٹن گپٹل، ہنری نکولس، راس ٹیلر، ٹام لیتھم، جیمز نیشام، کولن ڈی گرینڈ ہوم، مچل اسینٹنر، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

  • بھارت اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل میچ بارش کے باعث کل تک کے لیے موخر کردیا گیا

    بھارت اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل میچ بارش کے باعث کل تک کے لیے موخر کردیا گیا

    مانچسٹر: بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل میچ بارش کے باعث کل تک کے لیے موخر کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مانچسٹر میں جب بارش شروع ہوئی تو نیوزی لینڈ نے 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنالیے تھے، کل میچ اسی اسکور سے دوبارہ شروع کیا جائے گا، اگر کل بھی بارش کے باعث میچ نہ ہوسکا تو بھارت زیادہ پوائنٹس ہونے کے سبب فائنل میں پہنچ جائے گا۔

    نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن بھارتی بولرز کے آگے شروع سے ہی دباؤ میں نظر آئی، صرف ایک رن بنا کر اوپنر مارٹن گپٹل پویلین لوٹ گئے، نکولس 28 رنز بنا کر جڈیجا کا نشانہ بنے۔

    کپتان کین ولیم سن نے 67 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی انہیں اسپنر چاہل نے آؤٹ کیا، جمی نیشم 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گرینڈ ہوم 16 رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر دھونی کو کیچ دے بیٹھے۔

    راس ٹیلر 67 اور ٹام لیتھم 3 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

    بھارت کے بھونیشور کمار، جسپریت بمرا، ہردیک پانڈیا، چاہل اور رویندر جڈیجا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل ورلڈ کپ 2019 کا پہلا سیمی فائنل آج سابق ورلڈ چیمپئن بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

     آئی سی سی ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل مانچسٹر کے ٹرائی فورڈ اسٹیڈیم میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ بھارتی ٹیم مسلسل تیسری بار عالمی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ نیوزی لینڈ بھی لگاتار دوسرا سیمی فائنل کھیل رہا ہے۔

    ٹاس جیتنے کے بعد کیوی کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے کوششش کریں گے اچھا کھیلیں۔

    بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم بھی بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، امید ہے پچ ایسی ہی رہے گی۔ اپنی صلاحیتوں کو بیک کر کے اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ مانچسٹر میں پہلے 2 اچھے میچز کھیل چکے ہیں۔

    ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوجانے کے بعد اب دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کی جنگ میں شامل 4 ٹیمیں ٹرافی حاصل کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔

    ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور میزبان ٹیم انگلینڈ کے درمیان 11 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ دونوں سیمی فائنلز کی فاتح ٹیمیں 14 جولائی کو فائنل کھیلیں گی۔

    اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں ویراٹ کوہلی (کپتان)، کے ایل راہول، روہت شرما، رشبھ پنت، مہندر سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، ہردیک پانڈیا، رویندر جڈیجا، بھونیشور کمار، یزویندر چاہل اور جسپریت بمرا شامل ہیں۔

    نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیمسن (کپتان)، مارٹن گپٹل، ہنری نکولس، راس ٹیلر، ٹام لیتھم، جیمز نیشام، کولن ڈی گرینڈ ہوم، مچل اسینٹنر، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