Tag: کیرالا

  • طیارہ حادثے میں مردہ قرار دیا گیا شخص 45 سال بعد زندہ لوٹ آیا

    طیارہ حادثے میں مردہ قرار دیا گیا شخص 45 سال بعد زندہ لوٹ آیا

    کیرالا: بھارت میں 45 سال قبل مردہ قرار دیا گیا ایک شخص زندہ لوٹ آنے پر لوگ حیران رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق 1976 میں حادثے کا شکار ہونے والے ایک طیارے میں مردہ قرار دیا جانے والے بھارتی شہری کے زندہ ہونے کی خبر سن کر ان کے اہل خانہ اور اہل محلہ حیران رہ گئے۔

    ساجد تھونگل کا تعلق بھارتی ریاست کیرالا کے ایک گاؤں سستھام کوٹا سے ہے، وہ اس وقت 70 برس کے ہیں، پینتالیس سال قبل انڈین ایئر لائن کا ایک جہاز ممبئی سے مدراس جاتے ہوئے انجن فیل ہونے کے سبب حادثے کا شکار ہوا تھا، اور اس میں سوار تمام 95 افراد ہلاک ہو گئے تھے، خیلج فارس میں روزگار کی تلاش کے لیے جانے والا ساجد تھونگل بھی اس جہاز میں سوار تھا۔

    رپورٹ کے مطابق جہاز حادثے کے بعد تمام مسافروں کو مردہ قرار دے دیا گیا تھا اور ساجد کے گھر والوں نے اسے بھی مردہ سمجھ کر تمام رسومات ادا کی تھیں، تاہم ساجد معجزاتی طور پر حادثے میں زندہ بچ گیا تھا، لیکن اس نے اپنے گھر والوں کو اپنے متعلق نہ بتانے کا فیصلہ کیا اور ابوظبی چلا گیا۔

    والدین، تین بھائیوں اورچار بہنوں کو یقین ہو گیا تھا کہ ساجد اب اس دنیا میں نہیں رہا، دوسری جانب اس نے ابوظبی میں بھارتی ثقافت کے فروغ کے لیے ہندوستانی فلموں کی تشہیر کا کام شروع کر دیا، ایک بار 1982 میں وہ ممبئی بھی آیا تاکہ اپنا کاروبار کر سکے، تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکا، جس سے ساجد کے دل میں خوف پیدا ہو گیا کہ اگر وہ گھر گیا تو اہل خانہ اسے ایک ناکام شخص سمجھیں گے۔

    بقول ساجد وہ چاہتا تھا کہ ایک کامیاب کاروباری آدمی بن کر گھر واپس جائے اور اہل خانہ کو اپنے زندہ ہونے کا ثبوت دے، اس لیے اس نے کامیاب بزنس مین بننے تک گھر والوں سے نہ ملنے کا فیصلہ کیا۔

    2019 میں ساجد کی ملاقات کے ایم فلپ سے ہوئی جو بچھڑے ہوئے پیاروں کو آپس میں ملانے کا کام کرتے تھے، ساجد نے بتایا کہ اگر یہ لوگ مجھے تلاش نہ کرتے تو شائد میں اپنے خاندان سے ملے بغیر ہی حقیقی موت مر جاتا۔ فلپ کا کہنا تھا کہ جب وہ پہلی بار ساجد سے ملا تو وہ ذہنی دباؤ کا شکار تھا اور اسے راضی کرنے میں بڑی مشکل ہوئی۔

    کے ایم فلپ نے ساجد کو منانے کے بعد اپنے ایک کارکن کو اس کے گھر حالات معلوم کرنے کے لیے بھیجا، ساجد کے والد 2012 میں انتقال کر گئے تھے، لیکن ان کی والدہ، بیوی اور بھائی زندہ تھے، اہل خانہ کو جب ساجد کے متعلق بتایا گیا تو وہ یہ جان کر حیران رہ گئے کہ وہ زندہ اور دبئی میں رہائش پذیر ہے۔

