Tag: کہوٹہ

  • لاکھوں مالیت کی قیمتی لکڑی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    لاکھوں مالیت کی قیمتی لکڑی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    راولپنڈی: صوبہ پنجاب کی تحصیل کہوٹہ میں قیمتی لکڑی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی تحصیل کہوٹہ کی حدود میں محکمہ جنگلات نے قیمتی لکڑی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    محکمہ جنگلات نے قیمتی لکڑی کی اسمگلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ ملزم حسنین امجد سے قیمتی لکڑی اور گاڑی برآمد کرلی گئی، برآمد ہونے والی لکڑی کی مالیت ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد ہے۔

    گرفتار ملزم کے خلاف محکمہ جنگلات نے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔

  • کہوٹہ کے جنگل میں آگ لگنے کے واقعے کا مقدمہ درج

    کہوٹہ کے جنگل میں آگ لگنے کے واقعے کا مقدمہ درج

    راولپنڈی :محکمہ جنگلات نے کہوٹہ کے جنگل میں آگ لگنے کے واقعے کا مقدمہ درج کرادیا ، جس میں کہا ملزم نے پولٹری فارم کا گند جلانے کی آگ لگائی جو وسیع رقبے پر پھیل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کہوٹہ کے جنگل میں آگ لگنے کے واقعے کا مقدمہ درج کرادیا گیا ، مقدمہ محکمہ جنگلات کے اہلکارشوکت علی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    ملزم کے خلاف درج مقدمے میں فاریسٹ ایکٹ کی 3دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ مقدمے میں سخاوت نامی شخص کو نامزد کیا گیا ، 130 ایکٹر کا رقبہ متاثر ہوا، ملزم نے پولٹری فارم کا گند جلانے کی آگ لگائی جو وسیع رقبے پرپھیل گئی۔

    مقدمے میں کہا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ سےسیکڑوں کی تعدادمیں چیڑ کےدرخت بھی جل گئے۔

    یاد رہے کہوٹہ کے جنگل میں جمعے کو لگنے والی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا جس سے 7 کلومیٹر رقبہ متاثر ہوا جبکہ الاکنڈ ڈویژن کے 10 میں سے 7 علاقوں اور سوات کے جنگلات میں لگنے والی آگ پر ابھی تک مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔

    اس کے علاوہ شدید گرمی کی وجہ سے اسلام آباد میں مارگلہ ہلز پر آگ بھڑک اٹھی ہے، جہاں محکمہ ماحولیات کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے۔

  • وزیراعظم آج ملکی تاریخ کی  سب سے بڑی مون سون شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے

    وزیراعظم آج ملکی تاریخ کی سب سے بڑی مون سون شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کہوٹہ سے آج ملکی تاریخ کی سب سے بڑی مون سون شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے، 20روزہ شجر کاری مہم میں پاکستان بھر میں 20کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج کہوٹہ کا دورہ کریں گے ، مشیرماحولیات ملک امین اسلم بھی ان کے ہمراہ ہوں گے، عمران خان کہوٹہ سے آج ملکی تاریخ کی بڑی مون سون شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے۔

    وزیراعظم 3 ہزار فاریسٹ اسکاؤٹس سے خصوصی خطاب بھی کریں گے ، آج کہوٹہ سے شروع شجر کاری مہم کل سے ملک بھر میں پھیل جائے گی، شجر کاری مہم بیک وقت چاروں صوبوں میں شروع ہو گی، 20روزہ شجر کاری مہم میں پاکستان بھر میں 20کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔

    شجر کاری مہم میں ٹائیگرزفورس کی خدمات بھی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب کے36اضلاع میں ٹائیگرزفورس پودے لگانے کیلئے خدمات انجام دے گی۔

    مشیرماحولیات ملک امین اسلم،عثمان ڈار،چیف سیکریٹری پنجاب نے پلان تیار کرلیا، ملک امین اسلم نے کہا ٹائیگرزفورس کے رضاکاروں کا جذبہ قابل تحسین ہے، رضاکاروں نے ایمرجنسی صورتحال میں بلا معاوضہ خدمات دی ، قومی رضاکاروں کی خدمات سرسبزپاکستان مہم کیلئےحاصل کی جائیں گی۔

    مشیرماحولیات کا کہنا تھا کہ ٹائیگرزفورس کے جوان انتظامیہ کیساتھ ملکر مہم میں حصہ لیں گےوزیر اعظم آئندہ ہفتے لاہور میں بھی اربن شجرکاری کاافتتاح ، کریں گے، لاہورمیں جاپانی طریقہ کارمیاواکی کےتحت50سےزائدمقامات پرپودے لگیں گے۔

    یاد رہے چند ہفتے قبل اقوام متحدہ نے ’’سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ‘‘ 2020 کی جائزہ رپورٹ جاری کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ ماحولیات سے متعلق اقدامات کا ہدف پاکستان نے ڈیڈ لائن سے دس سال قبل حاصل کرلیا ہے۔

    مشیر ماحولیاتی تبدیلی نے کہا تھا کہ پاکستان میں اس ٹارگٹ کو مکمل کرنے کے لیے ملک کے جنگلات کے رقبے میں اضافہ کیا گیا، بلین ٹری سونامی اور 10 بلین ٹری سونامی منصوبوں کا اس ہدف کے حصول میں اہم کردار ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلین ٹری سونامی کے ذریعےکے پی میں 6 فیصد جنگلات بڑھے، جنگلات کا پروٹیکٹڈ ایریا بڑھا کر 12 سے 15 فیصد پر، یورو ٹو سے یورو فائیو فیول اور کوئلے کی بجائےہائیڈروپروجیکٹس پرجارہے ہیں۔

