Tag: کھیل ہی کھیل

  • کھیل ہی کھیل میں بچے کا سر برتن میں پھنس گیا (خوفناک ویڈیو)

    کھیل ہی کھیل میں بچے کا سر برتن میں پھنس گیا (خوفناک ویڈیو)

    بچے ہوں اور کھیل نہ ہو یہ کیسے ہو سکتا ہے لیکن بعض اوقات انجانے میں کھیل زندگی کو داؤ پر بھی لگا دیتا ہے۔

    ایسا ہی ایک واقعہ بھارت میں پیش آیا، جہاں تین سالہ بچہ کھیل ہی کھیل میں اپنا سر ایک برتن میں پھنسا بیٹھا۔ جب والدین کی کوششوں کے بعد بھی بچے کا سر برتن سے نہ نکلا تو ریسکیو عملے کو بلانا پڑا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ آندھرا پردیش اڈیشہ میں پیش آیا۔ جہاں پرتیب بشواس نامی شخص پیتل کا نیا برتن خرید کر گھر لایا اور ایک جگہ رکھ دیا۔

    اسی اثنا میں ان کا تین سال بیٹا وہاں آ گیا اور نئے برتن کو کھلونا سمجھ کر کھیلنے لگا اور برتن میں جھانکنے کے دوران اس کا سر برتن میں پھنس گیا۔

    بچے کے رونے کی آواز سن کر جب والدین وہاں آئے تو یہ منظر دیکھ کر ان کے ہاتھوں کے طوطے اڑ گئے۔ والدین سمیت دیگر گھر والوں نے بچے کا سر برتنسے نکالنے کی سر توڑ کوشش کی، لیکن کامیاب نہ ہونے پر ریسکیو عملے کو طلب کیا۔

    مقامی فائر اسٹیشن کے عملے نے دو گھنٹے کی شدید مشقت کے بعد کٹر کی مدد سے برتن کاٹ کر بچے کا سر محفوظ طریقے سے برتن سے نکالا۔

     

  • کھیل ہی کھیل میں کار کا دروازہ لاک، دم گھٹنے سے چار بچے ہلاک

    کھیل ہی کھیل میں کار کا دروازہ لاک، دم گھٹنے سے چار بچے ہلاک

    بچے مختلف کھیل کھیلتے ہیں لیکن بعض اوقات کچھ کھیل نادانستہ طور پر موت کا کھیل بن جاتے ہیں جیسا کہ چار بچے کار میں بند کر ہلاک ہو گئے۔

    یہ افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں پیش آیا جہاں چار بچے کار کے اندر کھیل رہے تھے کہ اچانک کار کا دروازہ لاک ہوگیا اور بچے دم گھٹنے کی وجہ سے ہلاک ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گاؤں کے مہیلا منڈل دفتر کے پاس اس وقت پیش آیا جب بچے وہاںکھڑی ایک لاوارث کار میں بیٹھ کر کھیل رہے تھے۔ مرنے والے بچوں کی عمریں 6 سے 8 سال کے درمیان ہیں۔

    یہ واقعہ ایسٹ گوداوری ضلع کے دوارا پُڑی گاؤں میں پیش آیا۔ مرنے والے بچوں کی عمر 6 سے 8 سال کے درمیان ہے۔ یہ سبھی اپنے رشتہ دار کے یہاں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق بدنصیب بچے اپنے رشتہ دار کے گھر شادی میں آئے ہوئے تھے۔ گھر سے باہر کھیلنے نکلے اور ایک لاوارث کھڑی کار کے اندر جا کر کھیلنے لگے۔ اچانک غلطی سے اندر سے دروازہ بند ہوگیا۔

    جب تک لوگوں کو اس واقعہ کا پتہ چلا تب تک بہت دیر ہوچکی تھی اور چار بچے دم گھٹنے کے باعث مر چکے تھے۔ مرنے والوں میں تین بچیاں اور ایک بچہ شامل ہے۔

    اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ اور پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور تحقیقات شروع کر دیں جب کہ اس واقعہ کے بعد پورا گاؤں سوگ میں ڈوب گیا اور شادی کا گھر ماتم کدہ میں تبدیل ہو گیا۔

  • کھیل ہی کھیل میں 2 معصوم بہن بھائی جان سے گئے

    کھیل ہی کھیل میں 2 معصوم بہن بھائی جان سے گئے

    کھیل ہی کھیل میں دو کمسن معصوم بہن بھائی اپنی زندگی گنوا بیٹھے آٹے کے ڈرم میں چھپنا ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔

    بچوں کا فارغ وقت میں سب سے مقبول مشغلہ شرارت بھرے کھیل کود ہیں۔ تاہم کبھی کبھار یہ کھیل کود نادانستہ طور پر کسی بڑے سانحےکا سبب بن جاتے ہیں۔

    یہ افسوسناک واقعہ ساہیوال کے نواحی علاقے میں اس وقت پیش آیا جب والدین گندم کی کٹائی کے لیے کھیت میں گئے ہوئے تھے اور گھر پر دونوں بچے اکیلے تھے۔

    گھر میں کھیلنے کے دوران دونوں کمسن بہن بھائی آٹے کے ڈرم میں چھپے تاہم ڈرم کا ڈھکن اچانک بند ہو گیا۔ گھر میں کوئی بڑا نہ ہونے کے باعث بچوں کی پکار کوئی نہیں سن سکا۔

    رپورٹ کے مطابق جب والدین گھر آئے اور بچوں کو وہاں موجود نہ پایا تو پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے گھر پہنچ کر جب جانچ کی اور آٹے کا ڈرم کھولا تو یہ روح فرسا منظر دیکھنے کو ملا کہ دونوں بچے مردہ حالت میں اس کے اندر موجود تھے۔

    پولیس کے مطابق آٹے کے ڈرم کا ڈھکن بند ہونے کے باعث دونوں بچے دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے۔ مرنے والے بچوں کی عمر 4 اور 5 سال تھی۔ پولیس کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں۔