  • بھارتی ریاست کیرالا میں سیلاب، 106 افراد ہلاک، لاکھوں بے گھر

    بھارتی ریاست کیرالا میں سیلاب، 106 افراد ہلاک، لاکھوں بے گھر

    نئی دہلی: بھارتی ریاست کیرالا میں مون سون کی بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سنگین سیلابی صورت حال کے نتیجے میں 106 افراد ہلاک جبکہ لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کیرالا میں اس وقت سنگین سیلابی صورت حال کا سامنا ہے جس کے باعث سینکڑوں ہلاکتیں ہوئیں جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوئے اور نظام زندگی بھی درہم برہم ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق حکام کی جانب سے 106 افراد کی ہلاکتوں سمیت لاکھوں افراد کے بے گھر ہونے کی بھی تصدیق کردی گئی ہے، انتظامیہ نے بھرپور اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    ریاست کیرالا میں وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں سبھی دریا، ندی اور نالے اُبل پڑے ہیں اور سیلابی ریلے تباہی و بربادی پھیلاتے ہوئے آگے بڑھتے چلے جا رہے ہیں۔


    بھارت میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچادی، تقریباً 550 افراد ہلاک ہوئے


    دوسری جانب ریاستی انتظامیہ نے اب تک ایک لاکھ 47 ہزار افراد کو امدادی خیموں میں پناہ دی ہے، پوری ریاست میں تیرہ سو سے زائد بے گھر افراد کے عارضی کیمپ بنائے گئے ہیں۔

    علاوہ ازیں کئی شہروں، قصبوں اور دیہات میں چھتوں پر بیٹھے ہوئے بے گھر لوگ امداد کے منتظر ہیں، امدادی کارروائیوں میں بھارتی فوج بھی مدد فراہم کر رہی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے بھارت کے شمال مشرقی حصے میں مون سون کی شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے باعث کم از کم نو افراد ہلاک ہوئے تھے، شدید بارشوں نے جن ریاستوں میں تباہی مچائی تھی ان میں مہاراشٹرا، آسام، اترا کھنڈ، مغربی بنگال، گجرات اور منی پور شامل تھے۔

  • بھارت: شدید بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ، 19 افراد ہلاک

    بھارت: شدید بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ، 19 افراد ہلاک

    نئی دہلی: بھارتی ریاست کیرالا میں شدید بارشوں سے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جنوبی ریاست کیرالا میں شدید بارشوں کے باعث گرنے والے مٹی کے تودے کی زد میں آ کر کم از کم انیس افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کیرالا کے ضلع اڈوکی میں گیارہ افراد ہلاک ہوئے جبکہ اسی ضلع میں واقع ایک ڈیم کے دروازے شدید سیلابی ریلے کی وجہ سے کھولنے پر قریبی بستیوں میں پانی بھر گیا۔

    کیرالا کا ایک اور ضلع وَایانند بارش سے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بقیہ علاقوں سے رابطہ کٹ کر رہ گیا، اور ریاست کے مختلف علاقوں میں 8 افراد کی ہلاکتیں ہوئیں۔

    دوسری جانب ریاستی حکومت نے امدادی کارروائیوں کے لیے فوج کو طلب کر لیا ہے، اور لوگوں کو ریسکیو کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔


    بھارت میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچادی، تقریباً 550 افراد ہلاک ہوئے


    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں شمالی ریاست اترپردیش میں موسلا دھار بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابوں سے اٹھاون افراد کی موت ہوچکی ہے، جبکہ نظام زندگی بھی درہم برہم ہوا۔

    یاد رہے کہ بھارت میں رواں سال مئی کے ماہ سے اب تک مون سون بارشوں کی تباہ کاریوں سے ساڑھے پانچ سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں شہری ان بارشوں سے کسی نہ کسی طور متاثر ہوئے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے بھارت کے شمال مشرقی حصے میں مون سون کی شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے باعث کم از کم نو افراد ہلاک ہوئے تھے۔