    ملک امین اسلم نے کہا تھا کہ سی پیک کے تحت ہائیڈرو پروجیکٹس شروع کررہے ہیں، 1200 میگاواٹ کےونڈپروجیکٹس شروع کر رہے ہیں، 2025 تک پاکستان کی 60 فیصد انرجی کلین انرجی ہوگی۔

  • وزیر اعظم کا کہوٹہ میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان

    وزیر اعظم کا کہوٹہ میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان

    راولپنڈی: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہوٹہ میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی پر کام آئندہ 3 مہینے میں شروع ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہوٹہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے 4 سال ملک کی خدمت کی، ہم نے سلسلہ آگے بڑھایا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہوٹہ میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی پر کام آئندہ 3 مہینے میں شروع ہوجائے گا۔

    وزیر اعظم نے کہوٹہ میں لڑکے لڑکیوں کے اسکول کو ہائیر سیکنڈری بنانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کہوٹہ میں موجود اسپتال کو مزید فنڈز دیں گے تاکہ صحت کی سہولتیں بڑھیں۔ علاوہ ازیں کہوٹہ کے عوام کے لیے ہیلتھ کارڈ کا بھی اعلان کیا۔

    شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ گیس کو ہر گاؤں اور ہر قصبے تک پہنچایا جائے گا۔ کہوٹہ میں کھیل کے فروغ کے لیے اسٹیڈیم کا بندوبست کردیا گیا ہے۔ ’شہباز شریف کا مشکور ہوں جنہوں نے سڑکوں کے لیے فنڈز جاری کیے‘۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ معیشت ترقی کر رہی ہے، ملک ترقی کر رہا ہے۔ کہوٹہ کی ہر کونسل میں کھیل کا میدان بنایا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت مضبوط ہونے سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ ’ہم کوئی احسان نہیں کر رہے، عوام کو ان کا حق دے رہے ہیں‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ملک میں تمام ترقیاتی کام ن لیگ ہی کرواتی ہے،نواز شریف

    ملک میں تمام ترقیاتی کام ن لیگ ہی کرواتی ہے،نواز شریف

    کہوٹہ : وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ترقی کام ہوتے ہیں ہم نے تن تنہا ملک کی ترقی کا بیڑہ اُٹھایا ہے حالانکہ اس ملک میں پیپلزا پارٹی کی حکومت بھی رہی اور پرویز مشرف بھی حکومت میں رہے۔

    تفصیلات کے مطابق وایراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے نڑھ کے مقام پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر موٹر وے بنی ہے رو مسلم لیگ ن کے دور میں بنتی ہے، ایٹمی دھماکہ ہوتا ہے تو مسلم لیگ ن کے دور میں ہوتا ہے دفاعی ترقی ہوتی ہے تو وہ بھی ہمارے دور میں ہوتی ہے اور ترقی کا ہر پراجیکٹ ہمارے دور میں پورا ہوتا ہے۔

    جب کہ اس ملک میں پیپلز پارٹی کی حکومت نھی تھی اور پرویز مشرف جیسے آمر نے بھی طویل حکمرانی کی لیکن کوئی بھی ملک میں ایسے ترقیاتی پراجیکٹس مکمل نہ کروا سکا کیوں کہ عوام کے مسائل کا ادراک بھی ہمیں ہے اور اس کا سدباب بھی ہم ہی کرتے ہیں۔

    وزیراعظم نے کہوٹہ کے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ نڑھ نھی ترقی کررہا ہے، کہوٹہ بھی ترقی کررہا ہے، اور ہمارے مخالفین کو پتہ ہے کہ کہوٹہ میں بھی گیس آرہی ہے،اُن کو معلوم ہے کہ بجلی بھی آرہی ہے اور دو رویہ سڑکیں بھی آرہی ہیں۔

    انہوں نے تحریک انصاف کا ذکر کیے بغیر کہا کہ ہمارے مخالفین ہم ہر الزامات کی بارش کرتے ہیں کیا ایسے مسلسل جھوٹ بولنے والے لوگ آپ کے نمائندے ہو سکتے ہیں؟

    انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین یہی چاہتے ہیں کہ کسی طرح ملک 50 سال پیچھے چلا جائے، ملک میں ترقی نہ ہو ،موٹر وے نہ بنے، اسکول کالجز کی تعمیر نہ ہو اور اسپتال نہ بنیں ملک پستی کی جانب بھی سفر کرتا رہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے نڑھ کے عوام کے لیے اسلام آباد تک رسائی کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی سے صلح مشورہ کر کے میں نے فیصلہ کیا کہ اس پہاڑی علاقے میں ٹنل بنائے جائیں تا کہ یہاں کی عوام بہتر اور تیز تر سفری سہولیات حاصل کر پائیں۔

    انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ذریعے درآمدی اشیاء بہ راستہ پاکستان پوری دنیا میں جایا کرے گا جس سے ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گیا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کو سختی سے کچلنے کا فیصلہ کیا اور تین سال کے اندر اندر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کے باعث دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔

    انہوں نے کہا شاہد خاقان عباسی نے میرے ہمراہ بڑی بہادری سے جیل کاٹی ہے اور دوران حراست کبھی لبوں پر اُف تک نہیں لائے ہیں ہمیں ملک میں ترقیاتی کام کروانے کی سزا دی گئی ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ کہوٹہ اور نڑھ خوبصورتی سیاحی مرکز ہے جو قدرتی حسن سے مالا مال ہے ہم اس علاقے کو ایسا بنائیں کہ لوگ مری کے ساتھ ساتھ یہاں بھی سیر اور تفریح کی غرض سے آیا کریں گے۔